Tag: allama sajid naqvi

  • جمعۃ الوداع : یوم القدس آج بھرپور انداز میں منایا جارہا ہے

    جمعۃ الوداع : یوم القدس آج بھرپور انداز میں منایا جارہا ہے

    کراچی : قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر ملک بھر میں آج یوم القدس مذہبی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مرکزی القدس کمیٹی نے یوم القدس کے سلسلے میں تیاریاں مکمل کرلی ہیں، کراچی سمیت ملک بھر میں یوم القدس آج بھرپور انداز میں منایا جائے گا۔

    کراچی میں دنیا کی تیسری بڑی ریلی کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئیں، یوم القدس کی مرکزی ریلی نمائش چورنگی سے تبت سینٹر تک نکالی جائے گی۔

    اس حوالے سے مرکزی القدس کمیٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شرکاء نماز جمعہ کے بعد قافلوں کی صورت میں نمائش پر جمع ہوں گے، ریلی میں شریک خواتین، بچے اسرائیل کے خلاف صدائے احتجاج بلند کریں گی۔

    تحریک آزادی القدس کے زیر اہتمام ریلی کے شرکا سے علمائے کرام اور دیگر اعلیٰ شخصیات خطاب کریں گی۔

    علاوہ ازیں کراچی میں واقع پاکستان اسٹاک ایکسچینج آج جمعۃ الوداع کے موقع پر پر بند رہے گا۔ یہ بات پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں بتائی گئی ہے۔

  • تحریک ِجعفریہ بحال، علامہ ساجد نقوی کا خیرمقدم

    تحریک ِجعفریہ بحال، علامہ ساجد نقوی کا خیرمقدم

    لاہور:علامہ ساجد نقوی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے تحریک جعفریہ کی بحالی خوش آئند ہے، آئندہ اسی پلیٹ فارم سے سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔

    لاہور میں اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ وہ سپریم کورٹ کی جانب سے تحریک جعفریہ پاکستان کو بحال کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں انہوں نے کارکنوں کو بھی مبارکباد دی۔

    ان کا کہنا تھا کہ تحریک جعفریہ پر 12جنوری 2002 میں آمرانہ سوچ کے تحت پابندی لگائی گئی تھی، ان کی جماعت کا پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی کے لیے اہم کردار ہے۔

    ملی یکجہتی کونسل، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے ساتھ سیاسی اتحاد ہماری امن پسندی کی واضح مثال ہے۔

    علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ آئندہ اسلامی تحریک پاکستان کی بجائے تحریک جعفریہ کے پلیٹ فارم سے تنظیمی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔