Tag: ALLAMA TALIB JOHRI

  • صدر، وزیراعظم  ودیگر کا علامہ طالب جوہری کے انتقال پر اظہار تعزیت

    صدر، وزیراعظم ودیگر کا علامہ طالب جوہری کے انتقال پر اظہار تعزیت

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے علامہ طالب جوہری کے انتقال پر اپنے گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے، وزیراعظم نے مرحوم کے درجات کی بلندی کیلئے دعا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک طویل عرصے تک پاکستان ٹیلی ویژن پر شام غریباں کی مجلس پڑھنے والے معروف شیعہ عالم دین علامہ طالب جوہری کے انتقال پر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔

    علامہ طالب جوہری کے انتقال پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے اپنے گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ علامہ کے انتقال سے جو خلا پیدا ہوا ہے اس کا پر ہونا ناممکن ہے انہوں نے مرحوم کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ہے۔

    اس کے علاوہ ملک بھر کی سیاسی سماجی اور مذہبی شخصیات نے بھی علامہ طالب جوہری کی رحلت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے دعائے مغفرت کی ہے۔

    وفاقی وزیر برائے بحری امورعلی زیدی، وزیر توانائی سندھ امتیازشیخ، ایم کیوایم پاکستان کے رہنماؤں خالد مقبول صدیقی، عامرخان، کنورنویدجمیل، پی ٹی آئی رہنما خرم شیرزمان، آفتاب صدیقی، پی ایس پی رہنماؤں انیس ایڈووکیٹ، رضاہارون، ڈاکٹرصغیراحمد، ڈاکٹرفاروق ستار، علامہ شہنشاہ نقوی، قائد تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر طاہرالقادری، تحفظ عزاداری کونسل کے چیئرمین آغا رحیم نے اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

    انہوں نے اپنے علیحدہ علیحدہ بیانات میں کہا کہ علامہ طالب جوہری ہمیشہ مذہبی ہم آہنگی میں اہم کردار ادا کرتے رہے، ان جیسی شخصیات صدیوں میں پیدا ہوتی ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ علامہ طالب جوہری کی شامِ غریباں اورنشتر پارک کی مجالس ہمیشہ یاد رہیں گی، مرحوم کی علمی اوردینی خدمات کوخراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

  • معروف عالم دین علامہ طالب جوہری خالق حقیقی سے جا ملے، نماز جنازہ آج ہوگی

    معروف عالم دین علامہ طالب جوہری خالق حقیقی سے جا ملے، نماز جنازہ آج ہوگی

    کراچی : معروف شیعہ عالم دین علامہ طالب جوہری اتوار کی رات خالق حقیقی سے جا ملے، مرحوم کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہرین امروہہ گراونڈ میں ادا کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق طویل عرصے تک پاکستان ٹیلی ویژن پر شام غریباں کی مجلس پڑھنے والے معروف شیعہ عالم دین علامہ طالب جوہری اتوار کی رات انتقال کر گئے۔

    وہ کچھ عرصے سے دل اور ہائپوگلیسیمیا کے مرض میں مبتلا تھے اور انہیں حال ہی میں کراچی کے ایک اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا، جہاں وہ 81 برس کی عمر میں دوران علاج دم توڑ گئے۔

    علامہ طالب جوہری کی نمازجنازہ امروہہ گراونڈ میں بعد آج نمازظہرین انچولی میں ادا کی جائے گی، مرحوم کی تدفین سپرہائی وے پر واقع وادی حسین قبرستان میں کی جائے گی۔

    علامہ طالب جوہری 27 اگست 1939 کو پٹنہ ( بھارت )میں پیدا ہوئے۔ اپنے مخصوص انداز، لہجے اور خطابت کے باعث ایک الگ مقام اور احترام رکھتے تھے۔ ان کے والد مشہور عالم دین علامہ مصطفیٰ خاں جوہر تھے۔

    علامہ طالب جوہری کو کئی برسوں سے پاکستانی علماء میں مرکزی حیثیت حاصل تھی۔ کراچی کے نشتر پارک میں شام غریباں کی مجلس سے ان کی شہرت پاکستان اور پاکستان سے باہر دنیا بھر میں پھیل گئی، اس مجلس کے سامعین میں مسلمانوں کے تمام طبقہ ہائے فکر شامل تھے۔

    علامہ طالب جوہری کو حکومت پاکستان کی جانب سے ان کی دینی خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا جا چکا ہے, وہ تفسیر قرآن (احسن الحدیث) کے علاوہ حدیث کربلا، عقلیات معاصر اور علامات ظہور مہدی جیسی کئی دیگر کتابوں کے مصنف بھی ہیں۔

  • چودہ مئی کراچی کے لوگوں کے لئے بڑا دن ہے، مصطفیٰ کمال

    چودہ مئی کراچی کے لوگوں کے لئے بڑا دن ہے، مصطفیٰ کمال

    کراچی : چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفی کمال نے کہا ہے کہ چودہ مئی کراچی کے لوگوں کے لئے بڑا دن ہے، علامہ طالب جوہری سے ملین مارچ کیلئے دعائیں لینے آئے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممتاز شیعہ عالم دین علامہ طالب جوہری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ علامہ طالب جوہری سے کراچی کے بنیادی مسائل پر پیش کیے جانے والے 16 نکات پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ 14 مئی کو ہونے والے ملین مارچ کے حوالے سے علامہ طالب جوہری سے دعائیں لینے اور انہیں شرکت کی دعوت بھی دی ہے۔

    مصطفی کمال کا مزید کہنا تھا ہمارے پیش کے گئے مطالبات پر علامہ طالب جوہری نے ہمارے مؤقف کی تائید کی ہے اور چودہ مئی کو ایف ٹی سی برج سے ملین مارچ کا آغاز کریں گے۔

    اس موقع پرعلامہ طالب جوہری نے کہا کہ کراچی کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے پہلی بار کسی سیاسی جماعت نے جدوجہد کا آغاز کیا ہے اور جو بھی کراچی کی بہتری کیلئے کوشش کرے گا ہم اس کا ساتھ دیں گے۔

  • الطاف حسین کی علامہ طالب جوہری اور شہید مبارک رضا کاظمی کے لواحقین سے تعزیت

    الطاف حسین کی علامہ طالب جوہری اور شہید مبارک رضا کاظمی کے لواحقین سے تعزیت

    ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے معروف دانشور،مبلغ اور مذہبی اسکالرعلامہ طالب جوہری کےداماد مبارک رضا کاظمی کےسفاکانہ قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نےعلامہ طالب جوہری سمیت مبارک رضا کاظمی شہید کے تمام سوگوارلواحقین سےدلی تعزیت وہمدردی کااظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں ایک مخصوص مکتبہ فکر کے افراد کی ٹارگٹ کلنگ کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن پرسوالیہ نشان ہے۔

    الطاف حسین کا کہنا ہےکراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن کےباوجود شہر میں امن وامان کی صورتحال خراب ہے،سفاک قاتلوں اورجرائم پیشہ عناصرکےخلاف موٴثرکارروائی کے بجائے امن وامان کی بہتری کے کھوکھلےدعوے کیے جارہے ہیں ۔

    الطاف حسین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مبارک رضا کاظمی شہیدکےقاتلوں کو گرفتارکرکےسخت ترین سزا دی جائے۔

    ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینرخالد مقبول صدیقی اور حیدرعباس رضوی نے بھی علامہ طالب جوہری کے گھرجا کران سے تعزیت کی اس موقع پرانکا کہنا تھا کراچی میں روزانہ آٹھ سے دس لاشیں گرر ہی ہیں لیکن جوابدہ کوئی نہیں۔

  • کراچی : علامہ طالب جوہری کے داماد فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں جاں بحق

    کراچی : علامہ طالب جوہری کے داماد فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں جاں بحق

    کراچی: فرقہ وارانہ دہشت گردی کی کاروائی میں نامعلوم مسلح افراد نے علامہ طالب جوہری کے داماد ایڈووکیٹ مبارک رضاکاظمی نشانہ بنایا اور فرار ہوگئے۔ ایڈووکیٹ مبارک علی کا قتل پر کراچی بار ، سندھ بار اور پاکستان بار ایسو سی ایشن نے کل ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

    شہر قائد میں جہاں آپریشن جاری ہے وہی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات بھی روکنے کا نام نہیں لے رہے گلشن اقبال بلاک تیرہ ڈی ٹو میں مبارک حسین کاظمی کی گاڑی پر مسلح افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں مبارک رضا کاظمی موقع پرجاں بحق ہوگئے۔

    ایس پی گلشن اقبال کے مطابق مبارک حسین کے قاتلوں کو عزیز بھٹی پولیس نے روکنے کی کوشش کی تھی ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کی جس پر جوابی کارروائی میں ایک ملزم زخمی ہوا نیپا چورنگی کے قریب موجود دیگر ساتھی زخمی ملزم کو لے کر فرار ہوگئے۔

    ایڈووکیٹ مبارک رضا کے قتل پر ایم کیوایم ، مجلس وحدت المسلمین اور وکلا برادری کی جانب سے اظہار مذمت کیاگیا ہے۔