Tag: Allegation of fraud

  • بھارت کی معروف اداکارہ پر کروڑوں روپے فراڈ کا الزام

    بھارت کی معروف اداکارہ پر کروڑوں روپے فراڈ کا الزام

    جھاڑکھنڈ : بھارت کی معروف اداکارہ امیشا پاٹل کو کروڑوں روپے مالیت کی دھوکہ دہی کے الزام میں عدالتی کارروائی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ فلم "کہو نہ پیار ہے” سے شہرت حاصل کرنے والی بھارتی اداکارہ امیشا پاٹل کیخلاف چیک باؤنس ہونے اور فراڈ کیس کا مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے شکایت کنندہ نے جھاڑکھنڈ کی عدالت میں ان پر الزام عائد کیا ہے کہ امیشا پاٹل نے اس کے ساتھ ڈھائی کروڑ روپے کی دھوکا دہی کی ہے۔

    درخواست دہندہ اجے کمار سنگھ نامی فلم پروڈیوسر و تاجر نے ریاست جھاڑکھنڈ کی ہائی کورٹ میں امیشا کے خلاف کیس داخل کرتے ہوئے کہا کہ امیشا نے اسے سال 2017 میں اس بات پر راضی کیا کہ وہ امیشا کے پروڈکشن ہاؤس میں تیار ہونے والی فلم کے لیے سرمایہ کاری کرے۔

    جس پر اس نے امیشا کے اکاؤنٹ میں ڈھائی کروڑ روپے منتقل کیے لیکن بعد میں امیشا نے نہ صرف فلم بنانے سے انکار کیا بلکہ رقم لوٹانے میں بھی ناکام رہی۔

    مذکورہ مقدمے کی ویڈیو کانفرنسنگ پر مبنی سماعت کے موقع پر جج نے فریقین سے کہا کہ وہ ثالثی کے ذریعے معاملہ حل کرلیں اس کے علاوہ دونوں کو دو ہفتے کے اندر تحریری جواب بھی داخل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • ٹرمپ کے بیٹے ایرک نے مخالفین پر دھاندلی کا الزام لگادیا

    ٹرمپ کے بیٹے ایرک نے مخالفین پر دھاندلی کا الزام لگادیا

    فلاڈیلفیا : ڈونلڈ ٹرمپ کے صاحبزادے ایرک ٹرمپ بھی اپنے والد کی حمایت میں میدان میں آگئے، صدارتی انتخابات میں اپنے والد کی ممکنہ شکست پر مخالف پارٹی پر دھاندلی کا الزام عائد کردیا۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے ایرک ٹرمپ نے ڈیموکریٹس پر دھوکہ دہی کا الزام لگادیا، فلاڈیلفیا میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ڈیموکریٹس جیتنے کیلئے پنسلوانیا میں دھاندلی کررہے ہیں۔

    ایرک ٹرمپ کا کہنا ہے پولنگ اسٹیشنز پر عملے نے بائیڈن اور ہیرس کی تصاویر والے ماسک لگا رکھے تھے جو انتخابی قوانین کی خلاف ورزی ہے، پینسلوینیا کے نتائج کےخلاف مقدمہ دائر کریں گے۔

    دوسری جانب ٹرمپ کے کیمپین منیجر نے کہا ہے کہ وسکونسن کی کئی کاؤنٹیز میں ووٹنگ کی بےضابطگیاں کی گئیں تاہم وسکونسن الیکشن عہدیدار نے دھاندلی کے الزامات مسترد کر دیئے ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکا میں 59 ویں صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک امیدوار جوبائیڈن کے مجموعی الیکٹورل ووٹ 264 ہوگئے، جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ کے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 214 ہے۔

    جو بائیڈن کو جیتنے کے لیے مزید 6 ووٹوں کی ضرورت ہے ،جبکہ اب بھی 5 ریاستوں کے نتائج واضح ہونا باقی ہیں ان ریاستوں کے 60 الیکٹورل ووٹ ہیں۔

    اس حوالے سے ٹرمپ کے مشیر رودی جولیانی کا کہنا ہے کہ ہم ڈیموکریٹ کی دھاندلی کو بے نقاب کرنے کیلیے قانونی چارہ جوئی جاری رکھیں گے۔