Tag: alleged abduction

  • سی ٹی ڈی اہلکاروں کی جانب سے ایک اور مبینہ اغوا کا واقعہ منظر عام پر

    سی ٹی ڈی اہلکاروں کی جانب سے ایک اور مبینہ اغوا کا واقعہ منظر عام پر

    کراچی: سی ٹی ڈی کی کالی بھیڑوں کی جانب سے ایک اور مبینہ اغواء کا واقعہ سامنے آیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے ایک اور شہری عاطف اسلم کو 30 مارچ کو گلشن اقبال میں چائے کے ہوٹل سے شارٹ ٹرم اغواء کیا اور محمودآباد لے جاکر اے ٹی ایم سے 2 لاکھ کیش نکلوائے اور تین لاکھ کا وعدہ لے کر چھوڑ دیا۔

      رپورٹ کے مطابق عاطف اسلم کی جانب سے آئی جی سندھ اور ڈی آئی جی ایسٹ کو درخواست دی گئی ہے جس کے مطابق وہ اسٹوڈنٹ ویزے کا کام کرتا ہے 30 مارچ کو یونیورسٹی روڈ سے پولیس موبائل میں سادہ لباس اہلکار اسے ہوٹل سے اس کی گاڑی سمیت اپنے ہمراہ لے کر گئے۔

    عاطف نے بتایا کہ نامعلوم مقام پر چار گھنٹے تک تشدد کیا جاتا رہا، رہائی کے لئے 15 لاکھ روپے سے ڈیل شروع ہوکر 5 لاکھ روپے میں ختم ہوئی، کارٹریکر سے معلوم ہوا کہ مجھے سی ٹی ڈی سول لائن لے کر جایا گیا۔

    درخواست گزار نے کہا کہ اہلکاروں نے دو لاکھ اے ٹی ایم سے لیے باقی 3 لاکھ کی رقم لینے کے لئے سہیل نامی شخص نے شہری کو فون کیا، رقم سی ٹی ڈی سول لائن پہنچانے کے احکامات دئیے اور نہ دینے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئی۔

     متاثرہ شہری عاطف اسلم کی جانب سے پولیس کے اعلی افسران کو درخواست اور تمام تر معلومات فراہم کردی گئی۔

  • افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا اور تشدد کا مقدمہ درج

    افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا اور تشدد کا مقدمہ درج

    اسلام آباد: افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا اور تشدد کا مقدمہ تھانہ کوہسار میں درج کرلیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق مقدمہ سیلسیلہ علی خیل کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، مقدمے میں اغوا، تشدد، دھمکیاں دینے کی دفعات کو شامل کیا گیا ہے۔

    لڑکی نے اپنے بیان میں بتایا کہ گھر سے کچھ فاصلے پر ٹیکسی میں سوار ہو کر شاپنگ کرنے گئی، واپسی پر ایک اور ٹیکسی میں سوار ہوئی کچھ دیر بعد ٹیکسی رک گئی، اچانک ایک شخص آکر گاڑی میں بیٹھ گیا۔

    افغان سفیر کی بیٹی نے اپنے بیان میں بتایا کہ گاڑی میں بیٹھتے ہی نامعلوم شخص نے تشدد کرنا شروع کیا جس کے باعث میں بیہوش ہوگئی، جب آنکھ کھلی تو گندگی کے ڈھیر پر تھی، گھر کےبجائے پارک چلی گئی، بعد ازاں والد کے آفس عملے کو بلایا اور وہ مجھے گھر لے گیا۔

    پولیس نے گزشتہ روز دو ٹیکسی ڈرائیورز کو گرفتار کر لیا تھا، پولیس کے مطابق تیسرے نامعلوم شخص کی تلاش جاری ہے۔

    گذشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کو واقعے میں ملوث افراد کوگرفتار کرنے کی ہدایت کی تھی، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کیس کی اوّلین بنیادوں پر تفتیش کریں اور تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے آئندہ 48گھنٹوں میں حقائق سامنے لا کر ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔

    واقعے پر دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز افغان سفارت خانے نے افغان سفیر کی بیٹی کے حوالے سے اطلاع دی تھی، افغان سفیر کی بیٹی پر ٹیکسی پر سفر کے دوران حملہ کیا گیا تھا، واقعے کی اطلاع کے بعد اسلام آباد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔