Tag: Allowances

  • عرب امارات: کم آمدنی والے افراد کے لیے ماہانہ الاؤنس

    عرب امارات: کم آمدنی والے افراد کے لیے ماہانہ الاؤنس

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں کم آمدنی والے افراد کے لیے الاؤنس کی فراہمی شروع کردی گئی جبکہ ایک اور الاؤنس ستمبر سے جاری کیا جائے گا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں سماجی بہبود کی وزارت نے منگل 5 جولائی سے افراط زر الاؤنس کی تقسیم شروع کردی گئی جبکہ فیملی الاؤنس ستمبر سے تقسیم کیا جائے گا۔ فیملی الاؤنس میں بیوی اور بچے شامل ہیں۔

    وزارت سماجی بہبود کا کہنا ہے کہ افراط زر الاؤنس میں پیٹرول، کھانے پینے کی اشیا، پانی اور بجلی کے الاؤنس شامل ہیں۔

    سماجی بہبود کی وزارت نے افراط زر الاؤنسسز اور فیملی الاؤنس کے درمیان فرق کے حوالے سے بتایا کہ جو الاؤنس ستمبر میں اب سے 2 ماہ بعد دیا جائے گا، اس کا تعلق دراصل ان نئے اضافوں سے ہے جس کا تذکرہ نئے پروگرام کے تحت محدود آمدنی والوں کی اعانت کے نظام میں کیا گیا ہے۔

    وزارت کی جانب سے کہا گیا کہ ستمبر میں جو الاؤنس دیے جائیں گے ان کا تعلق محدود آمدنی والے اماراتی خاندانوں کے اعانتی پروگرام سے ہے۔

    اس کے تحت فیملی کے سربراہ کا الاؤنس، بیوی کا الاؤنس، بچوں کا الاؤنس، رہائش کے لیے مختص اعانت، بے روزگاری الاؤنس اور 45 برس سے زیادہ عمر کے بے روزگاروں کے الاؤنس سے ہے۔

    امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے محدود آمدنی والے شہریوں کے لیے سماجی اعانت پروگرام کی تنظیم نو کی ہدایت جاری کی ہے، اس کے تحت یہ پروگرام 28 ارب درہم سے شروع کیا جائے گا۔

    سالانہ سماجی اعانت بجٹ 2.7 ارب درہم سے بڑھ کر 5 ارب درہم تک پہنچ جائے گا۔

    اعانتی پروگرام میں 4 عناصر کا اضافہ کیا گیا ہے، ان میں رہائش، یونیورسٹی کی تعلیم، 45 برس سے زیادہ عمر کے بے روزگار شہری اور روزگار کے متلاشی شہریوں کی اعانت شامل ہے۔

  • پی آئی اے کے فضائی میزبانوں کے الاؤنسز کی ادائیگی کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی

    پی آئی اے کے فضائی میزبانوں کے الاؤنسز کی ادائیگی کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی

    کراچی : پی آئی اے کے فضائی میزبانوں کے انٹرنیشنل فلائنگ اور سلپ الاؤنسز کی ادائیگی کے معاملے پر جانچ پڑتال کیلئے سات رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے فضائی میزبانوں کو 8 ماہ سے الاؤنسس کی ادائیگیاں نہیں ہوسکی تھی، پی آئی اے انتظامیہ نے فضائی میزبانوں اور ملازمین کے الاؤنسز کو جانچنے اور ادائیگی کیلئے سات رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔

    کمیٹی ایئروائس مارشل سبحان نذیر کی سربراہی میں تشکیل دی گئی، کمیٹی فضائی میزبانوں کے ساتھ ملازمین کی او سی ایس سمیت تمام الاؤنسز سے متعلق اپنی سفارشات مرتب کرے گی۔

    سفارشات کی روشنی میں ادائیگیاں کی جائیں گی، کمیٹی تمام فضائی میزبانوں کا بیرون ملک جانے والی پروازوں اور ٹھہرنے کے ساتھ ساتھ ان کے ڈیوٹی اوقات کی اسکروٹنی بھی کرے گی۔

    کمیٹی کی تجاویز پر طریقہ کار کے تحت انتظامیہ ادائیگی کرے گی، پی آئی اے کے جنرل منیجر پالیسیز اینڈ کمپیزیشن اطہر حسین کی جانب سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

  • نیب کے خلاف پہلا حکومتی منصوبہ، ملازمین کے الاؤنس بند کرنے پر غور

    نیب کے خلاف پہلا حکومتی منصوبہ، ملازمین کے الاؤنس بند کرنے پر غور

    اسلام آباد : نیب کے خلاف پہلا حکومتی منصوبہ سامنے آگیا، وزارت خزانہ نے ملازمین کا بجٹ الاؤنس روکنے کی سمری تیارکرلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب کو ایمانداری سے کام کرنے کا صلہ مل گیا اور نیب کے خلاف پہلا حکومتی منصوبہ سامنے آگیا،  حکومت کی جانب سے نیب کے تمام ملازمین کے خصوصی الاؤنسز کو بند کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ نے الاؤنس روکنے کی سمری تیارکرلی ہے، قومی احتساب بیورو کے سیکرٹ فنڈز پہلے ہی بند ہیں، الاؤنسز بند ہونے سے ملازمین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کے ذریعے نیب کو دباو میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    خیال رہے کہ شریف خاندان کے خلاف تین ریفرنس قومی احتساب بیورو میں زیر سماعت ہے، سابق وزیر اعظم نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن صفدر پر ایون فیلد، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز میں فرد جرم عائد کی جا چکی ہے جبکہ نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے۔

    یاد رہے نیب نے سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کی سفارش کی تھی اور وزارت داخلہ کو خط لکھ تھا جبکہ اسحاق ڈارکا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے متعدد بارخط لکھ چکی ہے۔

    چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال  نے بھی اپنے بیان میں کہاتھا کہ شریف خاندان کے خلاف کیسز میرٹ پرچلیں گے تمام کیسز کو خود مانیٹر کروں گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سندھ حکومت کا دیوالی سے قبل ہندو ملازمین کو تنخواہیں دینے کا حکم

    سندھ حکومت کا دیوالی سے قبل ہندو ملازمین کو تنخواہیں دینے کا حکم

    کراچی: سندھ حکومت نے مذہبی رسم دیوالی سے قبل تمام ہندو ملازمین کو تنحواہیں، پینشن سمیت تمام الاؤنس دینے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے تحت ایڈیشنل فنانس سیکریٹری 30 اکتوبر سے قبل ادائیگی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کے ماتحت ہندو ملازمین کو دیوالی سے قبل تنخواہیں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت ایڈیشنل فنانس سیکریٹری نے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹی فکیشن میں ہدایت کی گئی ہے کہ ’’30 اکتوبر کو ہندو برادری کی دیوالی سے قبل تمام مستقل، کنٹریکٹ اور یومیہ آمدنی(ڈیلی ویجز) والے تمام ہندو ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کردی جائے‘‘۔

    ایڈیشنل سیکریٹری نے کہا ہے کہ ’’تمام ہندو ملازمین کے ماہ اکتوبر کے واجبات (تنخواہیں، پینشن سمیت تمام الاؤنس) یکم نومبر کے بجائے 24 اکتوبر تک ادا کردیئے جائیں تاکہ ہندو ملازمین دیوالی کی مذہبی رسم صحیح طریقے سے منا سکیں‘‘۔

    diwali-post-1

    دوسری جانب 16 اکتوبر کو یومِ شہداء ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا تھا کہ ’’پاکستان میں بسنے والی اقلیت ہندو برادری سے اظہار یکجہتی کے لیے 30 اکتوبر کو کراچی میں ملک کی تاریخ کی سب سے بڑی دیوالی منائی جائے گی جس کے ذریعے مودی اور عالمی دنیا کو یہ پیغام جائے گا کہ پاکستان میں سب کو برابر کے حقوق دیے جاتے ہیں‘‘۔

    واضح رہے ہندو برادری ہر سال موسم بہار میں دیوالی کے مذہبی تہوار کو مناتی ہے، اس کو عام طور پر دیوالی، دیپاولی اور عید چراغاں بھی کہا جاتاہے۔ اس مذہبی رسم کی تیاریاں 9 دن قبل شروع ہوجاتی ہیں اور دیگر رسومات 5 دن تک جاری رہتی ہیں۔

    اماوس یا نئے چاند کی رات کو اہم سمجھا جاتا ہے اور اس دن سب اپنے گھروں میں چراغ روشن کرتے ہیں۔ یہ تہوار شمسی قمری ہندو تقویم کے مہینے کارتیک میں منایا جاتا ہے، گریگورین تقویم کے مطابق یہ تہوار وسط اکتوبر اور وسط نومبر میں آتا ہے۔