Tag: Alopecia

  • بال خورہ کیوں ہوتا ہے؟ احتیاط اور علاج

    بال خورہ کیوں ہوتا ہے؟ احتیاط اور علاج

    سر کے بال گرنا کسی بھی مرد یا خاتون کے لیے ایک ڈراؤنے خواب کی مانند ہے اور خصوصاً خواتین کے لیے یہ چیز بہت بڑی پریشانی کا باعث بھی بن سکتی ہے۔

    بڑھتی عمر کے ساتھ بالوں کا سفید ہونا یا گرنا تو ایک قدرتی عمل ہے لیکن اگر یہ چیز وقت سے پہلے ظاہر ہونے لگے تو تشویش ہوجاتی ہے۔

    اس حوالے سے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں اسکن اینڈ ہیئر ایکسپرٹ ڈاکٹر خرم مشیر نے ناظرین کو اس کی وجوہات اور علاج سے آگاہ کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ بال خورہ جسے ایلوپیشیا یا بال چر بھی کہا جاتا ہے، اس کی مختلف وجوہات ہوسکتی ہیں جس میں سب سے بڑی وجہ ہماری غذا ہے، غذا میں پروٹین کا ہونا بہت ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ عام طور پر یہ تصور کیا جاتا ہے کہ گرمی کے موسم میں مچھلی نہ کھائی جائے ایسا ہرگز نہیں ہے اعتدال میں رہ کر ہر چیز کھائی جاسکتی ہے۔

    ڈاکٹر خرم مشیر کے مطابق عام طور پر کم عمری میں بال خورہ اور بال گرنے کی سب سے بڑی وجہ ہارمونز کا عدم توازن ہوتا ہے، دوسرا مائیکرو نیوٹرینٹس کی کمی ہے اور تیسرا ذہنی تناؤ ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ بال گرنے یا بال خورہ اور دیگر مسائل سے بچنے کیلئے ہفتے میں دو مرتبہ سر میں تیل کی مالش کرنا، بھرپور نیند لینا اور پروٹین والی غذائیں بہت ضروری ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ بالوں کے گرنے کی کچھ وجوہات ہمارے قابو سے باہر ہیں اوران میں سرفہرست جینیاتی گنجا پن ہے۔ اس کے علاوہ ہارمونز کی وجہ سے ہونے والا گنج پن (اینڈروئیڈ ایلوپیسیا ) جو مردوں میں عام ہے اور خواتین میں نایاب سمجھا جاتا ہے۔

  • گنج پن کا مذاق اڑانے کی ول اسمتھ کی اپنی ویڈیو سامنے آ گئی

    گنج پن کا مذاق اڑانے کی ول اسمتھ کی اپنی ویڈیو سامنے آ گئی

    اتوار کو اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب کے دوران کامیڈین میزبان کرس راک کو اس بات پر کہ انھوں نے وِل کی بیوی کے گنج پن کی بیماری کو مذاق کا نشانہ بنایا، تھپڑ مارنے والے اداکار وِل اسمتھ کی اپنی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے۔

    طویل فلمی کیریئر میں پہلی بار آسکر جیتنے والے امریکی سیاہ فام اداکار وِل اسمتھ نے بیوی کے گنج پن کو مذاق کا نشانہ بنائے جانے پر اتنا برا منا لیا کہ جسمانی تشدد تک بات پہنچ گئی، ایسے میں ٹویٹر کے صارفین نے ماضی میں وِل کی اسی طرح کی مذاق والی پرانی فوٹیج کہیں سے نکال کر شیئر کر دی ہے۔

    53 سالہ اداکار وِل اسمتھ کی آن لائن گردش کرنے والی یہ ویڈیو 1991 کی ہے، انھیں دی آرسینیو ہال شو میں بہ طور مہمان بلایا گیا تھا، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وِل اسمتھ باس گٹار بجانے والے جان ولیمز کے گنجے سر کو لے کر مذاق کر رہے ہیں۔

    اس تقریباً 31 سال پرانی کلپ میں، وِل کو باس پلیئر کی طرف اشارہ کر کے مذاقاً یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے: ‘جیسا کہ، اِس نے ایک اصول بنایا ہے، باس پلیئر نے، اس کا اصول ہے کہ اسے ہر روز اپنا سر چمکانا ہے، یہ ایک اصول ہے۔’ اس پر سامعین عجیب طرح سے ہنسے، جس پر ہالی ووڈ اسٹار نے فوراً کہا ‘یہ بس ایک لطیفہ ہے۔’

    تاہم یہ کلپ جس نے پوسٹ کی ہے، اس نے اس پر عنوان جمایا کہ ‘اسے ہر صبح اپنا سر چمکانا پڑتا ہے’ یہ وِل اسمتھ کی اپنی ویڈیو ہے جس میں وہ ایلوپیشیا سے متاثر ایک شخص کو مذاق کا نشانہ بنا رہے ہیں، مجھے انٹرنیٹ اس لیے بھی اچھا لگتا ہے کہ یہ کبھی نہیں بھولتا۔

    اگرچہ اس ٹویٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جان گنج پن کی بیماری کے شکار ہیں، تاہم یہ پھر بھی واضح نہیں ہے کہ آیا ایسا ہی ہے۔ لیکن یہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد مائیکروبلاگنگ سائٹ کے صارفین کی جانب سے ول اسمتھ کے خلاف تبصروں کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور بعض انے انھیں ‘منافق’ بھی قرار دیا۔

    ایک خاتون نے لکھا کہ وِل تو دوسروں پر بہت اطمینان کے ساتھ مذاق کر لیتے ہیں لیکن اپنی فیملی پر مذاق سن کر وہ معاملہ نہ سنبھال سکے۔

    تاہم ایک صارف نے جواب دیا کہ آپ ایک گنجی عورت پر مذاق کو گنجے مرد پر مذاق کے مترادف قرار دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایک اور خاتون صارف نے بھی اسی طرح جواب دیا کہ تو آپ کیا واقعی 20 سالہ وِل کا 50 سالہ کرس راک سے موازنہ کر رہے ہیں؟ ایسی کئی چیزیں ہیں جن کے بارے میں میرا نوجوانی میں خیال تھا کہ کہہ دینا ٹھیک ہے، لیکن اب ایسا نہیں سمجھتی، کرس کو بھی یہ معلوم ہونا چاہیے۔

    واضح رہے کہ وِل اسمتھ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام پر کرس راک سے اپنے اس عمل کے لیے باقاعدہ طور پر معافی مانگ لی ہے۔

  • گنج پن کا شرطیہ علاج، سائنس دانوں کی بڑی تحقیق

    گنج پن کا شرطیہ علاج، سائنس دانوں کی بڑی تحقیق

    جھڑتے بالوں اور گنج پن کا علاج اب ممکن ہو سکے گا، حال ہی میں ایک سائنسی جریدے میں شائع ہونے والی تحقیقی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں چوہوں پر کیے گئے تجربات کے نتائج حیران کن نکلے ہیں۔

    سائنس دانوں کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ جھڑتے بالوں اور گنج پن کا علاج اب ممکن ہو سکے گا، سائنس دانوں کی جانب سے ’نینو پارٹیکل سیرم‘ پر مشتمل ایک محلول بنایا گیا ہے جس کے ذریعے چوہوں پر حاصل ہونے والے نتائج نے محققین کو بھی حیران کر دیا ہے۔

    سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ یہ عمل خواتین اور مردوں کے گنج پن کے لیے بھی یکساں مفید ثابت ہو سکتا ہے، امریکن ہیئر لاس ایسو سی ایشن کا کہنا ہے کہ جھڑتے بالوں کے مرض سے دنیا بھر میں کروڑوں افراد متاثر ہو رہے ہیں، محققین بھی اس کے حل کے لیے پریشان ہوتے ہیں۔

    ایلوپیشیا (Alopecia) ایک ایسی بیماری ہے جس میں خواتین اور مردوں میں بال جھڑنے لگتے ہیں، اس میں بالوں کی جڑوں کے نیچے خون کی باریک شریانوں میں خون کی ترسیل صحیح سے نہیں ہو پاتی۔

    محققین کا کہنا ہے کہ بال نوجوانی میں بھی جھڑنا شروع ہو سکتے ہیں، 18 سے 20 سال کی عمر کے دوران 16 فی صد، 40 سے 49 سال کی عمر کے درمیان تقریباً 53 فی صد، اور 35 سال کی عمر تک دو تہائی مرد بالوں کے جھڑنے کے مسائل سے دو چار ہوتے ہیں۔

    محققین کے مطابق جب بالوں کی جڑوں کے نیچے خون کی باریک شریانوں میں خون کی ترسیل صحیح سے نہیں ہو پاتی تو بالوں کو مطلوبہ غذائیت، منرلز اور وٹامنز بھی نہیں مل پاتے، آکسیجن کی فراہمی بھی رُک جاتی ہے، ایسے میں بالوں کے جھڑنے کا آغاز ہو جاتا ہے، کچھ لوگ تو نوجوانی ہی میں گنج پن کا شکار ہو جاتے ہیں۔

    سائنس دانوں نے اب گنج پن کے لیے ’سیرم نینو پارٹیکلز‘ پر مشتمل نیا علاج متعارف کرایا ہے، اس میں سر کی جلد، بے جان اور کمزور جِلد پر کام کیا جاتا ہے، اسے مضر صحت مادوں اور اجزا سے پاک کر کے صحت مند بنایا جاتا ہے، تا کہ جِلد میں آکسیجن صحیح سے سرایت کر سکے۔

    اس علاج میں نینو پارٹیکلز پر مشتمل سیرم میں لیپڈ کمپاؤنڈز کا استعمال کیا گیا ہے، اس تحلیل ہونے والے محلول کو سر کی جِلد میں پہنچانے کے لیے مائیکرو نیڈلز یعنی انجیکشنز کا سہارا لیا جائے گا۔ سائنس دانوں نے یہ تحقیق چوہوں پر کی، جس کے واضح اور مثبت نتائج دیکھنے کو ملے، نینو پارٹیکلز پر مشتمل سیرم اور لیپڈز کمپاؤنڈز نے چوہوں کی جلد میں خون کی باریک شریانوں کو متحرک بنایا اور اُن میں بالوں کی افزائش دیکھنے میں آئی ہے۔