Tag: Altaf Hussain

  • بانی ایم کیو ایم کے ریڈوارنٹ کا معاملہ، پاکستان کی انٹرپول سے پھر درخواست

    بانی ایم کیو ایم کے ریڈوارنٹ کا معاملہ، پاکستان کی انٹرپول سے پھر درخواست

    اسلام آباد: وزارتِ داخلہ نے بانی ایم کیو ایم کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کےلیے انٹرپول کو ایک بار پھر درخواست بھیج دی۔

    ایف آئی اے کے مطابق درخواست میں انٹرپول کے قواعد و ضوابط کو مدنظر کرھتے ہوئے قانونی تقاضے پورے کردیے گئے، پاکستان کی جانب سے بھیجی جانے والی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی ایم کیو ایم مختلف فوجداری مقدمات میں پاکستانی عدالتوں کو مطلوب ہیں۔

    یاد رہے وزارتِ داخلہ کی جانب سے رواں سال فروری میں انٹرپول کو بانی ایم کیو ایم کی گرفتاری اور پاکستان حوالگی سے متعلق خط تحریر کیا گیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ الطاف حسین پاکستانی عدالتوں میں مطلوب ہیں اس ضمن میں انٹرپول اپنا کردار ادا کرتے ہوئے بانی ایم کیو ایم کی گرفتاری اور پاکستان حوالگی کو یقینی بنائے۔

    پڑھیں: بانی ایم کیو ایم کی گرفتاری، خط انٹرپول کو موصول

    انٹرپول ہیڈ آفس نے پاکستان کی جانب سے بھیجے جانے والے خط پر لندن آفس رابطہ کر کے بانی ایم کیو ایم سے متعلق تمام دستاویزات فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی تاہم بعد ازاں انٹرپول نے بانی ایم کیو ایم کے مقدمات کو سیاسی نوعیت کا قرار دیتے ہوئے ریڈوارنٹ جاری کرنے سے معذرت کرلی تھی۔

    انٹرپول کی جانب سے پاکستان کو جواب بھیجا گیا جس کے بعد وزارتِ داخلہ نے تحفظات کو دور کرنے اور ساتھ میں شواہد فراہم کرنے کے حوالے سے سندھ حکومت سے بانی ایم کیو ایم کے مختلف مقدمات کا ریکارڈ طلب کیا اور ملزمان کے اعترافی بیان کی ویڈیو بھی انٹرپول کو ارسال کی۔

  • حیدرآباد: متحدہ پاکستان کی ریلی میں بانی ایم کیو ایم کے نعرے

    حیدرآباد: متحدہ پاکستان کی ریلی میں بانی ایم کیو ایم کے نعرے

    حیدرآباد: ایم کیو ایم پاکستان کی حقوق ریلی میں ایک بار پھر بانی متحدہ کے نعرے لگ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے حیدرآباد میں حقوق ریلی کا اہتمام کیا گیا، جس  کی قیادت سربراہ متحدہ پاکستان ڈاکٹر فاروق ستار نے کی۔

    ریلی کا آغاز سٹی گیٹ سے ہوا اور وہ اپنے مقررہ راستوں سے ہوتی ہوئی کوہ نور چوک پر اختتام پذیر ہوئی، حیدرآباد کے مسائل کے لیے نکالی ناجے والی ریلی میں سینٹر عبد الحسیب دلاور قریشی رعنا انصار سمیت مرکزی قیادت اور مقامی عہدیداران نے شرکت کی۔

    حیدرآباد روڈ پر ایم کیو ایم پاکستان کی ریلی پہنچی تو وہاں موجود شرکاء نے بانی ایم کیو ایم کے حق میں شدید نعرے بازی کی، اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار اور میئر کراچی وسیم اختر بھی موجود تھے۔

    نمائندہ اے آر وائی کے مطابق مظاہرین کی جانب سے تین مقامات پر بانی ایم کیو ایم کے حق میں نعرے بازی کی گئی علاوہ ازیں ڈاکٹر فاروق ستار کی گاڑی جس مقام سے بھی گزری وہاں پر مظاہرین نے بانی ایم کیو ایم کے حق میں نعرے لگائے۔

    ویڈیو دیکھیں

  • بانی ایم کیوایم قتل عام میں ملوث ہیں، کارروائی کی جائے، پاکستان لائرز فورم

    بانی ایم کیوایم قتل عام میں ملوث ہیں، کارروائی کی جائے، پاکستان لائرز فورم

    اسلام آباد : پاکستان لائرز فورم کے عہدے داران نے کہا ہے کہ بانی ایم کیوایم عوام کے قتل عام میں ملوث ہیں، ان کی پاکستان کے خلاف کارروائیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، لہٰذا حکومت سیاسی مصلحتوں سےبالاتر ہو کر ملک دشمنوں کو کٹہرے میں لائے۔

    ان خیالات کا اظہار فورم کے صدرراجہ ظہور نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بانی متحدہ اور بھارتی ایجنسی ’’را‘‘کے روابط ثابت شدہ ہیں، اس کے علاوہ اجمل پہاڑی اور صولت مرزا کےاعترافی بیان سے سب ثابت ہو چکا ہے۔ بانی ایم کیو ایم کے حکم پر درجنوں صحافیوں کو قتل کیا گیا، برطانوی حکومت ان کو کیوں تحفظ فراہم کر رہی ہے۔

    لائرز فورم کے عہدیداران نے کہا کہ حکومت سیاسی مصلحتوں سےبالاتر ہو کر ملک دشمنوں کو کٹہرے میں لائے، پاکستانی حکومت کو برطانیہ سے قیدیوں کے تبادلے کا معاہدہ کرنا چاہیئے تاکہ ملک کے خلاف سنگین جرائم میں ملوث عناصر کو کڑی سے کڑی سزا دی جاسکے۔

    اپنی پریس کانفرنس میں پاکستان لائرز فورم نے حکومت برطانیہ سے بانی ایم کیوایم کو پاکستان کےحوالے کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

  • سندھ اسمبلی: یونیورسٹی کا نام تبدیل کرنے کا بل منظور

    سندھ اسمبلی: یونیورسٹی کا نام تبدیل کرنے کا بل منظور

    کراچی : سندھ اسمبلی کے اجلاس میں بانی ایم کیوایم کے نام سے منسوب یونیورسٹییز کا نام تبدیل کرنے کا بل منظورکرلیا گیا، بل کی حمایت ایم کیو ایم پاکستان نے بھی کی۔

    تفصیلات کے مطابق اسمبلی میں بانی ایم کیو ایم کے نام سے منسوب یونیورسٹی کا نام تبدیل کرنے کا بل پیپلزپارٹی کے سنیئر صوبائی وزیر نثار کھوڑو نے پیش کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ افسوس ہے کہ بانی ایم کیو ایم نے زمین سے ملنے والی عزت کا پاس نہیں رکھا۔ مذکورہ بل کی حمایت ایم کیو ایم پاکستان کے اراکین اسمبلی نے بھی کی۔

    جامعہ کا نیا نام فاطمہ جناح یونیورسٹی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل سندھ کابینہ نے حیدر آباد میں بانی ایم کیو ایم سے منسوب یونیورسٹی کا نام تبدیل کر کے فاطمہ جناح یونیورسٹی رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    مزید پڑھیں : بانی ایم کیو ایم سے منسوب یونیورسٹی کا نام تبدیل

    وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حیدر آباد میں بانی ایم کیو ایم سے منسوب یونیورسٹی کا نام تبدیل کردیا جائے۔

  • بانی ایم کیوایم نے نریندر مودی سے مدد مانگ لی

    بانی ایم کیوایم نے نریندر مودی سے مدد مانگ لی

    لندن : بھارتی مسلمانوں کے قاتل نریندر مودی بانی ایم کیوایم کو مسیحا نظرآنے لگے۔ پاکستان مخالف نعروں کے بعد بانی ایم کیوایم نے بھارت سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے بیان کی مذمت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان کے موقع پرایم کیوایم کے قائد سرزمینِ پاکستان کیخلاف کھل کر سامنےآ گئے۔ بانی ایم کیوایم نے پاکستان کیخلاف بھارت سے مدد مانگ لی۔ اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا ہے کہ ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان بنا کرغلطی کی تھی۔

    اپنے بیان میں بانی ایم کیوایم نے کراچی کے عوام کو پناہ گزین قراردے دیا، انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے اپیل کی ہے کہ وہ مہاجروں کے حق میں آواز اٹھائیں۔

    ایم کیو ایم پاکستان نے بیان کی مذمت کردی 

    دوسری جانب ایم کیوایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے بانی ایم کیوایم کے اس بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک دشمن عناصرکی سازشوں اور مہاجرعوام کی حب الوطنی کیخلاف سازشوں کو ہرسطح پرناکام بنائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ مہاجروں کے آباؤ اجداد نے پاکستان کےحصول کیلئے ہراول دستے کا کردارادا کیا، مہاجروں کی اولادوں کے دل بھی وطن عزیز کیلئے دھڑکتے ہیں۔

    رابطہ کمیٹی پاکستان کا کہنا ہے کہ مہاجرعوام جانتے ہیں کہ نریندرمودی کو گجرات کا قصائی کہا جاتا ہے، مودی نے اترپردیش کا وزیراعلیٰ بھی مسلمان دشمن منتخب کیا ہے۔

    بانی ایم کیو ایم ملک دشمن اورغدار ہے، رہنما پی ایس پی 

    علاوہ ازیں بانی ایم کیو ایم کے بیان پر پاک سرزمین پارٹی کے رہنما انیس ایڈووکیٹ، رضا ہارون نے اپنے سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی ایم کیو ایم پاکستان میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، وہ ملک دشمن اورغدار شخص ہے،۔

    رہنماؤں نے کہا کہ بانی ایم کیوایم نے اس بیان سے اپنا ’’را‘‘ کا ایجنٹ ہونا ثابت کردیا ہے، انیس ایڈووکیٹ نے مطالبہ کیا کہ بانی ایم کیوایم کی پاکستانی شہریت منسوخ ہونی چاہیئے۔

    رہنما پی ایس پی رضاہارون نے کہا کہ مجھے بانی ایم کیوایم کے بیان پرکوئی حیرانگی نہیں ہوئی، ہم تو 3 ماہ سے یہی کہہ رہے ہیں کہ بانی ایم کیو ایم "را” کےایجنڈے پر ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نریندر مودی ان ہی کا وزیراعظم ہے، متحدہ قائد اور ان کے لوگ ’’را‘‘کے ایجنڈے کو فالو کرتےہیں۔

  • متحدہ لندن پر پابندی کے آئینی تقاضے پورے کیے جائیں، فاروق ستار

    متحدہ لندن پر پابندی کے آئینی تقاضے پورے کیے جائیں، فاروق ستار

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ حکومت متحدہ قومی مومنٹ لندن پر پابندی کے آئینی و قانونی تقاضے پورے کرے، متحدہ لندن کو الیکشن میں ہرایا تو اسے اپنی کامیابی سمجھوں گا، پی ایس پی کے طریقہ کار اور سوچ سے اختلاف ہے لیکن مصطفیٰ کمال کراچی کی سیاست میں ایک حقیقت ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ”آف دی ریکارڈ“ میں اپنی ڈرامائی گرفتاری و رہائی کے بعد میزبان کاشف عباسی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری تمام تر تردید اور وضاحتیں ریکارڈ پر ہیں اس کے باوجود پاکستان مخالف نعروں کی ایف آئی آر ہم پر ہے، حکومت گدھے اور گھوڑے میں تمیز کرے، 22 اگست کو لگنے والے ملک مخالف نعروں کی ایف آئی آر ہماری جماعت کے خلاف کٹوا دی گئی تھی، ہماری 23 اگست کی پوزیشن سب کے سامنے ہے۔

    ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ جس رات مجھے گرفتار کیا گیا اس وقت مجھے اندھیرے میں محض کاغذ کا ایک ٹکڑا دکھایا گیا اور کہا کہ یہ آپ کے وارنٹ گرفتاری ہیں اورمجھے حراست میں لے کر اہلکار اپنے ساتھ تھانے لے گئے لیکن کچھ وقت گزرنے کے بعد ہی رہا کردیا گیا جبکہ وکلاء سے میری صلاح و مشاورت جاری ہے اور مشاورت مکمل ہونے کے بعد میں خود عدالت پیش ہوجاؤں گا۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرا سیل کیا ہوا دفتر مجھے واپس ملنا چاہیے اگر نائن زیرو کو ہمارے لیے نہیں کھولا جاتا تو خورشید میموریل ہال کو بحال کرکے ہمیں دیا جائے تاکہ ہم اپنے تنظیمی کام کو احسن طریقے سے کر سکیں، سیاسی ایجنڈا نہیں ہے تو معاملہ حل ہوجانا چاہیے۔

    فاروق ستار نے کہا کہ ہمارے پاس نئے دفترقائم کرنے کے لیے کوٹھی یا بنگلہ لینے کے وسائل نہیں، ایم کیوایم پاکستان کے پاس پارٹی فنڈزختم ہوچکے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ چھاپے، گرفتاریاں بند نہ کرنے سے ایم کیوایم لندن مضبوط ہوگی اس کے علاوہ لاپتا کارکنان رہا نہ کرنے کا فائدہ بھی ایم کیوایم لندن کو ہوگا، انہوں نے واضح کیا کہ ہماری لندن کے ساتھ ملی بھگت کا پروپیگنڈا ہے، اس میں کوئی سچائی نہیں۔

    ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ سید مصطفیٰ کمال ایم کیوایم مڈل کلاس کی پروڈکٹ ہے، ان کی سیاست بھی کراچی کی ایک حقیقت ہے، پی ایس پی اور ایم کیوایم پاکستان کی سوچ اور طریقہ کار مختلف ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی کے مفاد میں سب کو تشدد کی راہ ترک کرنا ہوگی، ایم کیوایم حقیقی کی واپسی کا فیصلہ وہ خود بہتر طور پر کرسکتےہیں، عامر خان کی واپسی ایک طریقہ کار کےتحت ہوئی تھی۔

  • عمران فاروق قتل کیس: ملزمان کا اشتہار جاری کرنے کی درخواست منظور

    عمران فاروق قتل کیس: ملزمان کا اشتہار جاری کرنے کی درخواست منظور

    کراچی: عمران فاروق قتل کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ ملزم افتخار حسین، محمد انور اور کاشف خان کا اشتہار جاری کرنے کی درخواست منظور کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عمران فاروق کیس میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ عدالت نے ملزم افتخار حسین، محمد انور اور کاشف خان کامران کا اشتہار جاری کرنے کی درخواست منظور کرلی۔

    درخواست فوجداری کی دفعہ 87 کے تحت دائر کی گئی۔ 2 دسمبر کو تینوں ملزموں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔

    ایف آئی اے کاؤنٹر ٹیرر ازم ونگ نے تینوں ملزمان کے خلاف اشتہار کے لیے کارروائی کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ تینوں ملزموں کے گھروں پر اشتہار چسپاں کیے جا رہے ہیں۔

    ایف آئی اے کی جانب سے مختلف عوامی مراکز میں بھی اشتہار چسپاں کیے جائیں گے جبکہ مختلف اخباروں میں بھی اشتہار جاری کیے جائیں گے۔

    دس روز میں ایف آئی اے کی جانب سے کارروائی مکمل کرلی جائے گی۔ کارروائی مکمل ہونے پر ملزمان کو اشتہاری قرار دے کر ان کے ریڈ نوٹسز جاری ہوں گے۔

    اشتہار جاری کرنے کی درخواست پر منظوری انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج سید کوثر عباس زیدی نے دی۔

  • ایم کیو ایم کی تقسیم سے پیپلزپارٹی کراچی کی طاقت بنےگی، وزیراعلیٰ سندھ

    ایم کیو ایم کی تقسیم سے پیپلزپارٹی کراچی کی طاقت بنےگی، وزیراعلیٰ سندھ

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بانی ایم کیوایم کے خطاب پر پابندی ہے، اجازت کیسے دے سکتےہیں، جو بھی گورنر آئے اپنی آئینی حدود میں رہے تو اعتراض نہیں ہوگا، ایم کیو ایم کی تقسیم سےپیپلزپارٹی کوسیاسی فائدہ ہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا، مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نئے ڈی جی رینجرز کے ساتھ ورکنگ ریلیشن اچھے ہیں، انور مجید کے دفتر پرچھاپے کی مجھےاطلاع نہیں تھی، معاملہ عدالت میں ہےہم نےعدالت پر چھوڑ دیا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بانی ایم کیوایم کی پارٹی اگرآئینی حد میں رہے گی توجلسہ کرسکتی ہے، آئین کی حدود میں ہرسیاسی جماعت کوسیاست کی اجازت ہونی چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ ہماری نظریں آئندہ انتخابات پرہیں، آصف زرداری، بلاول بھٹو الیکشن لڑکرپارلیمنٹ میں آرہے ہیں، جوغلط کام کرےگا بلاول بھٹو اس کی اینٹ سےاینٹ بجاسکتےہیں، ایم کیو ایم کی تقسیم سےپیپلزپارٹی کوسیاسی فائدہ ہوگا کراچی کےلوگوں کوایک متبادل دینا ہے، کراچی میں پیپلزپارٹی ایک طاقت بنےگی۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ایڈوائس لیتاہوں لیکن ہدایات میں دیتاہوں، سندھ کےدیہی علاقوں کےحالات پنجاب کےدیہی علاقوں سےبہترہیں، موجودہ حکومت نےتھرمیں ترقیاتی کام کیے، تھرمیں ارباب غلام رحیم نےکوئی کام نہیں کرایا، موجودہ وفاقی حکومت پنجاب کی نسبت سندھ کو کم فنڈ دیتی ہے، وفاق میں جب ہم تھے توسب کو برابری کی سطح پرفنڈز دے رہے تھے۔

    وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امیدہےڈاکٹرعاصم جلد ضمانت پررہا ہوجائیں گے،ڈاکٹرعاصم کوایک کیس میں ضمانت مل گئی ہے۔

    راؤ انوار کے معاملے پر ان کا کہنا تھا کہ انکوائری ہوئی اورانہیں پھربحال کیا گیا، کبھی نہیں کہارکن اسمبلی کی گرفتاری کیلئےاسپیکرسےاجازت لینی چاہیے، راؤانوارنےغلطی کی اورانہیں سزابھی ملی، راؤانوارکی معطلی کےبعدافسران کوپتہ چل گیاکہ سزاہوسکتی ہے، اےڈی خواجہ اچھےافسرہیں،ان کیخلاف کبھی کوئی بات نہیں سنی۔

  • ہالی ووڈ  کو ہالی ویڈ میں تبدیل کردیا

    ہالی ووڈ کو ہالی ویڈ میں تبدیل کردیا

    لاس اینجلس:امریکی ریاست لاس اینجلس میں رہنے والے افرادنےسالِ نو کے آغاز پرمشہور ہالی ووڈ سائن کوہالی ویڈ میں تبدیل کردیا۔

    تفصیلات کےمطابق امریکی شہر لاس اینجلس میں سالِ نو کے آغاز پر منچلوں نے فلمی دنیا کے مشہور نشان ہالی ووڈ کو توڑ کر ہالی ویڈ میں تبدیل کردیا۔

    ہالی ووڈ نشان کی تبدیلی کا یہ پہلاواقعہ نہیں اس سے پہلے بھی 1976میں سال کے پہلے ہی روزکچھ منچلوں نے ہالی ووڈ کےنشان کو ہالی ویڈ میں تبدیل کیا تھا۔

    ہالی ووڈ سائن ٹرسٹ کے مطابق ہالی ووڈ کا آئی کونک سائن1923رئیل اسٹیٹ کی تعمیر وترقی کےلیے بنایا گیا جس کو1940 میں ہالی ووڈ لینڈ کے نام سے منسوب کیا گیا اسے1949 میں ہالی ووڈ کا نام دیا گیا۔

    واضح رہے کہ اخبار لاس اینجلس ٹائمز کے مطابق سکیورٹی کیمروں سے ریکارڈ ہونے والی ویڈیو میں ایک تنہا شخص کو سائن کے اوپر چڑھتے اور کوئی چیز لٹکائے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

  • لندن والے مگرمچھ کے آنسو نہ بہائیں، ایم کیو ایم پاکستان

    لندن والے مگرمچھ کے آنسو نہ بہائیں، ایم کیو ایم پاکستان

    کراچی: متحد ہ قومی موومنٹ (پا کستان ) کے تر جمان نے کہا ہے کہ لندن والے مگرمچھ کے آنسو بہانے کے بجائے عامر خان کی باتوں کا جواب دے، نشتر پارک کا جلسہ عوامی ریفرنڈم میں تبدیل ہوگیا،ایم کیو ایم کو پہلے بھی کوئی تقسیم نہیں کرسکا اور نہ اب کرنے دیں گے۔

    متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’لندن ٹولہ عامر خان سے متعلق گمراہ کن پروپیگنڈا کررہا ہے جو کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہے، عامر خان نے اپنے خطاب میں حقائق کا آئینہ دکھایا ہے‘‘۔

    ایم کیو ایم کے ترجمان نے مزید کہا کہ ’’مفاد پرست ٹولے کا برہم ہونا یکجہتی کی کوششوں کو سبوتاژ نہیں کرسکتا، شہیدوں کی قربانیوں پر لندن کے جو لوگ مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ عامر خان کے بیان کردہ حقائق کا جواب دیں‘‘۔

    پڑھیں: ’’ عامر خان کے الزامات بے بنیاد ہیں، ترجمان متحدہ، عوام کی خاطر خاموش ہوں، بابر غوری ‘‘

    متحدہ کے ترجمان نے کہا کہ ’’ایم کیوایم پاکستان کا ہررہنما قوم کو متحد کرنے میں مصروف عمل ہے یہی وجہ ہے کہ عوام ہمارے ساتھ کھڑی ہے اور انہوں نے بھروسہ کرتے ہوئے کل کے جلسے کو ریفرنڈم ثابت کردیا۔ کراچی کے غیورعوام پاکستان کے ساتھ ہیں لہذا انہیں اکسانے اور منتشر کرنےسے گریز کیا جائے‘‘۔

    مزید پڑھیں: ’’ لندن ٹولے نے شہدا کے لہو کا سودا کیا، عامر خان ‘‘

    رابطہ کمیٹی پاکستان کے ترجمان نے کہا کہ ’’جلسے میں شرکت کرنے والے لوگوں کو دھمکیاں دی جارہی ہے اور اراکین اسمبلی کی تضحیک بھی کروائی جارہی ہے، ایسے عمل میں ملوث لوگ قوم کو منتشر کرنے کی خواہش رکھتے ہیں تاہم کل عوام نے ایسے تمام عناصر کو کرارا جواب دے دیا جس پر لندن کے لوگوں کو اپنی اصلاح کرنی چاہیے‘‘۔