Tag: Altaf Hussian

  • الطاف حسین کو دوبار عمر قید اور 24لاکھ جرمانے کی سزا

    الطاف حسین کو دوبار عمر قید اور 24لاکھ جرمانے کی سزا

    گلگت : گلگت کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو دو بار عمر قید اور چوبیس لاکھ جرمانے کی سزا سنادی.

    گلگت کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو فوج کیخلاف نفرت انگیز تقرریں کرنے اور بیانات دینے پر عمر قید کی سزا سنائی، گلگت کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں الطاف حسین کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ الطاف حسین کے خلاف تھانہ ایئر پورٹ میں مقدمہ درج ہوا تھا، الطاف حسین کو دو مرتبہ عمر قید کے ساتھ ساتھ مجموعی طور پر 81سال کی سزا سنا دی ہے۔

    عدالت نے الطاف حسین کو سزا سنانے کے ساتھ ساتھ الطاف حسین کی جائیداد ضبط کرنے اور 24لاکھ جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

    واضح رہے کہ الطاف حسین نے پاک فوج کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کی تھیں، جس پر ان کے خلاف پورے ملک میں مقدمات درج کئے گئے تھے۔ اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ نے بھی الطاف حسین کے بیانات اور ان کی تصاویر نشر کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

  • ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کو اشتہاری قرار دے دیا گیا

    ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کو اشتہاری قرار دے دیا گیا

    کراچی : ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو کرنل طاہر دھمکی کیس میں اشتہاری قراردے دیا گیا۔

    کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں الطاف حسین کے خلاف مقدمے کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے رپورٹ پیش کی، جس میں بتایا گیا کہ بیرون ملک ہونے کی وجہ سے الطاف حسین کو گرفتار کرنا ممکن نہیں، عدالت نے کارروائی آگے بڑھاتے ہوئے ایم کیو ایم قائد کو اشتہاری قرار دے دیا اور ایک بار پھر وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیئے۔

    یاد رہے کہ رینجرز افسر کرنل طاہر نے دھمکیاں دینے کے الزام میں سول لائن تھانے میں مقدمہ درج کرایا تھا، عدالت نےاس سے پہلے پولیس رپورٹ پر الطاف حسین کومفرور قرار دیا تھا اور اُن کے ناقابل ضمانت وارنٹ بھی جاری کیے گئے تھے۔

    دوسری جانب ایک اور مقدمے میں مانسہرہ کے سینئر سول جج شیراز فیروز نے الطاف حسین کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیا ہے.

  • الطاف حسین کو معافی اور آئندہ اشتعال انگیز تقاریر نہ کرنے پر بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت

    الطاف حسین کو معافی اور آئندہ اشتعال انگیز تقاریر نہ کرنے پر بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت

    لاہور: ہائیکورٹ کے فل بنچ نے الطاف حسین پابندی کیس کی سماعت دو اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے الطاف حسین کو گزشتہ تقاریر پر معافی اور آئندہ اشتعال انگیز تقاریر نہ کرنے کے حوالے سے بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کردی۔

    ہائیکورٹ کےتین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی، الطاف حسین کی وکیل عاصمہ جہانگیر کا کہنا تھا کہ الطاف حسین پر مکمل پابندی آئین کے منافی ہے، عدالت اپنے فیصلے میں ترمیم کرے۔

    عدالت نے قرار دیا کہ الطاف حسین کا بیان حلفی جمع کرایا جائے، جس میں اداروں کے خلاف بیان بازی پر معافی مانگیں اور آئندہ ایسی تقاریر نہ کرنے کا حلف دیں، فاروق ستار نے کہا کہ اپنے بیان پر الطاف حسین پہلے بھی معافی مانگ چکے ہیں۔

    عدالت نے قرار دیا کہ ابھی یہ فیصلہ کرنا باقی ہے کہ کیا الطاف حسین پاکستان کے شہری ہیں بھی یا نہیں۔

    وزارتِ داخلہ نے عدالت میں رپورٹ جمع کروائی، جس میں بتایا گیا کہ انیس سو چورانوے میں الطاف حسین کا پاسپورٹ ختم ہوچکا ہے وہ اب دہری شہریت رکھتے ہیں، عدالت نے رپورٹ غیر تسلی بخش قرار دے کر آئندہ سماعت پر دوبارہ جمع کروانے کی ہدایت کی۔

    درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ نظر ثانی کی درخواست پر الطاف حسین کے بجائےفاروق ستار کے دستخط ہیں لہذا یہ درخواست قابلِ سماعت ہی نہیں، عدالت نے کیس کی سماعت دو اکتوبر تک ملتوی کردی۔

  • لاہور ہائیکورٹ کے بعد پیمرا نے الطاف حسین کی تقاریر،تصاویراوربیانات پرپابندی عائد کردی

    لاہور ہائیکورٹ کے بعد پیمرا نے الطاف حسین کی تقاریر،تصاویراوربیانات پرپابندی عائد کردی

    اسلام آباد: پیمرا نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی تقاریر اور تصاویر پر نشر واشاعت پر پابندی کا ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔

    لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں پیمرا نے الطاف حسین کی تقاریر کی نشر واشاعت پر پابندی عائد کردی ہے، جس کا پیمرا کی جانب سے نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے، پیمرا کے جاری کردہ ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ تمام ٹی وی چینلز الطاف حسین کے متعلق اور ان کے بیانات، تصاویر، تقاریر اور کسی بھی قسم کے ٹکرز نہ چلانے کے پابند ہوں گے۔

    اس سے قبل لاہور ہائی کورٹ نے الطاف حسین پابندی سے متعلق فیصلہ سنایا تھا، جس میں عدالت کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کے خلاف پابندی لگانے کیلئے مناسب مواد موجود ہے، جس پر ان کی میڈیا کوریج پر پابندی عائد کی جا رہی ہے۔

    عدالت نے پیمرا کو الطاف حسین کی تقاریر اور تمام سرگرمیوں کو میڈیا پر بلیک آوٹ کرنے کی بھی ہدایت کی تھی اور چیئر مین پریس کونسل کو فوری طور پر پرنٹ میڈیا سے عمل درآمد کروانے کا حکم بھی دیا تھا۔

    لاہور ہائیکورٹ نے یہ فیصلہ الطاف حسین کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے سے متعلق کیس کی سماعت میں سنایا، عدالت نے الطاف حسین کی شہریت کے حوالے سے ریکارڈ بھی آئندہ سماعت پر طلب کرلیا ہے۔

  • الطاف حسین کی تقریر نشرکرنے اور تصاویرشائع کرنے پر پابندی

    الطاف حسین کی تقریر نشرکرنے اور تصاویرشائع کرنے پر پابندی

    لاہور: ہائی کورٹ نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کی تقریر نشر کرنے تصاویر شائع کرنے اور ان کی سرگرمیوں سے متعلق خبروں کو ٹیلی کاسٹ کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں الطاف حسین کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے سے متعلق کیس کی سماعت تین رکنی بینچ نے کی، دوران سماعت درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ الطاف حسین نے متعدد بار فوج مخالف بیانات دیے ہیں۔

    جو آرٹیکل چھ کے تحت غداری کے زمرے میں آتے ہیں، عدالت نے الطاف حسین کے بیانات نشر کرنے، تصاویر شائع کرنے اور ان کی سرگرمیوں سے متعلق خبروں کو ٹیلی کاسٹ کرنے پر پابندی عائد کردی۔

    عدالت نے پیمرا اور دیگر اداروں کو احکامات پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت کردی جب کہ الطاف حسین کی شہریت کے حوالے سے ریکارڈ بھی عدالت نے آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔

  • گوجرانوالہ:ضابطہ فوجداری کی دفعہ 87 کے تحت الطاف حسین کا اشتہار جاری کرنے کا حکم

    گوجرانوالہ:ضابطہ فوجداری کی دفعہ 87 کے تحت الطاف حسین کا اشتہار جاری کرنے کا حکم

    گوجرانوالہ : انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی ہے اور ضابطہ فوجداری کی دفعہ 87 کے تحت ملزم الطاف حسین کا اشتہار جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

    ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف منڈی بہاؤالدین کے 2 تھانوں، تھانہ سول لائن اور تھانہ سٹی میں پاک فوج کے خلاف اور ملکی مفادات کے منافی تقریریں کرنے مقدمات درج ہیں، ان مقدمات کی سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت گوجرانوالہ کے جج چوھری امتیاز احمد کے روبرو ہورہی ہے۔

    آج پولیس کی طرف سے مقدمے کا ریکارڈ پیش کیا گیا جس پر عدالت نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی اور ضابطہ فوجداری کی دفعہ 87 کے تحت ملزم الطاف حسین کا اشتہار جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

    عدالت نے حکم دیا کہ ملزم کو 11 ستمبر کو پیش کیا جائے۔ دونوں مقدمات میں یہ کہا گیا ہے کہ الطاف حسین نے 15 جولائی 2015 کو پاک فوج کے خلاف اور ملکی مفادات کے منافی تقریر کی تھی۔

  • ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین اشتہاری مجرم قرار

    ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین اشتہاری مجرم قرار

    گلگت : انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کواشتہاری مجرم قراردے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو اشتہاری قرار دیدیا، عدالت نے دس ستمبر کو ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کو پیش ہونیکا حکم دیا ہے۔

    عدالت کاکہنا ہے کہ پیش نہ ہونے کی صورت میں الطاف حسین کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    الطاف حسین کی متنازع تقریرکے خلاف ایک شہری نے گلگت کے ائیرپورٹ تھانہ میں مقدمہ درج کرایا تھا، گلگت کے مختلف اضلاع میں الطاف حسین کے خلاف مجموعی طور پر نومقدمات درج ہیں۔

    اس سے قبل  انسدادی دہشت گردی ملاکنڈ کے خصوصی عدالت کے جج ایم آمین کنڈی نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو اشتہاری قراردے کر عدالت نے مقامی پولیس کو حکم دیا کہ وہ الطاف حسین گرفتار کرکے سات یوم کے اندر عدالت کے سامنے پیش کرے۔

    ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف مینگورہ پولیس اسٹیشن میں سولہ جولائی کو نعیم نامی شخص نے ٹیلی گرافی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

  • الطاف حسین کی تقاریر پر براہِ راست نشر کرنے پر تاحکم ثانی پابندی عائد

    الطاف حسین کی تقاریر پر براہِ راست نشر کرنے پر تاحکم ثانی پابندی عائد

    لاہور: ہائی کورٹ کے فل بنچ نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی تقاریر کو براہ راست نشر کرنے پر تاحکم ثانی پابندی عائد کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے الطاف حسین سمیت ایم کیو ایم کے دیگر رہنماؤں کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کی درخواستوں کی سماعت کی۔

    درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ الطاف حسین نے پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ شروع کر رکھا ہے اور آئے روز مختلف الزامات عائد کرتے ہیں، جس سے پاکستان اور پاک فوج کی بدنامی ہو رہی ہے۔

    الطاف حسین کا یہ اقدام بغاوت کے زمرے میں آتا ہے، لہذا ان کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کیا جائے۔

    عدالت نے سماعت کے بعد وفاقی حکومت اور وزارت قانون سے سات ستمبر کو جواب طلب کرتے ہوئے وزارتِ داخلہ کو ہدایت کی کہ وہ الطاف حسین کی شہریت کے متعلق تفصیلی ریکارڈ پیش کرے۔

    عدالت نے الطاف حسین کی تقاریر کو براہ راست نشر کرنے پر بھی تاحکم ثانی پابندی عائد کر دی جبکہ اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت کے لیے طلب کر لیا۔

  • قائد الطاف حسین نے بھارتی حکومت یا بھارتی ہائی کمشنر کو کوئی خط نہیں لکھا، ایم کیو ایم

    قائد الطاف حسین نے بھارتی حکومت یا بھارتی ہائی کمشنر کو کوئی خط نہیں لکھا، ایم کیو ایم

    کراچی : ایم کیو ایم ترجمان کا کہنا ہے کہ قائد الطاف حسین نے بھارتی حکومت یا بھارتی ہائی کمشنر کو کوئی خط نہیں لکھا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے ترجمان نے بعض مخالفین کی جانب سے گزشتہ روز رابطہ کمیٹی کے ارکان کے سفارتکاروں اورانسانی حقوق کی تنظیموں کوبھیجے جانے والے خط کوقائد تحریک الطاف حسین سے منسوب کرنے کی شدیدمذمت کی ہے۔

    اپنے ایک بیان میں ترجمان نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے بھارتی حکومت یا اسلام آباد میں موجود بھارتی ہائی کمشنر کو کوئی خط نہیں لکھا گیا اور اس بارے میں بعض مخالف سیاسی رہنماؤں اور میڈیا کے ایک مخصوص حلقہ کی جانب سے کیا جانے والاپروپیگنڈہ سراسر غلط ، بے بنیاد اور گمراہ کن ہے ۔

    ترجمان نے کہا کہ گزشتہ روز جس خط کا ذکر کیا گیا تھا کہ وہ قائد تحریک الطاف حسین کا نہیں بلکہ رابطہ کمیٹی کے تین نئے ارکان کی جانب سے تھا، جس کے بارے میں گزشتہ روزہی یہ وضاحت کی جا چکی ہے کہ یہ خط انسانی حقوق کی تنظیموں کے ساتھ ساتھ پچاس سے زائدملکوں کے سفارتکاروں کو بھیجا گیا تھا اور ایک دفتری غلطی کی وجہ سے انڈین ہائی کمیشن کوبھی ارسال کر دیا گیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ اس وضاحت کے باوجود بعض ایم کیوایم دشمن عناصر ایم کیوایم کو بیجا تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں اور اس خط کو قائد تحریک الطاف حسین سے منسوب کرکے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

  • اسلام آباد میں ایک اور متحدہ بنائے جانے کی پلاننگ کی جا رہی ہے، الطاف حسین

    اسلام آباد میں ایک اور متحدہ بنائے جانے کی پلاننگ کی جا رہی ہے، الطاف حسین

    لندن : ایم کیو ایم قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ انکے خلاف سازش ہو رہی ہے، اسلام آباد میں ایک اور متحدہ بنائے جانے کی پلاننگ کی جا رہی ہے، رابطہ کمیٹی پلان بنائے شہداء سے اظہار یکجہتی کے لئے تبت سینٹر سے ریلی نکالنے کا پلان ترتیب دے۔

    نائن زیرو پر تحریک کے شہداء، اسیروں اور لاپتہ کارکنوں کے اہل خانہ سے خطاب میں الطاف حسین کا کہنا تھا کہ وہ فوج ، رینجرز ، پولیس اور تمام قومی اداروں کا احترام پہلے بھی کرتے تھے اور آج بھی کرتے ہیں، رینجرز ، فوج اور پولیس کے اہل خانہ انکے بچوں کی طرح ہیں۔

    انھوں نے وزیراعظم، وزیرِ داخلہ اور آرمی چیف سے اپیل کی کہ وہ متحدہ کے بے گناہ کارکنوں کو فی الفور رہا کرائیں، انھوں نے رابطہ کمیٹی کو ہدایت کی کہ ایک ہفتے کے اندر اندر لاپتہ کارکنوں کی بازیابی کے لیے کوشیشں کی جائیں ساتھ ہی انھوں نے شہداء کے اہل خانہ کو ہدایت دی کہ وہ تیار رہیں جلد اسلام آباد جا کر سپریم کورٹ میں انفرادی اور اجتماعی طور پر لاپتہ کارکنوں اور ماورائے عدالت قتل ہونے والے کارکنوں کے حوالے سے پٹیشن بھی داخل کرائی جائے گی۔

    الطاف حسین کا کہنا تھا کہ وہ لاپتہ اور ماورائے عدالت قتل کارکنوں کا معاملہ اقوام متحدہ میں بھی اٹھائیں گے، انھوں نے رابطہ کمیٹی کے سابقہ ممبران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس کڑے وقت میں جو اراکین رابطہ کمیٹی ملک سے فرار ہوگئے ہیں اور جو وزارتوں کا مزہ اڑا کر بھاگ گئے ہیں، اگر آج وہ الطاف حسین کو چھوڑ کر جا رہے ہیں تو ایسی صورت میں وہ کیا کریں۔

    دوسری جانب الطاف حسین نے اے آر وائی کے خلاف مظاہرہ کرنے کے حوالے سے بھی رابطہ کمیٹی کو پلان ترتیب دینے کی ہدایت کر دی ہے، الطاف حسین کا کہنا تھا کہ اے آر وائی نے آزادی صحافت اور شہداء کا مذاق اڑایا، اسکے خلاف مظاہرہ ہی نہیں بلکہ اے آر وائی کو کراچی اور سندھ میں نہیں چلنے دیں گے۔