Tag: alwara

  • وزیر اعظم کی شمالی وزیرستان میں باڑھ لگانے والے فوجیوں پر حملے کی مذمت

    وزیر اعظم کی شمالی وزیرستان میں باڑھ لگانے والے فوجیوں پر حملے کی مذمت

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے شمالی وزیرستان میں باڑھ لگانے والے فوجیوں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہیدوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں شمالی وزیرستان میں باڑھ لگانے والے فوجیوں پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جوانوں کی بہادری اور قربانی کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے حملے میں شہید 3 جوانوں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی بھی کیا۔

    خیال رہے کہ مذکورہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا جب شمالی وزیرستان میں سرحد پر باڑھ لگانے والی پاک فوج کی ٹیم پر سرحد پار سے حملہ کیا گیا، الوڑہ کے مقام پر 60 سے 70 دہشت گردوں نے افغانستان کی حدود سے حملہ کیا۔

    پاک فوج نے مؤثر جوابی کارروائی کر کے حملہ آوروں کو پسپا کردیا۔ پاک فوج کی جوابی کارروائی میں کئی دہشت گردمارےگئے جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے پاک فوج کے 3 جوان شہید اور 7 زخمی ہوگئے۔

    شہید جوانوں میں لانس نائیک علی، لانس نائیک نذیر اور سپاہی امداد اللہ شامل ہیں۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان تمام تر رکاوٹوں کے باوجود باڑھ لگانے کا عمل جاری رکھے گا، افغان فورسز اور حکام اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں۔

    2 ہزار 6 سو 11 کلو میٹر پاک افغان سرحد پر اب تک پاک فوج کی ٹیم ایک ہزار سے زائد کلو میٹر باڑھ لگانے میں کامیاب ہوگئی ہے۔

  • شمالی وزیرستان میں فضائی کاروائی، 14 دہشتگرد ہلاک

    شمالی وزیرستان میں فضائی کاروائی، 14 دہشتگرد ہلاک

    راولپنڈی:شمالی وزیرستان میں پاک فضائیہ کی جانب سے کی جانے والی فضائی کاروائی میں اہم کمانڈرز سمیت 14 شدت پسند ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے شمالی وزیرستان کے علاقے الواڑہ میں شدت پسندوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔

    حملے میں اہم کمانڈرز سمیت کل 14 شدت پسند جاں بحق ہوئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے جبکہ دیگر دہشت گرد چند ساتھیوں کی لاشوں سمیت فرارہوگئے۔

    شدت پسندوں کے خلاف کی گئی کاروائی میں گولہ بارود کے ذخائر کو بھی نشانہ بنایاگیاہے۔

    پاک فوج کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف آپریشنِ ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے جبکہ شوال میں بھی فوج نے اپنی کاروائیوں کا آغاز کردیا ہے۔