Tag: Aman exercise

  • کراچی میں پاک بحریہ کی چھٹی کثیرملکی امن مشقوں 2019  کا آغاز

    کراچی میں پاک بحریہ کی چھٹی کثیرملکی امن مشقوں 2019 کا آغاز

    کراچی : پاک بحریہ کی چھٹی کثیرملکی امن مشقوں کا آغاز ہوگیا، پاکستان سمیت چھیالیس ممالک کی بحری افواج عسکری اثاثوں سمیت مشقوں میں شریک ہیں ، کمانڈرپاکستان فلیٹ کا کہنا ہے کہ ہمیں گوادر پورٹ اورسی پیک سمندری راستوں کی حفاظت کرنا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کی کثیرالملکی امن مشقوں 2019 کا آغاز ہوگیا ، مشقوں میں پاکستان سمیت چھیالیس ممالک کی بحری افواج عسکری اثاثوں سمیت شریک ہیں۔

    پُروقارتقریب کےآغازمیں پرچم کشائی کی گئی اور چھیالیس ممالک کےجھنڈے لہرائے گئے، کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل امجد خان نیازی مہمان خصوصی ہیں۔

    ترجمان پاک بحریہ کے مطابق دوہزارسات سے پاک بحریہ مشقوں کی میزبانی کررہی ہے، امن مشقوں میں آرمی، پاک فضائیہ بھی شریک ہیں، آٹھ تا دس فروری ہاربر فیز اور گیارہ ،بارہ فروری کو سی فیز ہوگا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ امن مشق علاقائی بحری امن واستحکا م کی ضامن ہیں اور یہ مشق میری ٹائم تحفظ کے فروغ کے لئےاہم ہیں۔

    بھارت کے مذموم مقاصدسےآگاہ ہیں اورنمٹنےکی صلاحیت رکھتےہیں، کمانڈرپاکستان فلیٹ


    کمانڈرپاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل امجدخان نیازی کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی اوراقتصادی سرگرمیوں کے لئے سمندری حدود کا تحفظ ناگزیر ہے، بحری تجارتی راستوں کو درپیش خطرات سے نمٹنا ہوگا۔

    کمانڈر پاکستان فلیٹ نے مزید کہا کہ ہمیں گوادر پورٹ اورسی پیک سمندری راستوں کی حفاظت کرناہے، چین سے مزید 8جدید ترین آبدوزیں حاصل کی جارہی ہیں اور ترکی سے بھی جدید جنگی بحری جہازحاصل کیے جارہے ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کے مذموم مقاصد سے آگاہ ہیں اور نمٹنےکی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    جدیددورکےچیلنجزکاتقاضاہےکہ مل کرمقابلہ کیاجائے، سربراہ پاک بحریہ کا پیغام


    مشقوں کےموقع پرسربراہ پاک بحریہ نے اپنے پیغام میں کہا دنیا بھرسےآنیوالے مہمانوں کاشکریہ ادا کرتے ہیں، جدید دور کے چیلنجز کا تقاضا ہے کہ مل کر مقابلہ کیاجائے۔

    یاد رہے گذشتہ روز  پاک بحریہ نے کثیرالملکی بحری مشق امن 19 کا خصوصی نغمہ ’ہم متحد‘ ریلیز کیا تھا ، بحری مشق امن 19 کا یہ خصوصی نغمہ اردو اور انگریزی زبانوں میں گایا گیا ۔

    مزید پڑھیں :  پاک بحریہ نے بحری مشق امن 19 کا خصوصی نغمہ ’ہم متحد‘ ریلیز کر دیا

    ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ اس خصوصی نغمے کے بول پاک بحریہ کی قیام امن کی کاوشوں کو اجاگر کرتے ہیں جبکہ غیر ملکی بحری افواج کے شرکا کے لیے پاکستان کے خوب صورت مقامات کی عکاسی بھی نغمے کا حصہ ہے۔

    نغمے میں دیگر بحری افواج کی قیام امن کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں کا ساتھ دینے پر خراج تحسین بھی پیش کیا گیا ہے۔

  • پاک بحریہ نےامن مشقوں کے لیے تیارکردہ گانے کا ٹیزرجاری کردیا

    پاک بحریہ نےامن مشقوں کے لیے تیارکردہ گانے کا ٹیزرجاری کردیا

    کراچی: پاک بحریہ نے کثیر الملکی بحری مشق ’امن 2019‘ کے موقع پر تیار کردہ خصوصی نغمے کا ٹیزر جاری کردیا ہے، مشقوں میں45 ممالک شریک ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کی جانب سے امن 2019 ،مشقوں کے لیے ایک خصوصی نغمہ ’امن کی تیاری‘ جاری کیا ہے۔ یہ نغمہ اردواورانگریزی زبان میں گایا گیا ہے۔

     ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اس خصوصی نغمے  کی ویڈیو میں امن کے قیام کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں کی عکاسی کی گئی ہے۔نغمے میں دیگر بحری افواج کا قیام امن کے لئے پاک بحریہ کا ساتھ دینے کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیاہے۔

    یاد رہے کہ کثیرالملکی بحری مشق امن میں 45 ممالک اپنے اثاثہ جات اور مندوبین کے ساتھ شرکت کر رہے ہیں، یہ مشقیں سنہ 2007 سے منعقد کی جارہی ہیں اور پہلی باراس میں اتنے وسیع پیمانے پر ممالک حصہ لے رہے ہیں ۔

    اسی تناظر میں جاپانی بحریہ کی میری ٹائم فورس برائے اینٹی پائریسی کے دو  پی سی تھری  جہازوں نے قبل از امن تیاری اور مشترکہ مشقوں کے لئے پی این ایس مہران کا دورہ کیا تھا۔

    پاک بحریہ میری ٹائم سرحدوں کی دفاع سے لے کر گہرے سمندروں میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد فراہم کرنے تک، قومی اثاثوں کی حفاظت سے لےکرعلاقائی اشتراک تک اور علاقائی بحری سکیورٹی گشت سے لے کرعالمگیر شراکت داری تک ہمیشہ پیش پیش رہی ہے ۔

    پاک بحریہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ یہ مشق میری ٹائم تعاون کو مستحکم کرنے، محفوظ میری ٹائم ماحول کو فروغ دینے اور علاقائی اور عالمی بحری امن و استحکام کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گی۔