Tag: AMBASSADOR

  • ٹینس اسٹار رافیل نڈال سعودی ٹینس فیڈریشن کے سفیر مقرر

    ٹینس اسٹار رافیل نڈال سعودی ٹینس فیڈریشن کے سفیر مقرر

    سعودی ٹینس فیڈریشن نے عالمی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار رافیل نڈال کو اپنا سفیر مقرر کردیا۔

    سعودی ٹینس فیڈریشن کے مطابق رافیل نڈال کی تقرری کا مقصد سعودی عرب میں ٹینس کو فروغ دینا اور سعودی نوجوانوں کو ٹینس کی طرف راغب کرنا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق سعودی میں رافیل نڈال اکیڈمی بھی بنائی جائے گی جہاں نوجوان کھلاڑیوں کو تربیت دی جائے گی۔

    واضح رہے کہ دنیا کے عظیم ٹینس اسٹار رافیل نڈال کو ٹینس کا ’کلنگ آف کلے‘ بھی کہا جاتا ہے، رافیل ان مایہ ناز کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے چاروں گرینڈ سلیم، فرنچ اوپن، ملبڈن اوپن اور یو ایس اوپن کا ٹائٹل جیتا ہے۔

  • یورپی یونین میں سعودی عرب کی جانب سے خاتون سفیر مقرر

    ریاض: سعودی عرب نے یورپی یونین کی ایٹمی توانائی کی یورپین سوسائٹی میں سعودی سفارتی مشن کی سربراہ ہیفا بنت عبد الرحمٰن الجدیع کو مقرر کردیا۔

    اردو نیوز کے مطابق یورپی یونین میں نئی سعودی سفیر ہیفا بنت عبد الرحمٰن الجدیع نے منگل کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے سامنے قصر یمامہ ریاض میں حلف اٹھایا۔

    ہیفا بنت عبد الرحمٰن الجدیع کو یورپی یونین کے لیے سعودی عرب کے سفیر کے ساتھ ایٹمی توانائی کی یورپین سوسائٹی میں سعودی سفارتی مشن کا سربراہ تعینات کیا گیا ہے۔

    ہیفا بنت عبدالرحمٰن الجدیع کولمبیا یونیورسٹی سے مذاکرات اور تنازعات کے موضوع پر ماسٹرز ہیں، وہ بین الاقوامی تعلقات پر بھی ماسٹرز ڈگری رکھتی ہیں جبکہ سراکوس یونیورسٹی سے جرنلزم میں گریجویشن بھی کر رکھی ہے۔

    انہوں نے اپنی عملی زندگی کے آغاز میں بین الاقوامی تعلقات اسٹریٹجک کمپنیوں اور رابطہ جات پر توجہ مرکوز کی، وزارت سیاحت اور وزارت خارجہ میں مشیر برائے بین الاقوامی تعلقات کے طور پر بھی کام کیا۔

    ہیفا بنت عبدالرحمٰن الجدیع واشنگٹن میں سعودی سفارت خانے میں ہیڈ آف پبلک ڈپلومیسی کی حیثیت سے بھی فرائض نبھا چکی ہیں، انہوں نے نیویارک میں اقوام متحدہ میں کئی سال خدمات انجام دیں۔

    یورپی یونین میں سفیر کے طور پر تعیناتی قبل سعودی ریسرچ اینڈ میڈیا گروپ میں (ایس آر ایم جی تھنک) میں ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر کام کر رہی تھیں۔

    ایس آر ایم جی کی سی ای او جمانا الراشد نے ہیفا الجدیع کو سفیر تعینات کیے جانے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ہیفا الجدیع نے ایس آر ایم جی تھنک کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا اور محدود وقت میں بڑے کارنامے انجام دیے۔

    ہیفا بنت عبد الرحمٰن الجدیع نے حلف اٹھانے کے بعد اپنے تاثرات میں کہا کہ یورپی یونین کے سفارتی مشن کی سربراہ اور سفیر کی حیثیت سے تعیناتی پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے اعتماد پر قیادت کی شکر گزار اور ممنون ہوں۔

  • ایک ہزار سے زائد پاکستانیوں کو یوکرین سے نکالا جاچکا ہے: پاکستانی سفیر

    ایک ہزار سے زائد پاکستانیوں کو یوکرین سے نکالا جاچکا ہے: پاکستانی سفیر

    اسلام آباد: یوکرین میں تعینات پاکستانی سفیر کا کہنا ہے کہ اب تک 1 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو یوکرین سے نکالا جاچکا ہے، انخلا کا عمل تقریباً مکمل کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یوکرین میں تعینات پاکستانی سفیر نوئل کھوکھر نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 1 ہزار 227 پاکستانیوں کو یوکرین سے نکال لیا گیا ہے۔

    سفیر کا کہنا تھا کہ 21 پاکستانی مختلف بارڈرز پر موجود ہیں جنہیں جلد نکال لیا جائے گا، 50 سے 60 پاکستانی ترنوپل کے قریب ہیں، کچھ ترنوپل پہنچ چکے ہیں، ان سب کو آئندہ ایک سے 2 روز میں وہاں سے نکال لیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ انخلا کا عمل تقریباً مکمل کر لیا ہے، ترنوپل، لویو اور رومانیہ بارڈر پر اپنی موجودگی برقرار رکھیں گے، اگر کوئی پاکستانی پیچھے رہ گیا ہے تو انہیں بھی وہاں سے نکالا جائے گا۔

  • ہم امریکہ کی پابندیوں سے ڈرنے والے نہیں ، روسی سفیر

    ہم امریکہ کی پابندیوں سے ڈرنے والے نہیں ، روسی سفیر

    ماسکو : امریکہ میں تعینات روسی سفیر اناتولی انتونوف نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے عائد کی گئی پابندیاں ہمیں خوفزدہ نہیں کرسکتیں،

    روس کے سفیر اناتولی انتونوف کا میڈیا کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ امریکی کانگریس کی جانب سے روس کے خلاف نئی پابندیوں کا مطالبہ بشمول ملک کی قیادت پر پابندیاں ماسکو کو خوفزدہ نہیں کریں گی۔

    روسی سفارت خانے کے فیس بک پیج پر شائع ہونے والے ایک بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ کیپیٹل ہل پر روس مخالف پابندیوں کے ساتھ ساتھ روسی فیڈریشن کی اعلیٰ قیادت کے خلاف ذاتی پابندیاں متعارف کروانے کے مطالبات اشتعال انگیز اور ناامید ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہم کسی بھی صورت امریکہ کی اپاہج پابندیوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں یوکرائنی تنازعے پر جینوا میں ہونے والے روس امریکا کے اعلیٰ سطح مذاکرات ایک بار پھر بے نتیجہ ختم ہوگئے تھے۔

    مزید پڑھیں : روس امریکا مذاکرات ایک بار پھر بے نتیجہ ختم

    روس کے نائب وزیر خارجہ سرگئی ریابکوف نے سلامتی کی ضمانتوں پر روس امریکہ کی مشاورت کے بعد کہا کہ روس اور امریکہ نیٹو کی مشرق کی جانب مزید توسیع کو روکنے کے معاملات پر کسی پیش رفت تک پہنچنے میں ناکام رہے ہیں۔

  • پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

    پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

    اسلام آباد: وفاقی وزیر صنعت و پیداوار خسرو بختیار سے تاجک سفیر کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں ٹیکسٹائل، لیدر، فوڈ پروسیسنگ، ادویات اور سرجیکل شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر صنعت و پیداوار خسرو بختیار سے تاجک سفیر کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان کے ستمبر میں دورہ تاجکستان کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔

    ملاقات میں پاکستان اور تاجکستان کے مابین انڈسٹریل تعاون کے معاہدے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ٹیکسٹائل، لیدر، فوڈ پروسیسنگ، ادویات اور سرجیکل شعبے میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کو بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، نئی ایس ایم ای پالیسی کاروباری نمو کو فروغ دے گی۔۔

    انہوں نے کہا کہ تاجک و پاکستانی کاروباری کونسل کو قیام میں لایا جائے گا۔

    تاجک سفیر کا کہنا تھا کہ انڈسٹریل تعاون معاہدہ دونوں ممالک میں تجارت بڑھانے میں معاون ثابت ہوگا، پاکستانی بزنس کمیونٹی اور کمپنیوں کو تاجکستان دورے کی دعوت دی ہے۔

  • پاکستانی تاجروں کیلیے بڑی خوشخبری

    پاکستانی تاجروں کیلیے بڑی خوشخبری

    لاہور : کرغزستانی سفیرایرک بیشم بیف نے کہا ہے کہ پاکستانی تاجر کرغزستانی مارکیٹس میں اپنی مصنوعات فروخت کر سکتے ہیں، جبکہ کرغزستان کی منڈیوں سے یورپ اور دیگر مغربی ممالک سامان برآمد کیا جاسکتاہے۔

    تفصیلات کے مطابق کرغزستانی سفیر ایریک بیشیم بیف نے لاہور سنٹر فار پیس ریسرچ کے زیر اہتمام گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریہ کرغزستان میں سرمایہ کاری کے آسان اور منافع بخش مواقع موجود ہیں۔

    ایریک بیشیم بیف کا کہنا تھا کہ کرغیز مارکیٹس پاکستانی تاجروں کے لئے کھلی ہوئی ہیں، پاکستانی تاجر کرغزستانی مارکیٹس میں اپنی مصنوعات فروخت کر سکتے ہیں، جبکہ کرغزستان کی منڈیوں سے یورپ اور دیگر مغربی ممالک سامان برآمد کیا جاسکتاہے۔

    انھوں نے کہا کہ کرغزستان کئی سالوں سے کامیابی کے ساتھ یورپ اور عرب ممالک میں کرغیز شہد برآمد کررہا ہے، ہم اپنی اعلی معیار کی ماحول دوست زرعی مصنوعات ، نامیاتی سبزیاں اور پھل، گوشت، دودھ کی مصنوعات اور شہد پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔

    کرغیز سفیر نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان ٹرانسپورٹ معاہدوں کی تجدید پر زور دیتے ہوئے کہا ٹرانسپورٹ معاہدوں سے دونوں ممالک مزید قریب آئیں گے۔

    دوسری جانب سابق سفیرشمشاد احمد خان کاکہناتھاکہ دونوں ملکوں کے درمیان نہ صرف تاریخی اورخوشگوار تعلقات ہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان انیس سو اکانوے سے بارہا اعلی سطح کے وفود کا تبادلہ ہوتا رہا ہے۔

    وزارت صنعت و پیداوار کیلئے حکومتی مشیر ڈاکٹر حسنین جاوید نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین سیاحت سے باہمی فائدہ ہوگا۔

  • مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی پراردن میں اسرائیلی سفیر کی طلبی، احتجاج ریکارڈ

    مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی پراردن میں اسرائیلی سفیر کی طلبی، احتجاج ریکارڈ

    عمان :اردن کی حکومت نے یہودی آباد کاروں، قابض صہیونی فوج اور پولیس کے ہاتھوں مسجد اقصیٰ کی مسلسل ہونے والی بے حرمتی پراسرائیل سے سخت احتجاج کیا ہے۔

    عرب ٹی وی کے مطابق اردن میں تعینات اسرائیلی سفیر کو وزارتِ خارجہ کے دفترمیں طلب کرکے حرم قدسی کی مسلسل بے حرمتی اور یہودی آباد کاروں کی اشتعال انگیز کارروائیوں پراحتجاج کیا گیا۔

    اردنی وزارت خارجہ کے ترجمان سفیان سلمان القضانے ایک بیان میں کہا کہ وزارت خارجہ کے سیکرٹری جنرل زید اللوز نے اسرائیلی سفیر کوطلب کر کے انہیں اپنے احتجاج اور موقف سے آگاہ کیا۔

    اسرائیلی سفیر کو ایک احتجاجی مراسلہ دیا گیا اور کہا گیا کہ وہ فوری طورپر یہ مراسلہ اپنی حکومت تک پہنچائے اور اس پرعمل درآمد کرائے۔

    اردن نے واضح کیا کہ حرم قدسی اور مسجد اقصیٰ کے تاریخی، اسلامی اور عرب تشخص کے ساتھ کسی قسم کی چھیڑ چھاڑ کی اجازت نہیں دی جائے گی، عمان نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ مسجد اقصیٰ کی روز مرہ کی بنیاد پر جاری بے حرمتی کا سلسلہ بند کرائے، القدس اور قبلہ اول کے تاریخی، آئینی اور دینی تشخص کے حوالے سے طے پائے معاہدوں پرعمل درآمد کرے۔

    سفیان سلمان القضاءنے کہا کہ اسرائیلی سفیر پرواضح کیا گیا ہے کہ مسجد اقصیٰ کا 144 دونم حصہ صرف مسلمانوں کے لیے عبادت کی جگہ ہے، اس میں یہودی آبادکاروں کا داخلہ مذہبی اشتعال انگزی ہے۔

    اردنی وزارت خارجہ نے فلسطینی نمازیوں کے لیے مسجد اقصیٰ کے دروازے بند کرنے کے اقدام اور فلسطینیوں پر قبلہ اول میں نماز اور عبادت پرقدغنوں کی شدید مذمت کی اور فلسطینیوں پرعاید کی گئی تمام پابندیاں ختم کرنے اور مسجد اقصیٰ کے امور میں مداخلت سے باز رہنے کا مطالبہ کیا۔

    درایں اثناءاردن کے وزیرخارجہ ایمن الصفدی نے بھی مسجد اقصیٰ پر صہیونی یلغار کی شدید مذمت کی ،انہوں نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ اسرائیل کو قبلہ اول کی بے حرمتی سے روکے۔

    ایمن الصفدی نے کہا کہ مسجد اقصیٰ کےتاریخی اسٹیس کو نقصان پہنچانے کے خطرناک نائج سامنے آئیں گے،یورپی ممالک کے سفیروں سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ القدس اور مسجد اقصیٰ کے تاریخی اور قانونی تشخص کو پامال کرنے کے خطرناک نتائج سامنے آسکتے ہیں اور اس کی تمام تر ذمہ داری اسرائیل پرعاید ہوگی۔

  • روس میں تعینات امریکی سفیر نے استعفیٰ دے دیا

    روس میں تعینات امریکی سفیر نے استعفیٰ دے دیا

    ماسکو/واشنگٹن : امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سفیر ہنٹس مین کی تبدیلی کا فیصلہ صدر ٹرمپ اور ولادی میر پوٹن کے درمیان ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو میں کیا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق روس کےلئے امریکا کے سفیر جان ہنٹس مین جونیئر اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں،ہنٹس مین نے اپنا استعفیٰ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھجوایا ہے جس میں انہوں نے دو طرفہ تعلقات کے اس مشکل ترین دور میں روس میں سفیر کی ذمہ داری سونپنے اور بھروسا کرنے پر صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    امریکی سفیر نے کہا ہے کہ ان کا استعفیٰ 3 اکتوبر سے موثر ہوگا،جان ہنٹس مین کے استعفے سے قبل امریکا کی قومی سلامتی کونسل میں روس سے متعلق امور کی نگران فیونا ہِل نے بھی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اطلاعات ہیں کہ وہ رواں ماہ ہی اپنا عہدہ چھوڑ دیں گی۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ان استعفوں کا مطلب ہے کہ ٹرمپ حکومت کو ایک ساتھ ہی روس سے متعلق اپنے دو اہم ترین عہدے داروں کا متبادل ڈھونڈنا ہوگا۔یہ تبدیلیاں ایسے وقت ہوں گی جب امریکہ اور روس کے تعلقات کشیدہ ہیں اور ارکانِ کانگریس صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے روس کے خلاف سخت تعزیرات عائد کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

    روس کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے جان ہنٹس مین کے استعفے پر اپنے ردِ عمل میں کہا کہ وہ ایک پیشہ ور سفارت کار تھے لیکن امریکہ کے داخلی سیاسی معاملات کی وجہ سے وہ اس قابل نہیں ہوسکے کہ روس کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مکمل طور پر پروان چڑھا سکیں۔

    امریکی نشریاتی ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ ہنٹس مین کی تبدیلی کا فیصلہ گزشتہ ہفتے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کے روسی ہم منصب ولادی میر پوٹن کے درمیان ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو میں کیا گیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق گفتگو کے دوران دونوں رہنماﺅں نے اتفاق کیا تھا کہ امریکہ کو روس میں نیا سفیر تعینات کرنے کی ضرورت ہے لیکن دونوں رہنماﺅں کی گفتگو کے دورانہنٹس مین کے متبادل کے طور پر کوئی نام زیرِ غور نہیں آیا تھا۔

    ہنٹس مین نے 2007ءمیں روس میں امریکی سفیر کی ذمہ داری سنبھالی تھی،ری پبلکن جماعت سے تعلق رکھنے والے ہنٹس مین جونیئر ریاست یوٹاہ کے گورنر تھے جب انہیں صدر براک اوباما نے 2009ءمیں چین میں امریکہ کا سفیر نامزد کیا تھا۔

    چین میں سفارت کی ذمہ داری سونپے جانے سے ایک سال قبل ہی وہ مسلسل دوسری مدت کے لیے یوٹاہ کے گورنر منتخب ہوئے تھے تاہم انہوں نے صدر اوباما کی جانب سے سفیر نامزد کیے جانے کے بعد گورنر شپ چھوڑ دی تھی۔

    اطلاعات ہیں کہ جان ہنٹس مین اپنی آبائی ریاست واپس لوٹنے اور ایک بار پھر ریاست کے گورنر کا انتخاب لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

    جان ہنٹس مین اس سے قبل 1990ءکے اوائل میں سنگاپور میں امریکا کے سفیر بھی رہ چکے ہیں جبکہ سابق صدر جارج ڈبلیو بش کے دور میں انہوں نے امریکہ کے نائب نمائندہ برائے تجارت کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں انجام دی تھیں۔

  • امریکا میں پہلی سعودی خاتون سفیر ریما بنت بندر نے ذمہ داریاں سنبھال لیں

    امریکا میں پہلی سعودی خاتون سفیر ریما بنت بندر نے ذمہ داریاں سنبھال لیں

    واشنگٹن : سعودی سفارت خانے کے ترجمان نے آگاہ کیا کہ پہلی خاتون سفیرریما بنت بندر نے امریکی وزارت خارجہ کو اپنی سفارتی اسناد پیش کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی پہلی خاتون سفیر شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان نے امریکا میں مملکت کی سفیر کی حیثیت سے کام کا آغاز کر دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ واشنگٹن میں سعودی سفارت خانے کے سرکاری ترجمان فہد ناظر نے ایک بیان میں بتایا کہ مقررہ خاتون سفیر نے امریکی وزارت خارجہ کو اپنی سفارتی اسناد پیش کر دی ہیں۔

    خاتون سفیر شہزادی ریما نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ میں نے آج سے امریکا میں مملکت کی سفیر کے طور پر کام شروع کر دیا ہے۔ میری دعا ہے کہ اللہ رب العزت مجھے اور میرے ساتھیوں کو اپنے پیارے وطن کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔

    شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان 1945 کے بعد سے امریکا میں مقرر ہونے والی سعودی عرب کی 11 ویں سفیر ہیں، وہ اس عہدے پر کام کرنے والی پہلی سعودی خاتون ہیں۔

    واضح رہے کہ شہزادی ریما 24 اکتوبر 1983 کو امریکا میں اپنے والد شہزادہ بندر بن سلطان کے ہمراہ واشنگٹن میں سعودی سفارت خانے میں داخل ہوئیں، شہزادی ریما کے والد نے 22 سال تک دونوں ملکوں کے اہم تاریخی ادوار میں سفارت کاری کے فرائض انجام دئیے۔

    امریکا میں قیام کے دوران شہزادی ریما نے سفارتی آداب و رموز اپنے والد شہزادہ بندر سلطان سے سیکھے یہی وجہ ہے کہ انہوں نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں کامیابی کے ساتھ خدمات انجام دیں، ان کی جرأت ہمت اور سفارتی رموز سے آگاہی کی بنا پر امریکا جیسے طاقت ور ملک میں انہیں سفیر مقرر کیا گیا۔

  • مختلف ممالک میں سفیروں اور ایڈیشنل سیکرٹریز کی تعیناتی کا فیصلہ

    مختلف ممالک میں سفیروں اور ایڈیشنل سیکرٹریز کی تعیناتی کا فیصلہ

    اسلام آباد : حکومت نے مختلف ممالک میں سفیروں اور ایڈیشنل سیکرٹریز کی تعیناتی کا فیصلہ کیا ہے، بھارت میں معین الحق کو سفیر تعینات کیا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج وزیراعظم سے مشاورت کے بعد مختلف ممالک میں18اہم تعیناتیاں کی گئی ہیں، جس کے مطابق چین میں پاکستانی سفیر اپنی مدت پوری کر چکے ہیں جس کے بعد سینئر سفارت کار نغمانہ ہاشمی کو بیجنگ میں سفیر تعینات کیا جا رہا ہے اور نئی دہلی کے لئے معین الحق کو سفیر تعینات کیا جا رہا ہے۔

    وزیرخارجہ نے مزید بتایا کہ جاپان کیلئے ایڈیشنل سیکرٹری امتیاز احمد کو سفیر اور بیلجیم میں ظہیر جنجوعہ کو سفیر تعینات کیا جا رہا ہے جبکہ ملائشیا میں ایڈیشنل سیکریٹری آمنہ بلوچ کو سفیر لگایا جا رہا ہے، کینیا نیروبی میں ثقلین سیدہ کو سفیر لگایا جا رہا ہے۔

    اس کے علاوہ سنگاپور کے لئے رخسانہ افضل کو سفیر لگایا جا رہا ہے، چیک ریپبلک کیلئے خالد جمالی کو سفیر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، شاہ محمود قریشی کے مطابق عطا المنعم شاہد الجیریا میں پاکستان کے سفیر ہونگے جبکہ سوڈان میں سرفراز احمد سپرا کو اور تاجکستان میں عمران حیدر کو سفیر لگایا جا رہا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ برونائی کیلئے عبد العزیز طارق کا انتخاب کیا گیا ہے جبکہ محمد خالد راؤ بوسنیا میں سفیر تعینات ہونگے، خالد مجید کو جدہ میں قونصل جنرل لگایا جا رہا ہے۔

    اس کے علاوہ عائشہ عباس کو کونسل جنرل نیویارک تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ابو ظہبی میں معظم صاحب کو بطور اسپشل سیکریٹری خارجہ لگایا جا رہا ہے۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ کویت میں ہمارے سفیر غلام دستگیر ہوںگے جبکہ ماسکو میں قاضی خلیل اللہ کو مزید چھ ماہ کی توسیع دی جا رہی ہے، جاوید خٹک پرتگال میں سفیر تعینات ہونگے۔