Tag: AMBASSADOR

  • جرمن سفیر کی بیٹے کے ہمراہ صفائی کرتی ہوئی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل

    جرمن سفیر کی بیٹے کے ہمراہ صفائی کرتی ہوئی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل

    اسلام آباد: پاکستان میں تعینات جرمن سفیر کی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آبپارہ مارکیٹ میں بیٹے کے ساتھ صفائی کرتی ہوئی تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر کے مطابق پاکستان میں نئے قائم مقام جرمن سفیر ڈاکٹر جینز یوکش اپنے بیٹے کے ہمراہ آبپارہ مارکیٹ کی صفائی کرتے ہوئے پائے گئے۔

    جرمن سفارت خانے کے فیس بک صفحے کے مطابق آبپارہ مارکیٹ میں صفائی مہم کا انعقاد کیا گیا جس میں جرمن سفیر نے بھی حصہ لیا۔

    مہم میں مقامی نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی اور کچرے کو نہ صرف اکٹھا کیا بلکہ انہیں ری سائیکلنگ کے لیے علیحدہ بھی کیا۔

    نئے سفیر سے قبل اس عہدے پر مارٹن کوبلر تعینات تھے جو عوام میں گھل مل جانے کی عادت کے باعث خاصے مقبول تھے۔ وہ اکثر و بیشتر مختلف مقامات کا دورہ کرتے رہتے اور اس دوران عام افراد سے گفت و شنید بھی کرتے۔

    مارٹن کوبلر گزشتہ ماہ اپنا سفارتی دور مکمل کر کے واپس وطن روانہ ہوگئے تھے۔

  • رمضان المبارک، پاکستان میں تعینات امریکی سفیر کی مسلمانوں کو مبارک باد

    رمضان المبارک، پاکستان میں تعینات امریکی سفیر کی مسلمانوں کو مبارک باد

    اسلام آباد: پاکستان میں تعینات امریکی سفیر پال جونز نے بھی رمضان المبارک کی مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، میلانیا ٹرمپ اور کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو سمیت عالمی رہنماؤں نے امت مسلمہ کو رمضان کی مبارک باد پیش کرچکے ہیں۔

    پاکستان میں تعینات امریکی سفیر پال جونز نے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ مقدس مہینہ عبادتوں اور روحانی غوروفکر کا موقع دیتا ہے۔

    ان کا کہنا تھاکہ امریکا میں تیس لاکھ سے زائد مسلمان آباد ہیں، جو امریکا کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں۔

    قبل ازیں کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے ویڈیو پیغام میں دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان کی آمد پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد دی۔

    دریں اثنا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ پوری دنیا بالخصوص امریکا کے مسلمانوں کو رمضان کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ وہ مہینہ ہے جس میں قرآن کا نزول ہوا اور اس ماہ مسلمان روزوں کا اہتمام کرتے ہیں۔

    کینیڈین وزیراعظم سمیت عالمی رہنماؤں کی امت مسلمہ کو رمضان کی مبارک باد

    خیال رہے کہ پاکستان میں مسلمانوں نے آج پہلے روزے کی سحری کی، جبکہ سعودی عرب اور خلیجی ریاستوں نے گذشتہ روز پہلا روزہ رکھا۔

  • پاکستانی سفیر کی سعودی وزیرخارجہ سے ملاقات، دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال

    پاکستانی سفیر کی سعودی وزیرخارجہ سے ملاقات، دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال

    ریاض: سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر سے ملاقات کی، اس دوران دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی سفیر کی عادل الجبیر سے ملاقات سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہوئی جہاں دونوں عہدیداروں نے گرم جوشی سے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا۔

    اس دوران دونوں رہنماؤں نے ملکی صورت حال اور خطے میں دہشت گردی کے خاتمے سے متعلق بھی گفتگو کی اور دوطرفہ تعلقات کی مزید مضبوطی کے عزم کا اظہار کیا۔

    سعودی وزیرخارجہ نے پاک سعودی دوستی کو عظیم قرار دیتے ہوئے پاکستان کے کردار کو سراہا۔دونوں عہدیداران نے بڑے خوشگوار ماحول میں گفتگو کی۔

    خیال رہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کی دوستوں دنیا بھر میں مثالی رہی ہے، حال ہی میں سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر راجہ علی اعجاز نے وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر سعودی ولی عہد کی جانب سے ویزہ فیس میں کمی اور قیدیوں کی رہائی پر شکریہ ادا کیا تھا۔

    یاد رہے کہ گذشتہ دنون عادل الجبیر نے راجہ اعجاز کو عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد پیش کی تھی اور اس امید کا اظہار کیا تھا کہ پاکستانی کے نئے سفیر کی آمد سے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جہت ملے گی۔

    پاکستان نے کشیدگی کم کرنے میں آگے بڑھ کر کردار ادا کیا، عادل الجبیر

    بعد ازاں راجہ اعجاز نے پاک بھارت کشیدگی کم کرانے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا، اُن کا کہنا تھا کہ خطے کی کشیدگی کم کرنے میں سعودی عرب کا اہم کردار ہے، پاکستان امن قائم کرنے کے لیے تمام کوششیں بروئے کار لائے گا۔ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کشیدگی کم کرنے کے لیے حکومت نے بہت اہم کردار ادا کیا۔

  • جوہری پروگرام پر تنقید کرنے پر ایران کا احتجاج، فرانسیسی سفیر دفترخارجہ طلب

    جوہری پروگرام پر تنقید کرنے پر ایران کا احتجاج، فرانسیسی سفیر دفترخارجہ طلب

    تہران : ایران نے واشنگٹن میں تعینات فرانسیسی سفیر کی جانب سے تہران کے متنازع جوہری پروگرام پر بات کرنے پر پیرس کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا میں متعین فرانسیسی سفیر جیراڈ اراوڈ کا مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ٹویٹر پر ایک بیان میں کہنا تھا کہ ایران کو اپنے جوہری پروگرام کے پُر امن ہونے کی یقین دہانی کرانا ہوگی اور اسے سنہ 2025 کو جوہری معاہدہ ختم ہونے کے بعد بھی اپنا جوہری پروگرام پرامن رکھنا ہوگا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ فرانسیسی سفیر کے اس بیان پر ایران نے فرانس کے خلاف سخت غم وغصے کا اظہار کیا اور وزارت خارجہ نے تہران میں تعینات فرانسیسی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج بھی کیا۔

    امریکا میں تعینات فرانسیسی سفیر نے مزید کہا تھا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ ایران کو سنہ 2025 کے بعد جوہری اسلحہ کی تیاری کا حق مل جائے گا اور وہ آزادانہ یورنیم افزودہ کر سکے گا۔

    جیراڈ اراوڈ نے مزید کہا کہ جوہری معاہدے اور اس کے اضافی پروٹوکول کے مطابق ایران کو اپنی تمام جوہری سرگرمیوں کی مسلسل معائنہ کاری کی اجازت دینا ہوگی۔

    فرانسیسی سفیر نے روس پر ایران کے بو شہر جوہری پلانٹ میں یورینیم افزودہ کرنے میں مدد فراہم کرنے کا الزام بھی عاید کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایران کو عالمی طاقتوں سے طے پائے سمجھوتے کی مدت ختم ہونے کے بعد بھی اپنا جوہری پروگرام پرامن رکھنے کے اصول کی پابندی کرنا ہوگی۔

    جیراڈ کے اس بیان پر ایرانی وزارت خارجہ نے تہران میں متعین سفیر فیلپ ٹیپو کو طلب کرکے فرانس کے امریکا میں متعین سفیر کے بیان پر شدید احتجاج کیا۔

    ایرانی وزارت خارجہ کے عہدیدار حسین سادات میدانی کا کہنا تھا کہ واشنگٹن میں فرانسیسی سفیر کے ایران کے جوہری پروگرام کے متعلق ریمارکس ناقابل قبول ہیں۔

    حسین سادات کا کہنا تھا کہ فرانس کو اپنے سفیر کے بیان کی وضاحت کرنا ہو گی۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے جوہری معاہدہ ختم کرنے کے بعد اس ملک پر ماضی میں لگائی جانے والی اقتصادی پابندیاں دوبارہ بحال کردی تھی۔

  • فلسطینی اتھارٹی نے برازیل اور آسٹریا سے سفیر واپس بلا لیے

    فلسطینی اتھارٹی نے برازیل اور آسٹریا سے سفیر واپس بلا لیے

    یروشلم : مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے اعلانات کے بعد فلسطینی اتھارٹی نے برازیل اور آسٹریا میں تعینات اپنے سفیر واپس بلا لیے۔

    تفصیلات کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کے نائب وزیرخارجہ عمار حجازی نے بتایا کہ برازیل اور آسٹریا کی طرف سے بیت المقدس میں سفارتی دفاتر کھولنے کے اعلانات کے بعد ان ملکوں میں تعینات فلسطینی سفیروں کو واپس بلا لیا گیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی سفیروں کی واپسی ان دونوں ملکوں کے ساتھ تعلقات کا ازسر نو جائزہ لینے کے لیے عمل میں لائی گئی ہے۔

    عمار حجازی کا کہنا تھا کہ بیت المقدس کو اسرائیل کا صدر مقام تسلیم کرنے والے ممالک کے ساتھ تعلقات کا ازسر نو جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ان کے ساتھ ہر سطح پر تعلقات کے بائیکاٹ کا فیصلہ بھی کیا جاسکتا ہے۔

    عمار حجازی نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی کو برازیل اور آسٹریا کے فیصلوں پر سخت تشویش ہے اس طرح کے اقدامات اور اعلانات مشرقی یروشلم سے متعلق بین الاقوامی قوانین اور قراردادوں کی توہین کے مترادف ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ برازیل اور آسٹریا کی طرف سے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا ذمہ دار امریکا ہے اگر امریکی حکومت ایسا فیصلہ نہ کرتی تو یہ دونوں ملک بھی بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم نہ کرتے۔

    مزید پڑھیں : برازیل کا یروشلم میں سفارتی دفتر کھولنے کا اعلان

     برازیل کے صدر ڑائیر بولسونارو نے یکم اپریل کو دورہ اسرائیل کے دوران مقبوضہ بیت المقدس میں سفارتی دفتر کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

    برازیلین صدر نے اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے ساتھ یروشلم میں ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سکیورٹی اور دفاعی تعاون مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔

    برازیلین صدر بولسونارو کی جانب سے یروشلم میں ایک سفارتی دفتر کھولنے کا اعلان بھی کر دیا ہے تاہم اس حوالے سے واضح تفصیلات جاری نہیں کی گئی تھیں۔

    گذشتہ ماہ آسٹریا بھی بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے بعد وہاں پر اپنا ایک نمائندہ دفتر قائم کر چکا ہے۔

  • امریکی سفیر پال جونز لاہور کی تاریخی عمارتوں کے فین ہوگئے

    امریکی سفیر پال جونز لاہور کی تاریخی عمارتوں کے فین ہوگئے

    لاہور: امریکی سفیر پال جونز لاہور کی تاریخی عمارتوں کے فین ہوگئے، دورے کے موقع پر تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے دورے پر پال جونز نے شاہی قلعے اور حضوری باغ کی سیر کی، امریکی سفیر کی اہلیہ بھی ساتھ تھیں۔

    امریکی سفیر پال جونز نے اہلیہ کے ہمراہ لاہور کی تاریخی عمارات حضوری باغ اور شاہی قلعے کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔

    تاریخی عمارات کے اس دورے میں امریکی قونصل جنرل کولین کورلیج بھی امریکی سفیر کے ہمراہ تھیں، لاہور کے مغلیہ فنِ تعمیر شاہی قلعہ اور حضوری باغ کی سیر کی اور پارے بھی دیکھے۔

    امریکی سفیر نے پاکستان کے تاریخی ورثے کو سیاحت کے لیے پر کشش قرار دیا، انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔

    خیال رہے کہ اقوام متحدہ کا زیلی ادارہ یونیسکو پاکستان کے آٹھ مقامات کو تاریخی ورثے کی حثیت قرار دے چکا ہے۔

    ان مقامات میں ڈر اور قعلہ چولستان، بلوچستان کا خوبصورت علاقہ ہنگول، ثقافتی لحاظ سے منفرد حیثیت رکھنے والا نگرپارکر جبکہ مرکزی نیشنل قراقرم اور ڈیوسائی گلگت بلتستان پارک، زیارت کے وسیع جونپر کے جنگلات اور آب پاشی کے لیے بنائے گیا کاریز سسٹم اور کھیوڑا کی نمک کی کانیں شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ سفیر پال جونز امریکی محکمہ خارجہ کی سینئر فارن سروس کے کیریئر ممبر ہیں۔ انہوں نے پولینڈ میں 2015 سے 2018 تک بطور سفیر خدمات سرانجام دیں ہیں۔

    قبل ازیں انہوں نے بطور پرنسپل نائب معاون وزیر خارجہ برائے یورپ اور یورو ایشیائی امور (2013 سے 2015 ) ، ملائیشیا میں بطور امریکی سفیر (2010 سے2013 تک ) ، بیک وقت نائب امریکی خصوصی ایلچی برائے افغانستان و پاکستان اور نائب معاون وزیر خارجہ برائے جنوب ایشیائی امور (2009 سے2010 ) کی ذمہ داریاں نبھائیں۔

  • پاکستانی سفیرعلی جہانگیر صدیقی نے اپنے عہدے کا چارج چھوڑ دیا

    پاکستانی سفیرعلی جہانگیر صدیقی نے اپنے عہدے کا چارج چھوڑ دیا

    واشنگٹن: امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی نے اپنے عہدے کا چارج چھوڑ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے بیرون ممالک سبکدوش سفیروں کو چارج چھوڑنے کے لیے ڈیڈ لائن دی گئی تھی، بعد ازاں علی جہانگیرصدیقی نے چارج چھوڑنے کے لیے 2 ہفتے کا وقت مانگا تھا۔

    جس پر وزارت خارجہ نے علی جہانگیرصدیقی کو مزید 2 ہفتے کا وقت دیا تھا، جبکہ آج انہوں نے اپنے عہدے کا چارج چھوڑ دیا، نئے پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسدمجید جلد ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی جہانگیرصدیقی کا کہنا تھا کہ پاک امریکا تعلقات بہتر حال میں چھوڑ کر جارہا ہوں، دونوں ممالک میں اعلیٰ سطح پر رابطے ہورہے ہیں۔

    بیرون ممالک سبکدوش سفیروں کیلئے حکومتی ڈیڈلائن ختم ، علی جہانگیرصدیقی نے مزید وقت مانگ لیا

    ذرائع کے مطابق علی جہانگیرنے وزارت خارجہ سے بچوں کی تعلیم مکمل ہونے تک کاوقت مانگا تھا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں ذرائع نے کہا تھا کہ ڈیڈ لائن ختم ہونے پر کینیڈا میں ہائی کمشنرطارق عظیم خان، سعودی عرب میں سفیرخان حشام بن صدیق چارج چھوڑ دیا، جبکہ مراکش، کیوبا اور سربیا میں سفیروں نے بھی چارج چھوڑ دیا ہے۔

  • وزیر خارجہ سے عراق کے سفیر کی ملاقات

    وزیر خارجہ سے عراق کے سفیر کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے عراق کے سفیر کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ویزے کے مکمل طریقہ کار کو مزید آسان بنانے پر زور دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بتایا گیا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے عراق کے سفیر کی ملاقات ہوئی۔

    دفتر خارجہ کےمطابق وزیر خارجہ نے پاکستانی زائرین کے ویزہ معاملے پر بات چیت کی۔ وزیر خارجہ نے ویزے پر مختلف رپورٹس پر تشویش سے بھی آگاہ کیا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ویزے کے مکمل طریقہ کار کو مزید آسان بنایا جائے، ضروری کوائف کی تفصیلات کو ویب سائٹ پر آویزاں کیا جائے۔

    وزیر خارجہ نے زائرین کی واپسی کے لیے بھی بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

    دوسری طرف عراقی سفیر نے بھی وزیر خارجہ کو سفارتخانے کی مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔


     

  • پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی کا نیب میں پیش ہونے کا فیصلہ

    پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی کا نیب میں پیش ہونے کا فیصلہ

    واشنگٹن: امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی نے نیب میں پیش ہونے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا میں پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی 19 اکتوبر کو نیب میں پیش ہوں گے، ان پر قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

    علی جہانگیر صدیقی آخری بار نیب میں اپریل 2018 میں پیش ہوئے تھے، نیب لاہور نے علی جہانگیر صدیقی کو 19 اکتوبر کو طلب کررکھا ہے۔

    نیب ذرائع کے مطابق ایزگارڈ 9 کیس میں علی جہانگیر صدیقی پر ساڑھے 10 ارب روپے کی کرپشن کا الزام ہے، جب کہ انھیں امریکا میں بطور سفیر اپنی تعیناتی کے لئے رقم دینے کے الزامات کا بھی سامنا ہے۔

    امریکا میں تعینات پاکستانی سفیرعلی جہانگیر صدیقی 19 اکتوبر کو نیب میں‌ طلب

    اس سے پہلے نیب کی جانب سے علی جہانگیر کو ایک سوالنامہ دیا گیا تھا، علی جہانگیر صدیقی نے نیب کے سوال نامہ کا جواب دیا گیا، مگر انھیں غیر تسلی بخش قرار دے دیا گیا ہے.

    یاد رہے کہ علی جہانگیر صدیقی کی تعیناتی گذشتہ دور حکومت کے آخری دنوں میں کی گئی ، جسے اس وقت اپوزیشن نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا.

    واضح رہے کہ چند روز قبل مشیر برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر نے بیان دیا تھا کہ امریکا میں پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی پر مقدمات ہیں، انھیں جلد واپس بلائیں گے۔

  • فوادچوہدری سے فرانسیسی سفیر کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور

    فوادچوہدری سے فرانسیسی سفیر کی ملاقات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور

    اسلام آباد: وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے فرانس کے سفیر مارک بیرٹی نے ملاقات کی، اس دوران دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی مضبوطی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر زور دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فرانس کے سفیر مارک بیرٹی کی وزیر اطلاعات فواد چوہدری سے ملاقات میں تجارت اور معیشت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

    اس موقع پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور فرانس کے تعلقات انتہائی خوشگوار ہیں، فرانس سے مختلف شعبوں میں تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

    فرانسیسی صدر کا عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ، دورہ فرانس کی دعوت

    ان کا کہنا تھا کہ فرانس میڈیا کے شعبے میں پاکستانی طلبا کو اسکالرشپ دینے کا خواہاں ہے۔

    ملاقات کے دوران فرانسیسی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان سے فلم سازی کے شعبوں میں تعاون پر غور کریں گے، پاکستان میں سیکیورٹی صورت حال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

    خیال رہے کہ گذشتہ ماہ فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے وزیر اعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کرتے ہوئے دورہ فرانس کی دعوت دی تھی، اس دوران دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر زور دیا گیا تھا۔

    ٹیلی فونک گفتگو کے دوران فرانسیسی صدر نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر زور دیا تھا، توانائی، آبی وسائل، تجارت اور معاشی شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا تھا۔