Tag: Ambassadress

  • خطے کے ممالک میں باہمی تجارت اور تعاون کو مزید بڑھانا ہوگا: چینی سفیر

    خطے کے ممالک میں باہمی تجارت اور تعاون کو مزید بڑھانا ہوگا: چینی سفیر

    اسلام آباد: چین کے سفیر یاؤ ژنگ نے کہا ہے کہ چین خطے میں امن اور ترقی کی حمایت کرتا رہے گا، باہمی رابطوں اور انفرااسٹرکچر سے خطے کے لوگ قریب آسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چینی سفیر یاؤ ژنگ کا اسلام آباد میں ترقی اور امن سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ خطے کے ممالک کی ترجیح لوگوں کی فلاح وبہتری ہونی چاہیے، دوطرفہ تعلقات سے خطے کے لوگ قریب آئیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ کاروباری شراکت داری کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی ضرورت ہے، علاقائی سطح پر اعتماد سازی کو فروغ دینا ہوگا۔

    چینی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ خطے کے ممالک میں باہمی تجارت اور تعاون کو بڑھانا ہوگا، پاکستان خطے کے ممالک کے مابین تعاون کے فروغ میں کردار ادا کرسکتا ہے۔

    عمران خان کی قیادت میں پاکستان اپنی منزل ضرور حاصل کرے گا: چینی سفیر یاؤ ژنگ

    خیال رہے کہ رواں سال فروری میں عوامی جمہوریہ چین کے سفیر یاؤ ژنگ نے وزیرِ اعظم عمران خان کو یقین دہانی کرائی تھی کہ چین پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کرے گا، پاکستان اور چین قریبی دوست اور شراکت دار ہیں، چین کی حکومت پاک چین تعلقات میں مزید فروغ اور استحکام کے لیے کوشاں ہے۔

    یاؤ ژنگ نے یہ بھی کہا تھا کہ چینی حکومت اور بزنس کمیونٹی وزیرِ اعظم کے اقدامات سے مطمئن ہیں، کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے حکومتی ترجیحات اطمینان بخش ہیں، حکومت پاکستان کے اقدامات غیر ملکی سرمایہ کاروں کو متوجہ کر رہے ہیں، پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے، حالیہ اقدامات سے پاکستان کی ایکسپورٹس بڑھیں گی۔

  • ترکی: حکومت مخالف ٹویٹ لائیک کرنے پر امریکی سفیر طلب، معافی مانگنا پڑی

    ترکی: حکومت مخالف ٹویٹ لائیک کرنے پر امریکی سفیر طلب، معافی مانگنا پڑی

    انقرہ: ترکی نے حکومت مخالف ایک ٹویٹ کو لائیک کرنے پر امریکی سفیر جیفری پوونیئر کو طلب کرلیا جس پر انہیں معافی بھی مانگنا پڑی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کو مطلوب جلاوطن ترک صحافی ارگن باباہن کی 5 اکتوبر کو کی گئی ایک متنازع ٹویٹ کو امریکی سفارت خانے کے آفیشل ٹویٹر اکاﺅنٹ سے لائیک کیا گیا تھا جس پر ترکی وزارت خارجہ نے انقرہ میں تعینات امریکی سفیر جیفری پوونیئر کو طلب کرلیا اور وضاحت مانگی گئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سفارت خانے کے آفیشل ٹویٹر اکاﺅنٹ سے غلطی تسلیم کرنے اور معذرت کرنے کے باوجود امریکی سفیر کی ترک وزارتِ خارجہ میں طلبی کے بعد امریکی سفارت خانے کو دوبارہ معافی نامہ بھی جاری کرنا پڑا تھا۔

    امریکی وضاحت میں کہا گیا کہ ارگن باباہن سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی ان کی ٹویٹ کے مواد سے متفق ہیں، اپنی غلطی پر افسوس ہے۔

    ترک صحافی نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ترکی کے لوگ ایک ایسے سیاسی دور کے لیے تیار ہو جائیں جو ترک نیشنل پارٹی کے رہنما کے بغیر ہوگا، اس ٹویٹ کو ترک نیشنل پارٹی کے علیل رہنما باہچلے کی ممکنہ موت کی خواہش سے تعبیر کیا گیا۔

    ترک نیشنل پارٹی صدر اردگان کی جماعت کے ساتھ اقتدار میں شریک بھی ہے۔ واضح رہے کہ ترک حکومت کو مطلوب متنازع ٹویٹ کرنے والے صحافی ارگن باباہن پر 2016 میں ترکی میں ہونے والی ناکام فوجی بغاوت میں سازش کرنے والوں کے ساتھ رابطوں کا الزام ہے اور گرفتاری کے ڈر کی وجہ سے ہی صحافی نے جلاوطنی اختیار کی ہے۔

  • امریکا میں تعینات پہلی خاتون سعودی سفیر نے عہدے کا حلف اٹھالیا

    امریکا میں تعینات پہلی خاتون سعودی سفیر نے عہدے کا حلف اٹھالیا

    ریاض: امریکا میں تعینات پہلی سعودی خاتون سفیر شہزادی ریما بنت بندر نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے شاہی خاندان کی شہزادی ریما بنت بندر کو امریکا میں سفیر مقرر کیا اور آج انہوں نے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔

    عرب میڈیا کے مطابق شہزادی ریما بنت بندر کو امریکا میں تعینات شہزادہ خالد بن سلمان کی جگہ سفیر مقرر کیا گیا ہے، شہزادہ خالد بن سلمان سعودی عرب میں نائب وزیر دفاع مقرر ہوگئے ہیں۔

    سعودی دارالحکومت ریاض میں حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی جہاں شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ریما بنت بندر سے حلف لیا۔

    حلف برداری کی تقریب کے موقع پر آسٹریا، کیمرون اور قبرص میں مقرر کیے گئے سعودی عرب کے نئے سفیروں نے بھی شاہ سلمان کے روبرو اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔

    سعودی عرب کی پہلی خاتون سفیر امریکا میں سعودی عرب کے سابق سفیر شہزادہ بندر بن سلطان کی بیٹی ہیں، ان کے والد امریکا میں 1983ء سے 2005ء تک سفیر رہے تھے۔

    خیال رہے کہ شہزادی ریما 24 اکتوبر 1983 کو امریکا میں اپنے والد شہزادہ بندر بن سلطان کے ہمراہ واشنگٹن میں سعودی سفارت خانے میں داخل ہوئیں، شہزادی ریما کے والد نے 22 سال تک دونوں ملکوں کے اہم تاریخی ادوار میں سفارت کاری کے فرائض انجام دئیے۔

    سعودی عرب میں مثبت تبدیلی آرہی ہے، شہزادی ریما بندر السعود

    امریکا میں قیام کے دوران شہزادی ریما نے سفارتی آداب و رموز اپنے والد شہزادہ بندر سلطان سے سیکھے یہی وجہ ہے کہ انہوں نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں کامیابی کے ساتھ خدمات انجام دیں، ان کی جرأت ہمت اور سفارتی رموز سے آگاہی کی بنا پر امریکا جیسے طاقت ور ملک میں انہیں سفیر مقرر کیا گیا۔

  • جرمن حکومت نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا: گورنر پنجاب

    جرمن حکومت نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا: گورنر پنجاب

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری سرور کا کہنا ہے کہ جرمن حکومت نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، سفیر مارٹن کوبلر نے بتایا یہ ان کا دورہ لاہور آخری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تعینات جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے بتایا یہ ان کا لاہور کا آخری دورہ ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مارٹن کوبلر کی آئندہ زندگی کے لیے نیک خواہشات ہیں، جرمن حکومت نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔

    چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ جی ایس پی پلس حاصل کرنے کے لیے جرمن پارلیمنٹ نے ہماری مدد کی، آج پاکستان کو سنگین مسائل اور بحرانوں کا سامنا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ احتساب اور میرٹ کے بغیر جمہوریت کا کوئی مطلب نہیں ہے۔

    پاکستانی عوام کرکٹ سے محبت کرتے ہیں: جرمن سفیر

    خیال رہے کہ جرمن سفیر مارٹن پاکستانی کھانوں کے بھی شیدائی ہیں، جبکہ گذشتہ دنوں پاکستان سپر لیگ پر تبصرہ کرتے ہوئے جرمن سفیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ ’’واہ! پی ایس ایل فائنل، کیا گیم تھا۔‘‘

    مارٹن کوبلر نے جیت پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، سرفراز، بلوچستان اور پاکستان کو مبارکباد پیش کی تھی، انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ پرجوش شائقین، بھرااسٹیڈیم دیکھ کر اندازہ ہوا کہ واقعی پاکستانی کرکٹ سے محبت کرتے ہیں۔

  • آرمی چیف سے قازقستان کے سفیر کی ملاقات، سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال

    آرمی چیف سے قازقستان کے سفیر کی ملاقات، سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے قازقستان کے سفیر ’بارلی بیسادی‘ نے ملاقات کی، اس دوران علاقائی سیکیورٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قازقستان کے سفیر بارلی بیسادی کی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے جی ایچ کیو میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں مختلف اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں دونوں ملکوں کی باہمی دلچسپی سمیت اہم موضوع زیر غور آئے۔

    خیال رہے کہ 11 جون کو آذربائیجان کے سفیر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی تھی، ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔


    آرمی چیف سے امریکی نائب وزیر خارجہ کی ملاقات، باہمی تعاون پر تبادلہ خیال


    آذربائیجان کے سفیر نے دہشتگردی کے خاتمے میں پاک فوج کی کوششوں کی تعریف کی تھی جبکہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ پاک فوج دہشتگردی کے خاتمے تک اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔

    یاد رہے کہ رواں سال مئی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم اور ترک چیف آف جنرل سٹاف جنرل ہولوسی نے الگ الگ ملاقاتیں کی تھی۔

    بعد ازاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس میں پاکستان کی حمایت پر ترکی کا شکریہ ادا کیا تھا، جی ایچ کیو راولپنڈی آمد پر ترک چیف آف جنرل سٹاف نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پاکستانی سفیر کی امریکی وزیر دفاع سے ملاقات، افغان صورت حال پر گفتگو

    پاکستانی سفیر کی امریکی وزیر دفاع سے ملاقات، افغان صورت حال پر گفتگو

    واشنگٹن: پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی نے امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس سے ملاقات کی، اس دوران افغانستان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق علی جہانگیر صدیقی کی پنٹاگون آمد پر جیمز میٹس نے استقبال کیا، ملاقات کے دوران افغان طالبان سے مذاکرات اور پاک امریکا تعلقات پر بھی گفتگو کی گئی۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پاک امریکا تعلقات سمیت خطے کی سیکیورٹی صورت حال پر بھی گفتگو ہوئی، افغان طالبان کو مذاکرات کی جانب لانے کی کوششوں پر تبادلہ خیال ہوا۔

    ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی کو افغانستان پر امریکی حکمت عملی سےآگاہ کیا، ملاقات انتہائی خوشگوار رہی۔


    اعلیٰ امریکی اہلکار کی طالبان کے نمائندوں سے ملاقات، امریکی میڈیا کا دعویٰ


    خیال رہے کہ دو روز قبل امریکی میڈیا نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ شدید تنازعات کے حل کے لیے امریکا کے اعلیٰ عہدیدار نے طالبان کے نمائندوں سے ملاقات کی ہے۔

    امریکی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ جنوبی ایشیا کے لیے امریکی مندوب ایلس ویلز نے طالبان کے نمائندو سے ملاقات قطری دارالحکومت دوحہ میں کی۔

    قبل ازیں متعدد بار طالبان نے امریکا سے براہِ راست مذاکرات پر آمادگی کا اظہار کیا تھا لیکن امریکا کی ہمیشہ خواہش رہی ہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات افغان حکام کرے، واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور دیگر سینیئر امریکی عہدے داروں نے کابل کا دورہ کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • فلسطینی سفیر نے امریکا کے فلسطین اسرائیل امن پلان کو ناکام قرار دے دیا

    فلسطینی سفیر نے امریکا کے فلسطین اسرائیل امن پلان کو ناکام قرار دے دیا

    غزہ: اقوام متحدہ میں فلسطین کے سفیر ریاض منصور نے امریکا کی جانب سے فلسطین اسرائیل امن پلان کو ناکام قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق فلسطین میں قابض اسرائیلی فوج کی جانب سے جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، جہاں نہتے فلسطینیوں کو آئے دن شہید کردیا جاتا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ میں متعین فلسطین کی سفیر منصور ریاض کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے اسرائیل فلسطین امن پلان ابتدا میں ہی دم توڑ چکا ہے۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے بعد وہ فلسطین اسرائیل امن پلان کے واحد فریق بننے کا معیار کھو چکے ہیں۔


    اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 15 سالہ فلسطینی لڑکا شہید


    فلسطینی سفیر کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اسرائیل فلسطینی امن پلان کو حتمی شکل دینے میں امریکی صدر کے داماد جیرڈ کشنر اور خصوصی مندوب جیسن گرین بلاٹ مصروف ہیں۔

    منصور ریاض کا مزید کہنا تھا کہ فلسطینی صدر محمود عباس ودیگر عہدیدار ایسے کسی پلان کا حصہ نہیں بننا چاہتے جو ابتدا میں ہی ناکام ہوچکا ہو، باوجود اس کے ہم نے اسے قبول کیا، مذکورہ پلان جلد منظر عام پر آئے گا۔

    واضح رہے کہ ایک طرف امریکا امن پلان تیار کر رہا ہے تو دوسری جانب صیہونی فورسز نے فلسطین میں ظلم کی انتہا کر رکھی ہے، دو روز قبل ہی اسرائیلی فوج نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران ایک فلسطینی نوجوان کو شہید کردیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔