Tag: ameen ul haq

  • تیز ترین انٹرنیٹ  ، پاکستانی صارفین   کیلئے بڑی خبر

    تیز ترین انٹرنیٹ ، پاکستانی صارفین کیلئے بڑی خبر

    اسلام آباد: وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق کا کہنا ہے کہ ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ منصوبے سے 18ماہ کی مدت میں ساڑھے 3 لاکھ رہائشیوں کو تیز ترین انٹرنیٹ کی فراہمی ممکن ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی بلوچستان میں 2 ارب روپے مالیت سے ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ پراجیکٹ کا آغاز کردیا گیا ، تقریب میں وفاقی وزیرآئی ٹی سید امین الحق کی بطورمہمان خصوصی شریک ہوئے جبکہ چیئرمین پی ٹی اےعامرعظیم باجوہ،سیکرٹری آئی ٹی سمیت دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔

    معاہدے پر دستخط کی تقریب یونیورسل سروس فنڈ کے ہیڈ آفس میں منعقد کی گئی، جس میں وفاقی وزیر امین الحق اور وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال نے معاہدے پر دستخط کئے۔

    امین الحق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا 18ماہ کی مدت میں ساڑھے 3 لاکھ رہائشیوں کو تیز ترین انٹرنیٹ کی فراہمی ممکن ہوگی، جنوبی بلوچستان کیلئے 2ارب روپے سے زائد مالیت سے منصوبہ شروع کیا۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تربت، کیچھ، پنجگور اور اس کے اطراف کے لوگ منصوبے سے مستفید ہوں گے جبکہ 306 پسماندہ دیہات کے 3 لاکھ 40 ہزار سے زائد رہائشیوں کو فائدہ ہوگا۔

    وفاقی وزیردفاعی پیداوار نے کہا کیچھ کی 8 لاکھ آبادی میں 50 فیصد نوجوان ہیں، ان نوجوانوں کیلئے ہائی اسپیڈ براڈ بینڈ کی فراہمی بڑی خوشخبری ہے ، کورونا کے آنے کے بعد آن لائن سرگرمیاں بڑھی ہیں جبکہ انٹرنیٹ موبائل براڈ بینڈ کا منصوبہ جنوبی بلوچستان پیکج کا حصہ ہے۔

  • پب جی گیم کی بندش ،  وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اہم بیان سامنے آگیا

    پب جی گیم کی بندش ، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اہم بیان سامنے آگیا

    اسلام آباد : وفاقی وزیر سید امین الحق کا کہنا ہے کہ پب جی گیم کی بندش میں وزرات انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کوئی کردار نہیں، گیم کُھلنے یا بند رہنے سے متعلق عدالتی فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن امین الحق نے آن لائن ویڈیو گیم پب جی کے حوالے سے بیان میں کہا کہ پب جی گیم کی بندش میں وزرات انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کوئی کردار نہیں، پی ٹی اےوزرات انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماتحت نہیں۔

    امین الحق کا کہنا تھا کہ گیم کی بندش سےنوجوان تفریح اور ذریعہ آمدن سے محروم ہوئے ، گیم کُھلنے یا بند رہنے سے متعلق عدالتی فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے۔

    یاد رہے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر میں موبائل پر کھیلے جانے والے گیم پب جی پر عارضی پابندی عائد کردی تھی۔

    پی ٹی اے ترجمان کا کہنا تھا کہ گیم پر مکمل پابندی کا حتمی فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائےگا۔

    واضح رہے پب جی گیم کھیلنے کی اجازت نہ ملنے پر لاہور میں 2 بچوں نےخودکشی کی تھی جس پر دونوں بچوں کے ورثا نے گیم کی بندش کے حوالے سے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی

  • کراچی:ایم کیوایم کے رہنما امین الحق کیخلاف مقدمہ درج

    کراچی:ایم کیوایم کے رہنما امین الحق کیخلاف مقدمہ درج

    کراچی:رینجرز کیخلاف اشتعال انگیز تقاریر اور پروپیگنڈے کے الزام پر ایم کیوایم کے میڈیا کو آر ڈی نیٹر امین الحق کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، عزیز آباد تھانے میں درج مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ رینجرز تہترونگ کے ڈی ایس آر کی جانب سے عزیز آباد تھانے میں متحدہ قومی موومنٹ کے میڈیا کو آرڈی نیٹر امین الحق کے خلاف ایف آئی آر درج کرادی گئی۔

    پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز کی جانب سے ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ متحدہ رہنما رینجرز کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر اور بے بنیاد پروپیگنڈہ کر کے رینجرز کے جوانوں کے حوصلے پست کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔

    پولیس ذرائع نے مزید کہا ہے کہ ایف آئی آر میں اشتعال انگیزی اور دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

    واضح رہے کہ اشتعال انگیز تقاریر کرنے پر ایم کیو ایم کے قائد سمیت 24 رہنماؤں کے خلاف کراچی کے ملیر سٹی تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں فاروق ستار، امین الحق اور حیدر عباس رضوی، وسیم اختر، کشور زہرہ، خالد مقبول صدیقی اور عبدالحسیب کو نامزد کیا گیا تھا۔