Tag: Ameer JI

  • ملک میں جاری بحران کا واحد حل عام انتخابات ہیں، سراج الحق

    ملک میں جاری بحران کا واحد حل عام انتخابات ہیں، سراج الحق

    لاہور : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی و معاشی بحران کا واحد حل انتخابات ہیں۔

    لاہور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے حکومت اور پی ٹی آئی مذاکرات کے حوالے سے کہا کہ سیاسی جماعتیں بے معنی کی بجائے بامعنی اور نتیجہ خیز مذاکرات کریں۔

    سراج الحق نے کہا کہ ملک میں سیاسی افراتفری اور انتشار کے ہوتے ہوئے ملکی معیشت ٹھیک نہیں ہوسکتی، ملک کو سیاسی، آئینی،معاشی بحرانوں سے نکالنے کا راستہ قومی انتخابات ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کے لیے تمام جماعتوں میں اتفاق رائے سب کی ضرورت ہے، پارلیمان، عدلیہ ایک دوسرے کو فتح کرنے کی بجائے عوامی مسائل پر توجہ دیں۔

    امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ الیکشن پر اتفاق رائے پیدا ہونے تک جماعتوں سے رابطےجاری رکھیں گے، علاوہ ازیں سراج الحق نے سوڈان میں پھنسے پاکستانیوں کے بحفاظت انخلاء پر سعودی عرب کاشکریہ ادا کیا۔

  • عام انتخابات : سراج الحق کی چوہدری شجاعت حسین سے اہم اپیل

    عام انتخابات : سراج الحق کی چوہدری شجاعت حسین سے اہم اپیل

    لاہور : امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے پاکستان مسلم لیگ (ق ) کے صدر چوہدری شجاعت حسین کو فون کیا، دونوں رہنماؤں نے ملک کی موجودہ صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری شجاعت حسین نے ملک میں جاری سیاسی بحران پر امیر جماعت اسلامی کی کوششوں کو سراہا اور ان کی تعریف کی۔

    دوران گفتگو سراج الحق نے چوہدری شجاعت کو عید کی مبارک باد دی اور ان خیریت دریافت کی، ان کا کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں چوہدری شجاعت کردار ادا کریں۔

    امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین واحد سیاستدان ہیں جن کے کردار پر کوئی داغ نہیں، ہماری خواہش ہے کہ ملک بھر میں الیکشن ایک ہی دن کرانے کیلئے چوہدری شجاعت اپنا کردار ادا کریں۔

    اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ میں خود بھی یہی چاہتا ہوں کہ تمام صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن ایک ہی دن ہوں، صرف پنجاب میں الیکشن ہونے سے جو بھی وزیراعلیٰ بنے گا وہ بادشاہ بن کر رہ جائے گا۔

    ق لیگ کے سربراہ نے کہا کہ جو صوبہ پنجاب کا وزیراعلیٰ بنے گا وہ دیگر انتخابات میں بھی اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے گا، اس طرح ملک میں افراتفری پیدا ہوگی۔

    چوہدری شجاعت نے کہا کہ پرویزالہٰی سراج الحق کے سامنے پی ٹی آئی کا مؤقف دیں گے، پاکستان مسلم لیگ کا مؤقف صرف میں ہی دے سکتا ہوں اور میرا مؤقف ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں ہے۔

     

  • ملک میں گورنرز کا عہدہ ختم کردینا چاہیے، سراج الحق

    ملک میں گورنرز کا عہدہ ختم کردینا چاہیے، سراج الحق

    کوئٹہ : امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے پاکستان میں گورنرز کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئین میں ترمیم کرکے یہ عہدہ بالکل ختم کردینا چاہیے۔

    بلوچستان کے شہرکوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نااہل اور نالائق حکمرانوں نے پاکستان کو بسترمرگ تک پہنچا دیا ہے۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ آج پاکستان اپنی تاریخ کی بلند ترین مہنگائی کی سطح پر پہنچ چکا ہے،
    اور ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپیہ زمین بوس ہوچکا ہے، حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ کرکے عوام کو بڑا جھٹکا دیا۔

    اتنی بری معیشت کے باوجود ہمارے حکمرانوں کے پروٹوکول اورعیش و عشرت میں کوئی کمی نہیں آئی،احتساب کے ادارے کو خود حکومت نے کمزور کردیا ہے۔

    امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت مہنگائی کی شرح 42 جبکہ بنگلادیش میں 7 فیصد ہے، اگر معاملات کو سنجیدہ نہیں لیا گیا تو ہمیں مشرقی پاکستان کا واقعہ یاد رکھنا چاہیے۔

  • سندھ کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ پیپلزپارٹی ہے، سراج الحق

    سندھ کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ پیپلزپارٹی ہے، سراج الحق

    بدین : امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سندھ کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ پیپلزپارٹی ہے،حکمران طبقہ ہی بجلی اور ٹیکس چوری میں ملوث ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدین میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ سندھ کے حکمرانوں کی ملکیت میں اضافہ ہورہا ہے اورغریب روٹی کو بھی ترس رہے ہیں۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ سندھ کے حقوق کیلئے بلاول ہاؤس اور وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب مارچ کرینگے، 2022میں سندھ کے وسائل کو تب بھی لوٹا گیا جب عوام سیلاب سے متاثر تھے۔

    انہوں نے کہا کہ اس فرسودہ نظام کی تبدیلی تک سندھ کی ترقی ممکن نہیں، عوام کو بیدار ہونا پڑے گا اور اپنے حق کے لئے بھرپور آواز اٹھانی پڑے گی۔

    امیر جماعت اسلامی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج سندھ کا پڑھا لکھا نوجوان نوکری کیلئے سیاسی سفارش کا محتاج ہے آخر کیوں؟ حکمرانوں کے رویے سے عوام میں مایوسی بڑھتی جا رہی ہے۔

    سراج الحق نے کہا کہ چالیس چوروں کو جیل جانا پڑے گا یہ سیاست نہیں کریں گے، ہم نے وزارت کے بعد خود کو احتساب کے لیے پیش کیا، لوگوں کے سامنے کہا کہ خود کو آپ کے سامنے احتساب کے لیے پیش کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ ان سب لوگوں نے مل کر توشہ خانہ کو لوٹا ہے، یہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے آج تک افغٖانستان کو تسلیم نہیں کیا، سندھ میں پیپلزپارٹی اور کے پی میں پی ٹی آئی حکومت ہے وہاں بھی کرپشن عام ہے۔

    اپنے خطاب میں ان کا مزید کہنا تھا کہ عدالت نے فیصلہ کیا کہ اسلام آباد میں 31تاریخ کو الیکشن ہونا چاہیے لیکن ان لوگوں نے عدالت کے فیصلے کا بھی احترام نہیں کیا۔

  • شہباز شریف اور زرداری ایک دوسرے کو بلیک میل کررہے ہیں، سراج الحق

    شہباز شریف اور زرداری ایک دوسرے کو بلیک میل کررہے ہیں، سراج الحق

    فیصل آباد : امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور زرداری ایک دوسرے کو بلیک میل کررہے ہیں، ان دونوں کو عوام کی کوئی فکر نہیں۔

    فیصل آباد میں ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تاجر رہنماؤں کی جماعت اسلامی میں شمولیت پر شکرگزارہوں، عدل وانصاف کا نظام اور کلین گرین پاکستان بنائیں گے۔

    امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ شہباز شریف اور زرداری چاہتے ہیں کہ ان کے خلاف تمام کیسزختم ہوجائیں، انہوں نے قرضے لے کرپوری قوم کو مقروض بنادیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ شہباز، عمران، زرداری، اسحاق ڈار اور پرویزالٰہی کی جائیدادیں بیچ کر ملک کا قرض اتارا جائے، اب آپ کی جگہ اقتدارنہیں بلکہ جیل میں ہے۔

    سراج الحق نے کہا کہ 16 دسمبر ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، اے پی ایس پر حملے میں150سے زائد طلبا شہید ہوئے، ان کا کہنا تھا کہ یہ ملک کلمے کی بنیاد پر بنایا گیا تھا،سیاسی قیادت، اسٹیبلشمنٹ اور بیورو کریسی کی وجہ سے ملک دو ٹکڑے ہوا۔

    سراج الحق نے کہا کہ ان سیاستدانوں کے اثاثے اربوں ڈالر کے ہیں، بلاول نے اپنےگھر کی قیمت 50لاکھ روپے بتائی ہے، میں بلاول ہاؤس 2کروڑ روپے میں خریدنے کو تیار ہوں، ان لوگوں کی سیاست کی بنیاد جھوٹ اور فراڈ پر مبنی ہے، یہ امریکی غلام ورلڈبینک اورآئی ایم ایف کے ایجنڈے پر ہیں، یہ تمام سیاستدان کرپشن اور سودی نظام پر ایک ہیں۔

  • ہمارا منشور قرآن اور راستہ جہاد ہے، دین کا غلبہ چاہتے ہیں، سراج الحق

    ہمارا منشور قرآن اور راستہ جہاد ہے، دین کا غلبہ چاہتے ہیں، سراج الحق

    کراچی : امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت کا اجتماعی مفاد ذاتی مفادات سے بالاتر ہے، ہمارا منشور قرآن اور ہمارا راستہ جہاد ہے، ہم دین کا غلبہ چاہتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع غربی میں کارکنان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا اجتماعی مفاد ذاتی مفادات سے بالاتر ہے، ہم حکومت میں امریکا کے ایجنٹوں کے بجائے عاشقان مصطفیٰ کو دیکھنا چاہتے ہیں۔

    امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم دین کا غلبہ چاہتے ہیں، ہم بینکوں میں سود سے پاک نظام چاہتے ہیں، ہمارا منشور قرآن اور ہمارا راستہ جہاد ہے، حکومت اسلامی کا قیام اور اللہ کے دین کو قائم کرنا قرآن کا مقصد ہے، آنے والا مستقل اس ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ ہوگا۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ آج ہر طرف غربت ناچتی نظر آرہی ہے، مزدور کو اس کی مزدوری نہیں ملتی، تبدیلی کے نام پر حکومت لائی گئی، پندرہ ماہ گرز گئے وعدے اور دعوے آج بھی دھرے کے دھرے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت کےایوانوں میں عوامی مسئلے کی بات نہیں کی جاتی، عوام کے پیسوں سے گھنٹوں میٹنگز کی جاتی ہیں جن پر سرکاری خزانے سے لاکھوں روپے خرچ کیےجاتے ہیں، تبدیلی صرف وزیروں اور مشیروں کے بینک اکاؤنٹ میں آئی ہے جبکہ ملک میں حقیقی تبدیلی اور انقلاب کی ضرورت ہے۔

  • انتظامی جھگڑوں نے کراچی کو کچرہ کنڈی بنادیا، تجارت کا پہیہ جام ہوگیا، سراج الحق

    انتظامی جھگڑوں نے کراچی کو کچرہ کنڈی بنادیا، تجارت کا پہیہ جام ہوگیا، سراج الحق

    کراچی : امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ انتظامی جھگڑوں نے شہر کراچی کو کچرہ کنڈی بنادیا، صنعت و تجارت کا پہیہ بھی جام ہوچکا ہے۔

    یہ بات انہوں نے ادارہ نورحق کراچی میں ملاقات کیلئے آنے والے جماعت اسلامی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ کوڑے کے ڈھیروں پر کتوں کا بسیرا کراچی انتظامیہ کا منہ چڑارہا ہے۔

    سراج الحق نے کہا کہ لوڈشیڈنگ، گندا پانی، بےروزگاری اور بدامنی کراچی کی پہچان بن گئی ہے، وفاق، صوبے اور کراچی انتظامیہ جھگڑوں نے شہر کو کچرہ کنڈی بنادیا ہے، حکمران دورے اور اعلانات کرتے ہیں لیکن ان پر عملدرآمد نہیں ہوتا۔

    امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ کراچی کی صنعت و تجارت کا پہیہ جام ہے، اس پر ستم یہ کہ کراچی کے سرمایہ کار اپنا کاروبار سمیٹ کر باہر منتقل ہورہے ہیں، ملک کا مسلسل دوسرا صدر کراچی سے تعلق رکھتا ہے، لیکن شہر کی حالت میں آج تک بہتری نہیں آئی۔

    وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے کراچی کو روشنیوں کا شہر بنانے کے دعوے کیے تھے، حکمران جماعتیں الزام لگاتی ہیں، ذمہ داری کا کسی کو احساس نہیں، کراچی کیلئے خدمت خلق کے جذبے سے سرشار قیادت کی ضرورت ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کی صوبائی حکومت بھی آئے روز عوام سے دعوے اور وعدے کرتی رہتی ہے، کراچی کی ضلعی حکومت اور انتظامیہ بھی کراچی کے شہریوں کو سہانے خواب دکھاتی ہے مگرشہر کی حالت پہلے سے بھی زیادہ ابتر ہورہی ہے۔

  • بھارتی عدالت نے آر ایس ایس ٹولے کے ناپاک ارادوں کی حوصلہ افزائی کی، سراج الحق

    بھارتی عدالت نے آر ایس ایس ٹولے کے ناپاک ارادوں کی حوصلہ افزائی کی، سراج الحق

    لاہور : امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے متعصب آر ایس ایس ٹولے کے ناپاک ارادوں کی حوصلہ افزائی کی ہے، فیصلہ انصاف کے چہرے پر ایک بدترین داغ ہے۔

    یہ بات انہوں نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بھارت کی متعصب مودی حکومت ہندوتوا کے نظریے پر عمل درآمد کرتے ہوئے تمام اقلیتوں کے حقوق غصب کرنا چاہتی ہے۔

    انہوں نے کہاکہ بابری مسجد صدیوں پہلے سے قائم تھی لیکن تعصب سے اندھے آر ایس ایس ٹولے نے اسے شہید کردیا آج سپریم کورٹ کے تین عشروں کے انتظار کے بعد جاری ہونے والے تباہ کن فیصلے ناپاک ارادوں کی حوصلہ افزائی ہے۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری، امت مسلمہ، انسانی حقو ق اور مذہبی رواداری کا اعلان کرنے والی عالمی تنظیمیں اس کھلی بھارتی جارحیت کا فوری نوٹس لیں۔

    سینیٹر سراج الحق نے حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ اس ظلم اور بھارتی تعصب کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

    وقت کی ضرورت ہے کہ پاکستان کو علامہ اقبالؒ اور سید مودودیؒ کے نظریہ کے مطابق بنایا جائے، عالم اسلام ایک قبرستان کا منظر پیش کررہا ہے جبکہ کشمیرمیں سو روز سے بدترین کرفیو لگا ہوا ہے،اقوام عالم میں ہر طرف مسلمانوں کا خون بہہ رہا ہے،57اسلامی ممالک کے سربراہ خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

  • مقبوضہ کشمیر کی آزادی کےلیے جنگ ہم نے خود لڑنی ہے،  سینیٹر سراج الحق

    مقبوضہ کشمیر کی آزادی کےلیے جنگ ہم نے خود لڑنی ہے، سینیٹر سراج الحق

    گجرات : امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ بھارتی فوج کشمیریوں کی نسل کشی کررہی ہے، دنیاانسانی حقوق پرشورتوکرتی ہےمگرکشمیرپرنظرنہیں، کشمیرکےلیےجنگ ہم نےخودلڑنی ہے، سینٹ اورہرپلیٹ فورم پرکشمیری عوام کی آوازاٹھائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے گجرات میں آزاد ی کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کشمیر کو جیل بنے ہوئے 85 دن گزر گئے،اقوام متحدہ اورعالمی برادری زبانی مذمت سے آگےنہیں بڑھی.

    ان کاکہنا تھا کہ کشمیر کی لڑائی پاکستان کی بقا،سلامتی اور تحفظ کی لڑائی ہے،یہ جنگ ہمیں کسی کےبھروسے پر نہیں،اپنے زور بازو پر لڑنی ہے، سابقہ حکمران کشمیر یوں سے بے وفائی نہ کرتے تو انہیں راستے بند کرکے خندقیں نہ کھودنا پڑتیں،شہداء کے خون سے بے وفائی اور جہاد سے منہ موڑ نے کی سزا ہے کہ حکمرانو ں کا سایہ بھی ساتھ چھوڑ چکاہے ۔

    آزاد ی کشمیر مارچ سے خطاب کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ حکمران اگر واقعی کشمیر کی آزادی چاہتے ہیں تو انہیں محمود غزنوی اور احمد شاہ ابدالی بننا پڑے گا ، اقوام متحدہ اور عالم کفر سے کوئی امید لگانا خود فریبی کے سوا کچھ نہیں۔

    سینیٹر سراج الحق نے مزید کہاکہ اقوام متحدہ نے مشرقی تیمور اور جنوبی سوڈان کو کاٹ کر نئے ملک بنائے مگر کشمیر چونکہ مسلمانوں کا مسئلہ ہے اس لیے 72 سالوں سے اقوام متحدہ اندھی گونگی اور بہری بنی ہوئی ہے، ہمیں ملت کفر سے نہیں عالم اسلام سے گلہ ہے۔

    امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 85 دن گزرنے کے باوجود مسلم دنیا کے حکمران چپ سادھے بیٹھے ہیں،لاکھوں کشمیریوں کو شہید کیا گیا،اٹھارہ ہزار کشمیری نوجوان بھارت کی جیلوں میں بند ہیں،چودہ ہزار خواتین کی عصمت دری کی گئی ،5 اگست کے بعد ساڑھے تین سو کشمیری بچیوں کو اٹھا لیا گیا ۔

    کشمیر مارچ سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم اورشمالی پنجاب کے امیر ڈاکٹر طارق سلیم نے بھی خطاب کیا،اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف اور سید ضیاء اللہ شاہ ایڈووکیٹ بھی موجود تھے ،آزادی کشمیر مارچ میں خواتین اور بچوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

  • کشمیر میں مظالم پر انسانی حقوق کے ادارے مذمتوں سے آگے نہیں بڑھ سکے، سراج الحق

    کشمیر میں مظالم پر انسانی حقوق کے ادارے مذمتوں سے آگے نہیں بڑھ سکے، سراج الحق

    لاہور : امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم بڑھتے جارہے ہیں لیکن دنیا بھر کے انسانی حقوق کے ادارے سوائے مذمتوں سے آگے نہیں بڑھ سکے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلہ پر دنیا بے حس اور حکمران بےبس ہوچکے ہیں۔

    وزیر اعظم کی تقریرکو10دن گزر گئے اب تک دنیا ٹس سے مس نہ ہوئی،64دن سے کشمیر میں زندگی مفلوج ،80لاکھ افراد محصور ہیں، مقبوضہ کشمیر میں دوائیں ختم،لوگ بیماریوں، بھوک سےمررہےہیں۔

    سینیٹر سراج الحق نے مزید کہا کہ دنیا بھر کےانسانی حقوق کے ادارے مذمتوں سے آگے نہیں بڑھ سکے، جب تک ہمارے حکمران خود کوئی عملی قدم نہیں اٹھاتے، دنیا ایسے ہی خاموشی نہیں توڑے گی۔

    سراج الحق نے کہا کہ حکومت اپنی ناکامی اور نااہلی سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے نان ایشوز کو ایشو بنارہی ہے، ضرورت تھی کہ حکومت عوام کی پریشانیوں کا حل نکالتی، حکمران عوام کو ریلیف دینے کی بجائے مزید تکلیف دے رہے ہیں۔