Tag: america

  • مانتے ہیں پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف بہت سے اقدامات کیے، امریکہ

    مانتے ہیں پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف بہت سے اقدامات کیے، امریکہ

    واشنگٹن : امریکا نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مل کر خطے میں دہشت گرد گروہوں سے نمٹنے کا عزم رکھتے ہیں، مانتے ہیں پاکستان نے انسداد دہشت گردی کے لئے بہت سے اقدامات کیے۔،

    اس حوالے سے پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھوملر نے کہا کہ کئی برسوں تک پاکستانی عوام دہشت گردی سے بہت متاثرہوئے، اور پاکستان نے بھی دہشت گردی کے تدارک کے لئے بہت سے اقدامات کیے، ان اقدامات میں ساجد میرکی گرفتاری اور سزا بھی شامل ہے۔

    ترجمان میتھوملر کا کہنا تھا کہ بھارت اور پاکستان سے کہتے ہیں کہ لائن آف کنٹرول پر سیز فائر جاری رکھیں، پاکستان بھی دہشت گرد گروہوں پر پابندی جاری رکھنے کیلئے اقدامات کرتا رہے۔

    امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہم پاکستانی حکام سے اس سلسلے میں مسلسل رابطے میں رہتے ہیں، پاکستان 2023کےانسداد دہشت گردی کے ڈائیلاگ کا حصہ تھا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ انسانی حقوق کے معاملے پر بھارت سے تشویش کا اظہار کرتے رہتے ہیں، صدر جوبائیڈن نے بھی اپنی پریس کانفرنس میں اس مسئلے کو اٹھایا تھا۔

  • علی خامنہ ای کو آمر پکارا گیا، حقیقی آمر امریکا ہے: ایرانی وزیر اعظم

    علی خامنہ ای کو آمر پکارا گیا، حقیقی آمر امریکا ہے: ایرانی وزیر اعظم

    تہران: ایرانی وزیر اعظم ابراہیم رئیسی نے رہبر ایران کو آمر کہنے والوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی آمر تو امریکا ہے، جو ایران کو کم زور کرنا چاہتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی وزِیر اعظم ابراہیم رئیسی نے بدھ کو تہران یونی ورسٹی میں یوم طلبہ پر خطاب میں کہا کہ احتجاج اور ’ہنگاموں‘ میں فرق ہے، حقیقی آمر ہم نہیں امریکا ہے، امریکا ہنگامے کرا کر طاقت ور ایران کو تباہ حال ایران دیکھنا چاہتا ہے۔

    ایرانی وزیرِ اعظم نے کہا امریکا ایران میں بد امنی کو ہوا دے رہا ہے، 22 سالہ کُرد خاتون مہسا امینی کی حمایت میں 3 ماہ سے جاری مظاہروں میں رہبر اعلیٰ علی خامنہ ای کو آمر پکارا گیا، جب کہ اصل میں پوری دنیا میں امریکا ہی واحد آمر اور ظالم ملک ہے۔

    ان کا کہنا تھا امریکا ایران کا حال بھی افغانستان، شام اور لیبیا جیسا کرنا چاہتا ہے، دنیا جانتی ہے کہ ایران مختلف ملک ہے، ہم امریکی سازشوں کا شکار نہیں ہوں گے۔

    دوسری جانب ایران کے شہر مشہد کی یونی ورسٹی میں طالبات کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا، فردوسی یونی ورسٹی کی طالبات نے نعرے بازی بھی کی، طالبات کو منتشر کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

  • سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان لفظی گولہ باری میں اضافہ

    سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان لفظی گولہ باری میں اضافہ

    ریاض : واشنگٹن : امریکی صدر جو بائیڈن کے تیل سے متعلق دھمکی آمیز بیان کے بعد سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان لفظی جنگ کا آغاز ہوگیا ہے۔

    چند روز قبل امریکا کے صدر جو بائیڈن نے سعودی عرب کو خبردار کیا تھا کہ اوپیک پلس کی جانب سے تیل کی پیداوار میں کمی کے حوالے سے کیے گئے فیصلے سے ریاض کو نتائج بھگتنا ہوں گے۔

    سعودی وزارت خارجہ نے جمعرات کو دیے گئے ایک بیان میں کہا تھا کہ اوپیک پلس کی جانب سے تیل کی پیداوار میں کمی کا فیصلہ اتفاق رائے سے کیا گیا، جس میں طلب و رسد کے توازن کو مدنظر رکھا گیا، اس کا مقصد مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ کو روکنا تھا۔

    اس حوالے سے امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اوپیک پلس کے ایک سے زیادہ ممبران تیل کی پیداوار میں کمی کے حوالے سے سعودی دباؤ سے متفق نہیں ہیں۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جان کربی نے گزشتہ روز سعودی وزارت خارجہ کے اس بیان کی سختی سے تردید کی کہ تیل کی پیداوار میں کمی کا فیصلہ مکمل طور پر اقتصادی حوالے سے تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ سعودی وزارت خارجہ اس بات سے مکرنے یا انحراف کرنے کی کوشش کرسکتی ہے لیکن حقائق بہت سادہ ہیں، روس یوکرین جنگ کے بعد ماسکو کے خلاف روسی محصولات میں کمی اور پابندیوں کا اثرختم ہو جائے گا۔

    امریکہ نے سعودی عرب کو ایک تجزیاتی رپورٹ پیش کی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اوپیک پلس کے پاس اس فیصلے سے پہلے تیل کی پیداوار کو کم کرنے کی کوئی واضح حکمت عملی نہیں تھی۔

    کربی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ جمعرات کو جاری کی گئی امریکی تجزیاتی رپورٹ سے یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ نومبر میں ہونے والے امریکی وسط مدتی انتخابات کے بعد اوپیک کے اگلے اجلاس تک کٹوتی کا انتظار کیا جاسکتا تھا۔

    انتخابات کے بعد ہونے والا اجلاس اس بات کا تعین کرے گا کہ آیا صدر جوبائیڈن کی ڈیموکریٹک پارٹی کانگریس پر اپنا کنٹرول برقرار رکھ پائے گی بھی یا نہیں۔

    واضح رہے کہ تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک پلس نے عالمی معیشت اور تیل منڈی کی غیر یقینی صورتِ حال کے پیش نظر ماہ نومبر سے تیل کی پیداوار میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔

    سعودی عرب کی جانب سے اوپیک پلس کی پیداوار میں کمی کے حوالے سے کسی بھی امریکی مخالفت کی سختی سے تردید کی جارہی ہے۔

    یاد رہے کہ امریکہ اور مشرق وسطیٰ کے درمیان تعلقات کی تاریخ تقریباً آٹھ دہائیوں پر محیط ہے، تعلقات کی اس گہری اور طویل تاریخ میں تیل کا کردار سب سے اہم ہے اور دنیا میں سب سے زیادہ تیل پیدا کرنے والا ملک ہونے کی حیثیت سے سعودی عرب کی اہمیت فطری طور پر سب سے زیادہ رہی ہے۔

  • ’افسوس امریکا تیسری دنیا کے ممالک جیسا بن گیا ہے‘

    ’افسوس امریکا تیسری دنیا کے ممالک جیسا بن گیا ہے‘

    نیویارک: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا میں اپنی رہائش گاہ پر ایف بی آئی کے چھاپے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا آج تیسری دنیا کے ممالک جیسا بن چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیر کی شام کو فیڈرل بیورو آف انویسٹگیشن نے فلوریڈا میں سابق امریکی صدر کی رہائش گاہ مار اے لاگو پر چھاپا مارا، اور اہم دستاویزات قبضے میں لیں، چھاپے کی اطلاع ملتے ہی ٹرمپ کے درجنوں حامی رہائش گاہ کے باہر پہنچ کر احتجاج کرنے لگے ہیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ نے ایف بی آئی کے چھاپے کو ‘غیر اعلانیہ چھاپا‘ قرار دیا، اور ایک طویل بیان میں ایف بی آئی کے چھاپے کا واٹر گیٹ اسکینڈل سے موازنہ کیا، اور چھاپے کے لیے بائیں بازو کے بنیاد پرست ڈیموکریٹس کو ذمہ دار قرار دیا۔

    نشریات کی بندش: اے آر وائی کی لائیو ٹرانسمیشن یہاں دیکھیں

    ٹرمپ نے کہا: "متعلقہ حکومتی اداروں کے ساتھ کام کرنے اور تعاون کرنے کے بعد، میرے گھر پر یہ غیر اعلانیہ چھاپا نہ ضروری تھا نہ ہی مناسب، انھوں نے میری تجوری بھی توڑ ڈالی۔”

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹرمپ چھاپے کے وقت فلوریڈا والے گھر پر نہیں تھے، وہ نیویارک کے علاقے میں ٹرمپ ٹاور میں موجود تھے۔

    سابق صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا: "یہ ہماری قوم کے لیے تاریک وقت ہے، یہ استغاثہ کی بدانتظامی اور انصاف کے نظام کو ہتھیار بنانے کے مترادف ہے، تاکہ مجھے دوبارہ وائٹ ہاؤس کے لیے انتخاب لڑنے سے روکا جا سکے۔”

    ٹرمپ نے کہا: "اس طرح کا حملہ صرف ٹوٹے ہوئے، تیسری دنیا کے ممالک میں ہو سکتا ہے، افسوس کی بات ہے کہ امریکا اب ان ممالک میں سے ایک بن گیا ہے، اس سطح پر بدعنوانی پہلے کبھی دیکھنے میں نہیں آئی تھی۔”

  • یوکرینی عوام کی مزاحمت غیر معمولی ہے، روس ہار سکتا ہے، امریکا

    یوکرینی عوام کی مزاحمت غیر معمولی ہے، روس ہار سکتا ہے، امریکا

    امریکی وزیر خارجہ نے یوکرینی عوام کی مزاحمت کو غیرمعمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یوکرین جنگ میں روس کو شکست سے دوچار کرسکتا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے یوکرینی شہریوں کی روس کے خلاف مزاحمت کی تعریف اور کہا کہ یوکرینی عوام وقت کے ساتھ سرخرو ہوں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یوکرین کی جنگ کب تک چلے کچھ نہیں کہہ سکتے مگر یوکرین روس کو ہرانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

    انٹونی بلنکن نے کہا کہ امریکا اور اتحادیوں کو جنگ کا دائرہ وسیع ہونے سے متعلق تشویش ہے کیوں کہ روس اگر پوری عسکری قوت لگاتا ہے تو یوکرین کےلیے مقابلہ کرنا مشکل ہوگا۔

  • چور خود ہی جال میں پھنس گیا

    چور خود ہی جال میں پھنس گیا

    امریکا میں ایک ہفتے کے دوران دیدہ دلیر چور  ایک ہی سپر اسٹور میں مسلسل چوتھی بار چوری کرنے داخل ہوا لیکن پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہوگیا۔

    چوری اور سینہ زوری یہ محاورہ تو  سب نے ہی سنا ہوگا لیکن امریکا میں اس محاورے کو عملی جامہ پہنانے والے چور کو لینے کے دینے پڑگئے۔

    امریکی ریاست نیوجرسی کے مصروف علاقے میں 10 سے 16 جنوری کے دوران گھریلو اشیا کے ایک اسٹور میں تین بار چوری کی واردات ہوئی جس کے بعد اسٹور مالکان نے پولیس سے مدد لی۔

    چور جب چوتھی واردات کے لیے  مذکورہ اسٹور میں داخل ہوا تو وہاں پہلے سے موجود سادہ لباس اہلکاروں نے اسے پکڑلیا جس کی شناخت 34 سالہ ٹریوس بلو کے نام سے ہوئی۔

    تفتیش کی گئی تو گرفتار چور نے یہ حیرت انگیز انکشاف کیا کہ رواں ہفتے اسٹور میں ہونے والی تینوں چوریاں بھی اسی نے کی تھیں۔

    چور نے گرفتاری سے بچنے کے لیے مزاحمت بھی کی جس کے نتیجے میں اسٹور  مالک کا بیٹا بھی زخمی ہوا۔

    واضح رہے کہ نیوجرسی میں مذکورہ اسٹور ایک ستتر سالہ بوڑھے اوگی لوپیز کا ہے جو اپنے بیٹے کے ساتھ رہتے ہیں۔

  • امریکی صدر بائیڈن کی آمد سے قبل پل گرگیا!

    امریکی صدر بائیڈن کی آمد سے قبل پل گرگیا!

    امریکی ریاست پنسلوانیا میں پیٹسبرگ میں گزشتہ جمعہ کو ایک پل صدر بائیڈن کے آمد سے چند گھنٹے پہلے منہدم ہوگیا۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدر بائیڈن نے یہاں ایک تقریب میں‌ امریکا کے بوسیدہ انفرااسٹرکچر کو ٹھیک کرنے کے لیے اپنے ایک ٹریلین ڈالر کے بڑی منصوبے کا اعلان کرنا تھا۔

    پیٹرزبرگ کی پبلک سیفٹی حکام نے حادثے کے حوالے سے ٹوئٹ کیا ہے کہ یہ پل ایک برفانی کھائی میں گرا جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال داخل کرادیا گیا تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

    حادثے نے فوری قومی توجہ حاصل کرلی، کیونکہ بائیڈن کچھ دیر میں ہی اس صنعتی شہر میں آنے والے تھے جہاں انہوں نے وبائی امراض کے بعد امریکی معیشت کو بحال کرنے  کے اقدامات اور  تاریخی انفرااسٹرکچر کے اخراجات  میں اضافے کے حوالے سے خطاب کرنا تھا۔

    پریس سیکریٹری جین ساکی کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ صدر بائیڈن کو پٹسبرگ میں پل گرنے کے بارے میں آگاہ کردیا گیا ہے۔

    بائیڈن کو یہاں مل 19 کا دورہ کرنا تھا، یہ مل 1943 کی ہے اور سالانہ 10 لاکھ ٹن سے زیادہ دھات نکالتی ہے۔

  • امریکا کا بڑا فیصلہ، کئی ممالک خطرناک قرار

    امریکا کا بڑا فیصلہ، کئی ممالک خطرناک قرار

    امریکی مرکز برائے تحفظ وانسداد امراض نے یونان، آئرلینڈ، لیبیا، ایران سمیت سولہ ممالک کے لیے کورونا کے باعث سیاحت پر پابندی لگادی ہے اور انہیں خطرناک ممالک قرار دیا ہے۔

    کورونا کی پانچویں لہر اور اومیکرون کے تیز پھیلاؤ نے دنیا بھر میں ایک بار پھر خوف کے سائے گہرے کردیے ہیں اور ممالک دوبارہ مختلف نوعیت کی پابندیوں کی طرف جارہے ہیں۔

    امریکا نے بھی کورونا کی پانچویں لہر کے پھیلاؤ کے باعث 16 ممالک کو خطرناک ملک کی فہرست میں شامل کردیا ہے۔

    جن ممالک کو اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے ان میں یونان، ایران، اندورا، قازقستان، آئرلینڈ، لیبیا، مالٹا، لیسوتھو، جبل طارق، غواڈالوپ، کوراکاؤ، آئل آٖف مین، مارٹینیق، سینٹ بارتھلیمی، امریکی جزائر ورجن اور سینٹ مارٹن سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔

    ان ممالک کے حوالے سے امریکی مرکز برائے تحفظ انسداد امراض نے انتباہ جاری کیا ہے جس میں انہیں خطرناک ممالک قرار دیتے ہوئے ان ممالک کے لیے سیاحت کی پابندی لگائی گئی ہے۔

  • انسانی بال: شہری کا حیرت انگیز کارنامہ، ریکارڈ بنا ڈالا

    انسانی بال: شہری کا حیرت انگیز کارنامہ، ریکارڈ بنا ڈالا

    امریکا میں ایک شہری نے انسانی بالوں سے وزن 225.13 پاؤنڈ وزنی گیند بنا کر گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرالیا

    منفرد رہنے کی خواہش انسانی جبلت میں شامل ہے اور اس خواہش کی تکمیل کے لیے وہ ہر دم اس جستجو میں لگا رہتا ہے کہ وہ کوئی ایساکام انجام دے جو اس سے پہلے کسی نے نہ کیا ہو، ایسا ہی انوکھا کام کرکے دکھایا ہے ایک امریکی شہری اسٹیو وارڈن نے۔

    جی ہاں امریکی ریاست اوہایو کے علاقے کیمرج میں واقع بلوکرز سیلون کے مالک اسٹیو وارڈن نے انسانی بالوں سے ایک بڑی گیند بنائی ہے جس نے دنیا میں انسانی بالوں سے بنی سب سے وزنی گیند کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔

    گیند کا وزن 225.13 پاؤنڈ ہے جس نے 2014 میں 167 پاؤنڈ وزنی گیند کا ریکارڈ توڑ کر نیا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

    گیند بنانے والے باہمت اسٹیو وارڈن کا کہنا ہے کہ اس کے بیٹے اسے  انسانی بالوں سے گیند بنانے کی تحریک دی تاکہ اس گیند کو امریکا کے مشہور میوزم ‘‘رپلائز بلیو اٹ اور ناٹ’’ میں رکھا جاسکے۔

    بیٹے کے ہمت بندھانے پر اس نے سیلون آنے والوں کے بال جمع کرکے انہیں گیند کی صورت دینا شروع کردیا۔

    میوزیم میں رکھنے سے قبل اسے گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کرنے کے لیے اس گیند کو فلوریڈا ایکسپو میں رکھا گیا اور وہاں آنے والوں سے اس گیند کو مزید بڑا بنانے کے لیے بالوں کے عطیات دینے کی درخواست کی گئی۔

    اس گزارش پر  مثبت ردعمل آیا اورلوگوں کی بڑی تعداد نے اپنے بال عطیہ کیے یوں یہ دنیا کی سب سے بڑی اور وزنی انسانی بالوں سے بنی گیند قرار پائی۔

    گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیے جانے کے بعد گیند کے بانی اسٹیو نے اپنی کاوش کو اپنے اہل خانہ کے نام  کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب میں نے اپنے بچوں اور پوتے پوتیوں کی محبت میں کیا ہے۔

     

  • والدین کی بلااجازت طالبعلم کو کورونا ویکسین لگانے پر خاتون ٹیچر گرفتار

    والدین کی بلااجازت طالبعلم کو کورونا ویکسین لگانے پر خاتون ٹیچر گرفتار

    امریکا میں مبینہ طور پر سترہ سالہ طالبعلم کو کورونا ویکسین لگانے کے الزام میں گرفتار  ٹیچر کو جرم ثابت ہونے پر چار سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

    نیویارک کی نساوٗ کاوٗنٹی پولیس حکام کے مطابق بیرک ہائی اسکول کی سائنس ٹیچر لورا روسو نے اپنے طور پر کورونا ویکسین کا انتظام کیا اور بغیر کسی تربیت اور والدین کی اجازت کے بغیر طالبعلم کو لگا ڈالی جو ویکسین لگوانا چاہتا تھا۔

    چون سالہ خاتون ٹیچر لورا روسو  کو سال نو کے پہلے روز حراست میں لیا گیا۔

    ویکسین لگانے کی ویڈیو میں خاتون ٹیچر کو طالبعلم سے یہ کہتے دیکھا جاسکتا ہے کہ ‘‘ مجھے امید ہے، تم خیریت سے ہوگے’’۔

    طالبعلم نے اسکول سے گھر جانے کے بعد اپنے والدین کو ویکسین کے بارے میں بتایا تو انہوں کی اس کی شکایت پولیس کو کی جس پر  ٹیچر کو گرفتار کرلیا گیا۔

    اس حوالے سے ہیرک ہائی اسکول کے سپرنٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ مذکورہ ٹیچر لورا روسو کو معطل کردیا گیا ہے۔

    نیویارک پولیس کے مطابق اب تک یہ پتہ نہیں چل سکا کہ مذکورہ خاتون ٹیچر نے ویکسین کہاں سے حاصل کی اور وہ کون سی ویکسین تھی۔

    واضح رہے کہ اٹھارہ سال سے کم عمر امریکیوں کے لیے صرف فائزر کی بائیو این ٹیک ویکسین کی ہی اجازت دی گئی ہے۔

    ملزمہ ٹیچر کے خلاف مقدمے کی عدالتی سماعت اکیس جنوری کو ہوگی، جرم ثابت ہونے پر چار سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

    یاد رہے کہ کورونا ویکسین کا انجکشن درست نہ لگانے وہ خطرناک ثابت ہوسکتا ہے اس لیے صرف ڈاکٹر یا تربیت اور لائسنس یافتہ عملہ ہی ویکسین کے بارے میں پوری طرح اطمینان کرنے کے بعد اسے لگا سکتے ہیں۔