Tag: america

  • امریکا کا شمالی کوریا پر سائبر حملوں کا الزام، کروڑوں ڈالر کا نقصان

    امریکا کا شمالی کوریا پر سائبر حملوں کا الزام، کروڑوں ڈالر کا نقصان

    واشنگٹن: امریکی حکام نے شمالی کوریا پر غیر معمولی سائبر حملوں کا الزام لگا دیا، سائبر اٹیک سے کروڑوں ڈالر کا نقصان ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے دنیا بھر میں ہونے والے سائبر حملوں کا الزام شمالی کوریا پر عائد کیا ہے جس کے باعث لاکھوں افراد متاثر ہوئے اور کروڑوں ڈالر کا نقصان بھی ہوا ہے۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکا نے یہ الزام عائد کیا ہے کہ شمالی کوریا کے مفاد میں حالیہ چند سالوں میں متعدد بڑے سائبر حملے کیے گئے ہیں جس میں پیانگ یانگ حکومت کا حمایت یافتہ سائبر حملے کرنے والا گروہ ملوث ہے۔

    مذکورہ حملوں سے متعلق امریکا نے ’بیرک جین ہیوک‘ نامی انفارمیشن ڈیولپر کو مورد الزام ٹھہرایا ہے جو شمالی کوریا کی انٹیلی جنس کے ساتھ مربوط ایک کمپنی کے لیے کام کر چکا ہے۔

    چینی ہیکرز کا امریکا کے اہم عسکری منصوبے پر سائبر حملہ

    خیال رہے کہ رواں سال جون میں شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سنگاپور میں تاریخی ملاقات کی تھی جس کے بعد یہ تاثر سامنے آیا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان قربتیں بڑھ رہی ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں سال جون میں ہی ایک نجی کمپنی کے زیر انتظام امریکی فوج کی جانب راکٹ اور آبدوزوں کی تیاری کے لیے منصوبہ تیار کیا گیا تھا جس کی اہم معلومات چین کے ہیکرز نے باآسانی سائبر حملہ کرتے ہوئے چرالی تھیں۔

    اس سے قبل امریکا کئی بار دیگر ملکوں پر بھی سائبر حملوں کے الزام عائد کرچکا ہے جس میں روس بھی شامل ہے۔

  • امریکی اراکین کانگریس کو بھی وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے امیدیں

    امریکی اراکین کانگریس کو بھی وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے امیدیں

    واشنگٹن: امریکی اراکین کانگریس نے بھی پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سے امیدیں باندھ لیں، اراکین نے دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تعلقات کی نوید سنادی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی اراکین کانگریس سکاٹ پیری اور تھامس گیرٹ نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کی اس دوران دونوں اراکین عمران خان کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔

    تھامس گیرٹ کا کہنا تھا کہ عمران خان سے بہت امیدیں ہیں، ٹرمپ انتظامیہ حکم نامہ جاری کرنے کے بجائے سفارت کاری سے کام لے۔

    دوسری جانب رکن امریکی کانگریس سکاٹ پیری کا کہنا تھا کہ اقلیتوں سے متعلق عمران خان کے بیانات خوش آئند ہیں، عمران خان کے دور میں پاک امریکا تعلقات میں بہتری آئے گی۔

    آرمی چیف سے امریکی وزیرِ خارجہ کی ملاقات، مل کر کام کرنے پر اتفاق

    خیال رہے کہ گذشتہ روز امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور وزیرِ اعظم ہاؤس میں عمران خان سے امریکی وزیرِ خارجہ نے ملاقات کی تھی جس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال بھی ہوا تھا۔

    عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان امریکا سے مل کر قیام امن کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں دیں، امریکا سےعزت و احترام پرمبنی تعلقات چاہتے ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ علیحدہ ملاقات کی تھی، ملاقات میں خطے میں امن کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

  • امریکا: بینک ہیڈکوارٹر میں فائرنگ، 3 افراد ہلاک، دو زخمی

    امریکا: بینک ہیڈکوارٹر میں فائرنگ، 3 افراد ہلاک، دو زخمی

    واشنگٹن: امریکی ریاست اوہائیو میں قائم ایک بینک ہیڈکوارٹر میں فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق ریاست اوہائیو کے شہر چنچناٹی میں قائم بینک ہیڈکوارٹر میں گھس کر حملہ آور نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے باعث تین افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 2 زخمی ہیں۔

    امریکی میڈیا کے مطابق آج صبح مسلح حملہ آور نے بینک کی عمارت میں گھس کر فائرنگ کی جبکہ پولیس کی جوابی کارروائی میں حملہ آور ہلاک ہوگیا۔

    شہر کے میئر جون کلرنی کا کہنا تھا کہ اس افسوس ناک واقعے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں، یہ ایک خوفناک منظر تھا۔

    میئر کا مزید کہنا تھا کہ پولیس اہکار بروقت کارروائی کرتے ہوئے مسلح شخص کو ہلاک کرنے میں کامیاب ہوئے اور انھوں نے خطرے پر فوری طور پر قابو پا لیا ہے۔

    امریکا: نرسنگ ہوم میں فائرنگ‘4 افراد ہلاک‘ حملہ آورکی خودکشی

    دوسری جانب بینک کے نزدیک واقع دفتر میں کام کرنے والے عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ ہم نے درجن سے زیادہ گولیاں چلنے کی آواز یں سنی ہیں، فائرنگ کے واقعے کے بعد بنک کے ارد گرد لوگ بھاگ رہے تھے۔

    خیال رہے کہ رواں سال جولائی میں امریکی ریاست ٹیکساس کےعلاقے رابزٹاؤن کے نرسنگ ہوم میں نامعلوم حملہ آور نے گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 4 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    یاد رہے کہ رواں سال 15 فروری کو فلوریڈا کے ہائی اسکول میں 19 سالہ حملہ آور نے اسکول کے اندر گھستے ہی فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

  • امریکہ کا رویہ جنگلی بھیڑیئے جیسا ہے، جو قابل اعتبار نہیں، رجب طیب اردوان

    امریکہ کا رویہ جنگلی بھیڑیئے جیسا ہے، جو قابل اعتبار نہیں، رجب طیب اردوان

    انقرہ : ترک صدر رجب طیب اردوان نے امریکا کے رویے کو جنگلی بھیڑیے سے تشبیہ دی ہے، ان کا کہنا ہے کہ امریکی ڈالر کی اجارہ داری کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کی ضروت ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرغزستان میں بزنس فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ترک صدر نے امریکا کی جانب سے لگائی جانے والی حالیہ معاشی پابندیوں پر اپنے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کا رویہ ایک جنگلی بھیڑیے جیسا ہے، اس لیے اس پر اعتبار نہیں کرنا چاہیے، تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ترکی اور روس کے درمیان ڈالرز کے بغیر تجارت کی بات چیت چل رہی ہے۔

    ہمیں آپس میں اپنی کرنسیوں میں تجارت کر کے امریکی ڈالر کی اجارہ داری کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کی ضروت ہے، ڈالر کا استعمال ہمیں نقصان پہنچاتا ہے لیکن فتح حاصل کرنے تک ہم ہار نہیں مانیں گے۔

    واضح رہے کہ امریکا اور ترکی کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں، اس کی وجہ ترکی میں ایک امریکی پادری کی گرفتاری بنی تھی، جسے اپنے خلاف دہشت گردی کے الزامات کا سامنا ہے، ٹرمپ انتظامیہ کا مطالبہ ہے کہ اس پادری کو رہا کیا جائے۔

    علاوہ ازیں گذشتہ دنوں امریکا نے دہشت گردوں سے رابطے کے الزام میں گرفتار امریکی پادری کو رہا نہ کرنے کی صورت میں ترکی پر مزید اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دی تھی۔

  • فلسطینی مہاجرین کی امداد بند کرنا نہتے عوام پر امریکی حملہ ہے، محمود عباس

    فلسطینی مہاجرین کی امداد بند کرنا نہتے عوام پر امریکی حملہ ہے، محمود عباس

    غزہ : فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ مہاجرین کی امداد بند کرنا فلسطینی عوام پر حملہ ہے، امریکی اقدام قابل مذمت ہے، انہوں نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کی جانب سے فلسطینی مہاجرین کی امداد بند کرنے کی صدر محمود عباس نے سختی سے مذمت کی ہے، فلسطینی صدر محمود عباس کے ترجمان نے امریکی اقدام کو فلسطینی عوام کے خلاف کھلا حملہ قرار دیا۔

    ترجمان نے کہا ہے یہ فیصلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے خلاف ہے، محمود عباس کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس قسم کی سزا سے یہ حقیقت نہیں بدلے گی کہ امریکا کا اب خطے میں کوئی کردار نہیں اور یہ کسی حل کا حصہ بھی نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے فلسطینی پناہ گزینوں کی کفالت پر مامور اقوام متحدہ کے ادارے ’اونروا‘ کی 6 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی امداد روک دی۔

    اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی ’اونروا‘ کو امریکی امداد کی منسوخی کے بعد کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا کیوں کہ مذکورہ ایجنسی غزہ سمیت اردن، لبنان، شام اور غرب اردن میں واقع پناہ گزین کیمپوں میں مقیم لاکھوں فلسطینیوں کی کفالت پر مامور ہے۔

    مزید پڑھیں: امریکا نے ’اونروا’ کی امداد بند کردی، فلسطینی پناہ گزین مشکل کا شکار

    فلسطینی مہاجرین کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے یواین آر ڈبلیو اے کو دی جانے والی فنڈنگ بند کرنے کے اعلان پر ادارے کے ترجمان کرس گنس کا کہنا ہے کہ امریکی اقدام کے نتائج تباہ کن ہوں گے۔

  • امریکا میں دیوہیکل اسکیٹ بورڈ تیار

    امریکا میں دیوہیکل اسکیٹ بورڈ تیار

    واشنگٹن : امریکا میں 35 فٹ 7 انچ لمبا دنیا کا سب سے بڑا اسکیٹ بورڈ تیار کرلیا گیا، جس پر ساتھ 12 افراد اسکیٹنگ کرسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا میں اسکیٹ پارکس کے سربراہ جوجیاگلیا نے دنیا کا سب سے بڑا اسکیٹ بورڈ تیار کرلیا ہے، کیلیفورنیا میں تیار کیا جانے والا دیو ہیکل اسکیٹ بورڈ 35 فٹ 7 انچ لمبا ہے جس کی تصدیق گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ نے بھی کردی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کیلیفورنیا اسکیٹ پارکس کے سربراہ کی جانب سے تیار کردہ دیو ہیکل اسکیٹ بورڈ میں متعدد غلطیاں بھی ہوئیں اور بالآخر دس ہفتوں کی مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں دنیا کا طویل ترین اسکیٹ بورڈ بنایا گیا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق اسکیٹ بورڈ تیار کرنے والے کھلاڑی نے بتایا کہ اس منفرد اسکیٹ بورڈ کے پہیے ایسے ڈئزاین کیے گئے ہیں جو اس رفتار کو تیز کرنے میں معاون ہیں، اسکیٹ بورڈ کار کے پہیے لگائے ہیں۔

    جو جیاگلیا کا کہنا تھا کہ ایک چھوٹے اسکیٹ کی مانند کی اتنا بڑا اسکیٹ تیار کرنا کسی چیلنج سے کم نہیں تھا، جس کی وجہ سے کئی مرتبہ اسکیٹ بورڈ کا ڈیزائن تبدیل کیا گیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ دیو ہیکل اسکیٹ بورڈ کی موٹائی تین اعشاریہ 7.5 فٹ ہے جبکہ یہ زمین سے تقریباً 4 سے 6 فٹ بلند ہے۔ اس اسکیٹ بورڈ کی مزید تفصیلات کے اگلے سال گنیز بُک آف ورلڈ ریکارڈ میں شائع کی جائیں گی۔

    دنیا کے سب سے بڑے اسکیٹ بورڈ ایک، دو نہیں بلکہ پورے 12 افراد ایک ساتھ اسکیٹنگ کرسکتے ہیں۔

  • امریکا نے ’اونروا’ کی امداد بند کردی، فلسطینی پناہ گزین مشکل کا شکار

    امریکا نے ’اونروا’ کی امداد بند کردی، فلسطینی پناہ گزین مشکل کا شکار

    غزہ/واشنگٹن : ٹرمپ انتظامیہ نے فلسطینی پناہ گزینوں کی کفالت پر مامور اقوام متحدہ کے ادارے ’اونروا‘ کی 6 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی امداد روک دی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جارحانہ پالیسیوں کے تحت ٹرمپ انتظامیہ نے فلسطینی پناہ گزینوں کی فلاح و بہبود کے لیے قائم کی جانے والی اقوام متحدہ کی ریلیف ایجنسی کی سالانہ امداد مکمل طور پر بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی ’اونروا‘ کو امریکی امداد کی منسوخی کے بعد کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا کیوں کہ مذکورہ ایجنسی غزہ سمیت اردن، لبنان، شام اور غرب اردن میں واقع پناہ گزین کیمپوں میں مقیم لاکھوں فلسطینیوں کی کفالت پر مامور ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق سنہ 2018 کے آغاز میں امریکی انتظامیہ نے پناہ گزین کیمپوں میں مقیم فلسطینیوں کو دی جانے والی سالانہ امدادی رقم میں 6 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کم کرکے 6 کروڑ ڈالر کردی تھی۔

    یاد رہے کہ ایک ہفتہ پہلے امریکی حکومت نے غزہ اور غرب اردن کی فلاح و بہود کے لیے فلسطین کو دی جانے والی 20 کروڑ ڈالر کی امدادی رقم بھی دینا بند کردی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے ماضی میں ’اونروا‘ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، ’اونروا‘ پر تنقید کرنے والوں میں امریکا کی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن کا نام سرفہرست ہے۔

    فلسطینی پناہ گزینوں کی کفالت کرنے والے ادارے کی امداد روکے جانے پر فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ ’امریکی حکومت امداد روک کر انتقامی کارروائی کررہی ہے‘ کیوں کہ فلسطینیوں نے امریکی اعلان کے باوجود یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا۔

  • برطانوی نائب وزیر خارجہ کا دورہ ایران، امریکی پابندیوں پر گفتگو ہوگی

    برطانوی نائب وزیر خارجہ کا دورہ ایران، امریکی پابندیوں پر گفتگو ہوگی

    لندن: برطانیہ کے نائب وزیر خارجہ السٹر برٹ سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے جہاں وہ امریکی پابندیوں سے متعلق اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ایران جوہری معاہدے سے دست برداری کے بعد امریکا نے ایران پر پرانی اقتصادی پابندیاں بحال کردی ہیں، اسی تناظر میں برطانوی نائب وزیر خارجہ السٹر برٹ ایران پہنچے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس دورے کے دوران وہ ایرانی قیادت کے ساتھ عالمی جوہری ڈیل کے مستقبل پر مذاکرات کریں گے اور امریکا کی مذکورہ ڈیل سے دست برداری کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

    دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں بہتری سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے جبکہ السٹر برٹ کی ایرانی عہدیداروں سے ملاقات میں امریکی پابندیاں اہم موضوع رہے گا۔

    ایران کے خلاف مغربی سازش کوناکام بنائیں گے‘ حسن روحانی

    خیال رہے کہ رواں سال امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے عالمی جوہری ڈیل سے دستبرداری کے بعد برٹ پہلے اعلیٰ برطانوی اہلکار ہیں، جو ایران کا دورہ کر رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ گذشتہ دنوں ایرانی صدر حسن روحانی نے پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وائٹ ہاؤس کے ایران مخالف حکام کوشکست دیں گے، ایران کے خلاف مغربی سازش کو ناکام بنائیں گے اور مشکلات پر جلد قابو پالیں گے۔

    یاد رہے کہ 2015 میں امریکہ سمیت 6 ممالک نے ایران سے جوہری معاہد کیا تھا لیکن رواں سال امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے جوہری معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران کو ایٹمی ہتھیاروں کے حصول سے روکنا ہوگا۔

  • امریکا: ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، 4 افراد ہلاک

    امریکا: ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، 4 افراد ہلاک

    واشنگٹن : امریکی ریاست میں فلوریڈا میں بی 60 نامی سول ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث ایئر فورس بیس پر حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں سول ہیلی کاپٹر انجن میں فنی خرابی کے باعث امریکی ایئر فورس کے بیس میں گر تباہ ہوگیا ہے جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار چار افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جن کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا امریکی سول ہیلی کاپٹر بی 60 ایئر کرافٹ ہے۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس سے قبل حکام کی جانب سے صرف ایک شخص کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا تھا کہ جبکہ ہیلی کاپٹر کے ملبے سے ملنے والی 4 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جس نے حکام کیہ ابتدائی تفتیش اور حادثے کو مشکوک بنادیا ہے۔

    فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے ترجمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی 60 ایئر کرافٹ نے حادثے سے کچھ دیر قبل سے ایئر فورس بیس سے ڈسٹن ایگزیکٹو ہوائی اڈے جانے کے لیے پرواز اڑان بھری تھی تاہم چند لمحے بعد ہی ہیلی کاپٹر گھومتا ہوا زمین پر آگرا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر کا ملبہ ایئر فورس بیس کے جنگل میں گرا تھا جہاں ہنگامی خدمات انجام دینے والی ٹیموں نے حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کی نعشیں اسپتال منتقل کردی ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز پر میکسیکو کے شہر ڈورانگو میں ایرو میکسیکو نامی فضائی کمپنی کا مسافر بردار طیارہ اے ایم 2431 رن وے سے اڑان بھرنے کے فوراً بعد 10 کلو میٹر کے فاصلے پر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 85 افراد زخمی ہوگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں97 مسافروں سمیت 101 افراد سوار تھے، جائے حادثہ سے 85 زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ایرومیکسیکو کے ترجمان نے بتایا کہ جہاز اے ایم 2431 ڈورانگو شہر سے دارالحکومت میکسیکو سٹی جارہا تھا تاہم بد قسمتی سے طیارہ اڑان بھرنے کے چند لمحوں بعد ہی گر کر تباہ ہوگیا۔

  • امریکا نے یورپی کاروں پر ٹیکس لگایا تو یورپ بھی جواب دے گا، یورپی ہائی کمشنر

    امریکا نے یورپی کاروں پر ٹیکس لگایا تو یورپ بھی جواب دے گا، یورپی ہائی کمشنر

    برسلز : یورپی یونین کے ہائی کمشنر جین کلاؤڈ جنکر نے کہا ہے کہ امریکا جولائی میں برسلز اور واشنگٹن کے ہونے والی ملاقات کے بعد یورپی ساختہ گاڑیوں پر نئے محصولات عائد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کے سربراہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے یورپی ممالک کی مصنوعات خصوصاً گاڑیوں پر نئے محصولات عائد کیے جانے پر امریکا کو بھرپور جواب دینے کا عندیہ دیا ہے۔

    یورپی یونین کے ہائی کمشنر جین کلاؤڈ جنکر نے جمعہ کے روز جاری بیان میں کہا ہے کہ ایک ماہ قبل امریکا اور یورپی یونین کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد ٹرمپ انتظامیہ یورپی ساختہ گاڑیوں پر نئے محصولات عائد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

    یورپی یونین کے ہائی کمشنر نے جرمن نشریاتی ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی ممالک میں تیار کی جانے والی گاڑیوں پر محصولات عائد کرے گا تو یورپ بھی اس کا جواب دے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایک روز قبل یورپی یونین کے سربراہ برائے تجارت سیسیلیا ملسٹروم نے اعلان کیا تھا کہ یورپ امریکی ساختہ گاڑیوں پر لگائے جانے والے محصولات ختم کرنے کو تیار ہے۔

    یورپی ہائی کمشنر برائے تجارت نے یورپی یونین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ٹرمپ انتظامیہ اپنی جارحانہ پالیسیوں کو ترک کرکے یورپی ساختہ گاڑیوں پر عائد حصولات ختم کرتا ہے تو یورپ بھی امریکا سے درآمد ہونے والی گاڑیوں پر عائد ٹیکس ختم کردے گا۔

    یاد رہے کہ 25 جولائی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی یورپی اشیاء پر نئے محصولات عائد کیے جانے کے حوالے سے یورپی کمیشن کے چیف جین کلاؤڈ جنکر کے درمیان گذشتہ روز ملاقات ہوئی، جس میں دونوں سربراہوں نے باہمی تعاون کے ساتھ کام کرنے پر اتفاق کیا۔

    امریکا کا صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے یورپ اور امریکا کے درمیان نئے تعلقات، بغیر ٹیکس کے تجارت کرنے کے ساتھ ساتھ سروس سیکٹر اور زراعت کے شعبے میں اضافے پر بھی اتفاق ہوا ہے جس میں امریکا کی سویا بھی شامل ہے۔