Tag: america

  • تجارتی جنگ، چین کا امریکا کو اہم مشورہ

    تجارتی جنگ، چین کا امریکا کو اہم مشورہ

    بیجنگ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چینی درآمدات پر اضافی محصولات کی دھمکی کی صورت میں چین نے امریکا کو اہم مشورہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق چین اور امریکا کے درمیان سخت تجارتی جنگ جاری ہے، دونوں ملکوں کی جانب سے ایک دوسرے کی مصنوعات پر مزید اضافی محصولات عائد کرنے کی دھمکی دی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چینی وزیر خارجہ ’وانگ یی‘ نے کہا ہے کہ تجارتی جنگ کے دوران امریکا اپنے ’دماغ کو ٹھنڈا‘ رکھے اور سوچ سمجھ کر فیصلے کرے۔

    انہوں نے کہا کہ امید کرتے ہیں کہ امریکا اپنی تجارتی پالیسی مرتب کرتے ہوئے عقل مندی اور دانش مندی سے کام لے گا، اور معاملات کو بہتر سمت لے کر جائے گا۔


    چین اور امریکا کے درمیان تاریخ کی سب سے بڑی تجارتی جنگ


    چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے چین کو دبانے کے لیے جو بھی اقدامات کیے جارہے ہیں وہ کسی کام کے نہیں ہیں، چین اپنی تجارت جاری رکھے گا۔

    خیال رہے کہ چینی وزیر خارجہ وانگ یی کا یہ بیان ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے چینی امپورٹس پر مزید محصولات کے نفاذ کی دھمکی کے تناظر میں سامنے آیا ہے، جبکہ چین نے اپنی تجارتی پالیسی واضح رکھی ہے۔

    یاد رہے کہ امریکی حکومت نے چینی امپورٹس پر مزید 200 بلین ڈالر کی اضافی امپورٹ ڈیوٹی لگانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے، علاوہ ازیں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی وزارت تجارت کو چینی مصنوعات پر محصولات کے نفاذ کا دائرہ وسیع کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • اٹلی اور امریکا دو جڑواں ملکوں کی مانند ہیں، گوزف کونٹی

    اٹلی اور امریکا دو جڑواں ملکوں کی مانند ہیں، گوزف کونٹی

    واشنگٹن : ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر قانونی مہاجرین سے متعلق اطالوی وزیر اعظم کی پالیسی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’میرے اور گوزف کونٹی کے نظریات یکساں اور روایتی سیاست کے برخلاف ہیں‘۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی ملک اٹلی کے وزیر اعظم گوزف کونٹی نے واشنگٹن میں ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ ’امریکا اور اٹلی دو جڑواں ملکوں کی مانند ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان ایسے مشترکات ہیں جو امریکا اور اٹلی کے دوستانہ تعلقات میں مزید بہتری لاسکتے ہیں‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اٹلی کے وزیر اعظم گوزف کونٹی سے جون 2018 میں اطالوی وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا اور اقتدار میں آتے ہی گوزف کونٹی نے غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف سخت پالیسی پر عمل درآمد شروع کردیا تھا۔

    اٹلی کی موجودہ حکومت گوزف کونٹی کی قیادت میں عوامی فلاح و بہبود پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے اور سابقہ حکومتوں کی نسبت عوامی بہبود کے شعبے کو زیادہ وسعت دینے کے لیے کام کررہی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ملاقات کے دوران اطالوی وزیر اعظم کی تارکین وطن سے متعلق پالیسی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم دونوں کے نظریات یکساں ہیں اور دونوں روایتی سیاست کے برخلاف کام رہے ہیں‘۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’تارکین وطن سے متعلق دونوں ملکوں کی پالیسیاں تقریباً یکساں ہیں، امریکا غیر قانونی تارکین وطن سے متعلق ’عدم برداشت‘ کی پالیسی پر عمل پیرا رہے گا۔

    خیال رہے کہ اٹلی کی حکومت نے رواں برس جون میں تارکین وطن کو سمندر سے ریسکیو کرنے والے ایکیوریس نامی جہاز کو قبول کرنے سے منع کردیا تھا، جس کے بعد 630 مہاجرین سے بھرے ہوئے بحری جہاز کو اسپین نے قبول کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانےکے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ترکی: دہشت گردی کا مقدمہ، امریکی پادری کی نظر بندی ختم کرنے کی اپیل مسترد

    ترکی: دہشت گردی کا مقدمہ، امریکی پادری کی نظر بندی ختم کرنے کی اپیل مسترد

    انقرہ: ترکی میں دہشت گردی کے الزامات میں قید امریکی پادری کی گھر میں نظر بندی ختم کرنے کی اپیل ترک عدالت نے مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی پادری ’اینڈریو برنسن‘ کو ترکی میں دہشت گردی اور جاسوسی کے الزامات پر مقدمے کا سامنا ہے، جس کے باعث وہ اپنے ہی گھر میں نظر بندی کی زندگی گزار رہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی پادری کی جانب سے عدالت سے اپیل کی گئی تھی کہ گھر میں نظر بندی ختم کی جائے جسے ترکی کی ایک عدالت نے مسترد کردی۔

    اینڈریو برنسن گذشتہ اکیس ماہ سے ترک سیکیورٹی حکام کی تحویل میں ہیں، قبل ازیں انہیں جیل میں رکھا گیا تھا اور گذشتہ ہفتے ہی انہیں گھر پر منتقل کر کے نظربند کیا گیا تھا۔

    ترکی سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے مذکوہ گرفتاری پر ترک اور امریکی حکومتوں کے تعلقات میں مزید کشیدگی پیدا ہوچکی ہے، جبکہ ترک استغاثہ نے الزام عائد کر رکھا ہے کہ امریکی پادری جلا وطن مبلغ فتح اللہ گولن کے لیے کام کرتے تھے۔


    ترکی: ناکام فوجی بغاوت میں ملوث ہونے پر 6 صحافیوں کو دس سال قید کی سزا


    خیال رہے کہ ترکی میں ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کے بعد ترک حکام کی جانب سے فتح اللہ گولن پر الزامات عائد کیے گئے ہیں کہ وہ اس بغاوت میں ملوث ہیں، جبکہ مذکورہ بغاوت میں ملوث ہونے کے شبہے میں متعدد لوگوں کو سزائیں سنائی جاچکی ہیں۔

    واضح رہے کہ 18 جولائی 2016 کو ترکی میں فوج کے باغی گروہ نے اقتدار پر قابض ہونے کی کوشش کی تھی جسے عوام نے ناکام بنادیا تھا، اس دوران عوام سڑکوں پر نکل کر آئے اور فوجی ٹینکوں کے سامنے ڈٹ گئے تھے جس کے بعد ترک فوج کے باغی ٹولے نے ہتھیار ڈال کر اپنی شکست تسلیم کی تھی اور پھر انہیں گرفتار کرلیا گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پاکستانی سفیر کی امریکی وزیر دفاع سے ملاقات، افغان صورت حال پر گفتگو

    پاکستانی سفیر کی امریکی وزیر دفاع سے ملاقات، افغان صورت حال پر گفتگو

    واشنگٹن: پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی نے امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس سے ملاقات کی، اس دوران افغانستان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق علی جہانگیر صدیقی کی پنٹاگون آمد پر جیمز میٹس نے استقبال کیا، ملاقات کے دوران افغان طالبان سے مذاکرات اور پاک امریکا تعلقات پر بھی گفتگو کی گئی۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پاک امریکا تعلقات سمیت خطے کی سیکیورٹی صورت حال پر بھی گفتگو ہوئی، افغان طالبان کو مذاکرات کی جانب لانے کی کوششوں پر تبادلہ خیال ہوا۔

    ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے پاکستانی سفیر علی جہانگیر صدیقی کو افغانستان پر امریکی حکمت عملی سےآگاہ کیا، ملاقات انتہائی خوشگوار رہی۔


    اعلیٰ امریکی اہلکار کی طالبان کے نمائندوں سے ملاقات، امریکی میڈیا کا دعویٰ


    خیال رہے کہ دو روز قبل امریکی میڈیا نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ شدید تنازعات کے حل کے لیے امریکا کے اعلیٰ عہدیدار نے طالبان کے نمائندوں سے ملاقات کی ہے۔

    امریکی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ جنوبی ایشیا کے لیے امریکی مندوب ایلس ویلز نے طالبان کے نمائندو سے ملاقات قطری دارالحکومت دوحہ میں کی۔

    قبل ازیں متعدد بار طالبان نے امریکا سے براہِ راست مذاکرات پر آمادگی کا اظہار کیا تھا لیکن امریکا کی ہمیشہ خواہش رہی ہے کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات افغان حکام کرے، واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور دیگر سینیئر امریکی عہدے داروں نے کابل کا دورہ کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • شکاگو: انجن میں خرابی، پائلٹ نے طیارہ ہائی وے پر اتار دیا

    شکاگو: انجن میں خرابی، پائلٹ نے طیارہ ہائی وے پر اتار دیا

    واشنگٹن : امریکی شہر  شکاگو میں پائلٹ نے انجن میں خرابی کے باعث چھوٹے طیارے کو شہر کے مصروف ترین ہائی وے پر اتار دیا۔

    تفصیلات کے مطابق جمعے کے روز  دورانِ پرواز  چھوٹے طیارے کے انجن میں خرابی پیدا ہوگئی، جس کے باعث پائلٹ نے طیارے کو شکاگو کے مصروف ترین لیک شور ڈرائیو ہائی وے پر اتارنے کا فیصلہ کیا۔

    امریکی خبر رساں اداروں کا کہنا تھا کہ طیارے کی لینڈنگ کے دوران قریب میں گاڑیاں موجود ہیں جبکہ طیارے کا پائلٹ اور خاتون مسافر  بلکل محفوظ رہے اور کوئی جانی نقصان بھی نہیں ہوا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ طیارے کی ہائی وے پر لینڈنگ کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، تاہم موقع کے امدادی خدمات انجام دینے والے رضا کاروں نے طیارے کو دھکیل کر سائڈ پر کرکے ٹریفک کی روانی بحال کی۔

    عینی شاہد کا کہنا ہے کہ مجھے یقین نہیں ہورہا ہے کہ پائلٹ نے یہ کر کیسے لیا، یہ منظر براہ راست دیکھنے کے بعد بھی یقین نہیں آرہا ہے کہ طیارہ ہائی وے پر اتار لیا گیا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق طیارے نے مصروف ترین ہائی وے پر شام 3:15 منٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی، پولیس کا کہنا ہے کہ پائلٹ نے بتایا ہے کہ طیارے کے انجن میں خرابی ہوگئی تھی اور ایئرپورٹ بھی دور تھا اس لئے سڑک پر طیارے کو اتارنا مجبوری تھی۔

    ایف ایف اے انویسٹی گیشن کی جانب سے پائلٹ اور خاتون مسافر کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے تاہم قرب و جوار میں رہائش پذیر لوگوں کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    عینی شاہد کے مطابق پائلٹ نے کمال مہارت سے طیارے کو لینڈ کیا اور ٹریفک رواں دواں ہونے کے باوجود کسی گاڑی اور کسی شخص کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • امریکا ایران میں حکومت گرانا نہیں چاہتا، رویے کی تبدیلی چاہتے ہیں: امریکی وزیر دفاع

    امریکا ایران میں حکومت گرانا نہیں چاہتا، رویے کی تبدیلی چاہتے ہیں: امریکی وزیر دفاع

    واشنگٹن: امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا ہے کہ امریکا ایران میں حکومت گرانا نہیں چاہتا، رویے اور پالیسیوں کی تبدیلی چاہتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جیمز میٹس کا کہنا تھا کہ امریکا ایران میں حکومت تبدیل کرنا یا گرانا نہیں چاہتا، ہمارا واحد مقصد ایران کا مشرق وسطیٰ کی بابت رویہ تبدیل کروانا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امریکا چاہتا ہے کہ ایران خطے میں اپنی فوج، خفیہ اداروں اور پراکسی کا استعمال بند کرے، اس قسم کے اقدامات سے مشرقی وسطیٰ کو خطرہ ہے۔

    یاد رہے کہ امریکا کی جانب سے ایرانی جوہری معاہدے سے نکلنے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں اور حالیہ کچھ روز سے فریقین کی جانب سے سخت بیانات کا تبادلہ بھی جاری ہے۔


    امریکہ نےجنگ شروع کی توہم اسےختم کریں گے‘ ایرانی جنرل


    قبل ازیں ایرانی جنرل قاسم سلیمانی امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کو خبردار کرچکے ہیں کہ ’اگر آپ نے جنگ شروع کی تو ہم اسے ختم کریں گے، آپ جانتے ہیں کہ یہ جنگ آپ کی ہر چیز کو تباہ کردے گی۔‘

    خیال رہے گزشتہ دنوں ایرانی صدر کا کہنا تھا امریکا کو اس بات کا ادارک ہونا چاہیے کہ ایران کے ساتھ جنگ تمام جنگوں کی ماں ہوسکتی ہے۔

    بعدازاں امریکی صدرنے حسن روحانی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایران نے اب امریکا کو دھمکی دی تو اسے اس کا وہ خمیازہ بھگتنا پڑے گا جس کی تاریخ میں نظیرمشکل سے ہی ملتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • فلوریڈا میں اژدھوں نے گھڑیال کا شکار شروع کردیا

    فلوریڈا میں اژدھوں نے گھڑیال کا شکار شروع کردیا

    واشنگٹن : فلوریڈا میں موجود گھڑیال سمیت چھوٹی جسامت کے جانور دیوہیکل اژدھوں کا شکار ہوکر معدومی کی جانب بڑھ رہے ہیں، جس کے باعث علاقے کے ماحولیاتی نظام کو شدید خطرات لاحق ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا کے دلدلی علاقے میں موجود مگر مچھ کی نسلیں معدومی کا شکار ہیں جس کے باعث علاقے کا ماحولیاتی نظام خراب ہونے کا شدید خدشہ ہے۔ مذکورہ علاقے میں گھڑیال کے معدوم ہونے کی بڑی وجہ دیو ہیکل اژدھے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ علاقے میں آباد برمی دیو ہیکل اژدھے گھڑیال، لومڑی اور دیگر جانوروں کو اپنے غذا بنارہے ہیں جس کے باعث ان جانوروں کی نسل معدوم ہوتی جارہی ہے جس کے باعث ماحولیات کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ فلوریڈا کے دلدلی علاقے میں موجود اژدھے کسی سیاح یا مقامی شہری کی غفلت یا غیر ذمہ داری کا نتیجہ ہے، جس کی وجہ سے اژدھے کے جوڑا علاقے میں افزائش پاگیا اور پورے علاقے میں پھیل گیا۔

    امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ سنہ 1970 میں اژدھے کی پہلی جوڑی نظر آئی تھی، لیکن اب تقریباً ڈیڑھ لاکھ کے قریب اژدھے موجود ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ برمی نسل کے ان اژدھوں کی لمبائی 7 میٹر  اور 113 کلو گرام وزنی ہیں، جو  4 فٹ لمبے گھڑیال کو بھی نگل جاتے ہیں، ماہرین کا خیال ہے کہ گھڑیال کے ساتھ ساتھ چھوٹی جسامت کے جانور  بھی اژدھوں کا شکار  بن کر ختم ہوتے جارہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اگر ان اژدھوں پر قابو نہیں کیا گیا تو یہ دیگر علاقوں میں بھی پھیل جائیں گے اور دلدلی علاقہ ویران ہوکر رہ جائے گا، امریکا کی جنگلی حیاتیات کے ماہرین کی جانب سے اژدھوں کے خلاف مہم شروع کی گئی ہے جس کے تحت 11 سو اژدھوں کو پکڑا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • ایران کو کسی صورت میں جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے: مائیک پومپیو

    ایران کو کسی صورت میں جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے: مائیک پومپیو

    واشنگٹن: امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے ایک بار پھر امریکی مؤقف دہراتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایران کو کسی صورت میں جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ گزشتہ روز کانگریس کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے کانگریس کو خبر دار کیا کہ ایران یورینیم افزودگی کی مقدار بڑھائے جا رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ امریکا ایران کو من مانی نہیں کرنے دے گا، تہران اس امریکی عزم سے اچھی طرح با خبر ہے، امریکا یورینیم افزودگی کی ایرانی رپورٹس کا جائزہ لے رہا ہے۔

    مائیک پومپیو نے کانگریس کے اراکین سے کہا کہ امریکی صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت پر روس سے کہہ دیا تھا کہ امریکی جمہوری عمل میں مداخلت اس کے حق میں خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔

    امریکا دھمکیوں کے ذریعے ایران کو مذاکرات پر مجبور نہیں کرسکتا: ایرانی وزارت خارجہ

    امریکی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنا جانتے ہیں، روس کے سلسلے میں امریکا اپنی ذمہ داری نبھا چکا ہے اب جو کچھ کرنا ہے روس نے کرنا ہے۔

    مائیک پومپیو نے شمالی کوریا کے ساتھ جوہری ہتھیاروں کے معاملے پر بھی امریکی مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ ہم بے مقصد مذاکرات کے حامی نہیں، بات چیت ضرور کسی نتیجے پر پہنچنی چاہیے، شمالی کوریا کو ایٹمی ہتھیار تلف کرنے پڑیں گے۔

    واضح رہے کہ ایرانی وزیرِ خارجہ بہرام قاسمی نے گزشتہ روز بیان جاری کیا تھا کہ امریکا ایران کو دھمکیوں کے ذریعے مذاکرات کے لیے مجبور نہیں کرسکتا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایران امریکی فیصلوں کا بھرپور جواب دے گا: ایرانی وزارت خارجہ

    ایران امریکی فیصلوں کا بھرپور جواب دے گا: ایرانی وزارت خارجہ

    تہران: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کو متنبہ کرنے کے ردعمل میں ایرانی حکام نے بھی بھرپور جواب دینے کی دھمکی دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گذشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ایرانی صدر حسن روحانی کے درمیان لفظی جنگ دیکھنے میں آئی تھی جس میں دونوں ملکوں کے سربراہان نے ایک دوسرے پر سنگین اقدامات کی دھمکی دی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران امریکا کی جانب سے ہر فیصلے اور اقدامات کا بھرپور اور برابری کی سطح پر جواب دے گا۔

    ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا نے ایرانی تیل کی برآمدات کو روکنے کی کوشش کی، تو اس کا بھی برابری کی سطح پر جواب دیا جائے گا، ہر حالات سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔


    ایرانی صدرامریکا کودھمکیاں نہ دیں‘ ڈونلڈ ٹرمپ


    خیال رہے کہ گذشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ امریکا کے خلاف سخت زبان کے استعمال سے اجتناب کرے ورنہ اسے سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔

    صدر ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں یہ بھی کہا تھا کہ ایرانی صدر امریکا کو دھمکیاں نہ دیں ورنہ ایران کوایسا نقصان ہوگا تاریخ میں جس کی مثال مشکل سے ملے گی۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا تھا کہ امریکا کو اس بات کا ادارک ہونا چاہیے کہ ایران کے ساتھ جنگ تمام جنگوں کی ماں ہوسکتی ہے۔

    ایرانی سفارت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے حسن روحانی یہ بھی کہا تھا کہ مسٹرٹرمپ شیر کی دُم سے نہ کھیلیں ورنہ آپ کوصرف پچھتانا پڑے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • امریکا میں کشتی حادثے میں ڈوبنے والوں کی تعداد 17 ہوگئی

    امریکا میں کشتی حادثے میں ڈوبنے والوں کی تعداد 17 ہوگئی

    واشنگٹن : امریکی ریاست میسوری میں کشتی حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد سترہ ہوگئی ہے جس میں 4 بچے بھی شامل ہیں جبکہ ڈوبنے والوں میں 9 کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست میسوری کے حکام کی جانب سے جمعرات کے روز ٹیبل راک نامی جھیل میں ڈوبنے والے ستہ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے، جن کی عمریں 1 سے سترہ برس کے درمیان ہیں، حادثے کا شکار ہونے والی کشتی میں 31 افراد سوار تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ریسکیو اہلکاروں نے ریاست میسوری کے شہر برانسن میں واقع جھیل میں ڈوبنے والوں میں ایک خاتون ٹیا کولمین کو بچالیا ہے جس کا کہنا ہے کہ کشتی میں سوار  میرے 11 رشتے داروں میں نو ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔

    کشتی حادثے میں ڈوبنے والے خاندان کی یادگار تصویر

    امریکی خبر رساں اداروں کا کہنا تھا کہ کشتی حادثے میں ڈوب کر ہلاک ہونے والے افراد میں 4 بچے بھی شامل ہیں، ٹیا کولمین نے میڈیا کو بتایا کہ المناک حادثے میں میرے ساس، سسر، شوہر اور بچے بھی دیگر رشتہ داروں کے ہمراہ ہلاک ہوگئے، ہماری تین نسلیں ختم ہوگئیں۔

    برانسن کے سیکیورٹی اہلکاروں کا کہنا ہے کہ کشتی ڈونبے کا واقعہ کپتان کی غفلت کے باعث پیش آیا ہے، جس نے کہا تھا کہ سفر بہت پرسکون گزرے گا لائف جیکٹس کی ضرورت نہیں ہے۔

    امریکی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات نے خراب موسم کے باعث سمندری طوفان اور جھیل میں طغیانی کے خطرے سے پہلے ہی آگاہ کردیا تھا، اس کے باوجود کشتی چلانے والی کمپنی نے کوئی حفاظتی انتظامات نہیں کیے جبکہ کشتی میں لائف جیٹکس بھی نہیں رکھی گئیں۔

    غیر ملکی خبر رساں اداروں کا کہنا تھا کہ کشتی نے کچھ فاصلہ ہی طے کیا تھا کہ جھیل میں طغیانی پیدا ہوگئی اور بلند لہروں کے باعث کشتی الٹ گئی، جس نتیجے میں 17 افراد ڈوب کر ہلاک ہوگئے۔

    امریکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جھیل میں ڈوبنے والے افراد میں کشتی کا کپتان بھی شامل ہے۔

    امریکا کے نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے کشتی حادثے کہ تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے تفتیشی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جبکہ تحقیقات مکمل ہونے تک کمپنی کا لائسنس بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں