Tag: america

  • امریکا پاکستان میں شفاف انتخابات کے انعقاد کی حمایت کرتا ہے: امریکی محکمہ خارجہ

    امریکا پاکستان میں شفاف انتخابات کے انعقاد کی حمایت کرتا ہے: امریکی محکمہ خارجہ

    واشنگٹن: ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ہیدرنوئرٹ نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان میں شفاف انتخابات کے انتعقاد کی مکمل حمایت کرتا ہے، امید ہے پاکستان میں اقتدار کی منتقلی کا مرحلہ احسن طریقے سے ہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی دار الحکومت واشنگٹن میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے کیا، ہیدرنوئرٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تاریخی انتخابی اصلاحات بل کی بھی حمایت کرتے ہیں، پہلا موقع ہے کہ پاکستان میں ایسے قانون پر عمل در آمد کیا جارہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات کے حوالے سے امریکا کی حمایت حاصل رہے گی، امید ہے انتخابات کے بعد پاکستان میں اقتدار کی منتقلی کا مرحلہ بھی احسن طریقے سے مکمل ہوگا۔


    ملزم کرنل جوزف کومکمل استثنیٰ حاصل نہیں‘ اسلام آباد ہائی کورٹ


    پریس بریفنگ کے دوران ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کرنل جوزف سے متعلق سوال پر جواب سے گریز کیا، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ امریکی سفارت کار کی گاڑی سے حادثے پر ابھی کہنے کو کچھ نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 7 اپریل کو امریکی ملٹری اتاشی نے اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو کے قریب سگنل توڑ کر موٹرسائیکل سوار دو افراد کو کچل دیا تھا۔


    عام انتخابات 25 جولائی کو ہوں‌ گے، صدر ممنون حسین نے منظوری دے دی


    حادثے میں عتیق بیگ نامی نوجوان موقع پرجاں بحق اور اس کا کزن شدید زخمی ہوگیا تھا جبکہ پولیس نے سفارتی استثنیٰ کے باعث کرنل جوزف کو جانے کی اجازت دی تھی۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں عام انتخابات رواں سال 25 جولائی کو ہونے جارہے ہیں جس کے لیے تاریخ کی منظوری صدر مملکت ممنون حسین کی جانب سے دے دی گئی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • امریکی صدر اور جاپانی وزیر اعظم شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے خاتمے پر متفق

    امریکی صدر اور جاپانی وزیر اعظم شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے خاتمے پر متفق

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جاپان کے وزیر اعظم شنزو آبے شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کے خاتمے پر متفق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جاپانی وزیر اعظم شنزو آبے کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا اس دوران دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا ہے کہ شمالی کوریا کا جوہری ہتھیار سے دست بردار ہونا اور بیلسٹک میزائل پروگرام کو ختم کرنا ناگزیر ہوچکا ہے۔

    امریکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے ٹیلی فون کے ذریعے شمالی کوریا کے جوہری پروگرام سے متعلق تبادلہ خیال کیا اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان پر ایٹمی پروگرام سے دست برداری کے حوالے سے ڈباؤ ڈالنے اور حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔


    امریکی صدر ٹرمپ شمالی کوریا کے رہنما سے ملاقات پر رضامند


    بیان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جاپانی وزیر اعظم شنزو آبے سے جلد ملاقات پر آمادگی کا اظہار کیا ہے، ملاقات کی تاریخ طے نہیں کی گئی البتہ رواں سال 12 جون سے قبل ملاقات ہوسکتی ہے۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ شمالی کوریا کے رہنما سے ملاقات کے حوالے سے مثبت رابطے اور بات چیت ہوئی ہے، اگر یہ ملاقات ہوئی تو 12 جن کو سنگاپور میں ہی ہوگی اور اگر ضرورت محسوس ہوئی تو ملاقات 12 جون کے بعد بھی ہوسکتی ہے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ دنوں ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما سے 12 جون کو ہونے والی ملاقات منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔


    برف پگھل نہ سکی، ٹرمپ نے کم جونگ سے ملاقات ملتوی کردی


    علاوہ ازیں وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ امریکی صدر کے خط میں کہا تھا کہ کم جونگ کے حالیہ بیان کے بعد اب سنگاپور میں ہونے والی شیڈول ملاقات کا امکان بالکل بھی نہیں کیونکہ شمالی کوریا کے سربراہ نے ایک بار پھر کھلی دشمنی ظاہر کردی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • امریکا میں طوفانی بارشیں، برطانیہ میں بھی سیلابی صورت حال، ایک شخص ہلاک

    امریکا میں طوفانی بارشیں، برطانیہ میں بھی سیلابی صورت حال، ایک شخص ہلاک

    واشنگٹن: امریکا میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی جبکہ دوسری جانب برطانیہ میں بھی شدید بارشوں کے باعث سڑکیں تالاب بن گئیں اور ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایک جانب امریکی ریاست میری لینڈ میں طوفانی بارشوں اور سیلاب نے نظام زندگی درہم برہم کردیا ہے تو دوسری طرف برطانیہ کے شہر برمنگھم میں بھی شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورت حال ہے اور شخص ہلاک بھی ہوچکا ہے۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ امریکی ریاست میری لینڈ میں طوفانی بارشوں کے باعث معمولات زندگی مفلوج ہے، جبکہ ایلوٹ شہر میں درجنوں گھر اور گاڑیاں پانی میں ڈوب گئی ہیں اور ایک شہری لاپتہ ہوگیا ہے جس کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔


    امریکا کی متعدد ریاستوں میں طوفان اوربارشوں نے تباہی مچادی


    امریکی ریاست میری لینڈ میں سیلاب کی وجہ سے شہروں کا نقشہ بدل گیا ہے، طوفانی بارش اور سیلابی ریلوں نے ایلوٹ شہر کی گلیوں کو دریا میں تبدیل کر دیا ہے، بپھرے پانی نے لوگوں کو گھروں، دفاتر اور دیگر عمارتوں میں محصور کردیا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں بجلی اور مواصلات کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے۔

    دوسری جانب برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی، شہر برمنگھم میں مسلسل بارش سے سڑکیں تالاب بن گئیں اور متعدد گاڑیاں ڈوب گئیں، لندن کا اسٹینسڈ ائیرپورٹ بھی بارش اور آسمانی بجلی سے متاثرہوا جس کے بعد پروازوں کا شیڈول بھی متاثرہوچکا ہے۔


    امریکا اور برطانیہ سمیت کئی یورپی ممالک برفانی طوفان، بارشوں اور سیلاب کی زد میں


    خیال ہے کہ بارشوں کے باعث سینکڑوں صارفین کو بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی، محکمہ موسمیات کے مطابق چونسٹھ ہزار آسمانی بجلی کے کڑاکے ریکارڈ کیے گئے، علاوہ ازیں برطانوی شہر برمنگھم میں ایک 80 سالہ شہری ڈوب کر ہلاک ہوچکا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • شمالی کوریا کے سربراہ کی مون جے ان سے اچانک ملاقات، امریکی فیصلوں پر تبادلہ خیال

    شمالی کوریا کے سربراہ کی مون جے ان سے اچانک ملاقات، امریکی فیصلوں پر تبادلہ خیال

    پیانگ یانگ: شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے جنوبی کوریا کے رہنما مون جے ان سے اچانک ملاقات کی اس دوران شمالی کوریا سے متعلق امریکی فیصلوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات شمالی اور جنوبی کوریا کے سرحدی علاقے پر ہوئی، دو گھنٹے کی اس ملاقات میں کم جونگ ان اور مون جے ان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ فیصلوں پر بات چیت کی۔

    عالمی میڈیا کا کہنا ہے کہ تین روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان سے ملاقات کی منسوخی کا اعلان کیا گیا تھا جس کے بعد شمالی کوریا اور جنوبی کوریا کے رہنماؤں نے ملاقات کی ہے تاکہ اس موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے مستقبل کا لائحہ عمل تیار کیا جائے۔


    شمالی کوریا بحران کا خاتمہ ٹرمپ اور کم جونگ کی ملاقات سے مشروط ہے: جاپانی وزیر اعظم


    شمالی کوریائی حکام کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونی والی ملاقات کامیاب رہی، دونوں ممالک کے سربراہان دورانِ ملاقات کافی خوشگوار موڈ میں تھے، ملاقات سے متعلق مکمل تفصیلات اور اعلامیہ آج جاری کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ تین روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ سے ہونے والی ملاقات ملتوی کردی تھی، دونوں رہنماؤں کو جون کی 12 تاریخ کو سنگاپور میں ملنا تھا۔


    کم جونگ ان کسی بھی وقت امریکی صدرسے ملاقات کو تیار ہیں، شمالی کوریا


    علاوہ ازیں وائٹ ہاؤس کی جانب سے ٹرمپ کا خط جاری کیا گیا تھا، جس میں شمالی کوریا کے سربراہ کا نام تحریر تھا، ٹرمپ نے اپنے خط میں کہا تھا کہ کم جونگ کے حالیہ بیان کے بعد اب سنگاپور میں ہونے والی شیڈول ملاقات کا امکان بالکل بھی نہیں کیونکہ شمالی کوریا کے سربراہ نے ایک بار پھر کھلی دشمنی ظاہر کردی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • امریکا: اسکول میں طالب علم کی فائرنگ، ٹیچر سمیت ایک طالبہ زخمی

    امریکا: اسکول میں طالب علم کی فائرنگ، ٹیچر سمیت ایک طالبہ زخمی

    واشنگٹن: امریکا کے ایک اسکول میں طالب علم نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ٹیچر سمیت ایک طالبہ زخمی ہوئیں تاہم حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست ’انڈیانہ‘ کے اسکول میں پیش آیا فائرنگ کا واقعہ جہاں ایک طالب علم نے کلاس میں اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے باعث ٹیچر سمیت ایک طالبہ بھی زخمی ہوئیں تاہم حملہ آور کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔

    امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ 13 سالہ طالب علم کی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں ایک طالبہ اور سائنس کی ٹیچر شامل ہیں، حملے کے دوران ٖٹیچر نے مزاحمت کی کوشش بھی کی، جبکہ اسکول میں خوف کی لہر پائی جاتی ہے۔


    ٹیکساس اسکول فائرنگ، حملہ آور کے خلاف عدالت میں رپورٹ پیش


    امریکی میڈٰیا کا کہنا تھا کہ ٹیچر نے بدتمیزی پر طالبعلم کو کلاس سے باہر نکال دیا تھا تاہم طالب علم کچھ دیر بعد کلاس میں واپس آیا اور اندھا دھند فائرنگ کر دی، بعد ازاں زخمی ٹیچر نےحملہ آور کو دبوچ کر بندوق چھینی جس کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

    واضح رہے کہ گذشتہ دنوں امریکا کے سانٹا فے ہائی اسکول میں طالبعلم کی فائرنگ سے پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ سمیت 10 طالبعلم جاں بحق ہوگئے تھے، علاوہ ازی  واقعے سے متعلق پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ہائی اسکول کے 17 سالہ حملہ آور طالبعلم دیمیتر یوس پاگورٹزس کو گرفتار کر لیا گیا ہے جس نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔

    بعدازاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ٹیکساس فائرنگ واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • ایرانی سپریم لیڈر نے ایٹمی معاہدے کو باقی رکھنے کے لیے7شرائط پیش کردیں

    ایرانی سپریم لیڈر نے ایٹمی معاہدے کو باقی رکھنے کے لیے7شرائط پیش کردیں

    تہران :ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے یورپی ممالک اور ایران کے درمیان طے ہونے والے ایٹمی معاہدے کو باقی رکھنے کے لیے سات شرائط پیش کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق سنہ 2015 میں ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان طے ہونے والے ایٹمی معاہدے سے امریکا کی دست برداری کے بعد یورپی ممالک اور ایران کے درمیان معاہدے کو باقی رکھنے کے لیے حکام کی کوششیں جاری ہیں۔

    گذشتہ روز ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے عالمی طاقتوں کے ساتھ ہونے والے جوہری معاہدے کو برقرار رکھنے کے لیے سات شرائط پیش کی گئی ہیں۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی جانب سے سرکاری ویب سایٹ پر بدھ کے روز جاری بیان میں یورپی ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ امریکا کی جانب سے ایٹمی معاہدے کی منسوخی کے بعد یورپی بینک ایرانی تیل کی تجارت کو تحفظ فراہم کریں اور ایران سے خام تیل کی خریداری کو جاری رکھیں۔

    عرب میڈیا کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کا بیان میں کہنا تھا کہ یورپی ممالک کو وعدہ کرنا ہوگا کہ وہ ایران کے بیلسٹک میزائل منصوبے پر کوئی مذاکرات نہیں کریں گے اور نہ ہی مشرق وسطیٰ میں ہونے والی سرگرمیوں کے حوالے سے کوئی نئے مذاکرات ہوں گے۔

    عرب میڈیا کا کہنا تھا کہ آیت اللہ خامنہ ای نے جاری بیان میں کہا ہے کہ یورپی ممالک کو ایران کے ساتھ ہونے والی تجارت کو محفوظ بنانا ہوگا۔ ایران برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے ساتھ کوئی جنگ نہیں چاہتا تاہم ان پر بھروسہ بھی نہیں کرسکتا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر امریکا ایرانی تیل کی فروخت کو کوئی نقصان پہنچاتا ہے تو پھر یورپ کو تحفظ فراہم کرنا ہوگا اور ایران سے تیل کی خریداری کرنی ہوگی۔ جس کے لیے یورپی ممالک کو تحفظ دینے کی ضمانت دینی چاہیئے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں

  • ہمیں اپنی دفاعی صلاحیت بڑھانے کے لیے کسی کی اجازت نہیں چاہیے: سربراہ ایرانی فوج

    ہمیں اپنی دفاعی صلاحیت بڑھانے کے لیے کسی کی اجازت نہیں چاہیے: سربراہ ایرانی فوج

    تہران: ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری نے کہا ہے کہ ہمیں اپنی دفاعی صلاحیت بڑھانے کے لیے کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں ہے، ہم اپنے فیصلے خود کریں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایرانی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، خیال رہے کہ امریکا کی جانب سے ایران پر مسلسل دباؤ ڈالا جارہا ہے کہ وہ علاقے میں اپنا اثر ورسوخ کم کرے، اپنی دفاعی اور ملٹری پالیسیوں میں تبدیلی لائے تاہم ایرانی فوج کے سربراہ نے ان مطالبات کو رد کر دیا۔

    میجر جنرل محمد باقری کا کہنا تھا کہ ایران ہتھیاروں کی تیاری کے لیے کسی ملک کی اجازت کا انتظار نہیں کرے گا اور نہ ہی ہمیں کوئی یہ کہہ سکتا ہے کہ اپنی دفاعی صلاحیتوں اور ملٹری پالیسیوں کو محدود کرے۔


    امریکا کون ہوتا ہے ایران سے متعلق فیصلے کرنے والا؟ حسن روحانی


    ان کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی فوج ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کے لیے بھرپور تیار کھڑی ہے، ہم نے اپنی صلاحیتوں کو مزید مضبوط کیا ہے، بڑے سے بڑے چیلنجز کا سامنا کرسکتے ہیں، ہماری فوج اس سے پہلے کبھی اتنی تیار نہ تھی جتنی آج ہے۔

    خیال ہے کہ دو روز قبل امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا تھا کہ اگر ایران اپنی علاقائی اور ملٹری پالیسیوں میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں نہ لایا تو اس کے خلاف تاریخ کی سخت ترین پابندیاں عائد کر دی جائیں گی۔


    ایران سے متعلق امریکا کی نئی پالیسی، یورپی یونین نے تحفظات کا اظہار کردیا


    مائیک پومپیو نے یہ بھی کہا تھا کہ ایران خطے میں پراکسی وار کا سبب بن رہا ہے، ایران کو دھمکی آمیز رویہ ترک کرنا ہوگا، ایران نے جوہری معاہدے کے دوران مشرق وسطیٰ میں اثرورسوخ بڑھایا، ایران کو دوبارہ جوہری تجربوں کی جانب نہیں جانے دیں گے، ان کو یورینیم کی افزودگی روکنی ہوگی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی میت گھر پہنچ گئی

    پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی میت گھر پہنچ گئی

    کراچی: امریکی ریاست ٹیکساس میں فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی میت کو اس کے گھر پہنچا دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سبیکا شیخ کی میت لانے والی غیر ملکی پرواز ٹی کے 708 نے پاکستانی وقت کے مطابق تین بج کر  32 منٹ پر ایئرپورٹ پر لینڈ کیا جبکہ اس موقع پر کارگو ٹرمینل پر میت کی وصولی کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے، سبیکا شیخ کے اہل خانہ نے میت وصول کی، بعد ازاں میت کو گھر پہنچایا گیا۔

    قومی پرچم میں لپٹی سبیکا شیخ کی میت کو ایئرپورٹ پر اے ایس ایف اہلکاروں کی جانب سے سلامی پیش کی گئی جس کے بعد جسد خاکی کو ورثا کے حوالے کیا گیا جو میت کو لے کر گھر پہنچے، جبکہ گھر میں عزیز واقارب کی بہت بڑی تعداد تعزیت کے لیے موجود ہے۔

    علاوہ ازیں کارگو ٹرمینل پر قائم مقام امریکی قونصل جنر ل سمیت پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فیصل واوڈا جبکہ پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی اور ناصر شاہ بھی موجود رہے۔

    اہل خانہ کے مطابق مقتولہ کی نماز جنازہ آج صبح 9 بجے گلشن اقبال میں واقع بیت المکرم مسجد میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین عظیم پورہ قبرستان شاہ فیصل میں ہوگی جس کے لیے تیاریاں مکمل ہیں۔

    مقتولہ سبیکا شیخ کے گھر میں اس وقت اداسیوں کے ڈیرے ہیں اور لواحقین غم سے نڈھال ہیں جبکہ گھر میں تعزیت کرنے والوں کا تانتا بندھا ہوا ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔


    جنرل جوزف کا آرمی چیف سے رابطہ، سبیکا کی ناگہانی موت پر اظہار تعزیت


    خیال رہے کہ 19 مئی کو امریکی ریاست ٹیکساس میں شہرہوسٹن کے سانٹا فے ہائی اسکول میں طالبعلم کی فائرنگ سے پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ سمیت 10 طالبعلم جاں بحق ہوگئے تھے۔

    پاکستانی طالبہ ایکسچینج ایئر پروگرام کی طالبہ تھی، وہ 21 اگست 2017 کو یوتھ ایکسچیج اینڈ اسٹڈی پروگرام کے تحت تعلیم حاصل کرنے امریکا گئی تھیں اور 6 جون کو اُن کی وطن واپسی تھی۔


    ہیوسٹن میں پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی نمازجنازہ کی ادائیگی


    علم کی شمع کو تقویت دینے کے لیے امریکا جانے والی پاکستانی طالبہ کراچی کے علاقے گلشن اقبال کی رہائشی تھیں وہ اپنے بہن بھائیوں میں سب سے بڑی اور ذہین تھیں، والدہ ، بہن بھائی اور لواحقین غم سے نڈھال ہیں اور مقتولہ کے کمرے میں رکھی شیلڈ و اعزازت کو حسرت بھری نگاہوں سے دیکھ رہے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایران سے متعلق امریکا کی نئی پالیسی، یورپی یونین نے تحفظات کا اظہار کردیا

    ایران سے متعلق امریکا کی نئی پالیسی، یورپی یونین نے تحفظات کا اظہار کردیا

    لندن: امریکا کی جانب سے ایران کے حوالے بنائی گئی نئی حکمت عملی پر یورپی یونین نے تحفظات کا اظہار کردیا جبکہ سعودی عرب نے نئی پالیسی کی مکمل حمایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پامپیو نے گذشتہ روز ایران سے متعلق امریکا کی نئی پالیسی کا اعلان کیا تھا، علاوہ ازیں مائیک پومپیو نے یہ بھی کہا تھا کہ امریکا ایران پر تاریخ کی سخت ترین پابندیاں عائد کرے گا، پابندیوں کے بعد ایران کو اپنی معیشت کی بقا کا مسئلہ پڑ جائے گا۔

    عالمی میڈیا کے مطابق یورپی یونین میں خارجہ پالیسی کی رابطہ کار فیڈریکا موگرینی نے امریکا پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایران جوہری معاہدے پر قائم رہے، جب تک ایران معاہدے کی پاسداری کرتا رہے اس وقت تک سمجھوتے کی شقوں پر عمل درآمد جاری رکھنا چاہیے۔


    ایران، امریکا کی دھمکیوں اور دباؤ میں نہیں آئے گا: حسن روحانی


    دوسری جانب جرمنی کے وزیر خارجہ ہائیکو ماس کا کہنا تھا کہ یورپی ممالک امریکا کے بغیر بھی ایرانی معاہدے کا نفاذ برقرار رکھنا چاہتے ہیں، ایران نے اگر دوبارہ جوہری پروگرام کا آغاز کیا تو اس سے خطرات جنم لے سکتے ہیں اسی لیے یورپ معاہدے پر مکمل قائم ہے۔

    علاوہ ازیں برطانیہ کے وزیر خارجہ بورس جونسن نے جوہری معاہدے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دنیا کو ایران کے ایٹم بم سے محفوظ رکھنے والا سمجھوتہ ہے، اس سے دست برداری کے بجائے امریکا کو چاہیے کہ وہ اس میں دوبارہ شامل ہوکر دنیا کو ایٹمی خطرات سے محفوظ رکھے۔


    امریکا،سعودی عرب اور یواےای‘ایران کے خلاف متحد


    خیال رہے کہ سعودی عرب نے امریکی جانب سے ایران سے متعلق نئ پالیسی کے بعد مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے، علاوہ ازیں جب امریکا نے ایران جوہری ڈیل سے دست برداری کا اعلان کیا تھا اس وقت بھی سعودی عرب امریکا کے ساتھ کھڑا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • امریکا کون ہوتا ہے ایران سے متعلق فیصلے کرنے والا؟ حسن روحانی

    امریکا کون ہوتا ہے ایران سے متعلق فیصلے کرنے والا؟ حسن روحانی

    تہران: ایرانی صدر حسن روحانی نے ایران سے متعلق امریکی فیصلے اور پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کون ہوتا ہے ایران کے حوالے سے فیصلے کرنے والا؟

    تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پامپیو نے آج ایران سے متعلق امریکا کی نئی پالیسی کا اعلان کیا ہے، علاوہ ازیں مائیک پومپیو نے یہ بھی کہا ہے کہ امریکا ایران پر تاریخ کی سخت ترین پابندیاں عائد کرے گا، پابندیوں کے بعد ایران کو اپنی معیشت کی بقا کا مسئلہ پڑ جائے گا۔

    ایرانی صدر حسن روحانی نے امریکی فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ایران سے متعلق پابندیوں کے امریکی فیصلے قبول نہیں کئے جائیں گے، تمام ممالک آزاد اور خود مختار ہیں، دیگر ممالک بھی ایران سے متعلق امریکی فیصلوں کو رد کریں گے۔


    امریکا ایران پر تاریخ کی سخت ترین پابندیاں عائد کرے گا، امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو


    حسن روحانی کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے ایسے فیصلے آتے رہتے ہیں، تاہم ایرانی عوام امریکی پابندیوں کو پہلے ہی رد کر چکے ہیں، ہم ایسی دھمکیوں سے ڈرتے ہیں اور نہ ہی کان دھرتے ہیں۔

    خیال رہے کہ آج امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایران سے متعلق کہا تھا کہ ایران کی کسی بھی متبادل حکمت عملی سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، ایران پر بہت زیادہ اقتصادی دباؤ بڑھائیں گے، ایرانی رہنماؤں کو ہماری سنجیدگی کے بارے میں کوئی شک نہیں ہوگا۔


    ایرانی ایٹمی معاہدے کو بچانے کے لیے یورپ کی کوششیں ناکافی ہیں، جواد ظریف


    مائیک پومپیو نے یہ بھی کہا تھا کہ ایران خطے میں پراکسی وار کا سبب بن رہا ہے، ایران کو دھمکی آمیز رویہ ترک کرنا ہوگا، ایران نے جوہری معاہدے کے دوران مشرق وسطیٰ میں اثرورسوخ بڑھایا، ایران کو دوبارہ جوہری تجربوں کی جانب نہیں جانے دیں گے، ان کو یورینیم کی افزودگی روکنی ہوگی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔