Tag: america

  • ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے داماد کو مشیربنانے کا فیصلہ کرلیا

    ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے داماد کو مشیربنانے کا فیصلہ کرلیا

    واشنگٹن : ڈونلڈ ٹرمپ نے اقرباء پروری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے داماد کو وائٹ ہاؤس میں اہم عہدے پر تعنیات کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد امریکی میڈیا نے نومنتخب صدر کو کڑی تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جہاں اپنے قریبی دوستوں کو اہم حکومتی عہدوں سے نواز رہے ہیں وہیں انہوں نے اپنے داماد جیرڈ کوشنر کو وائٹ ہاؤس میں مشیر کے طور پر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کے اس فیصلے پر امریکہ بھر میں ایک نئی بحث کا آغاز ہو گیا ہے کہ کیا امریکی صدر اپنے خاندان کے افراد کی حکومتی عہدے پر تقرری کر سکتا ہے یا نہیں؟

    اطلاعات کے مطابق ماضی میں ہیلری کلنٹن صدرکلنٹن کے دور میں صحت کی مشیر کے حوالے سے کام کر چکی ہیں جبکہ 1960 میں جان ایف کینیڈی نے اپنے بھائی رابرٹ ایف کینیڈی کو اٹارنی جنرل کے عہدے پر تعینات کیا تھا۔ اس تمام معاملے پر ہاؤس اسپیکر پال رائن بھی ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کرتے نظر آرہے ہیں۔

    مزید پڑھیں : میرا داماد اسرائیل اور فلسطین میں امن کے قیام کیلئے کردار ادا کر سکتا ہے، ٹرمپ

    یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ کے شوہر جیرڈ کوشنر نے ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا، یہاں تک کہ صدر اوباما سے ہونے والی ملاقات میں بھی وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ہمراہ وائٹ ہاؤس گئے۔

    دوسری جانب امریکی میڈیا ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد کی اہم عہدے پر تقرری کو آڑے ہاتھوں لے رہا ہے تاہم اس تمام معاملے میں ڈونلڈ ٹرمپ اپنے داماد کی بھرپور حمایت کرتے نظر آرہے ہیں اور انہیں مستقبل کا ایک بہترین سیاست دان بھی قرار دے رہے ہیں جبکہ اس خبر کے حوالے سے سوشل میڈیا پر نیا ٹرینڈ یہ ہے کہ اللہ سب کو ڈونلڈ ٹرمپ جیسا سسر نصیب کرے۔

  • آصف علی زرداری رواں ماہ امریکہ کا دورہ کریں گے

    آصف علی زرداری رواں ماہ امریکہ کا دورہ کریں گے

    اسلام آباد : سابق صدر پاکستان اور پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے چئیرمین آصف علی زرداری کی رواں ماہ امریکا روانگی کا امکان ہے، آصف زرداری ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں بھی شرکت کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری راواں ماہ امریکہ کا دورہ کریں گے ان کے ہمراہ وفد میں رحمان ملک، شیری رحمان اور دیگر رہنما بھی شامل ہونگے۔

    پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ امریکی حکومت کی دعوت پرجائیں گے، جہاں وہ امریکہ کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں بھی شرکت کریں گے۔

    یہ بھی اطلاعات ہیں کہ وہ امریکا سے فرانس روانہ ہوں گے۔ اپنے دورے کے دوران آصف زرداری کی ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد کے علاوہ ان کی ٹرانزیشن ٹیم سے ملاقات بھی متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری کا دورہ 18 سے 25 جنوری تک ہوگا۔

  • سال کےاختتام پر امریکی صدر کے حیران کن اقدامات

    سال کےاختتام پر امریکی صدر کے حیران کن اقدامات

    واشنگٹن: اپنے عہدے کی مدت ختم ہونے سے محض 20 روز قبل صدر باراک اوباما کے حیران کن فیصلوں سے امریکا کے اسرائیل اور روس کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوگئی لیکن ٹرمپ کہتے ہیں کہ ان کے آنے کے بعد حالات مختلف ہوں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندہ واشنگٹن جہانزیب علی کی رپورٹ کے مطابق صدر اوباما کے عہدے کی میعاد 20 جنوری کو ختم ہورہی ہے تاہم اقتدار ختم ہونے سے چند روز پہلے صدر اوباما نے روس کے 35 سے زائد سفارت کاروں کو ملک بدرکردیا جبکہ اسرائیل کے خلاف اقوام متحدہ میں ہونے والی ووٹنگ میں بھی حصہ نہیں لیا۔

    نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ جب وہ اقتدار میں ہوں گے تو حالات مختلف ہوں گے۔ اسرائیل کے حوالے سے ٹرمپ نے ٹویٹ کیا کہ مضبوط رہیں 20 جنوری دور نہیں جبکہ روسی صدر پوتن کو انہوں نے اسمارٹ کہا۔ روس اور اسرائیلی قیادت نے اوباما انتظامیہ کے اقدامات کو شرم ناک قرار دیا ہے۔

    روسی صدر پوتن کا کہنا ہے کہ وہ انتظار کریں گے کہ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں آکر کیا فیصلے کرتے ہیں جبکہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو بھی ڈونلڈ ٹرمپ سے اسرائیل کے حق میں فیصلوں کی امید کر رہے ہیں۔

    تجزیہ کاروں کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ بیس جنوری کو اقتدار میں آکر صدر اوباما کے اسرائیل اور روس کے خلاف کئے جانے والے اقدامات کو تبدیل کر سکتے ہیں۔

  • لشکر طیبہ کے دو رہنما اورطلبہ تنظیم دہشت گردوں کی فہرست میں شامل

    لشکر طیبہ کے دو رہنما اورطلبہ تنظیم دہشت گردوں کی فہرست میں شامل

    واشنگٹن: امریکہ نے کالعدم لشکر طیبہ کے دو سینئر رہنماؤں کے نام اور اس کی ذیلی تنظیم المحمدیہ اسٹوڈنٹس کا نام خصوصی طور پر عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکہ کی وزارت خارجہ نے لشکر طیبہ کے دو مزید سینیئر رہنماؤں کے نام اور اس کی ذیلی تنظیم المحمدیہ اسٹوڈنٹس کا نام خصوصی طور پرعالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔ جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    امریکی وزارت خارجہ نے لشکر طیبہ کا نام غیرملکی دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں دسمبر 2001 میں شامل کیا تھا۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق امریکی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ المحمدیہ اسٹوڈنٹس لشکر طیبہ کا طلبہ ونگ ہے۔ ان کے مطابق المحمدیہ اسٹوڈنٹس 2009 میں قائم کی گئی تھی اور یہ لشکر طیبہ کی ذیلی تنظیم ہے اور لشکر طیبہ کے سینیئر رہنماؤں کے ساتھ کام کرتی ہے۔

    نوٹیفیکیشن کے مطابق المحمدیہ اسٹوڈنٹس کی امریکہ میں تمام جائیداد کو ضبط کیا جائے گا۔امریکہ نے لشکر طیبہ کے جن دو سینیئر رہنماؤں کا نام غیر ملکی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کیا ہے ان میں محمد سرور اور شاہد محمود شامل ہیں۔

  • ماضی کے اداکاررتن کمارامریکا میں انتقال کرگئے

    ماضی کے اداکاررتن کمارامریکا میں انتقال کرگئے

    کراچی : ماضی کے معروف اداکار نذیرعلی عرف رتن کمار امریکا میں انتقال کر گئے، مرحوم نے پاکستان کی کئی مشہور فلموں میں اپنی اداکاری کے جو ہر دکھائے۔

    تفصیلات کے مطابق ماضی کے مشہور چائلڈ اسٹار نذیرعلی عرف رتن کمار نے کئی مشہور فلموں میں اپنانام بنایا، ساٹھ کی دہائی کے اوائل میں رتن کمار نے بالی وُوڈ فلموں میں چائلڈ اسٹار کے طور پر کام کیا۔

    انہوں راج ساہنی، راج کمار اور دیگر مشہور اداکاروں کے ساتھ کام کیا، سال انیس سو ستاون میں وہ پاکستان آگئے اور اپنی پہلی ہی لالی وُوڈ کی فلم معصوم میں خوبصورت اداکاری سے فلم بینوں کے دل میں گھر کر گئے۔

    خوبرو اداکاررتن کمار نے ہیرو کی حیثیت سے خلیل قیصر کی سپرہٹ فلم ’’ناگن‘‘ میں بھی کام کیا، ماضی کا یہ مشہور ستارہ آج ہم میں نہ رہا۔

    نذیرعلی امریکی ریاست مشی گن میں انتقال کر گئے۔ انہوں نے بیوہ دو بیٹے اور بیٹی سوگوار چھوڑے ہیں۔

  • امریکی لڑاکا طیاروں‌ کی انڈسٹری بھارت منتقل ہونے کا امکان

    امریکی لڑاکا طیاروں‌ کی انڈسٹری بھارت منتقل ہونے کا امکان

    واشنگٹن: اوباما انتظامیہ جاتے جاتے بھارت پر مہربان ہوگئی، امریکا اب لڑاکا طیارے بھارت میں بنا ئے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کو ایف سولہ طیارے دینے میں نخرے کرنے والا امریکا اب بھارت میں لڑاکا طیاروں کی پوری انڈسٹری لگائے گا، امریکی صدر اوباما جاتے جاتے بھارت کو لڑاکا طیاروں کی پوری انڈسٹری تحفے میں دے گئے۔

    امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق اوباما انتظامیہ اور بھارت میں معاہدے پر کام ہورہا ہے، دنیا کی سب سے بڑی اسلحہ ساز کمپنی لاک ہیڈ مارٹن نے بھارت میں لڑاکا طیارے بنانے کی پیشکش کر رکھی ہے۔


    یہ بھی پڑھیں: بھارتی طیارہ تیجا 33 برس سے تیار نہ ہوسکا


    امریکی جریدے کے مطابق ’’لاک ہیڈ مارٹن‘‘ اپنا پلانٹ ریاست ٹیکساس سے اٹھا کر بھارت منتقل کرے گی جس کے بعد بھارت میں ایف 16 اور ایف اے 18 لڑاکا طیارے بنائے جائیں گے۔

    واشنگٹن پوسٹ نے لکھا ہے کہ اوباما انتظامیہ نے یہ اقدام اس وقت اٹھایا جب نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکیوں کے لیے ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے پر زور دیا ہے۔

  • لاطینی امریکا میں زلزلے کے جھٹکے، سونامی الرٹ جاری

    لاطینی امریکا میں زلزلے کے جھٹکے، سونامی الرٹ جاری

    ایل سلواڈور: ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7.2 ریکارڈ کی گئی، سونامی الرٹ جاری کردیا گیا، زلزلے سے سینکڑوں گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاطینی امریکا کے ممالک ایل سلواڈور اور نکارا گوا میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر اور مرکز 150 کلومیٹر دور تھا،

    خبر رساں ادارے کے مطابق وسطی امریکا کے ملک نکارا گوا کے مغربی ساحلی علاقے میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، اور لوگ گھروں کے باہر کھلی جگہ پر جمع ہو گئے۔

    محکمہ شہری دفاع نے سونامی کی وارننگ جاری کردی ہے۔ جس کے بعد عوام نے فوری طور پر محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہونا شروع کردیا ہے۔

    زلزلے سےمتاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کےلیے ٹیموں کو الرٹ کردیا گیا ہے، زلزلے سے سینکڑوں گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کام شروع کردیا گیا ہے، عمارتوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالا جارہا ہے تاہم ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے، جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلہ کی شدت 7.2 ریکارڈ کی گئی ہے۔

  • ملکی ترقی کیلیے ٹرمپ کے ساتھ مل کر کام کروں گی، ہیلری کلنٹن

    ملکی ترقی کیلیے ٹرمپ کے ساتھ مل کر کام کروں گی، ہیلری کلنٹن

    واشنگٹن : امریکہ کی صدارتی دوڑ میں ناکام ہونے والی امیدوار ہیلری کلنٹن نے کامیاب ہونے والے ڈونلڈ ٹرمپ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدارتی انتخاب میں شکست پر افسوس ہے، نتائج پر دکھ ہوا، امریکا کی ترقی کیلیے ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ مل کر کام کروں گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ہیلری نے اپنی شکست پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ میرے حامیوں نے بھرپور انتخابی مہم چلائی مجھے نتائج پر دکھ ہوا ہے، ہماری انتخابی مہم ایک شخص یا ایک الیکشن کیلئے نہیں تھی۔

    انہوں نے کہا کہ امریکی صدارتی امیدوار ہونے ہی میرے لیے فخر کی بات ہے ۔ ہم انتخابات میں فتح حاصل نہیں کرسکے۔

    امریکی عوام نے فیصلہ دے دیا جسے ہم تسلیم کرتے ہیں، حامیوں کی مشکور ہوں، اب امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہوں گے ان سے کھلے ذہن کی توقع ہے، امید کرتی ہوں کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کیلیے کامیاب صدر ثابت ہوں گے اور وہ امریکہ کی بھلائی کیلئے کام کریں گے۔

    ہیلری کلنٹن دوران خطاب آب دیدہ ہوگئیں۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم بہتر اور مضبوط امریکا کے لیے کام کریں ، امریکا کی جمہوریت ہم سے ہمارے کردار کا تقاضا کرتی ہے۔

    اقتدار کی پرامن منتقلی کی حمایت کرتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کیلئے بے انتہا خدمات پر اوباما اور مشیل اوباما کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں ۔ ہیلری کے خطاب کے دوران ان کے بہت سے حامی بھی آنسو بہاتے رہے۔

  • نومنتخب امریکی صدر افغانستان سے اپنی افواج واپس بلائیں، طالبان

    نومنتخب امریکی صدر افغانستان سے اپنی افواج واپس بلائیں، طالبان

    کابل :امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی پر افغان طالبان نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا فوری طور پر افغانستان سے اپنی افواج واپس بلائے اور اپنی پالیسی پر نظرِ ثانی کرے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر منتخب ہونے کے بعد طالبان نے اپنے ایک پیغام میں مطالبہ کیا ہے کہ امریکا افغانستان سے اپنی افواج کو واپس بلائے۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی صدر منتخب ہونے پر افغان طالبان کے ترجمان نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کو اس موقع سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے دنیا کے لیے اپنی پالیسوں پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے،امریکا دوسرے ممالک کی آزادی،سلامتی اور تہذیبی وقار کا خیال رکھتے ہوئے نئی پالیسی مرتب کرے تا کہ دنیا میں حقیقی امن قائم ہو سکے۔

    نو منتخب امریکی صدر کے نام اپنے پیغام میں افغان طالبان کا کہنا تھا کہ افغانستان غیرت مند اور بہادر لوگوں کی سرزمین ہے جو اپنے وطن کو بہت عزیز رکھتے ہیں لہذا امریکا فوری طور پر اپنے فوجی دستوں کو افغانستان سے واپس بلوائے۔

    واضح رہے کہ افغان طالبان اس سے قبل اوبامہ کی انتظامیہ سے بھی امریکی افواج کا افغانستان سے انخلاء کا مطالبہ کر چکی ہے جب کہ افغان حکومت اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات میں تعطل بھی امریکی افواج کے انخلا سے مشروط ہوگیا ہے۔

  • امریکی صدارتی انتخابات، مسلمان ووٹرزیادہ متحرک ہوگئے

    امریکی صدارتی انتخابات، مسلمان ووٹرزیادہ متحرک ہوگئے

    واشنگٹن : امریکی صدارتی الیکشن میں مسلمان ووٹروں نے بڑھ چڑھ کرحصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ نوجوان ووٹروں نے بڑی تعداد میں ووٹنگ لسٹوں میں ناموں کا اندارج کرا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدارتی انتخابی مہم میں مسلمانوں کے خلاف کھلےعام تعصب کا مظاہرہ کیا گیا، جس کا جواب دینے کیلئے مسلم ووٹروں نے مقابلہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    امریکا میں اٹھارہ برس سے کم عمر مسلمانوں کے اندراج میں پہلی باراضافہ ہوا ہے۔ 18 برس سے کم عمرہزاروں امریکی مسلمان پہلی بار ووٹ ڈالیں گے۔

    ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں اب تک 16 ہزار کے قریب نئے ووٹر رجسٹر ہوئے ہیں۔ بی بی سی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مذہبی تعصب کی وجہ سے مسلمان اپنی امریکی شناخت کو خطرے میں محسوس کر رہے ہیں اس لیے وہ انتخابی عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : امریکی صدارتی انتخابات، ڈونلڈ ٹرمپ کو ریاست آئیوا میں شکست کا سامنا

     واضح رہے کہ امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ صدر بننے کے بعد مسلمانوں کے امریکہ میں داخلے پر پابندی لگا دیں گے، ٹرمپ کے مسلمانوں سے تعصب کی وجہ سے ریپبلکنز کے حامی مسلمان بھی اس بار ڈیموکریٹس کو ووٹ دینے کا ارادہ کررہے ہیں۔