Tag: American consul general

  • کانرڈ ٹربل نے امریکی قونصل جنرل کا عہدہ سنبھال لیا

    کانرڈ ٹربل نے امریکی قونصل جنرل کا عہدہ سنبھال لیا

    کراچی : کانرڈ ٹربلنے 21اگست 2023ء کو کراچی میں امریکی قونصل خانے میں قونصل جنرل کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

    انہوں نےحال ہی میں امریکی مشن کے نائب سربراہ اور 2020ء تا 2023ء میڈرڈ اسپین میں ناظم الامور کے طور پر خدمات انجام دیں۔

    کانرڈ ٹربلنے میڈرڈ سے قبل واشنگٹن میں مغربی یورپ اور یورپی یونین کیلئے تین سال تک نائب معاون برائے وزارت خارجہ کی حیثیت سے کام کیا، جبکہ ایک سال تک فارن سروس انسٹی ٹیوٹ میں ڈپلومیٹک ٹریڈ کرافٹ ٹریننگ اسکول کے سربراہ رہے اور امریکہ کے فنڈ برائے جرمن مارشل میں ایک سال تک سینئر رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔

    انہیں کیوبا کے دارالخلافہ ہوانا میں 2012ء تا 2015ء امریکی مشن کے نائب سربراہ کے ذمہ داریاں تفویض کی گئیں جس کے دوران انہوں نے امریکہ اور کیوبا کے مابین سفارتی تعلقات کی بحالی سمیت وہاں امریکی سفارت خانے کو دوبارہ کھولنے میں اہم کردار ادا کیا۔

    اس س پہلے انہوں نے سینٹیاگو، پورٹو پرنس اور بغداد میں سفارتی ذمہ داریاں سرانجام دینے کے ساتھ جرمنی میں دو ادوار گزارے، جن میں سے ایک سال تک بون میں جرمن دفتر خارجہ میں سفارتی تبادلہ اور میونخ میں قونصل جنرل کے طور پر تین سال کا دورہ شامل ہیں۔ اس کے ساتھ کانرڈ ٹربل واشنگٹن ڈی سی میں کئی قائدانہ عہدوں پربھی خدمات انجام دیں ہیں۔

    کراچی میں امریکی قونصل جنرل کا عہدہ سنبھالنے اور پاکستان کے عوام کیساتھ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی 76 ویں سالگرہ مناتے ہوئے انہوں نے تہیہ کیا ہے کہ وہ اقتصادی سرمایہ کاری، تجارتی تعاون اور سبز اتحاد فریم ورک کے فروغ کے ذریعے امریکہ اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ شراکت داری کو بڑھانے کے مشترکہ مقصد کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کریں گے، جس سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔

  • پاک امریکہ کاروباری تعلقات کی بہتری اوّلین ترجیح ہے، امریکی قونصل جنرل

    پاک امریکہ کاروباری تعلقات کی بہتری اوّلین ترجیح ہے، امریکی قونصل جنرل

    کراچی : امریکن قونصل جنرل کراچی جواین ویگنر نے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان کاروباری تعلقات میں مزید بہتری اوّلین ترجیح ہے، پی آئی اے کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق امریکن قونصل جنرل کراچی جواین ویگنر نے پی آئی اے ہیڈ آفس کا دورہ کیا، ان کے ساتھ سفارت خانے کے سینئر عہدیدار بھی موجود تھے۔

    اس موقع پر انہوں نے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک اور پی آئی اے ٹیم سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    ایئر مارشل ارشد ملک نے امریکن سفارت کاروں سے پی آئی اے کی نیویارک، شکاگو اور ہیوسٹن براہ راست پروازوں کی اجازت کے حصول کے لئے کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔

    انہوں نے کہا کہ امریکہ کے لئے روانہ ہونے والی پروازیں اگر کسی اور ملک کے ذریعے آپریٹ کی جائیں تو یہ پروازیں ائر لائن کے لئے منافع بخش نہیں رہتیں، انہوں نے امریکی وفد کو پی آئی اے کے لئے نئے طیاروں کی خریداری کے متعلق بھی آگاہ کیا۔

    ارشد ملک نے کہا کہ حال ہی میں ملک میں سیکورٹی کی صورت حال میں غیر معمولی بہتری آئی ہے جس پر دیگر ممالک اور بالخصوص غیر ملکی سیکورٹی ایجنسی جن میں یورپ اور کینیڈا شامل ہیں نے اپنے اطمینان کا اظہار کیاہے،انہوں نے کہا کہ پی آئی اے نے حال ہی میں ایاٹا آپریشن سیفٹی آڈٹ میں کامیابی بھی حاصل کی ہے۔

    ائر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ اسلام آباد کے نئے ائر پورٹ کے افتتاح سے سیکورٹی کے معاملات کو حل کر لیا گیا ہے اور برٹش ائر ویز اور دوسری ائر لائن کی پروازوں کا آغاز اس کا ثبوت ہے، انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نئی ایوی ایشن پالیسی میں تمام ائر لائنوں کو برابری کی سطح پر مواقع حاصل ہوں گے۔

    امریکن قونصل جنرل محترمہ ویگنر نے  اپنی گفتگو میں کہا کہ وہ پی آئی اے کو براہ راست پروازوں کی اجازت کے لئے متعلقہ شعبہ سے رابطوں میں ہر ممکنہ مدد فراہم کریں گی۔

    انہوں نے کہا وہ دونوں ملکوں کے درمیان مزید بہتر تعلقات کی خواہاں ہیں خاص طور پر کاروباری شعبہ میں تعلقات کو فروغ دینا ان کی ترجیح ہے، دونوں ملکوں میں اس شعبہ میں بہتری کی بہت زیادہ گنجائش موجود ہے۔

    انہوں نے پی آئی اے میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے ائر لائن کی کارکردگی کے بارے میں سوالات کئے۔ انہوں نے پی آئی اے انتظامیہ کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے پی آئی اے کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

    بعد ازاں ائیر مارشل ارشد ملک نے امریکی قونصل جنرل جو این ویگنر کو پی آئی اے کا سوینیئر پیش کیا۔

  • پاکستان نے انتہاپسندی کے خلاف مثبت کردار ادا کیا ہے،امریکی قونصل جنرل

    پاکستان نے انتہاپسندی کے خلاف مثبت کردار ادا کیا ہے،امریکی قونصل جنرل

    لاہور: امریکی قونصل جنرل مسٹر زیکٹ نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور کے بعد پاکستان نے انتہاپسندی کے خلاف مثبت کردار ادا کیا ہے جو قابل تعریف ہے۔

    آزاد میڈیا جمہوریت کے استحکام کی ضمانت ہے۔ لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی قونصل جنرل مسٹر زیکٹ کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے، 16 دسمبر کو پیش آنے والے سانحہ پشاور کے بعد پاکستان نے قیام امن کیلئے قابل تعریف کوششیں کی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ آزاد میڈیا مضبوط جمہوریت کی ضمانت ہے۔ آزاد میڈیا دہشت گردی کے خاتمے اور قومی یکجہتی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

    اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات سنیٹر پرویز رشید نے کہا کہ کسی بھی ملک کی معیشت جدید مشینوں کے بل بوتے پر پروان نہیں چڑھ سکتی، بلکہ ہنرمند اور افرادی قوت کے ذریعے بہتر نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔

    اگر پاکستان ابتدا سے ہی اپنے لوگوں کو تعلیم اور ہنرمند بنانے پر توجہ دیتا تو آج ہماری معیشت بہت مضبوط ہوتی۔ موجودہ حکومت تعلیم اور ہنر سکھانے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔