Tag: Amir liaqet

  • مجھے قتل کیا گیا تو ذمہ دار الطاف حسین ہوں گے،عامر لیاقت

    مجھے قتل کیا گیا تو ذمہ دار الطاف حسین ہوں گے،عامر لیاقت

    کراچی: متحدہ قومی  موومنٹ کے منحرف رہنما ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا ہے کہ اگر مجھے قتل کردیا گیا تو ذمہ دار ایم کیو ایم کی لندن قیادت اور الطاف حسین ہوں گے، مجھے بوری بنانے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، مار دیا جائوں تو قومی پرچم میں لپیٹ کر تدفین کردی جائے۔


    MQM London, Altaf Hussain will be responsible… by arynews

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہی۔ پروگرام میں خواجہ اظہار الحق، انیس ایڈووکیٹ اور فیصل وائوڈابھی آن لائن تھے۔

    عامر لیاقت نے کہا کہ مجھے قتل کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں  بوری بنانے کی بات کی جارہی ہیں۔

    If Altaf is mentally disturbed, give him a shut… by arynews

    مکا چوک لیاقت علی خان کے نام پر بنا

    عامر لیاقت نے کہا کہ مکا چوک کی ایک تاریخ ہے اوریہ مکا لیاقت علی خان کا ہے لیاقت باغ کے جلسے میں لیاقت علی خان نے کہاتھا کہ یہ مکا پاکستان ہے، بعدازاں اسے تبدیل کردیا گیا تھا، طویل عرصے تک شہر میں آپ کچھ نہیں کرسکتے تھے لیکن اب صورتحال تبدیل ہے اس لیے سب سے پہلے مکا چوک کو شہید لیاقت علی خان چوک میں تبدیل کیا جارہا ہے۔

    MQM is reaping what it sow, says Amir Liaquat by arynews

    عامرلیاقت نے زور دیا کہ یہ بہت بڑی تبدیلی ہے کیوں کہ مہاجر یہ نہ سمجھیں کہ ان کا نام ختم کیا جارہا ہے بلکہ لیاقت علی خان شہید کا نام دوبارہ رکھنے سے ثابت ہے یہ مہاجروں کا شہر ہے۔

    نظریہ پاکستان مسمار ہوگا تو دفاتر بھی مسمار ہوں گے

    انہوں نے کہا کہ نظریہ پاکستان کومسمار کیا جائےگا، پرچم چلایا جائے گا اور پاکستان مخالف نعرے لگیں گے تو دفاتر بھی مسمار ہوں گے، جب پاکستان کے خلاف کچھ ہوگا تو مکافات عمل تو ہوگا۔

    یہ سب ڈرامہ بازی ہے، مقصد پاناما لیکس سے توجہ ہٹانا ہے

    انہوں نے کہا کہ عامر لیاقت دھوکے میں نہیں آتا، یہ ممکن نہیں کہ آپ اس شخص سے اعلان لاتعلقی نہ کریں جو پاکستان مخالف بات کردے، بیان سے لاتعلقی کیا ہوتا ہے؟ یہ ملک کی بات ہے آپ اس شخص سے لاتعلقی کا اظہار کریں، یہ سب ڈرامہ بازی ہوری ہے جس کا مقصد پاناما لیکس سے توجہ ہٹانا ہے،یہ ڈرامہ اچکزئی سے شروع ہوا تھا کہ اچکزئی اور بعدازاں مولانا فضل الرحمن نے نعرہ لگایا تاکہ پانامہ لیکس کا معامہ دب جائے بعدازاں ایم کیو ایم کا معاملہ کھڑا کردیا جائے تاکہ عوام اس میں لگ جائے۔

    حکومت اور ایم کیو ایم کا جھگڑا وقتی ہے، حلالہ ہوجائے گا

    انہوں نے کہا کہ دیکھا جائے کہ اس ایشو سے فائدہ کسے پہنچ رہاہے؟ کئی روز سے ہر طرف ایم کیو ایم ہی کا معاملہ زیر بحث ہے، نئی متحدہ کچھ نہیں، الطاف حسین ہی ایم کیو ایم ہیں اور ایم کیو ایم الطاف حسین ہیں، یہ سب ڈرامہ بازی ہورہی ہے، حکومت اورایم کیو ایم کا جھگڑا وقتی ہے بعد میں حلالہ ہوسکتا ہے۔

    پاکستان مردہ باد کے نعرے تک وضاحتیں کررہا تھا

    عامر لیاقت نے کہا کہ جب آئین مسمار ہوگا تو دفاتر بھی مسمار ہوں گے، کوشش تھی کہ معاملات بہتری کی جانب جائیں اور کراچی میں خونریزی نہ ہو لیکن ایسا نہ ہوا،جب تک پاکستان مردہ باد کا نعرہ نہیں لگا تھا میں ہر بات کی وضاحت کررہا تھا لیکن اب نہیں کیوں کہ وہاں اب تک پاکستان مخالف باتیں ہورہی ہیں اور قائد متحدہ اب تک اپنے بیانات پر قائم ہیں۔

    ایم کیو ایم والے احسان فراموش ہیں

    انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم والے احسان فراموش ہیں اور بھول گئے کہ ان  چند ماہ میں ان کے لیے کیا کچھ کیا؟؟مجھے بوریوں کے ایس ایم اس آرہے ہیں، مجھے پتا ہے مار دیا جائوں گا لیکن میں ملک کے لیے شہید ہوں گا۔

    مار دیا گیا تو پاکستانی پرچم میں دفنا دیا جائے

    عامر لیاقت نے کہا کہ میں نے ایم کیو ایم میں تین ماہ کا پروبیشنری پیریڈ گزارا، کئی بار ان سے بات ہوئی، کئی باتوں میں ہاں میں ہاں ملائی جو کہ غلط تھا، میں اس سوچ میں تھا کہ معاملات درست ہوجائیں اور کراچی خونریزی سے بچ جائے، مجھ پر کیا الزام ہے؟ مجھے سہولت کار کہہ کر میرے خلاف ایف آئی آر کاٹی جارہی ہیں؟ میں اکیلاہوں،  مجھے مار دیا جائے گاتو  پاکستان پرچم میں دفنا دیا جائے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر مجھے قتل کیا گیا تو میرے مرنے کی ذمہ دار لندن قیادت اور الطاف حسین ہوں گے۔

    مجھ پر کوئی مقدمہ نہیں، جہاں ہے بتادیں چلا جاتا ہوں

    عامر لیاقت نے کہا کہ میں  نے اس وقت آواز بلند کی جب سب خاموش تھے،پاکستان مردہ باد کے نعروں سے میرا کوئی تعلق نہیں، میرے اوپر کوئی مقدمہ نہیں، مجھے بتادیں کہاں مقدمہ درج ہے میں وہیں چلا جاتا ہوں۔

    الطاف حسین ذہنی دبائو کا شکار ہیں تو چپ کیوں نہیں ہوجاتے

    عامر لیاقت نے  کہا کہ اگر الطاف حسین ذہنی دبائو کا شکار ہیں اور متحدہ پاکستان بن گئی ہے تو انہیں خاموش ہوجانا چاہے لیکن وہ چپ نہیں ہورہے ، پرچم جلوا رہے ہیں،انہیں شٹ اپ کال دیں ورنہ کراچی میں مسائل بڑھ جائیں گے کیوں کہ پاکستان مخالف بات کوئی نہیں سن سکتا، جب تک پاکستان مردہ باد کا نعرہ نہیں لگا تھا میں ہر بات کی وضاحت کررہا تھا لیکن پاکستان سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں۔

    عامر لیاقت کو افریقا اور بھارت سے دھمکیاں آرہی ہیں، انیس ایڈووکیٹ

    PSP leader says Altaf reactivated South African… by arynews

    پی ایس پی کے رہنما انیس ایڈووکیٹ نے مطالبہ کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں عامر لیاقت کو تحفظ فراہم کریں، عامر لیاقت کو سائوتھ افریقا اور بھارت کے را کے سیٹ اپ سے دھمکیوں کے ایس ایم ایس آرہے ہیں، الطاف حسین نے سائوتھ افریقا میں خطاب کرکے عامر لیاقت سمیت اپنے ہر مخالف کو راستے سے ہٹا دینے کے احکامات جاری کردیے ہیں کہ ہر مخالف کو مار دیا جائے چاہے اس کا تعلق کسی بھی پارٹی سے ہو۔

    الطاف حسین نے سائوتھ افریقا میں تیسرا پاکستان مخالف خطاب کردیا

    انیس ایڈووکیٹ نے کہا کہ الطاف حسین خاموش نہیں بیٹھے، انہوں نے سائوتھ افریقا میں تیسرا خطاب کیا ہے جس میں پریس کلب اور امریکا کے خطاب سے بھی زیادہ پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کی ہے، انہوں نے سائوتھ افریقا اور بھارت کے را کے سیٹ اپ کو الطاف حسین کے مخالفین کو قتل کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔

    متحدہ رہنمائوں میں جرات نہیں، عظیم طارق کا حشر یاد ہے انہیں

    انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے رہنمائوں میں میں اتنی اخلاقی جرات نہیں کہ کہہ سکیں کہ قائد تحریک غدار ہیں اصل میں ان کو عظیم طارق کا حشر یاد ہے یہ لوگ اپنی جانیں بچانے میں لگے ہیں، یہ سب ڈرامہ چل رہا ہے، ان کو سب معلوم ہے، ان کے ڈرامہ بازی کی وجہ سے کشمیر کاز دب کر رہ گیا

    ایم کیو ایم کے رہنما ہمت کریں اور الطاف حسین کو الگ کردیں

    انہوں نے مزید کہا کہ یقین سے کہتا ہوں کہ پی ایس پی کی بنیاد الطاف حسین کا خوف ختم کرنے کی وجہ سے رکھی اور وہ ختم ہوچکا، ایم کیو ایم  کے رہنما ہمت کامظاہرہ کریں اپنا موقف واضح کریں اور الطاف حسن کو ملک دشمن اور را کا ایجنٹ قرار دیں اور اظہار لاتعلقی کریں، آج کراچی میں لوگوں میں الطاف حسین کا خوف ختم ہوچکا۔

    ایم کیو ایم کا مینڈیٹ پہلے سے بہت کم ہوچکا

    کاشف عباسی نے سوال کیا تو انیس ایڈووکیٹ نے کہا کہ کچھ نہیں ہوگا، ہمارے ساتھ ہزاروں لوگ آچکے ہیں اور آرہے ہیں، یہ لوگ چند عہدے دار ہیں جن میں سینیٹر، وزرا، ارکان اسمبلی ہیں انہیں مفاد نظر آرہا ہے یہ کھل کرمخالفت کریں کچھ نہیں ہوگا، ایم کیو ایم کا مینڈیٹ تو پہلے ہی کم ہوچکا ہے۔

    وفاق نے کھیل کھیلا، قائد متحدہ کو ٹارگٹ دیا، فیصل وائوڈا

    Federation can ban MQM within no time: Faisal… by arynews

    تحریک انصاف کے رہنما فیصل وائوڈ نے کہا ہے کہ یہ سب کھیل کھیلا جارہا ہے  پاناما لیکس سے توجہ ہٹانے کے لیے وفاق نے ڈرامہ کھیلا، الطاف حسین کو ٹارگٹ دیا گیا، الطاف حسین نے وفاق کے ساتھ ہی را کو خوش کرنے کے لیے حملے کے ساتھ پاکستان مخالف نعرے بھی لگادیے کیوں کہ وہ کئی نوکری کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ راتوں رات ایم کیو ایم پاکستان پیداہوگئی، وفاق ریفرنس کے ذریعے ایم کیو ایم کو 15 دن میں کالعدم قرار دے سکتا ہے، ملک دشمن پارٹی تو چل ہی نہیں سکتی۔

    ملک توڑنے کی بات سن کر ہم جواب میں کیا کہیں گے؟ خواجہ اظہار کیا پاکستان مردہ باد کا نعرہ لگا سکتے ہیں؟ یہ لوگ ابھی تک لاتعلقی کا معاملہ واضح کیوں نہیں کرتے؟؟ میرا قائد اگر اس کا پانچ فیصد بھی کردے تو میں اسے چھوڑ دوں گا، یہ بات آن ایئر کہہ رہا ہوں۔

    الطاف بھائی سے کیسے لاتعلقی کا اظہار کردیں؟ خواجہ اظہار


    MQM is being reformed, says Khawaja Izhar by arynews

    متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما خواجہ اظہار نے کہا کہ عامر لیاقت کو منانے کی کوشش کریں گے ان  کی شکایات سنیں گے، ایم کیو ایم وہی ہے جو32سال پہلے بنی، بانی ایک بار بنتا ہے اور بانی ہی رہتاہے، یہ ایم کیو ایم ان کی ہی بنائی ہوئی ہے لیکن اس میں سے انہوں نے اینٹی پاکستان سلوگن پر معافی بھی مانگ لی اور کہہ دیا کہ وہ ذہنی دبائو کا شکار تھے، انہوں نے اگلی بار تقریر پاکستان میں نہیں امریکا میں کی۔

     

    خواجہ اظہار نے مزید کہا کہ ہم الطاف بھائی سے کیسے لاتعلقی کا اظہار کردیں؟ ہم نے ان کے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کر تو دیا۔

     

     

  • متحدہ جوائن نہیں کروں گا، عامر لیاقت کا فاروق ستار کو دو ٹوک جواب

    متحدہ جوائن نہیں کروں گا، عامر لیاقت کا فاروق ستار کو دو ٹوک جواب

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی کنوینئر ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت کا استعفیٰ قبول نہیں کیا، انہیں واپس آنے پر راضی کرلیں گے جب کہ عامر لیاقت حسین نے کہا ہے کہ میں بیان دے کر واپس نہیں لیتا، میں نطفہ حرام ہوں گا اگر دوبارہ ایم کیوایم جوائن کرلوں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے گفتگو کرتے فاروق ستار نے کہا کہ ڈاکٹرعامر لیاقت استعفیٰ دیں‌ گے تو ہم قبول نہیں کریں‌ گے، وہ جذباتی انسان ہیں، میری ان سے بات ہوئی ہے انہیں‌ جانے نہیں‌ دیں گے اُن کی الجھن دور کردی ہے،عامر لیاقت کو معاملات کا علم نہیں تھا۔

    میزبان کاشف عباسی نے ایم کیو ایم سے علیحدگی کا اعلان کرنے والے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو ٹیلی فون کیا اور انہیں فاروق ستار کے بیان سے آگاہ کیا۔

    جواب میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا کہ میں نے ایم کیوایم سے علیحدگی اختیار کرلی تو کرلی، میں صبح بیان دے کر دوبارہ واپس نہیں لیتا، پاکستان کا پرچم جلنے کے بعد میں نطفہ حرام ہوں گا اگر دوبارہ ایم کیو ایم جوائن کرلوں۔

  • ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا ایم کیو ایم چھوڑنے کا اعلان

    ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا ایم کیو ایم چھوڑنے کا اعلان

    کراچی: ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے متحدہ قومی موومنٹ چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہےکہ میں وضاحتیں دے دے کر تھک گیا ہوں، میں ذاتی طور پر بھی بہت پریشان ہوں میرے پاس الفاظ نہیں کہ میں کیا بیان دوں اور کیا کہوں اس لیے آج سے پارٹی اور سیاست چھوڑ رہا ہوں۔


    Dr. Aamir Liaquat Hussain announces to leave MQM by arynews

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے بات کرتے ہوئے کہی۔ پروگرام میں پیپلز پارٹی کی جانب سے شازیہ مری اور متحدہ کے کنویئنر ندیم نصرت بھی ٹیلی فونک رابطے کے ذریعے موجود تھے۔

     عامر لیاقت حسین نے کہا کہ الطاف بھائی جب اپنے لفظوں پر قابو نہیں پاسکتے اور بار بار معافی مانگتے ہیں تو انہیں خو دبھی پارٹی سے کنارہ کشی اختیار کرنی چاہیے اور تقریر کے بجائے کتاب لکھنی چاہیے۔


    Amir Liaquat says decisions will be taken with… by arynews

     ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اگر ایم کیو ایم نے الطاف حسین کو سائیڈ لائن لگانے کا اعلان کردیا ہے اور بعد میں الطاف بھائی دوبارہ واپس آنا چاہیں تو انہیں واپس نہیں لینا چاہیے ایم کیو ایم کو اپنے فیصلے پرقائم رہنا چاہیے۔

    قبل ازیں کاشف عباسی کے پے درپے سوالات کے جوابات میں عامر لیاقت خاصے پریشان نظر آئےاور انہوں نے متضاد بیانات دیے، ان کا ہر بیان پچھلے بیان کو تحفظ دیتا ہوا یا نفی کرتا ہوا نظر آیا۔

    ایم کیو ایم چھوڑنے کا اعلان انہوں نے پروگرام کے اختتام سے کچھ دیرکیا تاہم پروگرام کے دوران ڈاکٹر عامر لیاقت حسین نے کہا ہے الطاف حسین بدستور پارٹی کے قائد ہیں، یہ کہنا درست نہیں کہ مائنس ون فارمولے کے تحت الطاف حسین کو پارٹی سے الگ کردیا گیا، انہیں صر ف آرام کرنے کا کہا ہے اب وہ کسی فیصلے میں مداخلت نہیں کریں گے۔


    PPP’s Shazia Marri condemns ‘anti-Pakistan… by arynews

    عامر لیاقت حسین کا کہنا تھا کہ لندن رابطہ کمیٹی میں موجود لوگ ایم کیو ایم پاکستان کا حصہ ہیں ، ایم کیو ایم لندن اور ایم کیو ایم پاکستان مل کر فیصلے کریں گے یعنی فیصلے پاکستان میں ہوں گے تاہم لندن کی رابطہ کمیٹی کو فیصلے میں شامل کیا جائےگا۔

    انہوں نے کہا کہ فیصلوں میں الطاف حسین کی توثیق شامل نہیں ہوگی کیوں کہ الطاف بھائی خود سائیڈ لائن ہونا چاہ رہے ہیں اور انہوں نے خود ہی لاتعلقی کا اظہار کیا ہے تاہم وہ بدستور ایم کیو ایم کے قائد ہیں ہم نے قائد سے نہیں قائد کے پاکستان مخالف بیان سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں وضاحتیں کرکر کے تھک گیا ہوں ممکن ہے سیاست ہی چھوڑ دوں،رابطہ کمیٹی سے مشاورت کے بعد فاروق ستار نے لاتعلقی کا اظہار کیا۔

    عامر لیاقت کاشف عباسی کے پے درپے سوالات پر گھبرا گئے اور وضاحتیں پیش کرنے لگے، سوالات کے جواب دیتے ہوئے عامر لیاقت نے کاشف عباسی کو یقین دلایا کہ اب معاملات کراچی اور لندن رابطہ کمیٹی ہی دیکھے گی الطاف بھائی اب کسی معاملے میں نہیں بولیں گے، انہیں کہہ دیا ہے کہ وہ آرام کریں اور وہ خود بھی علیحدہ ہوناچاہتے ہٰں اس لیے وہ اب کسی فیصلے میں مداخلت نہیں کریں گے۔