Tag: amjad sabri case

  • امجد صابری قتل کیس : پولیس کو مزید 3 عینی شاہد مل گئے

    امجد صابری قتل کیس : پولیس کو مزید 3 عینی شاہد مل گئے

    کراچی: امجد صابری قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو امجد صابری کیس میں تین مزید عینی شاہدین مل گئے ۔

    زرائع کے مطابق تینوں عینی شاہدین نے مبینہ ٹارگٹ کلر کو شناخت بھی کرلیا ہے، زرائع کے مطابق گرفتار مبینہ ٹارگٹ کلر کی نشاندھی پرقانون نافذ کرنے والے اداروں نے مزید چار افراد کو حراست میں لیا ہے ۔

    زرائع کے مطابق عینی شاہدین کو حفاظتی تحویل میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیاگیا ہے، امجد صابری کیس میں قانون نافذ کرنے والے ادارے شواہد کی روشنی میں ملزمان کو گرفتار کرنے کیلئے دن رات کوششوں میں مصروف ہیں ۔

    امجد صابری قتل کیس میں اہم پیشرفت، فائرنگ کرنیوالا ملزم گرفتار

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ملزمان تک پہنچ گئے اورانہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

    گزشتہ روز مقتول امجد صابری کے قتل میں ملوث دوسرا ملزم بھی گرفتار کر لیا گیا تھا، مذکورہ ملزم امجد صابری کے قتل میں ملوث تھا جسے پہلے سے گرفتار ایک ملزم کی نشاندہی پرگرفتار کیا گیا تھا۔

    امجد صابری قتل کیس : واردات میں ملوث دوسرا ملزم بھی پکڑا گیا

    واضح رہے کہ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے امجد صابری کیس میں کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملزمان کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔

    آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ امجد صابری کوقتل کرنیوالے گروہ کا تعین ہو چکا ہے، چند روز میں امجد صابری کے قاتل قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

  • امجد صابری قتل کیس : واردات میں ملوث دوسرا ملزم بھی پکڑا گیا

    امجد صابری قتل کیس : واردات میں ملوث دوسرا ملزم بھی پکڑا گیا

    کراچی : معروف قوال مقتول امجد صابری کے قتل میں ملوث دوسرا ملزم بھی گرفتار کر لیا گیا۔ آئی جی سندھ نے جلد امجد صابری کے قاتلوں کی گرفتاری کی خبر سنا دی۔

    تفصیلات کے مطابق امجد صابری قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پولیس نے واردات میں ملوث دوسراملزم بھی گرفتار کرلیا۔


    Another important development in Amjad Sabri's… by arynews

    ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق مذکورہ ملزم امجد صابری کے قتل میں ملوث ہے جسے پہلے سے گرفتار ایک ملزم کی نشاندہی پرگرفتار کیا گیا ہے۔ ملزم واردات کے بعد اسلحہ اپنے ہمراہ لے گیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم چند ماہ پہلے ہی بیرون ملک سے پاکستان آیا تھا۔ پولیس نے ملزم کے بیرون ملک سفر سے متعلق دستاویزات حاصل کرلیں۔

    ادھر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے امجد صابری کیس میں کامیابی کا دعویٰ کرتےہوئے کہا ہے کہ ملزمان کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔

    آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ امجد صابری کوقتل کرنیوالے گروہ کا تعین ہو چکا ہے، چند روز میں امجد صابری کے قاتل قانون کی گرفت میں ہوں گے۔

     

  • امجد صابری قتل کیس میں اہم پیشرفت، فائرنگ کرنیوالا ملزم گرفتار

    امجد صابری قتل کیس میں اہم پیشرفت، فائرنگ کرنیوالا ملزم گرفتار

    کراچی : امجد صابری کا قاتل پکڑا گیا ۔ عمران صدیقی نے دوران تفتیش اپنے ساتھیوں کے نام بھی اگل دیئے۔ امجد صابری کا قتل رقم کے تنازعہ پر ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق ہائی پروفائل امجد صابری قتل کیس میں انتہائی اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ قتل میں براہ راست ملوث ملزم عمران صدیقی کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ضلع وسطی پولیس نے حساس اداروں کے ساتھ مل کر کارروائی کی۔ پولیس فی الحال ملزم کی گرفتاری ظاہر نہیں کر رہی۔

    ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ امجد صابری پر گولیاں عمران صدیقی نے ہی چلائیں۔ ملزم عمران صدیقی نے تحقیقات میں دیگر ساتھیوں کے نام بھی اگل دیئے ہیں، جن کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق امجد صابری کا قتل رقم کے تنازعہ پر کیا گیا، مذکورہ ملزم عمران صدیقی چند ماہ قبل ہی تھائی لینڈ سے کراچی آیاتھا۔

    ملزم کے پاسپورٹ کی کاپی اور دیگر تفصیلات پولیس نے حاصل کرلی ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران صدیقی کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے اوروہ سرکاری ملازم ہے۔

     

  • امجد صابری کا قتل: پانچ ملزمان تین موٹرسائیکلوں پرسوارتھے

    امجد صابری کا قتل: پانچ ملزمان تین موٹرسائیکلوں پرسوارتھے

    کراچی : معروف قوال امجد صابری کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اہم گرفتاریوں کا دعویٰ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے امجد صابری کیس میں اہم گرفتاریوں کا دعویٰ کیا ہے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امجد صابری کی ٹارگٹ کلنگ کی واردات میں پانچ ملزمان تین موٹر سائیکلوں پر سوار تھے۔ ایک ٹیم نے مقتول کو نشانہ بنایا۔ دوسری ٹیم ان کی بیک اپ پر تھی۔


    Major developments in Amjad Sabri murder case by arynews

    ملزمان نے امجد صابری پرگولی بائیں جانب سے چلائی۔ پہلی گولی چلنے کے بعد ان کی گاڑی رکی اور پھر کار کا دروازہ کھلتے ہی ملزمان نے امجد صابری پر گولیاں برسادیں، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

    واردات کے بعد ملزمان جائے وقوعہ سے با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    مزید پڑھیں: کراچی:امجد صابری کے قتل میں استعمال ہونیوالی موٹر سائیکل کا مالک گرفتار

    اس سے قبل بھی پولیس نے ایک اہم پیشرفت کرتے ہوئے واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل کے مالک کو گرفتار کیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق موٹر سائیکل کے مالک کو قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے گلشن اقبال سے حراست میں لیا تھا مذکورہ شخص کنسٹرکشن کے شعبے سے وابستہ ہے، پولیس کے مطابق قتل کی تحقیقات ہر زاویے سے کی جارہی ہے۔

     

  • امجد صابری کیس میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر مکمل اعتماد ہے۔ ثروت صابری

    امجد صابری کیس میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر مکمل اعتماد ہے۔ ثروت صابری

    کراچی : مقتول امجد صابری کے بھائی ثروت فرید صابری نے کہا ہے کہ انہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مکمل اعتماد ہے اورامید رکھتے ہیں کہ بھائی کے قتل کا کوئی نہ کوئی پہلو ضرور نکلے گا اور قاتل گرفتار ہوں گے۔

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ثروت صابری کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے امجد صابری کے قتل کیس پر مختلف زاویوں سے تحقیقات کررہے ہیں اورانہیں جلد انصاف ملنے کی امید ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ امجد صابری کا چہلم 28 جولائی جمعرات کو ان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوگا ، جس میں ایک لاکھ لوگوں کی شرکت کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ نماز ظہر تا عصر قرآن خوانی اور عصر تا مغرب فاتحہ خوانی اور چادر چڑھائی جائے گی اورمغرب تا عشاء محفل نعت خوانی اور بعد ازعشاء محفل سماع منعقد کی جائے گی۔

    ثروت صابری کے مطابق محفل سماع میں امجد صابری کے بھائی عظمت صابری اور طلحہ صابری اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

     

  • امجد صابری کیس: سلیم چندا کا بیان جھوٹ پکڑنے والی مشین سے ریکارڈ

    امجد صابری کیس: سلیم چندا کا بیان جھوٹ پکڑنے والی مشین سے ریکارڈ

    کراچی : پولیس نے معروف قوال امجد صابری قتل کی تحقیقات میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کردیا۔ عینی شاہد سلیم چندا کا بیان جھوٹ پکڑنے والی مشین میں ریکارڈ ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق مقتول امجد صابری کے قاتلوں کو کٹہرے میں لانے کیلیے کراچی پولیس نے جدید ٹیکنا لوجی وائس اسٹریس اینالائزرکی مدد لے لی۔

    اس تکنیک کے استعمال سے پولیس کیلئے یہ سمجھنا آسان ہو جائے گا کہ عینی شاہد نے کتنا سچ کہا اور کتنا جھوٹ کہا۔ سندھ پولیس کو وائس اسٹریس اینالائیزر گزشتہ سال دیا گیا تھا۔

    قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کے عینی شاہد سلیم چندا کا بیان سچ اور جھوٹ پکڑنے والی مشین میں ریکارڈ کیا۔

    وائس اسٹریس اینالائزر سافٹ وئیر کے ذریعے سلیم چندا کے دل کی دھڑکن اور آواز کی لرزش کا جائزہ لیا گیا، تحقیقاتی ذرائع کے مطابق سلیم عرف چندا اپنے دیے گئے بیان پرتاحال قائم ہے۔

    تفیتش کے دوران دھڑکن اور آواز میں معمولی فرق محسوس کیا گیا، سلیم چندا کا بیان ایک بار پھر وائس اسٹریس اینالائزر سافٹ وئیر مشین کے ذریعے ریکارڈ کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل اس سافٹ ویئر کا استعمال اینٹی کار لفٹنگ سیل میں ملزمان سے تفتیش میں کیا جاتا تھا۔

     

  • شہیدامجد صابری کی آوازکوک اسٹوڈیوسیزن 9 کاحصہ ہوگی

    شہیدامجد صابری کی آوازکوک اسٹوڈیوسیزن 9 کاحصہ ہوگی

    کراچی: شہید قوال امجد صابری کی آواز سلسلہ وار موسیقی کا پروگرام کوک اسٹوڈیو سیزن نائن کاحصہ ہوگی۔

    امجد صابری اس دنیا میں نہیں رہے مگر کوک اسٹوڈیو کے نئے سیزن میں ان کی آواز جادو جگائے گی، امجد صابری اور راحت فتح علی خان”آج رنگ ہےاے ماں“ قوالی کی ریکارڈنگ مئی میں مکمل کروا چکے تھے۔

    یہی کلام چالیس سال قبل امجد صابری کے والد اور نصرت فتح علی خان نےاکٹھے کراچی کی درگاہ میں پڑھاتھا، کوک اسٹوڈیو میں ان کایہ کلام ان کوخراج تحسین ہوگا۔

    amjad-sabri-01

    اگرچہ امجد صابری کوک اسٹوڈیو کے پچھلے سیزنز کا حصہ نہیں رہے مگر گزشتہ سال کوک اسٹوڈیو کے سیزن 8 میں عاطف اسلم نے غلام فرید صابری اور مقبول احمد صابری کی پڑھی جانے والی تاجدار حرم کا کلام بطور عقیدت پیش کیا، اس کلام کی پیشکش میں امجد صابری نے بھی کوک اسٹوڈیو کی مدد کی تھی ۔

    amjad-sabri-02

    کوک اسٹوڈیو میں قومی شہرت کی حامل گلوکار عابدہ پروین ، راحت فتح علی خان ، صنم ماروی ، سائیں ظہور ، علی عظمت ، نوری ، زیب بنگش اور میشا شفیع ہیں جنہوں نے ماضی میں بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ اس سیزن میں بھی پرفارم کریں گے ۔

    کوک اسٹوڈیو میں ان کا یہ کلام ان کو خراج تحسین ہوگا، کوک اسٹوڈیو سیزن 9 کی ریکارڈنگ مئی میں مکمل کرلی گئی تھیں جب کہ یوم آزادی 14 اگست کو ٹی وی پر نشر کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ امجد صابری کو 22 جون 2016 کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں دو موٹر سائیکل سوار افراد نے اپنی گولیوں کا نشانہ بنایا تھا جس سےوہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے۔

  • امجد صابری قتل کیس: سلیم چندا نے اپنا بیان ریکارڈ کرادیا

    امجد صابری قتل کیس: سلیم چندا نے اپنا بیان ریکارڈ کرادیا

    کراچی : مقتول امجد صابری کی رہائش گاہ سے حراست میں لیے گئے سلیم چندا نے پولیس کو بیان ریکارڈ کرادیا، پولیس حکام کے مطابق سلیم چندا امجد صابری کی ٹارگٹ کلنگ کے وقت گاڑی میں موجود تھے جبکہ امجد صابری کے بھائی ثروت صابری نے کہا ہے کہ سلیم چندا کو بیس برس سے جانتے ہیں وہ ہمارے گھر کے فرد کی طرح ہے۔

    پولیس کے مطابق سلیم چندا نے بیان ریکارڈ کرایا ہے کہ جائے وقوع پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے گاڑی کو روکا، پیچھے بیٹھے ملزم نے چار گولیاں چلائیں اور پھر مزید دو گولیاں چلائیں۔ایک گولی لگنے سے کار کا شیشہ میری آنکھ میں لگا جس کے بعد میری آنکھوں کے سامنے اندھیرا چھا گیا اور میں جان بچانے کے لیے  جھک گیا۔

    سلیم چندا نے بتایا کہ میں امجد صابری کے ساتھ ٹی وی پروگرام میں جانے کے لیے نکلا تھا،ہم لیاقت آباد سے حسن اسکوائر جارہے تھے، واقعہ کے بعد سے انتہائی خوفزدہ ہوں۔

    امجد صابری پر فائرنگ ہوئی تو جان بچانے کے لیے نیچے کی جانب جھک گیا تھا، فائرنگ کی آواز تھمنے کے بعد گاڑی سے باہر آئے اور لوگوں کی مدد سے اسپتال منتقل ہوئے۔

    پولیس کے مطابق سلیم چندا وقوع کا عینی شاہد ہے اور اس سے مزید معلومات اکٹھی کرنے کے بعد سلیم چندا کو واپس گھر جانے کی اجازت دی جائے گی، پولیس نے سلیم چندا کو مقتول امجد صابری کے گھر سے حراست میں لیا گیا ہے۔

    علاوہ ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مقتول امجد صابری کے بھائی ثروت صابری نے کہا ہے کہ سلیم چندا کو پولیس نے واقعے کی تفتیش کے سلسلے میں حراست میں لیا ہے، جسے جلد چھوڑ دے گی۔

    انہوں نے کہا کہ سلیم چندا کو بیس برس سے جانتے ہیں وہ ہمارے گھر کا فرد ہے، وہ کسی غلط کام میں ملوث نہیں،قانون سب کے لیے ایک ہونا چاہئیے اور انصاف ملنا چاہئیے ،قاتل اگر گرفتار بھی ہوگئے اور پھانسی بھی ہوگئی تو بھی ہم مطمئن نہیں ہوں گے کیوں کہ ہمارا دکھ بہت بڑا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ دراصل مائنڈ سیٹ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ہر کوئی اپنی ذمہ داری قبول کرے۔

    ثروت صابری نے کہا کہ قوالی میں روحانیت ہے ، پاکیزگی اور طہارت کے ساتھ پڑھی جاتی ہے جس میں جدت آتی جارہی ہے، امجد صابری کا بیٹا اور بھائی اس مشن کو جاری رکھیں گے۔