Tag: Amjad Sabri

  • طیارہ حادثہ، تحقیقات کے لیے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل

    طیارہ حادثہ، تحقیقات کے لیے پانچ رکنی کمیٹی تشکیل

    اسلام آباد: وزیر داخلہ چوہدری نثار نے حویلیاں میں طیارے حادثے کی تحقیقات کے لئے پانچ رکنی ٹیم تشکیل دے دی‘ جو تین روز کے اندر ابتدائی رپورٹ پیش کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق چترال سے اسلام آباد واپس آنے والے طیارہ کو حادثہ پیش آنے اور اس میں 47 افراد کی ہلاکت کے بعد وفاقی وزیر داخلہ نے تحقیقات کے لیے ایف آئی اے کے ماہرین کی پانچ رکنی ٹیم تشکیل دے دی۔

    ذرائع کے مطابق ٹیم کے اراکین جائے حادثہ روانہ ہوگئے ہیں جبکہ اُن کے ہمراہ انسداد دہشت گردی ونگ اور سول ایوایشن کے ماہرین بھی شامل ہیں، پانچ رکنی ٹیم جائے وقوعہ پہنچ کر مقامی پولیس کی مدد سے شواہد اکھٹے کرے گی۔


    پڑھیں: جنید جمشید کے آخری یادگار لمحات


    ایف آئی اے کی ٹیم دہشت گردی کے ممکنہ خدشے کے پیش نظر شواہد بھی اکھٹے کرے گی جبکہ تحقیقات کے لیے بنائی گئی ٹیم کو ابتدائی رپورٹ تین روز میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

     جائے حادثہ روانہ ہو گئی ہے۔ ٹیم میں ایف آئی اے، انسداد دہشتگردی ونگ اور ایوی ایشن کے ماہرین شامل ہیں۔ ٹیم مقامی پولیس کی ٹیم کو ابتدائی رپورٹ پیش کرنے کیلئے تین روز کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے۔

  • قاتلوں کی گرفتاری، کچھ کہنا قبل از وقت ہے، طلحہ صابری

    قاتلوں کی گرفتاری، کچھ کہنا قبل از وقت ہے، طلحہ صابری

    کراچی: معروف شہید قوال کے بھائی طلحہ صابری نے کہا کہ اس سے قبل بھی بھائی کے قاتلوں کی گرفتاری کا متعدد بار اعلان ہوچکا ہے تاہم اصل لوگوں کی گرفتاری سے متعلق کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔

    اے آر وائی کے پروگرام الیونتھ آر میں وسیم بادامی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے طلحہ صابری کا کہنا تھا کہ ہر بار قاتلوں کی گرفتاری کے حوالے سے خبریں میڈیا کے توسط سے ہی موصول ہوئیں تاہم اس ضمن میں حکومت یا کسی ادارے نے کوئی رابطہ نہیں کیا۔

    انہوں نے کہا کہ اصل قاتلوں کی گرفتاری کے حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا کیونکہ اس سے قبل بھی متعدد افراد کو گرفتار کر کے اصل ملزم ثابت کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ طلحٰہ صابری نے کہا ’’بھائی کے قتل میں ملوث اصل ملزمان کو سامنے لایا جائے‘‘۔

    انہوں نے کہا کہ اصل قاتلوں کی گرفتاری کے حوالے سے ابھی کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہے تاہم ہمارا مطالبہ ہے کہ جو بھی اس میں ملوث ہے اُسے سرعام پھانسی دی جائے تاکہ آئند کوئی بھی کسی بے گناہ شخص کو قتل کرنے کی ہمت نہ کرے۔

    لیاقت آباد سے قاتلوں کی گرفتاری پر طلحہ صابری نےکہا کہ ’’ہمارے گھر کا دروازہ ہروقت کھلا رہتا ہے، ہمیں بھی بتایا جائے کہ ایسے کون لوگ ہیں جو ہمارے علاقے کے رہائشی تھے‘‘۔

    یاد رہے معروف قوال کو رواں سال جون میں لیاقت آباد 10 نمبر کے قریب فائرنگ کر کے شہید کیا گیا تھا، جس کے بعد متعدد بار قاتلوں کی گرفتاری کی خبریں سامنے بھی آتی رہیں تاہم کسی ملزم کو عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔

    دوسری جانب گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سندھ نے امجد صابری کے اصل قاتلوں کی گرفتاری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تھا کہ گرفتار ملزمان شہر کراچی میں دہشت گردی کی 28 سے زائد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔

  • امجد صابری کے قاتلوں کا تعلق سیاسی جماعت سے نہیں، راجہ عمر خطاب

    امجد صابری کے قاتلوں کا تعلق سیاسی جماعت سے نہیں، راجہ عمر خطاب

    کراچی: کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کے انچارج راجہ عمر خطاب نے کہا ہے کہ امجد صابری کے قاتلوں کو 7 نومبر کی صبح لیاقت آباد کے علاقے سے گرفتار کیا گیا، ملزمان نے قتل کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔

    اے آر وائی کے پروگرام الیونتھ آر میں میزبان وسیم بادامی سے گفتگو کرتے ہوئے سی ٹی ڈی انچارج نے کہا کہ دونوں ملزمان کو لیاقت آباد سے آج صبح ہی گرفتار کیا گیا ہے اور ملزمان امجد صابری کے گھر سے بہت قریب رہائش پذیر تھے۔

    انہوں نے کہا کہ آج سے قبل امجد صابری قتل سے متعلق ہونے والے تمام دعویٰ بے بنیاد تھے، اس واردات میں کوئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ لشکر جھنگوی گروپ ملوث تھا۔


    پڑھیں: امجد صابری قتل و دیگر دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث2 دہشت گرد گرفتار، وزیر اعلیٰ سندھ


     راجہ عمر خطاب نے کہا کہ ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والے اسلحے کی رپورٹ اور تحقیقات کے بعد ہی وزیر اعلیٰ سندھ کے ساتھ معلومات شیئر کیں جس کے بعد انہوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کا باقاعدہ اعلان کیا۔

    اُن کا کہنا تھاکہ اس سے قبل امجد صابری قتل کیس میں ہونے والی گرفتاریوں میں کسی نے تصدیق نہیں کی تاہم اس بار گرفتار ہونے والے قاتلوں نے واردات نہ صرف اعتراف کیا بلکہ اسلحے کی فرانزک رپورٹ بھی میچ کر گئی ہے۔

    دوسری جانب آئی جی سندھ پولیس اے ڈی خواجہ نے قاتلوں کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دباؤ کے باوجود امجد صابری کے قتل میں گرفتار ہونے والے افراد کے خلاف عدالت میں چالان پیش نہیں کیا گیا کیونکہ ہم اصلی قاتلوں کو گرفت میں لانا چاہتے تھے۔

  • قاتلوں کو گھرکے سامنے پھانسی دی جائے، امجد صابری کے بھائی کا مطالبہ

    قاتلوں کو گھرکے سامنے پھانسی دی جائے، امجد صابری کے بھائی کا مطالبہ

    کراچی : معروف قوال امجد صابری شہید کے بھائی طلحہ فرید صابری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ میرے مقتول بھائی کے قاتلوں کو ہمارے گھر کے سامنے پھانسی دی جائے۔

    یہ بات انہوں نے اےآر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی، طلحہ فرید صابری کا کہنا تھا کہ مجھے اس بارے میں کوئی علم نہیں کہ عاصم عرف کیپری نامی شخص کون ہے، میڈیا میں سنا ہے کہ وہ ہمارا پڑوسی ہے۔

    ہمارا خاندان سندھ حکومت کا مشکور ہے کہ انہوں نے امجد صابری کے قاتلوں کو پکڑا۔ انہوں نے کہا کہ اس پہلے بھی پولیس نے کئی افراد کو قتل کے الزام میں پکڑا ہے اب اگر اصل ملزمان یہ ہیں تو ان کو بھی کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ بہت خوش آئند بات ہے کہ پولیس نے اتنے خطرناک ملزمان کو گرفتار کیا جو 28 افراد کے قتل میں ملوث تھے۔

    طلحہ فرید صابری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ میرا روزی روزگار بھی بھائی کے ساتھ ہی چلتا تھا لہٰذا میرے لئے بھی کچھ مالی امداد کا اعلان کیا جائے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ سی ٹی ڈی نے شہر کے حالات خراب کرنے والے دو اہم ملزمان کو گرفتار کیا ہے جن کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ ملزمان کا تعلق لشکر جھنگوی نعیم بخاری گروپ سے ہے جن کی شناخت اسحاق عرف بوبی اورعاصم عرف کیپری کے نام سے ہوئی ہے، مراد علی شاہ نے کہا کہ ملزمان معروف قوال امجد صابری شہید کے قتل میں بھی ملوث ہیں، انہوں نے کہا کہ عاصم عرف کیپری امجد صابری کا پڑوسی تھا جسے لیاقت آباد سے گرفتار کیا گیا ہے۔

  • امجد صابری آج بھی ہم میں موجود

    امجد صابری آج بھی ہم میں موجود

    کراچی: معروف قوال امجد صابری کی شہادت کو وقت گزرنے جانے باجود اُن کے پڑھے گئے کلام کی عوام میں پذیرائی تاحال برقرار ہے اور وہ آج بھی عوام کے دلوں پر راج کررہے ہیں۔

    شہر قائد کے علاقے لیاقت آباد نمبر 10 پر 22 جون کو دہشت گردوں کے ہاتھوں نشانہ بننے والے فرید صابری کے صاحب زادے امجد صابری کی شہادت کو گزرے 4 ماہ گزر گئے تاہم وہ آج بھی اپنے پڑھے گئے کلاموں کے باعث ہمارے درمیان موجود ہیں۔

    گزشتہ دنوں عائشہ منزل پر بیٹھک کے دوران ایک 12 سالہ فریادی ہاتھ میں اسپیکر پکڑے پاس آیا اور پیسوں کا سوال کیا تاہم اس بچے کے سوال کے ساتھ ہی میں نے کئی سوالات پوچھ ڈالے۔

    پیسے مانگنے والے بچے نے سوالات کے جواب میں اپنا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ ’’میرا نام محمد علی اور عمر 12 سال ہے‘‘۔ پیسے مانگنے کے حوالے سے جب اُس سے سوال کیا تو اُس نے کہا کہ ’’امجد صابری کا کلام پڑھتا ہوں اور جن لوگوں کو پسند آتا ہے وہ پیسے دے دیتے ہیں‘‘۔

    پڑھیں:  فرزند امجد صابری اور دو بھائی قوال گھرانے کے جانشین مقرر

     گھریلو معاشی حالات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں محمد علی نے کہا کہ ’’والد سبزی فروخت کرنے  کا کام کرتے تھے تاہم آنکھوں کی بیماری کے باعث اُن کی بینائی چلی گئی ہے ، بڑا بھائی درزی ہے اور گھر کے معاملات میں کسی قسم کی دلچسپی نہیں لیتا‘‘۔

    چونکہ ہم دو بھائی ہیں اس لیے میں دوپہر کو گھر سے پیسے کمانے کی غرض سے نکلتا ہوں تاکہ گھر میں موجود 3 بہنوں اور والدہ اور بیمار والد سمیت گھر کے کرائے کے لیے پیسے جمع کرسکوں۔

    مزید پڑھیں: کراچی کے نوجوان مصوروں کا امجد صابری کو خراج عقیدت

     گھر واپسی کے حوالے سے محمد علی کا کہنا تھا کہ ’’جب تک تھکن نہیں ہوتی گھر واپسی کا ارادہ نہیں کرتا اور اگر کبھی پیسے جمع نہ ہوں تو گھر واپس نہیں جاتا جب تک ہاتھ میں کچھ رقم نہ آجائے‘‘۔

    روزانہ حاصل کی گئی رقم کے حوالے سے محمد علی کا کہنا تھا کہ ’’یہ قسمت پر منحصر ہے کبھی 1000 روپے جمع ہوجاتے ہیں تو کبھی صرف 100 روپے ہی جمع ہوپاتے ہیں تاہم روزانہ کی بنیاد پر اوسطاً 300 سے 500 روپے تک جمع ہوجاتے ہیں۔

    تعلیم کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں 12 سالہ بچے نے کہا کہ ’’اسکول جانے کا بہت دل چاہتا ہے تاہم اگر اسکول جانا شروع کردوں گا تو گھر کا ماہانہ کرایہ اور اخراجات کون برداشت کرے گا مگر انشاء اللہ جلد صبح میں مدرسے جانے کا سلسلہ شروع کروں گا‘‘۔

    یہ بھی پڑھیں:  منفرد انداز کے مالک امجد فرید صابری کی روح پَرور مشہور قوالیاں

     اسی کے ساتھ اُس نے فرمائش پر شہید امجد صابری کا کلام ’’کرم مانگتا ہوں عطاء مانگتا ہوں‘‘ پیش کیا، اسی اثناء قریبی بیٹھے لوگوں نے اُسے پیسے دینے شروع کیے اور کلام ختم ہونے پر اپنے قریب بلا کر دوبارہ پیش کرنے کی گزارش کی۔

    ایک ہی مقام پر تین بار کلام پیش کرنے کے بعد محمد علی نے پیسے اکٹھے کیے اور دیگر مانگنے والے دو بچوں میں بھی 10 ، 10 روپے تقسیم کیے اور اجازت طلب کر کے چلتا بنا تاہم اس کے جاتے ہی ایک بات ذہن میں آئی وہ یہ کہ ’’امجد صابری‘‘ آج بھی ہم میں موجود ہے۔

    اسی سے متعلق : امجد صابری کا آخری کلام ریلیز کردیا گیا

    یاد رہے امجد صابری کی شہادت کے بعد کوک اسٹوڈیو سیزن 9 میں اُن کا کلام رنگ پیش کیا گیا جسے سن کر اُن کے مداحوں کا غم ایک بار پھر تازہ ہوگیا تھا۔
  • امجد صابری کا آخری کلام ریلیز کردیا گیا

    امجد صابری کا آخری کلام ریلیز کردیا گیا

    کراچی: کوک اسٹوڈیو سیزن میں وہ قوالی ریلیز کردی گئی جس کا مداحوں کو شدت سے انتظار تھا، جس میں معروف شہید قوال امجد صابری اور کلاسیکل گلوکار راحت فتح علی نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق 40 سال قبل امجد صابری کے والد غلام فرید صابری اور راحت فتح علی خان کے چچا نصرت فتح علی خان کی آواز میں گایا گیا کلام ’’رنگ‘‘ کوک اسٹوڈیو میں ایک نئی طرز کےساتھ سامعین کے لیے پیش کیا گیا۔ یہ کلام ’’رنگ‘‘ حضرت امیر خسرو نے تحریر کیا تھا جسے 40 سال قبل قوالی کی صورت میں پیش کیا جاچکا ہے۔

    دو گھرانوں کے سپوتوں کو ملا کر ایک بار پھر اس ترانے کو نئے طرز پر پیش کیا گیا جس کا مقصد کلام کو مزید بہتر طریقے سے پیش کرنا تھا، جس میں امجد صابری کی آواز نے سحر طاری کردیا۔

    معروف قوال کی آواز اور اُن کی کارکردگی دیکھنے کے بعد اُن کے مداح ایک بار پھر غم زدہ ہوگئے، امجد صابری کی مخصوص آواز اور انداز نے اس کلام میں ایک نیا رنگ ڈال دیا جبکہ راحت فتح علی خان نے بھی اس میں اپنی آواز کا جادو جگا کر قوالی کے حسن کو مزید نکھار دیا۔اس کلام کو نئی طرز میں پیش کرنے کے لیے شانی ارشد نے ڈائریکشن کی ہے۔

    کوک اسٹوڈیو نے سیزن 9 کے اختتام پر اس پورے سیزن کو امجد صابری کے نام سے منسوب کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے تاہم کلام نشر ہونے کے بعد مداح ایک بار پھر معروف قوام کی کمی کو شدت سے محسوس کرتے ہوئے غم زدہ ہوگئے ہیں۔  

  • شہزاد ملا کو نائن زیرو سے امجد صابری قتل کی ہدایت ملیں، ذرائع

    شہزاد ملا کو نائن زیرو سے امجد صابری قتل کی ہدایت ملیں، ذرائع

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ لیاقت آباد کے سابق سیکٹر انچارج شہزاد ملا کو نائن زیرو سے امجد صابری کے قتل کی ہدایات دیتے ہوئے کہا گیا کہ ’’پر پُرزے نکل آئےکاٹ دو‘‘۔

    یہ انکشاف میزبان ارشد شریف نے پروگرام لائیو ود شاہد مسعود ذرائع کی جانب سے حاصل کی گئی معلومات کی روشنی میں کیا۔

    انہوں نے ذرائع سے بتایا کہ شہزاد ملا کی زیر نگرانی قتل کا منصوبہ بنایا گیا،امجد صابری کو گولیاں مارنے والے ملزم گرفتار ہوچکاہے، سیکیورٹی اداروں کی تحویل میں شہزاد ملا امجد صابری کے قتل کا اعتراف بھی کرچکا ہے، اسے قتل کی ہدایات نائن زیرو سے دی گئی تھیں اور امجد صابری کے پر پرزے کاٹنے کا کوڈ دیا گیا۔

    انہوں نے بتایا کہ شہزاد ملا کی ماہانہ تنخواہ چالیس ہزار روپے ہے اور وہ کے ایم سی میں گریڈ سترہ کا ملازم ہے،

    اینکر ارشد شریف سے بات کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے اعتراف کیا کہ شہزاد ملا ایم کیو ایم لیاقت آباد کے سیکٹر انچارج تھا،  اگر انہوں نے یہ جرم کیا ہے کہ تو انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے، وہ اب سیکٹر انچارج نہیں تاہم متحدہ کے کارکن ضرور ہیں مگر یہ یاد رکھا جائے کہ شہزاد ملا اب باقاعدہ انچارج نہیں اور نہ ان کا نائن زیرو آنا جانا تھا۔

    خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ’’ایم کیو ایم اپنی پالیسی کے تحت سابق سیکٹر انچارج کے اس عمل کو اون نہیں کرتی مگر یہ یاد رکھا جائے کہ عدالتوں میں ابھی الزام ثابت نہیں ہوا ہے تاہم اگر ثابت ہوگیا تو سب سے پہلے اسے سزا دینے کا مطالبہ بھی ہم ہی کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سانحہ بلدیہ کی جے آئی ٹی میں پہلے بتایا گیا کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی تھی بعد ازاں ایک اور بیان سامنے آیا کہ آگ عبد الرحمان بھولا نے لگائی، ہم بھی پوچھتے ہیں کہ آخر یہ بھولا نامی بندہ کہاں پر ہے؟

  • کوک اسٹوڈیو 9 کا پہلا ٹریلر جاری، شہداء پاکستان کو زبردست خراجِ عقیدت

    کوک اسٹوڈیو 9 کا پہلا ٹریلر جاری، شہداء پاکستان کو زبردست خراجِ عقیدت

    کراچی: پاکستان کے مشہور میوزیکل پروگرام کوک اسٹوڈیوسیزن 9 کا پہلا ٹریلر جاری،فنکاروں نے’’اے راہ حق کے شہیدوں‘‘ ترانے گا کر شہدائے پاکستان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق کوک اسٹوڈیو کی جانب سے جاری کردہ 3 منٹ کی اس ویڈیو میں پاکستان کے معروف گلوکاروں عابدہ پروین، راحت فتح علی خان، شہید امجد صابری، علی عظمت، نوری، فاخر، قرۃ العین بلوچ، میشاشفیع، زیب بنگش، صنم ماروی، عمیرجسوال، احمد جہانزیب، سائیں ظہور، نصیبو لال، رفاقت علی، جاوید بشیراور نعیم عباس روفی سمیت نئے نوجوان گلوکاروں نے اپنی آوازوں کا جادو جگاتے ہوئے ملک کی خاطر اپنی جانیں قربانیں کرکے ہمارے مستقبل کو محفوظ بنانے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    کوک اسٹوڈیو کا ٹریلر جاری ہوتے ہی مداحوں کی جانب سے اس کو بہت پذیرائی ملی جس کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مختصر وقت میں   #CokeStudio9 ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہوگیا۔ کوک اسٹوڈیو کی جانب سے ویڈیو نشر ہونے کے بعد شہید قوال امجد صابری کو عوام الناس کی جانب زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور اس ویڈیو پر اپنے دلی تاثرات پیش کیے، ویڈیو میں جہاں دیگر فنکاروں نے نغمے کے کچھ اشعار پڑھے وہی امجد صابری کے حصے میں  ’’حسین پاک نے ارشاد یہ کیا ہوگا‘‘ آئے جس کے بعد ان کے مداحوں میں ایک بار پھر اُن کی کمی شدت سے محسوس ہونے لگی۔ یاد رہے کوک اسٹوڈیو کی جانب سے گزشتہ سیزن کے آغاز کے موقع پر ملی نغمہ سوہنی دھرتی پیش کیا گیا تھا جسے سامعین نے بہت سراہا تھا۔ قبل ازیں یہ نغمہ 60 کی دہائی میں میڈم ’’نورجہاں‘‘ کی آواز میں ریکارڈ گایا گیا تھا جو سامعین میں جذبہ حب الوطنی پیدا کرتا ہے۔

  • فرزند امجد صابری اور دو بھائی قوال گھرانے کے جانشین مقرر

    فرزند امجد صابری اور دو بھائی قوال گھرانے کے جانشین مقرر

    کراچی : معروف قوال امجد فرید صابری کے چہلم کے موقع پر صابری قوال گھرانے کے نئے جانشینوں کی دستار بندی کی تقریب منعقد کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق لیاقت آباد نمبر 10 پر ظالم دہشت گردوں کی گولیوں کا نشانہ بننے والے معروف قوال امجد صابری کا چہلم اُن کی رہائش گاہ لیاقت آباد میں منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر  معروف قوال کے ہزاروں مداحوں سمیت مختلف سماجی اور سیاسی لوگوں نے شرکت کی۔

    amjad-post-8

    چہلم کی تقریب کا آغاز بعد نماز ظہر مرحوم کی قرآن و فاتحہ خوانی کی گئی بعد ازاں شہید قوال کی قبر پر حاضری دی گئی اور بعد نماز مغرب پاک پتن کے گدی نشین دیوان احمد مسعود نےامجد صابری کے بیٹے مجدد صابری، اُن کے بھائی عظمت صابری اور بھتیجے طلحہ صابری کی دستار بندی کی اور صابری گھرانے کے جانشین مقرر کیے۔

    amjad-post-5

    دستار بندی کے بعد شہید امجد صابری کے بڑے صاحبزدے مجدد صابری نے ’’اے سبز گنبد‘‘کلام پیش کر کے اپنے والد اور دادا کو خراج عقیدت پیش کیا، اس دوران وہاں موجود مداح زاروقطار روتے رہے بعد ازاں امجد صابری کے بھائی عظمت اور طلحہ صابری کی جانب سے اپنے والد اور بھائی کے پڑھے گیے کلام پیش کیے گیے جس کے بعد دیگر قوالوں کی جانب سے بھی گلہائے عقیدت پیش کیا گیا تقریب کے اختتام پر لنگر بھی پیش کیا گیا۔

    amjad-post-6

    اس موقع پر صابری گھرانے کے نئے جانشینوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’’امجد صابری امن کے سفیر تھے اور اب اُن کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے ہم نے یہ ذمہ داری اپنے کاندھے پر اٹھائی ہے، انہوں نے صوبائی اور وفاقی حکومت سے عدم تعاون کا شکوہ بھی کیا‘‘۔

    amjad-post-1

    عوام کی بڑی تعداد کے پیش نظر ایک لاکھ افراد کے لیے انتظامات کیے گیے تھے، چہلم کی تقریب سے بات کرتے ہوئے ثروت صابری نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کی کہ وہ ’’کسی بے گناہ کو امجد صابری قتل کیس میں جھوٹا الزام لگا کر نہ پھنسائیں بلکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حقیقی دہشت گردوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں‘‘۔

    amjad-post-4

    سیکورٹی خدشات کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لیا ہوا تھا اور تقریب میں شرکت کے لیے آنے والے افراد کو تلاشی کے بعد اندر جانے کی اجازت دی جارہی تھی۔

    amjad-post-2

    چہلم کے موقع پر مردوں کے ساتھ خواتین کی بڑی تعداد کے لیے بھی امجد صابری کی رہائش گاہ پر انتظامات کیے گیے تھے جہاں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے معروف قوال کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔

    چہلم میں شرکت کرنے والے افراد نے صابری گھرانے کی مغفرت کے ساتھ ساتھ امجد صابری کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے بھی دعا کی۔

  • یوسف رضاگیلانی کی امجد صابری کے گھر آمد، تعزیت کا اظہار

    یوسف رضاگیلانی کی امجد صابری کے گھر آمد، تعزیت کا اظہار

    کراچی : سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی تعزیت کیلئے معروف قوال امجد صابری کے گھر پہنچ گئے۔ بیٹے اور اہل خانہ سے ملاقات کی۔

    تفصیلات کے مطابق ایک مہینہ گزر گیا لیکن مقتول امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت کے لیے آنے والوں کاسلسلہ نہ رکا۔

    سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی بھی معروف قوال امجد صابری کے گھر پہنچ گئے۔ انہوں نے مقتول کے بیٹے اور اہل خانہ سے اظہار افسوس کیا۔

    امجد صابری کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ امجد صابری قوم کا اثاثہ تھے، ملک میں صوفی ازم کی اشد ضرورت ہے کیونکہ صوفی ازم کے ذریعے ہی دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے، امجد صابری اور غلام فرید صابری نے قوالی میں بہت نام کمایا۔

    یوسف رضا گیلانی نے وفاقی حکومت سے مرحوم کیلئے ایوارڈ کا مطالبہ کیا، اس موقع پرانہوں نے امجد صابری کی مغفرت کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بلاول بھٹو سمیت کئی سیاسی اور سماجی رہنماؤں اور معزز شخصیات نے امجد صابری کی رہائش گاہ پر جاکر شہید کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا تھا۔