Tag: Amman

  • کورونا وائرس : اردن حکومت کا معیشت کی بہتری کیلئے اہم فیصلہ

    کورونا وائرس : اردن حکومت کا معیشت کی بہتری کیلئے اہم فیصلہ

    عمان : اردن حکومت نے کورونا وائرس کے باعث تقریبا چھ ماہ کی بندش کے بعد آئندہ منگل سے اپنے مرکزی ایئرپورٹ کو معمول کی پروازوں کے لیے دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

    اردن عالمی وبا کورونا وائرس سے بری طرح متاثرہونے والی معیشت کو بحال کرنے کی کوشش میں مصروف عمل ہے، اردن کی معیشت کا زیادہ تر انحصار شعبہ سیاحت پر ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اردن کے وزیر اطلاعات نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کورونا وائرس کرائسز سیل نے منگل 8 ستمبر سے کوئین عالیہ انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے عام پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ متعلقہ حکام آنے والے مسافروں سے ان کے ممالک میں کورونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے ضوابط طے کریں گے، اردن پہنچنے پر تمام مسافروں کا کورونا ٹیسٹ لیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ اردن میں کورونا وائرس کے دو ہزار 161 کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے جبکہ اب تک یہاں پندرہ اموات ہوئی ہیں، رواں سال مارچ کے وسط میں اردن نے اپنے ائیر پورٹ بند کرکے بین الاقوامی پروازوں کو معطل کردیا تھا جس سے سیاحت کا شعبہ زیادہ متاثر ہوا ہے، کورونا وائرس نے نفع بخش میڈیکل ٹورازم انڈسٹری کو بھی متاثر کیا ہے۔

    یاد رہے کہ اردن سالانہ 50 لاکھ سیاحوں کا خیر مقدم کرتا ہے، سیاحت ملک کے جی ڈی پی کا 14 فیصد ہے،سیاحت سے اردن کو گذشتہ سال 5.3 بلین ڈالر کی آمدنی ہوئی تھی۔

  • کرونا وائرس : اردن حکومت نے ملک میں کرفیو نافذ کردیا

    کرونا وائرس : اردن حکومت نے ملک میں کرفیو نافذ کردیا

    عمان : کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اردن حکومت نے پورے ملک میں کرفیو لگا دیا، حکام کا کہنا ہے کہ کرفیو کا مقصد جان لیوا وائرس پر قابو پانا ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر مشرقی وسطیٰ کے اہم ملک اردن میں غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے اردنی حکام کا کہنا ہے کہ کرفیو کا مقصد موذی کورونا وائرس کے پھیلاوَ کو روکنا ہے اور اس پر قابو پانا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اردنی وزیر اطلاعات امجد العضایلہ نے کہا ہے کہ جو بھی کرفیو کی خلاف ورزی کرے گا اسے ایک برس تک قید کی سزا دی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ وہی ممالک اپنے عوام کو نئے کورونا وائرس سے بچانے میں کامیاب رہے ہیں جہاں عوام گھروں میں رہے اور سڑکوں پر نہیں نکلے۔

    اردنی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کل بروز منگل اعلان کرکے بتایا جائے گا کہ عوام کب اور کتنی دیر کے لیے ضروری اشیا خریدنے کے لیے گھروں سے نکل سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کرفیو سے ایسے افراد مستثنیٰ ہوں گے جنہیں حکومت نے ان کے کام کی نوعیت کے باعث اجازت دے رکھی ہے۔

    اس سے قبل اردن نے تمام تعلیمی ادارے اور اسکولز تین ہفتے کے لیے بند کردیے تھے، اردن کے کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر جیل میں قیدیوں سے ملاقاتوں پر دو ہفتے کے لیے پابندی لگادی تھی۔