Tag: anarkali

  • انارکلی دھماکا: وزیراعظم کا نوٹس، رپورٹ طلب

    انارکلی دھماکا: وزیراعظم کا نوٹس، رپورٹ طلب

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے انار کلی بم دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے پنجاب حکومت سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے انار کلی دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور پنجاب حکومت سے فوری اور جامع رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

    سابق صدر آصف علی زرداری نے انارکلی بازار میں ہوئے ٹائم ڈیوائس دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت دہشتگردوں کو قانون کی گرفت میں لائے، انہوں نے جانبحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور دھماکے کے زخمیوں کی جلد صحتیابی کےلئے دعا بھی کی۔

    نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے بھی لاہور کے قدیم انار کلی بازار میں ہوئے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، ٹوئٹر پر جاری بیان میں مریم نواز نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے ورثا سے اظہار ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

    وزیر داخلہ شیخ رشید نے لاہور دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے پنجاب حکومت سےرپورٹ طلب کرلی ہے، شیخ رشید نے کہا کہ دھماکے سے انسانی جانوں کے ضیاع پر انتہائی دکھ ہوا، زخمی افراد کی جلد صحتیابی کے لیےدعاگو ہوں۔

    اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا خدشہ تھا، کافی دنوں سے پشاور، اسلام آباد اور کراچی میں بھی تھریٹ موجود تھے۔

    امن کے استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرنے والےناکام ہونگے، دھماکےسے متعلق مزیدتفصیلات لیکر میڈیا کو بتاؤں گا۔

    چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی جانب سے بھی لاہور دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے، صادق سنجرانی نے جاں بحق افرادکی مغفرت اورزخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی ہے۔

    واضح رہے کہ اب سے تھوڑی دیر قبل لاہور کے مصروف اور قدیم بازار انار کلی میں خوفناک بم دھماکا ہوا تھا ، دھماکے کے نتیجے میں 9 سالہ بچے سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 28 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

  • لاہور: انار کلی کے پلازہ میں آتش زدگی

    لاہور: انار کلی کے پلازہ میں آتش زدگی

    لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے نیو انار کلی میں واقع پلازہ میں لگنے والی آگ پر کئی گھنٹوں بعد بھی قابو نہ پایا جا سکا۔ متاثرہ دکاندار حکومت کے خلاف پھٹ پڑے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے نیو انار کلی بازار میں واقع پلازہ میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق پلازہ کے بیسمنٹ میں لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے کئی دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    تاجر اپنی دکانوں کو جلتا دیکھ کر فائر بریگیڈ اہلکاروں سے لڑ پڑے۔ بعض تاجر بے بسی سے رو تے رہے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق ریڈی میڈ گارمنٹس کی دکانوں میں رات 4 بجے شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی جس نے لاکھوں کا سامان جلا کر خاکستر کردیا۔

    تاجروں نے الزام لگایا کہ آگ پر فوری قابو پانے کے لیے ریسکیو اہلکاروں کے پاس مطلوبہ آلات ہی موجود نہیں تھے۔دوسری جانب ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ تاجروں نے ان کو کام کرنے نہیں دیا۔

    دکانداروں نے حکومت کے خلاف زبردست احتجاج کرتے ہوئے نعرہ بازی کی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب نے آتش زدگی کے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ یکم اپریل کو بھی انار کلی کے شاپنگ پلازہ میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا۔

    مزید پڑھیں: انار کلی گنپت روڈ پر پلازہ میں آتش زدگی

    آگ کی وجہ سے پلازہ کی 21 دکانیں اور ان میں موجود سامان جل کر خاکستر ہوگیا تھا۔

  • لاہور: پلازہ میں آگ لگنے سے 13 افراد اجاں بحق متعدد زخمی

    لاہور: پلازہ میں آگ لگنے سے 13 افراد اجاں بحق متعدد زخمی

    لاہور : انارکلی میں واقع پلازہ میں آگ لگنے کے باعث دم گھٹ جانے سے 13 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں ۔

    لاہور میں انارکلی میں واقع پلازہ میں آگ لگ گئی ہے، آگ نے عمارت کی تین منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔ شہر بھر کی فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں ۔

    ایم ایس میو ہسپتال کے مطابق آگ لگنے کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ مزید زخمیوں کو بھی ہسپتال پہنچایا جا رہا ہے۔

    امدادی کاروائیوں کیلئے ریسکیو کی گاڑیاں روانہ کر دی گئیں، ریسکیو ذرائع کے مطابق عمارت میں متعدد افراد پھنسے ہوئے ہیں جنہیں بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔