Tag: Andile Phehlukwayo

  • جنوبی افریقا کی ٹیم نے سرفراز احمد کومعاف کردیا

    جنوبی افریقا کی ٹیم نے سرفراز احمد کومعاف کردیا

    سینچورین: جنوبی افریقا کی ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے کہا ہے کہ سرفراز احمد کے مخلصانہ جذبے کو قبول کرتے ہیں ہم سب نے انہیں معاف کردیا۔

    سینچورین میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان فاف ڈوپلیسی کا کہنا تھا کہ جب ہم اسٹیڈیم میں کھیلنے جاتے ہیں تو سب کی نظریں ہماری ہی طرف ہوتی ہیں اس لیے بہت محتاط انداز سے بات کرنا پڑتی ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ اسٹیڈیم میں کھیلنے والی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں میں کوئی دشمنی نہیں ہوتی البتہ کبھی کبھی ایسے جملے نکل جاتے ہیں جو ناگوار گزرتے ہیں تاہم میچ ختم ہونے کے بعد سب ایک دوسرے سے گلے شکوے دور کرلیتے ہیں۔

    فاف ڈوپلیسی کا کہنا تھا کہ سرفراز نے معذرت کی، ہم سب اُن کے مخلصانہ جذبے کو قبول کرتے ہیں، پھلوکوایو سمیت تمام کھلاڑیوں نے پاکستانی کپتان کو معاف کردیا۔

    مزید پڑھیں: سرفراز احمد کو نسل پرستانہ جملے کسنا مہنگا پڑ گیا، پابندی کی تلوار لٹکنے لگی

    جنوبی افریقا کی ٹیم کے کپتان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’ہمیں امید ہے سرفراز نے پھلو کے لیے جن خیالات کا اظہار کیا وہ مذاق ہی تھا کیونکہ انہوں نے میچ ختم ہونے کے فوری بعد ہی بلے باز سے معذرت کرلی تھی‘۔

    ایک سوال کا مزاحیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے ڈوپلیسی کا یہ بھی کہنا تھا کہ جنوبی افریقا کا دورہ کرنے والے کھلاڑی اسٹیڈیم میں آنے کے بعد کوشش کر کے منہ کو بند ہی رکھیں۔

    واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے دوسرے میچ میں جنوبی افریقا  کھلاڑی پر نسل پرستانہ جملے کسے تھے جس کے بعد سوشل میڈیا پر تنازع کھڑا ہوگیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: سرفراز واقعے نے کھلاڑیوں کی ہر سطح پر تعلیم کی اہمیت بڑھا دی ہے: پی سی بی

    سرفراز احمد نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر صارفین سے بھی معافی مانگتے ہوئے وضاحت پیش کی تھی۔