Tag: android-phone

  • آپ کے اینڈرائیڈ فون پر واٹس ایپ مختلف کیوں نظر آ رہا ہے؟

    آپ کے اینڈرائیڈ فون پر واٹس ایپ مختلف کیوں نظر آ رہا ہے؟

    اگر آپ اینڈرائیڈ کے صارف ہیں تو واٹس ایپ آپ کو نمایاں حد تک تبدیل نظر آ رہا ہوگا، دراصل میٹا نے اسے تبدیل کر دیا ہے۔

    خبر ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے واٹس ایپ کے یوزر انٹرفیس کی تبدیلی پر کام ہو رہا تھا، جو آخر کار اب صارفین کے سیل فونز پر دستیاب ہو گیا ہے۔

    کمپنی کی جانب سے اس تبدیلی کے بعد اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں واٹس ایپ کا ڈیزائن نمایاں حد تک بدل گیا ہے، اس نئے ڈیزائن میں اوپر موجود چیٹس، کمیونٹیز، اسٹیٹس اور کالز کے ٹیب نیچے منتقل کر دیے گئے ہیں۔

    واٹس ایپ ہوم فیڈ کے اوپر اب آپ کو سبز رنگ کی جگہ سفید نظر آ رہا ہوگا، اسٹیٹس ٹیب کا نام تبدیل کر کے اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے، اگر آپ ڈارک موڈ یوز کرتے ہیں تو اس کے لیے گرین کلر تھیم کا اضافہ کیا گیا ہے۔

    چیٹ ببل کے رنگوں اور فلوٹنگ ایکشن بٹن کو بھی تبدیل کیا جا رہا ہے، اور ایک نئی تبدیلی یہ ہے کہ اب ٹیبز کو دائیں بائیں سوائپ کر کے بھی اوپن کیا جا سکتا ہے۔

  • واٹس ایپ صارفین کیلئے نیا فیچر متعارف

    واٹس ایپ صارفین کیلئے نیا فیچر متعارف

    معروف میسیجنگ ایپلی کیشن ’واٹس ایپ‘ نے ایک ایسا فیچر متعارف کرادیا ہے جس کے ذریعے کوئی بھی صارف اپنا ڈیٹا ایک موبائل سے دوسرے میں باآسانی منتقل کرسکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کی دلچسپی حاصل کرنے کیلئے آئے دن دلچسپ فیچر متعارف کرائے جاتے ہیں۔

    اب کمپنی کی جانب سے منفرد اور نئے چیٹ ٹرانسفر فیچر کا اضافہ کردیا گیا ہے جس سے صارفین کی بڑی مشکل حل ہوگئی ہے۔

    نیا فیچر

    اس حوالے سے ’ڈبلیو اے بِیٹا انفو‘ کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے نئے فیچر کے ذریعے صارفین چیٹ ٹرانسفر کے ساتھ واٹس ایپ کو چھوڑے بغیر اپنے پیغامات کو محفوظ طریقے سے دوسرے موبائل فون میں منتقل کرسکیں گے۔

    اس کے علاوہ واٹس ایپ کے چیٹ ٹرانسفر فیچر صارفین کو اپنے اکاؤنٹ کی مکمل معلومات بشمول تمام ذاتی پیغامات، تصاویر، ویڈیوز، دستاویزات وغیرہ کو منتقل کرنےکی اجازت دیتا ہے تاہم اپنی کال کی ہسٹری کو منتقل نہیں کرسکتے۔

    خیال رہے کہ واٹس ایپ میں بیک اپ فیچر اکتوبر 2015 میں متعارف کرایا گیا تھا جس کے ذریعے صارفین اپنی واٹس ایپ ہسٹری کو گوگل ڈرائیو میں محفوظ کر سکتے ہیں۔

  • ایپل : اینڈرائیڈ سے 6 گنا تیز دو نئے آئی پیڈ متعارف

    ایپل : اینڈرائیڈ سے 6 گنا تیز دو نئے آئی پیڈ متعارف

    ایپل کی جانب سے نئے انٹری لیول آئی پیڈ 13 اور آئی پیڈ منی متعارف کرا دیئے گئے ہیں، ایپل کے ورچوئل ایونٹ کے دوران نئے آئی پیڈ ماڈلز کو پیش کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایپل کے ورچوئل ایونٹ کے دوران آئی فون 13 کے ساتھ نئے آئی پیڈ ماڈلز کے اپ گریڈ ورژن کو بھی لانچ کیا گیا ہے۔

    ایپل کمپنی نے ڈھائی سال بعد آئی پیڈ منی کا نیا ورژن پیش کیا ہے جس میں کافی کچھ اپ ڈیٹ کیا گیا ہے جیسے اے 15 بائیونک پراسیسر موجود ہے جو سابقہ آئی پیڈ منی کے مقابلے میں ڈیوائس کی کارکردگی 80 فیصد زیادہ بہتر کرتا ہے۔

    نیا آئی پیڈ — فوٹو بشکریہ ایپل

    اس ٹیبلیٹ میں 8.3 انچ کا آل اسکرین ڈسپلے دیا گیا ہے اور بیزل کو کم کیا گیا ہے جبکہ فزیکل ہوم بٹن موجود نہیں، ٹچ آئی ڈی سنسر کو پاور بٹن کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ ایپل نے لائٹننگ پورٹ کی جگہ یو ایس بی سی پورٹ کو آئی پیڈ منی کا حصہ بنایا ہے۔

    کمپنی کے مطابق اس میں لیکوئیڈ ریٹینا ڈسپلے دیا گیا ہے جبکہ اینٹی ریفلیکٹیو اسکرین کوٹنگ، ٹرو ٹون بھی ڈسپلے کے نمایاں فیچرز ہیں۔ آئی پیڈ منی میں اس بار اسٹیریو اسپیکرز کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ والیوم بٹن ڈیوائس کے ٹاپ پر منتقل کردیئے گئے ہیں۔

    آئی پیڈ منی — فوٹو بشکریہ آیپل

    اس ٹیبلیٹ کے ساتھ سیکنڈ جنریشن ایپ پینسل سپورٹ بھی دی گئی ہے جبکہ فرنٹ اور بیک پر 12، 12 میگا پکسل کے کیمرے موجود ہیں۔ وائی فائی 6 اور 5 جی کے اضافے کے ساتھ گیگا بٹ ایل ٹی ای اور ای سم سپورٹ کو برقرار رکھا گیا ہے۔

    اس کا فائی فائی ماڈل 499 ڈالرز (84 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ سیلولر ماڈل 649 ڈالرز (ایک لاکھ 9 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں 24 ستمبر سے مختلف ممالک میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

    آئی پیڈ منی — فوٹو بشکریہ ایپل

    دوسری جانب نیا انٹری لیول آئی پیڈ بھی کمپنی کی جانب سے پیش کیا گیا جس میں اے 13 بائیونک پراسیسر موجود ہے اور کمپنی کے مطابق یہ سابقہ آئی پیڈ ماڈل کے مققابلے میں 20 فیصد زیادہ تیز پرفارمنس فراہم کرے گا۔

    کمپنی کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ نیا آئی پیڈ کروم بک سے 3 گنا جبکہ فلیگ شپ اینڈرائیڈ ٹیبلیٹس سے 6 گنا زیادہ تیز ہے۔ اس نئے آئی پیڈ میں فرنٹ پر 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا موجود ہے جو 122 ڈگری فیلڈ آف ویو اور سینٹر اسٹیج ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔

    یہ ٹیکنالوجی آئی پیڈ پرو میں بھی دی گئی تھی جو خودکار طور پر لوگوں کو شناخت کرکے حرکت کرتے ہوئے لوگوں کو فریم میں ایڈجسٹ کرتی ہے۔ 10.2 انچ کے ریٹینا ڈسپلے کے ساتھ ایپل اسمارٹ کی بورڈ اور ایپل پینسل سپورٹ بھی دی گئی ہے۔

    اس میں آئی پیڈ او ایس 15 آپریٹنگ سسٹم موجود ہے جو ملٹی ٹاسکنگ کے لیے زیادہ بہتر ققرار دیا گیا ہے۔ آئی پیڈ او ایس 15 میں ٹرانسلیٹ ایپ، لائیو ٹیکسٹ اور فوکس جیسے فیچرز بھی موجود ہیں۔

    ایپل کے نئے آئی پیڈ کی قیمت 329 ڈالرز (55 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی جو 64 جی بی اسٹوریج والا ماڈل ہے۔

    اسی طرح وائی فائی۔ سیلولر ماڈل 459 ڈالرز میں دستیاب ہوگا جبکہ ایک 256 جی بی اسٹوریج کا ورژن بھی ہوگا۔ یہ آئی پیڈ بھی 24 ستمبر سے صارفین کو دستیاب ہوگا۔

  • بلیک بیری کا اینڈرائیڈ فون سامنے آگیا

    بلیک بیری کا اینڈرائیڈ فون سامنے آگیا

    ٹورنٹو: موبائل فون بنانے والی معروف کمپنی بلیک بیری اینڈرائیڈ فون کے ساتھ میدان میں اترنے کے لیے بالکل تیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلیک بیری کی جانب سے کافی عرصے بعد اعلان کیا گیا تھا کہ جلد کمپنی کی جانب سے جلد اسمارٹ فون متعارف کرایا جائے گا جس میں اینڈرائیڈ ورژن ہوگا۔

    موبائل اور ٹیبلیٹ تیار کرنے والی معروف کمپنی کی جانب سے آئندہ چند دنوں میں اسمارٹ فون امریکا میں ہونے والی ٹیکنالوجی کی نمائش میں متعارف کرایا جائے گا جن کی تصاویر اور تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

    ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق فون رواں ماہ 7 جون کو متعارف کرایا جائے گا جسے بلیک بیری 2 کا نام دیا گیاہے، اب تک آنے والی اطلاعات کے مطابق اینڈرائیڈ ڈیوائس میں دو کیمرے ہوں گے جبکہ اسے ان لاک کرنے کے لیے فنگر پرنٹس کی ضرورت درکار ہوگی۔

    حیران کن بات یہ ہے کہ بلیک بیری نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے فون میں بٹن والا کی بورڈ دیا ہے اس کے علاوہ اسکرین ٹچ کر کے بھی فون کو چلایا جاسکے گا۔

    اب تک سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق بلیک بیری 2 میں 8 اور 12 میگا پکسل کے فرنٹ اور بیک کیمرے ہوں گے جبکہ 4 جی بی اس کی ریم ہوگی علاوہ ازیں موبائل کی اسٹوریج 64 سے 128 گیگا بائٹس تک ہوگی جس کو بڑھانے کے لیے میموری کارڈ کا سلاڈ بھی دیا گیا ہے ،کمپنی کی جانب سے تاحال قیمت کا اعلان نہیں کیا گیا۔

    خیال رہے کہ اسمارٹ فون متعارف ہونے کے بعد بلیک بیری وہ واحد کمپنی تھی جس نے اپنی جدید سہولیات اور فیچرز کی وجہ سے مختصر وقت میں کامیابی کے جھنڈے گاڑھے تھے مگر کچھ عرصے سے بلیک بیری اپنے صارفین کو متاثر کرنے میں ناکام نظر آرہی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں