Tag: Angelina Jolie

  • بچوں کی کفالت : عدالت نے انجلینا جولی کا مؤقف تسلیم کرلیا

    بچوں کی کفالت : عدالت نے انجلینا جولی کا مؤقف تسلیم کرلیا

    لاس اینجلس : ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر انجلینا جولی نے سابق شوہر بریڈ پٹ سے ہونے والی قانونی جنگ میں کسی حد تک کامیابی حاصل کرلی۔

    عالمی شہرت یافتہ اداکارہ انجلینا جولی نے اپنے اور سابق شوہر بریڈ پٹ کے درمیان گود لیے بچوں کی حوالگی سے متعلق کیس کا فیصلہ سنانے والے نجی جج کو ہٹانے کی اپیل جیت لی ہے۔

    رواں سال مئی میں نجی جج جان اوڈرکرک نے انجلینا کے ساتھ بچوں کی مشترکہ کفالت کیلئے بریڈ پٹ کے حق میں فیصلہ سنایا تھا۔ کیلیفورنیا کی ایک عدالت نے بچوں کی تحویل سے متعلق بریڈ پٹ کے حق میں فیصلہ سنانے والے جج کو ہٹادیا۔

    اینجلینا جولی نے جج کے اس فیصلے کے خلاف کیلیفورنیا کی ایک عدالت میں اپیل دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ جج نے ان کے بچوں کی تحویل کے سلسلے میں ہونے والی سماعت میں بچوں کو گواہی دینے کی اجازت نہیں دی۔

    جج جان اوڈرکرک نے اداکار بریڈ پٹ کو سابق جوڑے کے پانچ نابالغ بچوں 17 سالہ پیکس ، 16 سالہ زہرا، 14 سالہ شیلو، 13 سالہ نوکس اور ویوین کی مشترکہ تحویل دی تھی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق کیلیفورنیا کی ایک عدالت نے جولی کی طرف سے فیصلہ سنانے والے نجی جج کو اس کیس سے ہٹانے کی اپیل سے اتفاق کرتے ہوئے اپنے فیصلے میں کہا کہ جج اوڈرکرک نے بریڈ پٹ کے وکیلوں کے ساتھ اپنے کاروباری تعلقات کا انکشاف نہیں کیا تھا۔

    عدالت نے کہا کہ یہ ایک اخلاقی خلاف ورزی تھی جس سے جج کی غیرجانبداری کی صلاحیت پر شک پیدا ہوگیا ہے۔ یاد رہے کہ اس عدالتی فیصلے کے بعد نئے جج کے سامنے سابقہ جوڑے کے درمیان پانچ نابالغ بچوں کی تحویل اور کفالت سے متعلق قانونی جنگ دوبارہ شروع ہوسکتی۔

    خیال رہے کہ امریکہ میں طلاق لینے والی مشہور شخصیات باہمی تنازعات کے حل اور رازداری کی وجوہات کی بناء پر نجی ججوں کی خدمات حاصل کرتی ہیں۔

    دریں اثنا بریڈ پٹ کے ترجمان نے کہا کہ عدالت کا یہ فیصلہ تکنیکی مسئلے پر مبنی تھا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ جج اوڈرکرک نے حقائق کی بنیاد پر مئی میں بچوں کی تحویل کا فیصلہ سنایا تھا اور وہ تبدیل نہیں ہوگا۔

    عدالتی فیصلے پر انجلینا جولی کی جانب سے کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے تاہم مئی میں آنے والے عدالتی فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ان کو اور ان کے بچوں کو منصفانہ مقدمے کی سماعت کا موقع نہیں دیا گیا۔

    جولی اور پٹ نے 2018 میں اعلان کیا تھا کہ بچوں کی تحویل اورکفالت سے متعلق ان کے درمیان تصفیہ ہوگیا ہے تاہم بعد میں سابقہ جوڑے نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

    انجلینا جولی کی خواہش ہے کہ تمام بچے ان کے حوالے کردیے جائیں جبکہ بریڈپٹ کا مطالبہ ہے کہ بچوں کی پرورش مشترکہ طور پر ہونی چاہیے، دونوں کی جانب سے گود لیے بچے غریب اور افریقی ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔

    واضح رہے کہ ہالی ووڈ اسٹارز نے 2004 میں ایکشن فلم مسٹر اور مسز اسمتھ کے سیٹ پر ملاقات کی تھی۔ 10 سال تک ساتھ رہنے کے بعد دونوں نے2014میں شادی کی تھی لیکن شادی کے دو سال بعد ستمبر 2016 اس جوڑے نے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

    جولی کی جانب سے طلاق کی درخواست دائر کرنے سے قبل بریڈ پٹ کے خلاف بچوں سے ممکنہ بدسلوکی کی تحقیقات کی گئی تھیں تاہم بعد میں انہیں ان الزامات سے بری کردیا گیا تھا۔

    اداکار بلی باب تھورنٹن اور جونی لی ملر کے بعد جولی کی بریڈ پٹ سے یہ تیسری شادی تھی جبکہ بریڈ پٹ کی فرینڈ اسٹار جینیفر اینسٹن سے علیحدگی کے بعد یہ دوسری شادی تھی۔

  • انجلینا جولی کے بیٹے کا باپ کیخلاف عدالت میں اہم بیان

    انجلینا جولی کے بیٹے کا باپ کیخلاف عدالت میں اہم بیان

    لاس اینجلس : ہالی ووڈ کی نامور فلمی جوڑی میں شادی کے بعد ہونے والی علیحدگی میں اب ایک نیا موڑ آگیا، انجلینا جولی اور بریڈ پٹ کا بڑا بیٹا بھی عدالت پہنچ گیا۔

    اس حوالے سے غیر ملکی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ انجلینا جولی اور بریڈ پٹ کے بڑے بیٹے میڈوکس نے اپنے والد کے خلاف مقامی عدالت میں گواہی دی ہے۔

    سابقہ میاں بیوی کے درمیان ہونے والی عدالتی جنگ میں میڈوکس اس سے پہلے بھی ایک بار عدالت میں گواہی دے چکے ہیں جو ان کے والد بریڈ پٹ کے حق میں کچھ خاصی خوش آنئد نہیں تھی۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا میڈوکس سرکاری طور پر اپنے نام کے ساتھ "پٹ” ہٹا کر "جولی” میں تبدیل کروانا چاہتا ہے جس پرانجلینا نے میڈوکس کو منع کیا جبکہ غیر سرکاری سطح پر میڈوکس اپنے نام کے ساتھ والد کا نام استعمال نہیں کرتے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عدالت میں جمع کروائی گئی دستاویزات کے مطابق بریڈ پٹ اپنی اہلیہ انجلیناجولی اور اپنے بچوں پر تشدد کرتے تھے۔

    دوسری جانب انجلینا جولی کا کہناتھا کہ وہ اور ان کے بچے بریڈ پٹ کے خلاف اپنے الزامات کو ثابت کرنے کے لیے تمام تر ثبوت مہیا کرنے کو تیار ہیں۔

    علاوہ ازیں بریڈ پٹ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ انجلینا جولی سابقہ شوہر بریڈپٹ کے خلاف بچوں کو ہتھیار بنا رہی ہیں تاکہ عدالتی فیصلہ ان کے حق میں آسکے۔

    واضح رہے کہ انجلینا جولی اور بریڈ پٹ نے 2014 میں شادی کی تھی اور 2 سال بعد علیحدگی اختیار کرلی تھی جس کے بعد سے دونوں کے درمیان اب تک قانونی طور پر علیحدگی اور بچوں کی حوالگی کے لئے معاملات چل رہے ہیں۔

  • قدیم مسجد کی شاہکار پینٹنگ نے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے

    قدیم مسجد کی شاہکار پینٹنگ نے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے

    لندن : ہالی ووڈ کی نامور اداکارہ اینجلینا جولی کی زیرِ ملکیت ایک "تاریخی پینٹنگ” ایک کروڑ 15 لاکھ ڈالر سے زائد میں نیلام ہوگئی۔ قدیم مسجد کا یہ شاہکار سابق برطانوی وزیرِ اعظم ونسٹن چرچل نے بنایا تھا۔

    ونسٹن چرچل کے ہاتھ سے بنائی گئی اس پینٹنگ میں مراکش کی قطبیہ مسجد کے مینار اور اس کے ارد گرد کے علاقے کی منظر کشی کی گئی ہے۔

    غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ پینٹنگ چرچل نے دوسری عالمی جنگ کے دوران سابق امریکی صدر روز ویلٹ کے لیے بنائی تھی۔

    خبر میں کہا گیا ہے کہ امریکی اداکارہ انجیلینا جولی نے سابق برطانوی وزیراعظم ونسٹن چرچل کی بنائی ہوئی پینٹنگ ایک کروڑ 15 لاکھ ڈالر (ایک ارب 80 کروڑ روپے) میں نیلام کردی ہے۔ تاحال اس پینٹنگ خریدنے والے کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

    ہالی وڈ اداکارہ کو یہ پینٹنگ ان کے سابق خاوند اداکار بریڈپٹ نے 2011 میں تحفہ دی تھی۔ ٹاور آف قطبیہ مسجد نامی پینٹنگ میں مراکش میں غروب آفتاب کے لمبے سائے اور پُرجوش اشعار پیش کیے گئے ہیں۔

    پینٹنگ میں نظر آنے والی تصویر مراکش میں بارہویں صدی میں تعمیر کی جانے والی ایک مسجد کی ہے جس کے عقب میں پہاڑ ہیں اور پینٹنگ میں غروب آفتاب کا منظر دکھایا گیا ہے۔

    یہ وہ واحد پینٹنگ ہے جسے برطانوی وزیر اعظم 1939 سے 1945 کے دوران ہونے والی دوسری جنگ عظیم کے زمانے میں بنایا گیا تھا۔

    چرچل نے اسے جنوری 1943 می کاسابلانکا کانفرنس کے بعد مکمل کیا تھا۔ چرچل نے اس کانفرنس کے بعد اپنی پینٹنگ امریکی صدر روزویلٹ کو یادگار کے طور پر تحفے میں دی تھی۔

    روزویلٹ کی 1945 میں وفات کے بعد اس پینٹنگ کو ان کے بیٹے نے فروخت کر دیا تھا اور اگلے 65 برسوں تک یہ مختلف افراد کی ملکیت رہنے کے بعد 2011 میں ہالی ووڈ اداکارہ اینجلینا جولی اور ان کے شوہر بریڈپٹ نے اسے خرید لیا تھا۔

    واضح رہے کہ ماضی میں بھی ونسٹن چرچل کی بنائی گئی کئی پینٹنگز فروخت ہوچکی ہیں اور اب تک ان کی سب سے مہنگی پینٹنگ 18لاکھ پاؤنڈ میں نیلام ہوئی تھی لیکن اب اینجلینا نے اپنے پاس موجود پینٹنگ فروخت کرکے چرچل کی مہنگی ترین پینٹنگ کا نیا ریکارڈ بنالیا ہے۔

  • ‘اپنے حقوق جانو’ انجلینا جولی بچوں کے حقوق پر کتاب لکھیں گی

    ‘اپنے حقوق جانو’ انجلینا جولی بچوں کے حقوق پر کتاب لکھیں گی

    لاس اینجلیس : معروف ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی نے ‘اپنے حقوق جانو’ کے عنوان سے  بچوں کے حقوق پر کتاب شائع کرنے کا اعلان کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ہالی اداکارہ انجلینا جولی ایمنسٹی انٹرنیشنل کے اشتراک سے کتاب شائع کریں گی جو آئندہ برس ستمبر میں پبلش ہوگی۔

    ہالی ووڈ اداکارہ کا بچوں کے حقوق سے متعلق کتاب لکھنے کا مقصد نوجوانوں کو ان کے حقوق سے متعلق آگاہی و شعور فراہم کرنا ہے۔

    اداکارہ نے کتاب کا عنوان بھی ’اپنے حقوق جانو‘ رکھا ہے، انجلینا جولی کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ میری یہ کتاب نوجوانوں اور بچوں کو ان کے حقوق پہنچوانے میں کارساز ثابت ہوگی اور وہ نوجوان اس کتاب سے ہدایت لیں گے۔

    ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا تھا کہ انجلینا جولی نے اپنی کتاب میں ان حقوق اور اختیارات کو اجاگر کریں گی جو اقوام متحدہ کنویشن میں بچوں کو دئیے گئے ہیں۔

    ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق یہ کتاب برطانیہ اور امریکا سمیت دنیا کے تمام 140 ممالک کے نوجوانوں کے لئے ان کے حقوق جاننے اور اسے مانگنے سے متعلق ہے۔

  • انجلینا جولی اقوام متحدہ کی اگلی جنرل سیکریٹری؟

    انجلینا جولی اقوام متحدہ کی اگلی جنرل سیکریٹری؟

    معروف ہالی ووڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خیر سگالی سفیر انجلینا جولی اداکاری اور ہدایت کاری میں نام کمانے کے بعد اب اپنا زیادہ تر وقت سماجی کاموں میں گزار رہی ہیں اور اقوام متحدہ کی جانب سے مختلف جنگ زدہ علاقوں کا دورہ کرتی رہتی ہیں۔

    ان کی فعال سرگرمیوں کو دیکھتے ہوئے ایسا لگتا ہے کہ بہت جلد وہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کی بھی امیدوار ہوں گی، اور وہ خود بھی اس بات کی نفی نہیں کرتیں۔

    پیپلز میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا، ’ایسا بعید از قیاس نہیں ہے، کبھی بھی یہ مت سوچیں کہ ایسا نہیں ہوسکتا‘۔

    جولی کا کہنا ہے کہ میں قطعاً مایوس نہیں کہ میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا عہدہ حاصل نہیں کر سکتی۔ میرا وژن مجھے ایک دن اس عہدے تک پہنچا سکتا ہے مگر فی الحال میں قیادت کے لیے دوسروں کی طرف دیکھ رہی ہوں۔

    انجلینا جولی نے کچھ دن قبل ہی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کیا تھا جہاں انہوں نے کہا تھا کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر افغان امن مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوں گے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ہزاروں افغان خواتین امن مذاکرات میں اپنی عدم شمولیت پر گہری تشویش کا اظہار کرچکی ہیں کہ طالبان سے مذاکرات میں ان کے اور ان کے بچوں کے حقوق کے تحفظ کا ضامن کون ہوگا۔

    جولی جنگ زدہ علاقوں میں خواتین کے تحفظ کے اقدامات کے حوالے سے کوشاں ہیں اور بارہا اقوام متحدہ میں اس بات کا اظہار کر چکی ہیں کہ دنیا ان کا تحفظ کرنے میں ناکام ہے، جنگ میں خواتین سے زیادتی کو جنگ کے اہم ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔

    اپنے حالیہ انٹرویو میں اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے لیے قائم کردہ ہائی کمیشن کی خدمات کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پناہ گزینوں کے تحفظ کے لیے مزید امن فوج کی تعیناتی کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پناہ گزینوں کو جنسی تشدد کے حربوں سے بچانے کے لیے عالمی برادری کو مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے۔

  • کینسر کی اہم وجہ کیا ہے؟ جانیں انجلینا جولی کی کینسر سرجن سے

    کینسر کی اہم وجہ کیا ہے؟ جانیں انجلینا جولی کی کینسر سرجن سے

    گوشت کا بہت زیادہ استعمال مختلف بیماریاں پیدا کرنے کا سبب بن سکتا ہے تاہم حال ہی ایک معروف سرجن نے اس کے ایک اور خطرنک نقصان کی طرف اشارہ کیا ہے۔

    ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ انجلینا جولی کے بریسٹ کینسر کا علاج کرنے والی سرجن کرسٹی فنک کا کہنا ہے کہ گوشت اور ڈیری مصنوعات بریسٹ کینسر کے خطرے میں اضافہ کرسکتی ہیں۔

    کرسٹی ایک معروف بریسٹ کینسر سرجن ہیں اور انہوں نے انجیلنا جولی سمیت ہالی ووڈ کے کئی بریسٹ کینسر میں مبتلا فنکاروں کا علاج کیا ہے۔

    کرسٹی کے مطابق پروسیسڈ گوشت کینسر کے خلیات کی نشونما میں اضافہ کرتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مختلف جانوروں کے گوشت کے پروٹین اور چکنائی پر جس طرح ہمارا جسم ردعمل دیتا ہے وہ خطرناک ہوتا ہے۔

    مزید پڑھیں: روز کھائی جانے والی یہ اشیا کینسر کو جنم دے سکتی ہیں

    سرجن کا کہنا ہے کہ ہماری مختلف بیماریوں کی 80 فیصد وجہ ہمارا غیر صحت مند طرز زندگی اور غیر متوازن غذائی عادات ہیں۔ مختلف سبزیوں کا روزانہ استعمال بریسٹ کینسر کے خطرے میں کمی کرتا ہے۔

    انہوں نے تجویز دی کہ کینسر سمیت مختلف بیماریوں سے بچنے کے لیے سبزیوں اور پھلوں کا زیادہ اور گوشت کا کم سے کم استعمال کیا جائے۔

    کرسٹی کا کہنا ہے کہ کھانے میں زیتون کے تیل کا استعمال کینسر کے خطرے میں 68 فیصد کمی کرتا ہے۔ ان کے مطابق ڈیری مصنوعات بھی کینسر کا سبب بن سکتی ہیں لہٰذا انہیں معمولی مقدار میں استعمال کرنا چاہیئے۔

  • انجلینا جولی بننے والی ایرانی لڑکی اصل میں کیسی دکھتی ہے؟ تصویر سامنے آگئی

    انجلینا جولی بننے والی ایرانی لڑکی اصل میں کیسی دکھتی ہے؟ تصویر سامنے آگئی

    تہران: انجلینا جولی کا روپ دھارنے کے چکر میں اپنے چہرے سے دنیا بھر کے لوگوں کی ہمدریاں سمیٹنے والی ایرانی لڑکی سحر تابار نے اپنی نئی تصویر شیئر کردی۔

    تفصیلات کے مطابق 19 سالہ ایرانی لڑکی کی گزشتہ برس سوشل میڈیا پر خوفناک تصاویر سامنے آئیں تھیں، صارفین کی جانب دعویٰ کیا گیا تھا کہ ’مذکورہ لڑکی انجلینا جولی سے متاثر ہے اور اس نے اداکارہ کی طرح روپ دھارنے کے لیے اپنی شکل پر کچھ تجربات کیے‘۔

    سوشل میڈیا پر افواہیں زیر گردش تھیں کہ سحر تابار نےسامنے آکر خود ہی حقیقت سے پردہ چاک کیا اور لوگوں کو بتایا کہ جو باتیں پھیلائی گئیں اُن کی کوئی حقیقت نہیں، مذکورہ تصاویر میک اپ کے بعد لیں جو میں نے خود کیا تھا۔

    دنیا بھر سے ہمدردیاں سمیٹ کر سوشل میڈیا اسٹار بننے والی لڑکی نے اپنی حالیہ تصویر شیئر کی اور ساتھ ہی لکھا کہ ’میرا اصل چہرہ ایسا ہے، جس پر میں شکر گزار ہوں‘۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس  ایرانی لڑکی نے اپنے آپ کو انجلینا جولی کی سب سے بڑی مداح ثابت کرنے کی عملی طور پر کوشش کی جس کے دوران انہوں نے اپنے چہرے کی 50 سے زائد سرجریاں بھی کروائیں۔

    ہالی ووڈ اداکارہ انجیلینا جولی کی ایک ایرانی مداح کی ایسی تصاویر سامنے آئی تھیں کہ جنہیں دیکھ کر حقیقت میں صارفین خوف زدہ ہوگئے تھے البتہ کچھ لوگوں نے دعویٰ کیا تھاکہ یہ سب فوٹو شاپ کے ذریعے کیا گیا۔

    بعد ازاں سحر نے اپنی تصاویر پر تنقید کرنے والے لوگوں کو سوشل میڈیا پر جواب دیا، اُن کا کہنا تھا کہ ’لوگوں کی جانب سےتصاویر پر تنقید مجھے بالکل پسند نہیں کیونکہ یہ 18ویں صدی نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی کی دنیا ہے جس سے عام طور پر لوگ نابلد ہیں‘۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • 42 سالہ جولی جواں عمر کیسے نظر آتی ہیں؟ اہم راز سے پردہ اٹھ گیا

    42 سالہ جولی جواں عمر کیسے نظر آتی ہیں؟ اہم راز سے پردہ اٹھ گیا

    کیلی فورنیا: دنیا بھر میں لاکھوں دلوں پر راج کرنے والی انجلینا جولی کے ڈاکٹر نے اداکارہ کے حسن اور خوبصورتی کا راز سب کو بتا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق 42 سالہ اداکارہ جب بھی ٹی وی اسکرین یا پردے پر جلوہ گر ہوتی ہیں تو اپنی اداکاری کے ساتھ خوبصورتی اور حسن کا بھی لوہا منواتی ہیں، انجلینا جولی کی جلد عمر رسیدہ ہونے کے باوجود توانا کیسے نظر آتی ہے یہ راز جلدی امراض کے ماہر ڈاکٹر روہندا رند نے سب کو بتادیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق اداکارہ نے اپنی جلد کو پرکشش بنانے اور خود کو نوجوان رکھنے کے لیے ماہر امراض جلد (ڈرمیٹولوجسٹ) سے رابطہ کیا اور تجاویز مانگیں۔

    ڈاکٹر روہندا نے ریڈ کارپٹ تقریب میں انجلینا جولی کے حسن اور نوجوان نظر آنے کے راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ’اداکارہ کو تھوڑے بہت علاج کی ضرورت ضرور تھی تاہم انہیں وراثت میں ایسی جلد ملی جو عمر رسیدہ ہونے کے باوجود تروتازہ نظر آتی ہے‘۔

    مزید پڑھیں: کھانا پکانا سیکھنے کے لیے انجلینا جولی فلموں سے دور

    اُن کا کہنا تھا کہ ’جب انجلینا جولی نے اداکاری کے میدان میں قدم رکھا تو اُن کی خواہش تھی کہ جلد کی مکمل حفاظت کریں اور اپنے حسن کو برقرار رکھیں‘۔ اس معاملے میں اداکارہ کو زیادہ محنت کی ضرورت اس لیے نہیں پڑی کہ ان کی والدہ خوبصورت تھیں۔

    ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ ’انجلینا جولی اس معاملے میں خوش قسمت ہیں کہ انہیں اپنی جلد کے حوالے سے پریشانی کی ضرورت نہیں کیونکہ ایسی جلد پر سورج کی شعاعیں اور دیگر بیماریاں اثر انداز نہیں ہوتیں‘۔

    روہندا کا یہ بھی کہنا تھا کہ انجلینا جولی جب علاج کے لیے آئیں تو اُن کی جلد بہتر حالت میں تھی، اداکارہ کی خوبصورتی میں اضافے کی وجہ جہاں میری ادویات اور تجاویز ہیں وہیں اُن کی اپنی خوراک بھی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: ہالی وڈ اداکارہ آنجلینا جولی دنیا کی بہترین فیشن آئی کون قرار

    واضح رہے کہ انجلینا جولی نے رواں برس مارچ میں ایک سوال کے جواب میں اپنے خوبصورت اور جواں نظر آنے کا سہرا ڈاکٹر روہندا کو دیتے ہوئے کہا تھا کہ اُن کی تجاویز اور آراء کے بعد ہی میرا قدرتی حسن برقرار ہے۔

    خیال رہے کہ انجلینا اور بریڈ پٹ کے درمیان 2005 میں بننے والی فلم ’’مسٹر اینڈ مسز اسمتھ‘‘ کی شوٹنگ کے دوران ذہنی ہم آہنگی کافی بڑھ گئی تھی جس کے بعد بریڈ نے اپنی پہلی بیوی جینیفر کو چھوڑ کر 2014 میں جولی سے دوسری شادی کرلی تھی جس کا خاتمہ گزشتہ سال ہوچکا۔

    اسے بھی پڑھیں: انجلینا جولی چوتھی شادی کی خواہش مند

    برینجلینا کہلائے جانے والے اس جوڑے کی تحویل میں 6 عدد بچے ہیں جن میں سے 2 ان کے اپنے جبکہ 4 گود لیے گئے ہیں۔ دونوں اداکاروں کے درمیان طلاق کے بعد اب تمام بچے اداکارہ کے پاس موجود ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • جنگ زدہ علاقوں میں خواتین کا جنسی استحصال روکا جائے، انجلینا جولی

    جنگ زدہ علاقوں میں خواتین کا جنسی استحصال روکا جائے، انجلینا جولی

    برسلز : عالمی شہرت یافتہ اداکارہ انجلینا جولی نے کا کہنا ہے کہ روہنگیا مہاجر ین پرظلم وستم کے پہاڑ توڑے گئے، کم عمر لڑکیوں کی عصمتیں لوٹی گئیں لیکن عالمی برادری خاموش تماشائی بنی رہی، نیٹوافواج سے اپیل ہے کہ جنگی علاقوں میں خواتین کا جنسی استحصال روکے اور تحفظ فراہم کرے۔

    تفصیلات کے مطابق برسلز میں نیٹوہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرس سے خطاب میں اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر برائے مہاجرین انجلینا جولی کا کہنا تھا کہ اتحادی افواج کی آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ جنگ زدہ علاقوں میں خواتین و بچوں کے حقوق اور ان کی عزت و آبرو کے تحفط کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔

    انجلینا جولی نے کہا روہنگیا مہاجرین پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے گئے، کم عمر لڑکیوں پر تشدد اور انہیں زیادتی کا نشانہ بنایا گیا لیکن اس پر عالمی برادری کی خاموشی پر انہیں غم وغصے سمیت شدید تحفظات ہیں۔

    انجلینا جولی نے نیٹوافواج سے اپیل ہے کہ جنگ سےمتاثرہ علاقوں خواتین عزت وآبرو کا تحفظ یقینی بنائے۔

    اس سے قبل بھی انجلینا جولی نے میانمار میں روہنگیا خواتین پر جنسی تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جلد ہی جنسی تشدد کی شکار روہنگیا خواتین سے ملاقات کا ارادہ بھی رکھتی ہیں۔


    مزید پڑھیں :  برمی فوجیوں کی روہنگیا خواتین سے زیادتی کا انکشاف


    واضح رہے کہبرمی فوجیوں کی جانب سے خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنائے اور بنگلہ دیش میں روہنگیا خواتین کوجسم فروشی پرمجبور کا انکشاف ہوا تھا جبکہ اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ بنگلہ دیش میں روہنگیاپناہ گزین کوشدید خطرات لاحق ہیں۔

    خیال رہے کہ میانمار میں فوجی آپریشن نے لاکھوں روہنگیا مسلمانوں کو سرحد پار کر کے بنگلادیش فرار ہونے پر مجبور کر دیا ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئرکریں۔

  • کھانا پکانا سیکھنے کے لیے انجلینا جولی فلموں سے دور

    کھانا پکانا سیکھنے کے لیے انجلینا جولی فلموں سے دور

    ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ انجلینا جولی نے کھانا پکانے کی کلاسز لینے اور بچوں کے لیے بہتر ماں ثابت ہونے کے لیے فلموں سے دوری اختیار کرلی۔

    حال ہی میں دیے جانے والے ایک انٹرویو میں جولی کا کہنا تھا کہ سابق شوہر بریڈ پٹ سے علیحدگی کے بعد وہ اپنی اور اپنے بچوں کی صحت کے معاملات پر توجہ دے رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا، ’میری پہلی ترجیح میرا خاندان ہے، اپنی زندگی اور اپنی صحت کی میں خود ذمہ دار ہوں۔ یہی وہ چیز ہے جو ایک عورت کو مکمل بناتی ہے‘۔

    فی الحال جولی بطور ہدایت کارہ اپنی فلم ’فرسٹ دے کلڈ مائی فادر‘ کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں۔

    جولی کا کہنا ہے کہ اس فلم کی پروموشن کے علاوہ وہ اور کسی فلم میں حصہ نہیں لے رہیں۔ انٹرویو میں انہوں نے کہا، ’میں چاہتی ہوں کہ میں اپنے بچوں کو خود ناشتہ بنا کر دوں اور گھر کی دیکھ بھال کروں‘۔

    انہوں نے بتایا کہ وہ کوکنگ کی کلاسیں بھی لے ہی ہیں۔

    انجلینا جولی نے انکشاف کیا کہ بریڈ پٹ سے علیحدگی کے بعد وہ ہائپر ٹینشن کا شکار ہوگئی تھیں جبکہ انہیں بیلز پالسی نامی مرض بھی لاحق ہوگیا تھا جس میں چہرے کے عضلات کمزور ہوجاتے ہیں اور چہرہ ایک طرف سے ڈھلکنے لگتا ہے، تاہم ایکوپنکچر طریقہ علاج کے بعد اب وہ اس بیماری پر خاصی حد تک قابو پاچکی ہیں۔

    مزید پڑھیں: انجلینا جولی کا بریڈ یٹ سے علیحدگی کا فیصلہ

    یاد رہے کہ انجلینا جولی اور بریڈ پٹ کے درمیان ایک عرصے سے تعلق قائم تھا۔ دونوں سنہ 2014 میں رشتہ ازدواج میں بھی منسلک ہوئے تاہم گزشتہ برس ستمبر میں یہ تعلق ٹوٹ گیا۔

    برینجلینا کہلائے جانے والے اس جوڑے کی تحویل میں 6 عدد بچے ہیں جن میں سے 2 ان کے اپنے جبکہ 4 گود لیے گئے ہیں۔ دونوں اداکاروں کے درمیان طلاق کے بعد اب تمام بچے جولی کے پاس ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔