Tag: animal

  • جاوید اختر نے فلم اینیمل کو پسند کرنے والے شائقین سے متعلق کیا کہا؟

    جاوید اختر نے فلم اینیمل کو پسند کرنے والے شائقین سے متعلق کیا کہا؟

    معروف بھارتی مصنف جاوید اختر نے بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور کی فلم ’اینیمل‘ کے مداحوں کو فلم سے بھی بڑا مسئلہ قرار دیا ہے۔

    سندیپ ریڈی وانگا کی ہدایتکاری میں ریلیز ہونے والی فلم اینیمل 2023 کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلموں میں سے ایک ہے لیکن اس فلم میں خونی مناظر پر کئی لوگوں نے تنقید بھی کی۔

    فلم ریلیز ہونے کے بعد بھارت کے معروف مصنف جاوید اختر نے اس وقت کہا تھا کہ اینیمل جیسی فلموں کی کامیابی ایک خطرناک بات ہے، تاہم اب انہوں نے اپنا موقف تبدیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تنقید ان شائقین کے لیے تھی جنہوں نے فلم کو پسند کیا۔

    جاوید اختر کے مطابق فلم کی کامیابی نے ظاہر کیا کہ فلموں کے حوالے سے ناظرین کی ترجیحات کیا ہیں انہوں نے کہا کہ میں نے اینیمل کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار نہیں کیا تھا میں نے اسے دیکھنے والے سامعین کے بارے میں بات کی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ پورا معاشرہ ایک ساتھ نہیں بدلتا، بلکہ اسے بدلنے میں وقت لگتا ہے، اینیمل جیسی فلمیں معاشرے کو بدلنے کے لیے چھوٹے قدم جیسی ثابت ہوتی ہیں۔

    انٹرویو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ فلم کامیاب کیوں ہوئی، تو اس پر انہوں نے کہا کہ اس کا جواب فلم کے عنوان میں ہے، عنوان خود اس کی وضاحت کرتا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اگر 15 لوگوں نے غلط اقدار کے ساتھ ایک فلم بنائی ہے، اگر 10-12 لوگ فحش گانے بناتے ہیں تو یہ مسئلہ نہیں ہے، اگر 140 کروڑ کی آبادی میں 15 لوگ خراب کردار کے حامل ہیں، تو اس سے فرق نہیں پڑتا، مسئلہ اس وقت پیدا ہوتا ہے جب وہ چیز مارکیٹ میں جا کر سپر ہٹ بن جاتی ہے۔

    جاوید اختر کا کہنا تھا کہ آج کل معاشرے میں فحاشی کو معمول سمجھا جا رہا ہے، جو پہلے نہیں تھا، 1920 اور 30 کی دہائی میں بھی فحش گانے موجود تھے، لیکن انہیں گھروں کے اندر نہیں چلایا جاتا تھا۔

    بھارتی مصنف نے مزید کہا کہ فحاشی گزشتہ دس سال میں ایجاد نہیں ہوئی، یہ ہمیشہ سے موجود تھی،  تاہم، درمیانی طبقے میں فحاشی کی  ایسی قبولیت پہلے نہیں تھی جو اب موجود ہے۔

  • جاوید اختر نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    جاوید اختر نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

    بالی وڈ کے نامور لکھاری اور شاعر جاوید اختر نے رنبیر کپور کی فلم ’اینیمل‘ کی کامیابی کو خطرناک قرار دے دیا ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاوید اختر نے فلم فیسٹیول میں خطاب کرتے ہوئے دور حاضر کی فلموں اور گانوں پر بات کی اور مداحوں کو اُن کی کامیابی کا ذمہ دار ٹھہرایا۔

    جاوید اختر نے اداکار رنبیر کپور کی فلم اینیمل کا نام لیے بغیر اُس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر کوئی ایسی فلم ہے جس میں ایک مرد خاتون کو اپنا جوتا چاٹنے کا کہتا ہے یا ایک مرد کسی خاتون کو تھپڑ مارنے کو درست سمجھتا ہے اور وہ فلم سپرہٹ ہو جاتی ہے تو یہ بہت خطرناک بات ہے‘۔

    جاوید اختر نے 90 کی دہائی میں ریلیز ہونے والی فلم ’کھل نائیک‘ کے گانے ’چولی کی پیچھے‘ کے متنازع ہونے کے باوجود سپرہٹ ہونے پر بھی بات کی۔

    انہوں نے کہا کہ ’لوگ اس بات پر حیران ہوتے ہیں کہ آج کل گانے اتنے متنازع کیوں ہیں، چولی کے پیچھے کی مثال لیں، مسئلہ یہ نہیں ہے کہ اس گانے میں خواتین اور مرد تھے، مسئلہ یہ ہے کہ عوام نے اُس گانے کو ایک بڑا ہٹ گانا بنا دیا۔ کروڑوں کی تعداد میں لوگوں نے اسے پسند کیا، یہ خطرناک بات ہے۔‘

    جاوید اختر نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’فلم میکر سے زیادہ، یہ ذمہ داری آج کی عوام پر عائد ہوتی ہے، آپ جو فلمیں دیکھتے ہیں، اُن کی ذمہ داری بھی لیتے ہیں، یہ اس بات کا فیصلہ کرتی ہے کہ کیسی فلمیں بننے چاہیں‘۔

    خیال رہے رنبیر کپور کی فلم اینیمل یکم دسمبر 2023 کو ریلیز کی گئی تھی جس نے مجموعی طور پر 550 کروڑ انڈین روپے کا کاروبار کر لیا ہے۔

  • کراچی: انسانوں کے بعد جانوروں کو بھی اغوا کیا جانے لگا، تاوان طلب

    کراچی: انسانوں کے بعد جانوروں کو بھی اغوا کیا جانے لگا، تاوان طلب

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں انسانوں کے بعد جانوروں کو بھی تاوان کے لیے اغوا کیا جانے لگا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں انسانوں کے ساتھ ساتھ جانوروں کے بھی اغوا برائے تاوان کا انکشاف ہوا ہے۔

    بھینس کالونی کے اطراف نا معلوم ملزمان کا گینگ متحرک ہے جسے ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز مویشی چھڑوانے کے لیے بھتہ دینے پر مجبور ہیں۔

    ڈیری فارمرز کا کہنا ہے کہ جانوروں کو اغوا کے بعد بھتہ لے کر چھوڑا جاتا ہے، 2 ماہ کے دوران 7 ڈیری فارمرز کے مویشی اسلحے کے زور پر چھینے گئے۔

    علاوہ ازیں لنک روڈ پر مویشیوں سے بھری گاڑیاں بھی اسلحے کے زور پر چھینی جا رہی ہیں۔

    2 روز قبل مویشیوں سے بھری گاڑی چھیننے کا مقدمہ اسٹیل ٹاون تھانے میں درج کیا گیا ہے، ایف آئی آر کے مطابق 6 ملزمان اسلحے کے زور پر مویشیوں سے بھرا ٹرک لے گئے۔

  • اس تصویر میں چھپا جانور آپ کی ذہانت کا ثبوت دے گا

    اس تصویر میں چھپا جانور آپ کی ذہانت کا ثبوت دے گا

    سوشل میڈیا پر اکثر بصری دھوکے پر مشتمل تصاویر وائرل ہوجاتی ہیں جو صارفین کو اپنا سر کھجانے پر مجبور کردیتی ہیں۔

    یہ تصویر بھی ایسی ہی ہے جس میں آپ کو 30 سیکنڈ سے بھی کم وقت میں زیبرا کے گروپ میں چھپے جانور کو ڈھونڈنا ہے۔

    30 سیکنڈز سے کم وقت میں جانور کو ڈھونڈنا اس بات کا ثبوت ہوگا کہ آپ کا آئی کیو زیادہ ہے۔

    انٹرنیٹ صارفین نے اس تصویر کو بغور دیکھا، بعض لوگوں نے جواب ڈھونڈ نکالا، لیکن بعض کا کہنا تھا کہ اس تصویر میں کوئی جانور نہیں اور یہ صرف ایک دھوکا ہے۔

    لیکن کچھ نے یہ بھی کہا کہ تصویر میں ایک بیجر موجود ہے جو تصویر کے درمیانی بائیں جانب موجود ہے۔

    کیا آپ نے اس جانور کو مقررہ وقت میں ڈھونڈ لیا؟

  • کراچی: آلائشوں اور جانوروں کی باقیات کا ڈھیر، شہر تعفن زدہ ہوگیا

    کراچی: آلائشوں اور جانوروں کی باقیات کا ڈھیر، شہر تعفن زدہ ہوگیا

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں عید قرباں کے بعد حسب معمول آلائشوں اور گندگی کا ڈھیر لگ گیا، صوبائی وزیر اور مقامی انتظامیہ غائب ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے مختلف علاقوں سے جانوروں کی آلائشیں اور باقیات تاحال نہ اٹھائی جا سکیں، آلائشوں اور قربانی کے جانوروں کی باقیات سے تعفن اٹھنے لگا۔

    کراچی کے علاقے عزیز آباد بلاک 2 اور 8، جناح کالج ناظم آباد، عید گاہ گراؤنڈ میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے، جبکہ لیاقت آباد 10 نمبر، گلستان جوہر، غریب آباد اور سخی حسن پر آلائشوں کا انبار لگ گیا۔

    مختلف پارکوں کے باہر گندگی کے پہاڑ بن گئے، شہریوں کی جانب سے آلائشیں پھینکے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

    سندھ سالڈ ویسٹ بورڈ، ضلعی انتظامیہ، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز منظر نامے سے غائب ہیں، شہر کی صورتحال کے حوالے سے کوئی وزیر بھی دورے پر نہیں نکلا، رہائشی علاقوں میں قربانی کے بعد چونے کا چھڑکاؤ اور اسپرے بھی نہیں ہوسکا۔

    شہر کے مختلف رہائشی علاقوں میں محض آلائشوں کے کلیکشن پوائنٹ بنائے گئے ہیں جہاں سے جانوروں کی باقیات لینڈ فل سائٹ پہنچانے کا کام سست روی کا شکار ہے۔

  • خونخوار ٹائیگر نے اپنے ٹرینر پر حملہ کردیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    خونخوار ٹائیگر نے اپنے ٹرینر پر حملہ کردیا، دل دہلا دینے والی ویڈیو

    چین میں سرکس کے ایک خونخوار ٹائیگر نے اپنے ٹرینر پر حملہ کردیا جس کی دہشت ناک ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

    یہ واقعہ شمالی چین میں پیش آیا جہاں سینکڑوں تماشائیوں کی موجودگی میں شیر کا سرکس جاری تھا۔ اس دوران شیر اپنے ٹرینر کی طرف خطرناک ارادے سے بڑھا جس کے بعد ٹرینر نے اسے زمین پر گرانے کی کوشش شروع کردی۔

    اس دوران وہاں موجود دیگر ٹرینرز بھی اس کی مدد کو پہنچے، ایک شخص نے چھڑی مار مار کر شیر کو وہاں سے دور ہٹانے کی کوشش کی۔

    تمام منظر کے دوران شائقین خوف سے چلاتے رہے۔

    سرکس انتظامیہ کے مطابق خوش قسمتی سے شیر کے دانت نکالے جا چکے تھے لہٰذا ٹرینر کو چند معمولی خراشیں آئیں، اسپتال میں کچھ وقت گزارنے کے بعد اسے گھر بھیج دیا گیا جہاں وہ روبصحت ہے۔

    حادثے میں سرکس کی ایک خاتون ورکر بھی معمولی زخمی ہوئیں۔

    واقعے کی خوفزدہ کردینے والی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو ملک بھر سے سرکس انتظامیہ پر تنقید شروع ہوگئی۔

    جانوروں کی فلاح کے لیے کام کرنے والی کئی تنظیموں نے مطالبہ کیا کہ سرکس کے لیے جانوروں پر اس ظلم کا خاتمہ کیا جائے۔

    ایک تنظیم کی جانب سے کہا گیا کہ جب کسی جانور کو اس طرح قید رکھا جاتا ہے تو وہ سخت تناؤ کا شکار ہوجاتا ہے، ایسی صورت میں وہ مزید خطرناک بن جاتا ہے اور انسانوں کے لیے ایک خطرہ ہوتا ہے۔

    کئی افراد نے کہا جانور بھی احساس رکھتے ہیں، انہیں آزاد رہنے کا حق ہے اور وہ انسانوں کو تفریح فراہم کرنے کے لیے پیدا نہیں ہوئے۔

    بے شمار افراد نے سرکسز کو بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

    اس سے قبل گزشتہ ماہ ہی ایسا اور واقعہ پیش آچکا ہے جس میں سرکس کے بھاری بھرکم سیاہ ریچھ نے اپنے ٹرینر پر حملہ کردیا تھا۔

  • سیکڑوں گلے کٹے آوارہ کتے برآمد، مقاصد کیا تھے؟

    سیکڑوں گلے کٹے آوارہ کتے برآمد، مقاصد کیا تھے؟

    ماسکو: روس میں سیکڑوں آوارہ کتے مردہ حالت میں برآمد ہونے پر جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکنان سیخ پا ہوگئے اور انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق روسی شہر یاکوشت میں مردہ حالت میں پائے گئے سیکڑوں کتوں کو ذبح کیا گیا۔ جبکہ ردعمل میں جانوروں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیمیں بھی متحرک ہوگئیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے جراثیم یا پھر کسی بھی قسم کے مرض سے بچنے کے لیے مذکورہ کتوں کو مارا گیا۔ اس کی وجہ کروناوائرس کی روک تھام بھی ہوسکتا ہے البتہ اس حوالے سے کوئی حتمی وجہ سامنے نہیں آئی۔

    دو کنٹینر سے سیکڑوں آوارہ کتے اور بلیاں مردہ حالت میں پائی گئیں جن کے گلے پر تیز دھار آلے سے کاٹے جانے کے نشانات ہیں۔ اس سے متعلق ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے۔

    سماجی کارکنان کا کہنا ہے کہ اگر جانوروں میں کوئی جراثیم پایا جاتا ہے تو اسے مذکورہ مرض سے پاک کیا جائے نہ کہ انہیں موت کے گھاٹ اتارا جائے، یہ انتظامیہ کی نااہلی ہے۔

    جانوروں کے حقوق سے متعلق قائم کی گئیں متعدد تنظیموں نے اس عمل کو غیرقانونی قرار دے دیا۔

    یاکوشت شہر کی خاتون میئر نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کا اس عمل سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

  • زمین پر موجود معمر ترین جانور سے ملیں

    زمین پر موجود معمر ترین جانور سے ملیں

    ہماری زمین پر پائے جانے والے کئی جانور اپنی طویل العمری کے لیے مشہور ہیں، آج ہم آپ کو ایسے ہی ایک جاندار سے ملانے جارہے ہیں جسے زمین کا معمر ترین جانور قرار دیا جاتا ہے۔

    ساؤتھ انٹلانٹک میں موجود یہ جانور ایک کچھوا ہے جس کا نام جوناتھن اور عمر 187 سال ہے۔ یہ کچھوا سنہ 1832 میں پیدا ہوا۔

    کچھوؤں کی اوسط عمر بہت طویل ہوتی ہے۔ عام طور پر ایک کچھوے کی عمر 30 سے 50 سال تک ہوسکتی ہے۔ بعض کچھوے 100 سال کی عمر بھی پاتے ہیں۔ سمندری کچھوؤں میں سب سے طویل العمری کا ریکارڈ 152 سال کا ہے۔

    اس سے قبل تاریخ کا سب سے طویل العمر کچھوا بحر الکاہل کے جزیرے ٹونگا میں پایا جاتا تھا جو اپنی موت کے وقت 188 سال کا تھا۔ اب جوناتھن اس ریکارڈ کو توڑنے والا ہے، تاہم اس وقت بھی وہ زمین کا سب سے معمر جانور ہے۔

    سینٹ ہیلینا کے ایک چھوٹے سے قصبے میں موجود یہ کچھوا وہاں خاصا مشہور ہے، لوگ اس سے ملنے آتے ہیں اور اس کے لیے تازہ سبزیاں لاتے ہیں۔ اس کی تصویر قصبے کی مقامی کرنسی میں 5 پینس کے سکے پر بھی موجود ہے۔

    کچھ عرصے قبل جوناتھن بیمار ہوگیا تھا اور اس کی خوراک بہت کم ہوگئی تھی جس کے بعد اس کا علاج کیا گیا اور خصوصی سپلیمنٹس دیے گئے۔ اس کے نگرانوں کا کہنا ہے کہ اب جوناتھن بالکل صحت مند اور فٹ ہے اور پرسکون زندگی گزار رہا ہے۔

  • جانوروں کے تیار کردہ انوکھے فن پارے

    جانوروں کے تیار کردہ انوکھے فن پارے

    مصوری کو تصویری زبان کہا جائے تو غلط نہ ہوگا، انسانوں  نے تو مصوری کے میدان میں بارہا اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے لیکن وقت کے ساتھ ساتھ  یہ انکشاف ہوا ہے کہ جانور بھی فن پارے تیار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    آئیے دنیا بھر میں بسنے والے مختلف جانوروں کی مصوری کے کچھ نمونے دیکھتے ہیں۔

    تصویر میں نظر آنے والا بڑا پاندا آسٹریا کے شہر ویانا کے چڑیا گھر میں رہنے والا ’یانگ یانگ‘ ہے، جو ایک مصور کی مانند دلچسپ فن پارے بناتا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اب تک ’یانگ یانگ‘ کے بنائے ہوئے 100 فن پارے فروخت ہوچکے ہیں اور ایک ایک فن پارہ 490 یورو میں فروخت ہوا ہے۔

    چڑیا گھر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یانگ یانگ کے بنائے ہوئے فن پارو کی فروخت سے جمع ہونے والی رقم ویانا کے چڑیا گھر میں بسنے والے پاندوں پر صرف کی جائے۔

    مصوری کے دلدہ افراد امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی کی آرٹ گیلری میں منعقد ہونے والی تصویری نمائش کے دوران بن مانس اور ارونگ اوتان (انسان نما بندر) کے بنائے فن پاروں کا معائنہ کررہے ہیں۔

    میامی میں منعقدہ تصویروں کی نمائش کے دوران لیلی مین سیبو اور اسرائیل اوسوریا 27 سالہ بن مانس ’رپّلی‘ کے بنائے ہوئے فن پاروں کو دیکھ رہے ہیں۔

    جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں واقع ایکوریم میں رہنے والا سمندری شیر ’جیکی‘ اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطاطی کرنے والے برش سے چینی زبان کالفظ ’او ایکس‘ بنانا رہا ہے۔

    جاپان کے شہر ٹوکیو میں رہنی والی 3 سالہ مادہ بن مانس ’آشوکا‘ اسٹودیو میں منعقدہ مصوری کے مقابلے کے دوران آئل کلرز کی مدد سے فن پارے تیار کررہی ہے۔

    یورپی ملک ہنگری کے دارالحکومت بداپست میں سرکس میں مختلف کرتب دکھانے والی 42 سالہ مادہ ہاتھی ’سینڈرا‘ سرکس کے دوران اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے تصویر بنارہی ہے۔

    بنکاک کے شمالی صوبے میں بسنے والا چھوٹا ہاتھی 7 سالہ ’پیٹر‘ ایک اور ہاتھی کا فن پارہ تیار کررہا ہے تاکہ اسے فروخت کرکے اپنے  اور اپنے مالک کے لیے رقم جمع کرسکے۔

  • روس: خوبصورت اور نایاب نسل کے پالتو جانوروں کا بین الاقوامی میلہ سج گیا

    روس: خوبصورت اور نایاب نسل کے پالتو جانوروں کا بین الاقوامی میلہ سج گیا

    ماسکو: روس میں گول مٹول اور نایاب نسل کے پالتو جانوروں کا بین الاقوامی میلہ سج گیا جہاں ناز و نخروں سے پلے مختلف اقسام کے کتے، بلیاں سمیت مختلف جانور لوگوں کی توجہ کا مرکز بن چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق روسی شہر سینٹ پیٹرز برگ میں سجے پالتو جانوروں کے بین الاقوامی میلے میں تیس ممالک سے تعلق رکھنے والے سیکڑوں افراد اپنے پالتو جانوروں کے ہمراہ بھرپور شرکت کر رہے ہیں۔

    اس موقع پر مقامی شہری کے پالتو کتے نے میلے میں مختلف کرتب دکھا کر سب کو حیران کردیا، سج دھج کر آنے والے خوبصورت جانوروں کو دیکھنے کے لیے بڑوں کے ساتھ ساتھ بچے بھی میلے کا رخ کر رہے ہیں۔

    کراچی کی مویشی منڈی: ایک مکمل تفریحی میلہ

    بین الاقومی فیسٹول میں دنیا بھر سے جانور پالنے کے شوقین افراد اپنے پالتو جانورں کو نمائش کے لیے پیش کرتے ہیں جبکہ میلے میں موجود افراد نا صرف ان جانوروں کو دیکھنے آتے ہیں بلکہ اگر انہیں پسند آجائے تو ہاتھوں ہاتھ خرید بھی لیتے ہیں۔

    جانوروں کے شوقین افراد بڑے ناز و پیار سے اپنے پالتو جانوروں کا خیال رکھتے ہیں اور ان کے بڑے نخرے بھی برداشت کرتے ہیں، روس کے شہری پالتو جانوروں سے کتنی محبت کرتے ہیں اس کا انداز میلے میں موجود لوگوں کی بڑی تعداد سے لگایا جا سکتا ہے۔

    منگھو پیر کا شیدی میلہ: روایات اور عقیدت کے حسین رنگ

    خیال رہے کہ روس میں منعقد ہونے والے اس بین الاقوامی میلے سے کمائی گئی آمدنی کو جانوروں کی فلاح اور علاج معالجے پر خرچ کیا جاتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔