Tag: announce

  • رواں مالی سال کی پہلی مانیٹری پالیسی کا اعلان آج کیا جائے گا

    رواں مالی سال کی پہلی مانیٹری پالیسی کا اعلان آج کیا جائے گا

    کراچی : اسٹیٹ بینک آئندہ دوماہ کیلئے شرح سود کا اعلان آج کرے گا، معاشی ماہرین کے مطابق شرح سود میں رد وبدل کا امکان نہیں ہے ۔

    اسٹیٹ بینک کے مطابق مانیٹری پالیسی کمیٹی معاشی اعداد وشمار اور خاص طور افراط زر کا جائزہ لینے کے بعد رواں مالی سال کی پہلی مانیٹری پالیسی کا اعلان آج کرے گی، آئندہ دو ماہ کیلئے شرح سود کا اعلان نئےگورنر اسٹیٹ بینک آج پریس کانفرنس میں کریں گے۔

    شرح سود میں ردوبدل کا امکان نہیں ہے۔

    معاشی ماہرین کے مطابق افراط زر کی شرح میں ہوتی کمی کے باعث شرح سود میں اضافے کا امکان نہیں، جون میں افراط زر کی شرح تین اعشاریہ نوفیصد رہی۔

    دوسری جانب بینکنگ سیکٹر کیجانب سے شرح سود میں اضافے کا مطالبہ دیکھنے میں آیا ہے، اس وقت بنیادی شرح سود پانچ اعشایہ سات پانچ فیصد ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال مئی میں آخری بار اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں کمی کی تھی، اس وقت شرح سو د پانچ اعشاریہ سات پانچ فیصد ہے، جو ملکی تاریخ میں 42 سال کی کم ترین سطح ہے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • فائنل میں‌ پہنچا تو لاہور ضرور جاؤں گا، روی بوپارا کا اعلان

    فائنل میں‌ پہنچا تو لاہور ضرور جاؤں گا، روی بوپارا کا اعلان

    شارجہ: پی ایس ایل کی ٹیم کراچی کنگز کے غیر ملکی کھلاڑی روی بھوپارا نے کہا ہے کہ اگر ٹیم فائنل تک رسائی حاصل کرتی ہے تو فائنل لاہور میں کھیلنے آؤں گا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پشاور زلمی کے مدمقابل کراچی کنگز کا اہم میچ ہے اگر آج کا میچ کراچی کنگز جیت جاتی ہے تو وہ فائنل کھلینے کے لیے لاہور ضرور جائیں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے شاہد ہاشمی نے بتایا کہ یہ خوش آئند بات ہے، کراچی کنگز سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ٹیم سمجھی جارہی تھی کہ ان کے کافی پلیرز غیر ملکی ہیں جن کے بارے میں خدشات ہیں کہ وہ لاہور نہیں جائیں گےلیکن روی بوپارا نے پہل کردی ہے کہ وہ لاہور ضرور جائیں گے ۔

    روی بوپارا کا تعلق انگلینڈ سے ہے لیکن وہ بھارتی پنجاب سے تعلق رکھتے ہیں ان کا گھرانہ بھارتی نژاد ہے، پنجاب سے تعلق رکھنے والا اگر لاہور جائے گا تو یہ مزہ دوبالا ہوجائے گا۔


    ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ آج رات یا کل صبح تک پوزیشن واضح ہوجائے گی کہ کتنے غیر ملکی کھلاڑی لاہور جانے کے لیے تیار ہیں، کیوں کہ پشاور زلمے کے چیئرمین جاوید آفریدی نے بھی ٹوئٹ کیا تھا کہ انہوں نے اپنے پانچوں کھلاڑیوں کے ویزے لگالیے ہیں جو لاہور جانے کے لیے تیار ہیں اس لیے جو بھی ٹیم آج فاتح ہوگی اس کے تمام کھلاڑیوں کے لاہور جانے کا فیصلہ آج رات ہی یا کل صبح تک ہوجائےگا۔

  • طلباء مسئلہ کشمیر کو سوشل میڈیا پر اجاگر کریں، صدر آزاد کشمیر

    طلباء مسئلہ کشمیر کو سوشل میڈیا پر اجاگر کریں، صدر آزاد کشمیر

    اسلام آباد: آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ بین الاقوامی برادری مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے میں اپنا کردار اداکرے، طلباء کشمیر کے مسئلے کو سوشل میڈیا پر اجاگر کریں۔

    اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ برطانیہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور مظالم کی مذمت کرے گا۔

    مسعود خان نے برطانوی حکومت، ناروے اور دیگرممالک پرزور دیا کہ وہ بھارت کے ساتھ اپنے تجارتی معاہدوں کومسئلہ کشمیر کے پرامن حل سے مشروط کریں۔

    انہوں نے طلباء سے کہا کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے سوشل میڈیا کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کریں۔

    خیال رہے کہ برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں حالات کشیدہ ہیں اور بھارتی فوج کی جانب سے مظاہرین پر فائرنگ اور مظالم کا سلسلہ جاری ہے، بھارتی فوج کی جانب سے پیلٹ گنز کے استعمال سے اب تک سینکٹروں کشمیری بینائی سے محروم جبکہ سینکڑوں شہید بھی ہوچکے ہیں۔

  • سندھ طاس معاہدہ، بھارت مذاکرات کے لیے تیار

    سندھ طاس معاہدہ، بھارت مذاکرات کے لیے تیار

    نئی دہلی: ورلڈ بینک کی جانب سے سندھ طاس معاہدے پر غیرجانبدار ماہرین کا تقرر روکنے کے لیے بھارت نے پاکستان سے دو طرفہ مذاکرات کے لیے رضامندی ظاہر کردی۔

    بھارتی وزیر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے میڈیا بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ ’’بھارت ہمیشہ سندھ طاس معاہدے پرعملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے تیار ہے تاہم اس میں تکینکی سوالات اور اختلافات شامل ہیں جسے دور کرنے کے لیے پاکستان سے بات چیت کرنے اور تنازع کو ختم کرنے کے لیے تیار ہیں‘‘۔


    پڑھیں: ’’ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی: پاکستان نے معاملہ ورلڈ بینک میں اٹھا دیا ‘‘


    ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی دیگر معاملات پر دونوں ممالک کی حکومتوں نے مذاکرات کے ذریعے ہی مسائل کو حل کیا، سندھ  طاس معاہدے پر پاکستان کی جانب سے اٹھائے جانے والے تحفظات پر بات چیت کے لیے آج بھی تیار ہیں۔


    مزید پڑھیں: ’’ ورلڈ بینک کی سندھ طاس منصوبے پر ثالثی کی پیشکش ‘‘


    خیال رہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے متعدد بار آبی جارحیت کے حوالے سے دھمکیاں سامنے آنے کے بعد پاکستان نے ورلڈ بینک سے مطالبہ  کیا تھا کہ وہ آبی تنازع کو حل کروانے میں کردار ادا کرے۔

    جس کے جواب میں ورلڈ بینک نے سندھ طاس معاہدے پر غیر جانبدار ماہر کی تقرری روکتے ہوئے پاکستان اور ہندوستان کو آبی تنازع جنوری تک حل کرنے کی مہلت دی تھی۔

    ورلڈ بینک کی جانب سے بھارت کو دی جانے والی حتمی تاریخ قریب آنے پر مودی حکومت نے ایک بار پھر دنیا بھر میں اپنے آپ کو مظلوم ثابت کرنے کے لیے پاکستان سے مذاکرات کرنے کی ہامی بھرتے ہوئے ورلڈ بینک کو تجویز دی ہے کہ اس معاملے میں جلد بازی سے کام نہ لیا جائے اور مشاورت کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائے۔

  • نوکیا کا کم قیمت خصوصی موبائل متعارف

    نوکیا کا کم قیمت خصوصی موبائل متعارف

    فن لینڈ: موبائل فون بنانے والی معروف کمپنی نوکیا نے نیا موبائل فون متعارف کروایا ہے جو ماضی کے فونز کی طرح عام ہے تاہم اس کو ایک خاص خصوصیت موجود ہے جو ہر صارف کی ضرورت ہے۔

    تفصیلات کے مطابق  نوکیا کے نام کی نئی مالک ایچ ڈی ایم نامی کمپنی نے نوکیا 150 اور نوکیا 150 ڈوئل سم موبائل فون پیش کرنے کا اعلان کیا ہے جو کہ نوکیا 216 جیسا ہے جو رواں سال ستمبر میں متعارف کرایا گیا تھا۔

    مائیکروسافٹ سے معاہدے کے بعد نوکیا کی جانب سے آخری ماڈل 216 متعارف کروایا گیا تھا تاہم اس بار مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کیے جانے والے موبائل میں خاص بات یہ ہے کہ اس کی بیٹری دیگر ڈیوائسس کے مقابلے میں جاندار ہے۔

    نوکیا کی جانب سے نئے فون 150 کی دو اقسام مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش جائیں گی جس میں ایک ڈیوائس کو ڈوئل سم کے ساتھ بنایا گیا ہے تاہم دونوں میں ایک مشترکہ خصوصیت ہے کہ اس کی بیٹری میں 22 گھنٹے لگاتار بات کرنے کی سہولت ہے۔

    نوکیا کی جانب سے نئے موبائل فون کی بیٹری 31 دن تک اسٹینڈ بائی پر رہ سکتی ہے جبکہ اس کی اسکرین 24 انچ کی بنائی گئی ہے تاہم دیگر فیچرز میں فزیکل پیڈ‘ ایف ایم ریڈیو‘ ایم پی تھری پلئیر‘ گیمز اور ای ای ڈی فلیش کے ساتھ وی جے کیمرہ بھی شامل ہیں۔

    ایچ ڈی ایم کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ موبائل فون صارفین کی جانب سے اچھے معیار، کم قیمت اور استعمال میں آسانی جیسے مطالبات کو پیش نظر رکھ متعارف کرایا جارہا ہے۔

    نوکیا کی اس ڈیوائس کی قیمت 26 ڈالرز مقرر کی گئی ہے جو پاکستانی کرنسی کے حساب سے 27 سو روپے بنتی ہے ‘ پاکستان اور بھارت میں اس موبائل کو فروخت کے لیے آئندہ ماہ پیش کیا جائے گا۔

  • جنید جمشید کے بیٹوں‌ کا موسیقی کی دنیا میں‌ نہ جانے کا اعلان

    جنید جمشید کے بیٹوں‌ کا موسیقی کی دنیا میں‌ نہ جانے کا اعلان

    کراچی: جنید جمشید کے بیٹوں نے موسیقی کی دنیا میں قدم نہ رکھنے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ وہ اپنے والد کے سماجی کاموں کو آگے بڑھائیں گےجبکہ جنید کے بھائی نے کہا ہے کہ لوگوں کی آنکھوں میں جنید کے لیے آنسو دیکھے جس کا گماں تک نہ تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: جنید جمشید کی اہلیہ کی قومی فٹبال کے لیے خدمات

    جنید جمشید کی تدفین کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہمایوں جمشید نے کہا کہ جنید صرف میرا نہیں پورے پاکستان کا بھائی تھا، فورسز، اداروں، میڈیا اور عوام کے تعاون کا مشکور ہوں کیوں کہ جنید کے جسد خاکی کی منتقلی اور تدفین کے تمام معاملات بغیر کوآرڈی نیشن کے ممکن نہ تھے۔

    انہوں نے کہا کہ جنید کے لیے سب سے پہلے پاکستان تھا، لوگوں کی آنکھوں میں جنید کے لیے آنسو دیکھے جس کا گماں تک نہ تھا، لوگوں کے آنسو دیکھ کر ہماری آنکھ مزید نم ہوگئی،جنازہ قومی پرچم میں دیکھا تو لگا دل دل پاکستان کا حق ادا ہوگیا۔

    مزید پڑھیں: ’’ جنید جمشید کی میت کو سپردِ خاک کردیا گیا ‘‘

    دوسری جانب جنید جمشید کے بیٹوں نے موسیقی کی دنیا میں نہ جانے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ وہ موسیقی کی طرف نہیں جائیں گے، بیٹے تیمور نے کہا کہ وہ اپنے والد کے سماجی کاموں کو آگے بڑھائیں گے۔

    جنید جمشید کے بیٹے تیمور نے کہا کہ میرے والد صرف میرے نہیں سب کے محسن تھے، والد نے کبھی سختی نہیں کی صرف نماز کی تاکید کرتے تھے۔

    دریں اثنا جنید جمشید کے گھر آج بھی تعزیت کرنے آئے لوگوں کا رش لگا رہا۔

  • اسنیپ چیٹ کا نیا فیچر‘ واٹس ایپ کے لیے خطرہ

    اسنیپ چیٹ کا نیا فیچر‘ واٹس ایپ کے لیے خطرہ

    سان فرانسسکو: سماجی رابطے کی ویب سائٹ اسنیپ چیٹ واٹس ایپ و دیگرپر سبقت حاصل کرنے اور صارفین کی توجہ  حاصل کرنے کے لیے اپیلیکشن میں نت نئے فیچرز متعارف کروارہی ہے‘ اس بار انتظامیہ نے اسنیپ چیٹ میں صارفین کے لیے گروپ چیٹ کی سہولت متعارف کروائی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیس بک ‘ واٹس ایپ کے مد مقابل سماجی رابطے کی معروف موبائل ایپلیکشن اسنیپ چیٹ نے پہلی بار صارفین کے لیے گروپ چیٹ کی سہولت متعارف کروائی ہے جس کے بعد واٹس ایپ کے لیے مقابلہ مزید سخت ہوگیا ہے۔

    اسنیپ چیٹ کی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ ’’موبائل ایپلیکشن میں گروپ چیٹ کی سہولت متعارف کروائی گئی ہے جس کے تحت اب 16 صارفین ایک گروپ میں موجود رہ کر چیٹ کرسکیں گے اور اسکرین کے نیچے دیکھا جاسکے گا کہ گروپ میں کون سے ممبران آن لائن ہیں‘‘۔


    پڑھیں: ’’ فیس بک کا’اسنیپ چیٹ ‘کے لیے میدان سخت کرنے کا فیصلہ ‘‘


    اسنیپ چیٹ نے صارفین کو ہر شخص سے علیحدہ چیٹ کے لیے علیحدہ سے آپشن بھی فراہم کیا ہے تاہم اس کی خصوصیت یہ ہے کہ ممبران کی جانب سے گروپ میں بھیجی جانے والی تصاویر اور ویڈیوز 24 گھنٹے بعد خود ڈیلیٹ ہوجائیں گی۔

    اسنیپ چیٹ گروپ میں بھیجی جانے والی ویڈیو صرف ایک بار ہی دیکھی جاسکے گی‘ جبکہ اگر کوئی صارف چوبیس گھنٹے کے دوران پیغام کو نہیں دیکھ سکا تو بھیجا جانے والا پیغام پالیسی کے حساب سے خود بہ خود غائب ہوجائے گا۔

    علاوہ ازیں اسنیپ چیٹ نے چند فیچرز متعارف کروائے ہیں جن میں اسٹیکرز سے تصویر سجانے‘ پینٹ برش کے استعمال سے تصویر کو نیا رخ دینے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

  • لڑکیوں کے موبائل فون استعمال کرنے اور جینز ٹی شرٹ پر پابندی عائد

    لڑکیوں کے موبائل فون استعمال کرنے اور جینز ٹی شرٹ پر پابندی عائد

    آگرہ: بھارتی ریاست فتح گڑھی کے گاؤں خیر تحصیل میں پنجائیت نے فیصلہ کرتے ہوئے لڑکیوں کے موبائل فون کے استعمال، جینز اور ٹی شرٹ پہننے اور پر مکمل پابندی عائد کردی جبکہ گاؤں میں شراب نوشی اور جوئے کے اڈے بھی بند کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق نیک کرم چوہدری کی سربراہی میں بھارتی ریاست آگرہ کے گاؤں میں 28 رکنی مہا پنچائیت کا اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں لڑکیوں کو موبائل فون کے استعمال جینز ٹی شرٹ پہننے پر پابندی جبکہ گاؤں میں جوئے اور شراب نوشی پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔

    پنجائیت کے سربراہ نیک کرم چوہدری نے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’’لڑکیوں کے موبائل فون کا استعمال جینز اور  ٹی شرٹ پہننا ہندوستانی روایات کے خلاف ہے، اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے‘‘۔


    پڑھیں: ’’ لڑکیوں کا عالمی دن، پاکستان کا نام روشن کرنے والی طالبات ‘‘


     انہوں نے کہا کہ ’’پنجائیت کا فیصلہ نہ ماننے والے افراد اور اُن کے والدین کو سزا دی جائے گی تاہم سزا یا جرمانہ عائد کرنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا‘‘۔ چوہدری نیک کرم نے کہا کہ اگر گاؤں میں کوئی شخص جوا کھیلتے ہوئے پکڑا گیا تو اُس پر 3100 روپے جرمانہ جبکہ شراب نوشی والے کو 5000 روپے بطور ادا کرنے ہوں گے‘‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ جرمانے سے حاصل ہونے والی رقم گاؤں کے فلاحی کاموں پر لگائی جائے گی تاہم خلاف ورزی کرنے والے کو پنچائیت کی جانب سے اعلان کردہ سزا کا سامنا بھی کرنا پڑے گا۔

    بھارتی حکام کے مطابق گاؤں میں 2000 سے زائد خاندان آباد ہیں جو پنچائیت کا فیصلہ ماننے پر مجبور ہیں۔

    خیال رہے کہ رواں سال علی گڑھ میں واقع باسولی گاؤں میں بھی پنچائیت نے لڑکیوں کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی لگائی ہے۔

  • ڈاکٹر ذاکر نائیک کے ادارے پر 5 سال کی پابندی

    ڈاکٹر ذاکر نائیک کے ادارے پر 5 سال کی پابندی

    نئی دہلی: بھارتی حکومت نے معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کی تنظیم اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن(آئی آر ایف) کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے تنظیمی سرگرمیوں پر 5 برس کی پابندی عائد کردی۔

    بھارتی حکام کے مطابق ڈاکٹر ذاکرنائیک کی فلاحی تنظیم اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن پر پابندی کا فیصلہ سینٹرل انٹیلی جنس اور مہاراشٹر حکومت کی جانب سے پیش کردہ سفارشات پر کیا گیا۔

    حکام کی جانب سے پیش کردہ سفارشات میں کہا گیا ہے کہ اسلامک ریسرچ سینٹر اور مذہبی اسکالر کی تقاریر معاشرتی ہم آہنگی کے لیے سنگین خطرہ ہیں، اس فیصلے پر بھارتی انٹیلی جنس کی جانب سے کابینہ کو اعتماد میں لیا گیا جس پر تمام اراکین نے پابندی پر رضامندی ظاہر کی۔


    پڑھیں: ’’ ذاکر نائیک کےاسلامی ریسرچ سینٹر کی فنڈنگ کی تحقیقات کا حکم ‘‘


     خیال رہے کہ بنگلہ دیش کے ایک کیفے پر حملے کے بعد بھارت میں ڈاکٹر ذاکر نائیک اور اُن کے ادارے کے خلاف تحقیقات شروع کی گئی تھیں تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ ’’آئی آر ایف پر دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے کوئی ثبوت نہیں ملے‘‘۔

    یاد رہے رواں سال جولائی میں بنگلا دیش میں کیفے پر حملے میں ملوث 2 حملہ آوروں کے ڈاکٹر ذاکر نائیک سے متاثر ہونے کی خبروں کے بعد بھارت میں مذہبی اسکالر کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا۔

  • آئیڈیاز 2016، متبادل ٹریفک روٹ کا اعلان

    آئیڈیاز 2016، متبادل ٹریفک روٹ کا اعلان

    کراچی: ایکسپو سینٹر میں ہونے والی نمائش دفاعی نمائش آئیڈیاز دو ہزار سولہ کے حوالے سے چار روزہ ٹریفک پلان ترتیب دیا گیا ہے، نمائش کے ایام میں حسن اسکوائر اور اطراف کی سڑکیں مکمل بند رہیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ایکسپو سینٹر میں دفاعی نمائش کی آمد کے ساتھ ہی ایس ایس پی ٹریفک ارم اعوان نے حسن اسکوائر اور اطراف کی سٹرک بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے متبادل ٹریفک پلان دے دیا ہے، نمائش کے دوران شہریوں سے متبادل راستے استعمال کرنے کی بھی اپیل کردی۔

    ایکسپو سینٹر میں ایس ایس پی ٹریفک ایسٹ ارم اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ نمائش آئیڈیاز دو ہزار سولہ کے موقع چار سو سے زائد ٹریفک پولیس اہلکار ایئر پورٹ، ایکسپو سینٹر اور شارع فیصل پر تعینات کیے جائیں گے اور مزید اضافی نفری کے لئے بھی درخواست کی گئی ہے۔

    ایس ایس پی ٹریفک ارم اعوان نے  بتایا کہ نمائش کے دوران یونیورسٹی روڈ اور ایکسپو سینٹر کے سامنے والی شارع چار روز کے لئے بند ہو گی جبکہ یونیورسٹی روڈ مخصوص اوقات میں کھولا اور بند کیا جائے گا۔

    ارم اعوان نے مزید بتایا کہ آئیڈیاز دو ہزار سولہ کے دوران لیاقت آباد سے آنے والا ٹریفک صہبا اختر روڈ کی جانب سے جائے گا جبکہ متبادل راستے کے لئے نیشنل اسٹیڈیم کی عقبی شاہراہ کو بھی استعمال کیا جائے گا اور شہریوں کو متبادل راستوں سے مکمل آگاہی فراہم کی جائے گی۔

    خیال رہے ہر سال کی طرح امسال بھی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 رواں ماہ کی 22 سے 25 نومبر تاریخ تک منعقد کی جائے گی۔ اس دوران سیکیورٹی خدشات کے پیش ایکسپو سینٹر آنے والی سڑکوں کو مکمل بند کیا جائے گا اور سخت سیکیورٹی تعینات کی جائے گی۔