Tag: announce

  • کوئٹہ بم دھماکا، بلوچستان حکومت کا شہداء کے ورثاء کو 1 کروڑ روپے اور نوکری  دینے کا اعلان

    کوئٹہ بم دھماکا، بلوچستان حکومت کا شہداء کے ورثاء کو 1 کروڑ روپے اور نوکری دینے کا اعلان

    کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سانحہ کوئٹہ میں جاں بحق ہونے والے وکلاء کے لیے ایک کروڑ روپے فی کس اور لواحقین کو نوکریاں دینے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے ممبران سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’وکلاء جمہوریت کی اہم اساس اور ہمارے بازو ہیں انہوں نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف کردار ادار کرتے ہوئے قربانیاں دیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’’ہم وکلاء کے ویژن کو پورا کریں گے اور جلد اس دہشت گردی کا ملک بھر سے خاتمہ کردیں گے، اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے وکلاء کے خاندانوں کو فی کس ایک کروڑ روپے اور سرکاری نوکری دینے کا اعلان کیا۔

    پڑھیں :سانحہ کوئٹہ: دو مزید زخمی دم توڑ گئے ، شہدا کی تعداد72 ہوگئی

    اس موقع پر سنیئر وکیل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’دھماکے میں وکلاء کو شہید کر کے دہشت گردوں نے ہمیں کمزور کرنے کی کوشش کی ہے مگر وہ بری طرح ناکام ہوئےاور پوری قوم اس واقعے کے بعد متحد ہوگئی۔

    مزید پڑھیں :  کوئٹہ کے المناک سانحے کی تحقیقات جاری

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’’کوئٹہ بم دھماکے میں وکلاء کی شہادت کے بعد پورے ملک کے سنیئر وکلاء کوئٹہ پہنچے ہیں اور آٗئندہ کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ اس اجلاس کے اختتام پر وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ملاقات کی گئی جس میں انہوں نے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروادی ہے‘‘۔

  • مالی سال کی پہلی مانیٹری پالیسی کا اعلان، شرح سود 5.75 فیصد پر برقرار

    مالی سال کی پہلی مانیٹری پالیسی کا اعلان، شرح سود 5.75 فیصد پر برقرار

    اسٹیٹ بینک نے اگلے دو ماہ کے لئے مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا، جس کے مطابق شرح سود میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور اسے 5.75 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    مالی سال کی پہلی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک اشرف محمود وتھرا کا کہنا تھا کہ زرمبادلہ کے زخائر کی صورتحال تسلی بخش ہے، مہنگائی 4.5 سے 5.5 فیصد رہے گی۔

    انھوں نے امید ظاہر کی کہ معاشی شرح نمو میں اضافہ ہوگا تاہم اس وجہ سے مہنگائی کی شرح میں اضافہ ہوسکتا ہے، تیل کی قیمت میں غیر متوقع اتار چڑھاو مہنگائی کے تخمینے کو متاثر کرسکتا ہے۔

    اشرف وتھرا کا کہنا تھا کہ نجی شعبے کے قرضے میں تیزی کے باوجود بینکاری نظام کے خالص ملکی اثاثوں کی نمو سست ہوئی ہے جبکہ ڈپازٹس کی نمو میں کمی اور زیر گردش کرنسی میں تیزی باعث تشویش ہے۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ ٹیکس محاصل میں بہتری دیکھی جا رہی ہے ۔ کپاس اور چاول کی پیداوار کا منفی اثر گندم اور دیگر فصلوں کی بہتر پیداوار سے زائل ہو سکتا ہے۔

    اسٹیٹ بینک کو توقع ہے کہ مالی سال دوہزار سولہ میں اوسط مہنگائی 3سے 4فیصد کے درمیان رہے گی تاہم تیل کی عالمی قیمتوں کے رجحانات اور ملک میں اضافی غذائی اسٹاک کی بنا پر گرانی میں کمی آسکتی ہے۔

    گورنر سٹیٹ بینک کا کہنا تھاکہ مالی سال دوہزار سولہ کی پہلی ششماہی کے دوران نجی شعبے کا قرض 339.8 ارب روپے بڑھ گیا جو گذشتہ سال کے اسی عرصے میں 224.5 ارب روپے تھی ،سٹیٹ بینک کے مطابق چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت توانائی اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں کی بنا پر سرگرمیوں کی تیزی رواں مالی سال کے بعد بھی جاری رہے گی ۔

    اشرف وتھرا کا کہنا تھا کہ تاجروں کے لیے ایمنیسٹی اسکیم ایف بی آر اور حکومت کا معاملہ ہے، فائلرز کی تعداد میں اضافے کو خوش آمدید کہیں گے، ایران پر عالمی اقتصادی پابندیاں ختم ہونے کے بعد کی صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں، جائزے کے بعد ایران سے بینکاری روبط شروع کرنے کا فیصلہ کیا جائیگا۔

  • پاکستان میں واٹس ایپ سروس بری طرح متاثر ہونے کے بعد بحال ہونا شروع

    پاکستان میں واٹس ایپ سروس بری طرح متاثر ہونے کے بعد بحال ہونا شروع

    پاکستان میں واٹس ایپ سروس بحال ہوناشروع ہوگئی، پاکستان میں واٹس ایپ سروس کچھ دیر متاثررہی۔

    واٹس ایپ متاثرہونے کےدوران صارفین کو مشکلات کا سامنارہا، واٹس ایپ سروس کیوں بندہوئی، اس کی وجہ اب تک نہیں بتائی گئی ہے۔

    واٹس ایپ سروس امریکا، جاپان ،کولمبیا میں بھی متاثر ہوئی جبکہ بھارت،ملائیشیا میں بھی واٹس ایپ صارفین کومشکلات درپیش رہیں۔

    دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی رابطوں کا سب سے بہترین ذریعہ واٹس ایپ کو مانا جاتا ہے لیکن پاکستان میں اس وقت لاکھوں صارفین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جب واٹس ایپ سروس مکمل طور پر ڈاؤن ہوگئی۔

    واٹس ایپ سروس ایک گھنٹے ڈاؤن رہنے کے بعد بحال ہوگئی لیکن اس کی وجوہات سامنے نہیں آئی تاہم اس کی وجہ سے صارفین کو جہاں رابطوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، پاکستان میں لاکھوں صارفین اسمارٹ فون کے ذریعے واٹس ایپ کا استعمال کرتے ہوئے ناصرف ٹیکسٹ میسیج کرتے ہیں بلکہ وڈیوز بھی شیئر کرتے ہیں۔

  • واٹس ایپ صارفین کے لئے بڑی خوشخبری

    واٹس ایپ صارفین کے لئے بڑی خوشخبری

    کیلیفورنیا : دنیا بھر میں موجود واٹس ایپ صارفین کے لئے انتظامیہ کی جانب سے بڑا اعلان کردیا گیا، اب اپنے عزیز و اقارب کو واٹس ایپ پر میسج بھیجنے کے لئے مخصوص فون کی ضرورت نہیں بلکہ اپنے کمپیوٹر میں بھی باآسانی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

     تفصیلات کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اب واٹس ایپ میسنجر کو کسی بھی کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ میں ڈاؤن لوڈ کر کے اپنے ذاتی میسنجر کو باآسانی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

    انتظامیہ نے یہ بھی اعلان کیا ہے یہ ایپلی کیشن ونڈوز 8 اور میک 10.9 پر چلنے کے لئے میسر ہوگی، ایک محتاط اندازے کے مطابق فیس بک سے الحاق کے بعد واٹس ایپ پر صارفین کی تعداد میں بہت تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

    انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر دنیا بھر کے صارفین تقریباً بیالیس ارب میسجز جبکہ دوسو پچاس ملین کے قریب ویڈیوز ہر ہفتے صارفین ایک دوسرے کو بھیجتے ہیں۔

    واٹس ایپ انتظامیہ کی جانب سے ایک بلاگ میں اس بات کا باضابطہ اعلان کیا گیا ہے کہ واٹس ایپ کمپیوٹر ایپلی کیشن کو متعارف کرادیا گیا ہے، اب کوئی بھی واٹس ایپ صارفین اپنے دوستوں سے ہر جگہ آسانی سے رابطے میں رہ سکتا ہے۔

    بنیادی طور پر یہ ایپلی کیشن آنے والے نوٹیفیکشن کو بھی دکھائے گی، اس کی مزید بہتری کے لئے کام کئے جارہے ہیں۔

    whats-post

    اگر صارف اس سہولت کو حاصل کرنا چاہتے ہیں تو وہ واٹس ایپ کی ویب سائٹ سے اس ایپلی کیشن سافٹ وئیر کو ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔

    اس سہولت کو استعمال کرنے کے لئے ضروری ہے کہ کمپوٹر میں آنے والے کیو آر کوڈ کو فون کے کیمرے کے ذریعے اسکین کیا جائے۔

    اسکین کرنے کے لئے صارف واٹس ایپ سیٹنگ میں موجود واٹس ایپ ویب آپشن کے ذریعے ایک مرتبہ اسکین کر کے محفوظ بنا سکتا ہے۔

    واضح رہے اس سے قبل واٹس ایپ انتظامیہ کی جانب سے ویب سروس کی سہولت متعارف کروائی گئی تھی، جو صارفین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی تھی۔ جس کے بعد انتظامیہ کی جانب سے واٹس ایپ کمپیوٹر کی سروس کو متعارف کروایا گیا ہے۔