Tag: announced

  • کرونا وائرس کے دوران مقبول ہونے والی فلم کونٹیجن کا سیکوئل بنانے کا اعلان

    کرونا وائرس کے دوران مقبول ہونے والی فلم کونٹیجن کا سیکوئل بنانے کا اعلان

    سنہ 2011 میں ریلیز کی جانے والی فلم کونٹیجن کا، جس میں ایک پراسرار وبا کا پھیلاؤ دکھایا گیا ہے، سیکوئل بنانے کا اعلان کردیا گیا۔

    فلم کونٹیجن ویسے تو سنہ 2011 میں ریلیز کی گئی تھی اور اس وقت اس نے کوئی خاص توجہ حاصل نہیں کی تھی تاہم کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے دوران یہ فلم بے حد مقبول ہوگئی اور اس میں دکھائے گئے مناظر کو موجودہ حالات سے جوڑا جانے لگا۔

    کونٹیجن میں کرونا وائرس جیسی ایک وبا کو دکھایا گیا تھا جو ایشیائی ملک ہانگ کانگ سے ابتدائی طو پر امریکا اور بعد ازاں دیگر ممالک میں پھیلتی ہے۔

    مذکورہ فلم کا آغاز ایک خاتون سے ہوتا ہے جو ہانگ کانگ سے واپس مینی سوٹا ایک عجیب بیماری کے ساتھ واپس لوٹتی ہیں، چند دنوں میں اس کی موت ہوجاتی ہے، جس کے بعد اس کے شوہر اور دیگر افراد میں وہی علامات ظاہر ہوتی ہیں اور آہستہ آہستہ کر کے وبا ساری دنیا میں پھیل جاتی ہے۔

    9 سال قبل ریلیز ہونے والی فلم میں ایم ای وی ایک نامی وائرس کو دکھایا گیا تھا جس کا آغاز ایشیا سے ہوتا ہے اور آسانی سے کسی آلودہ چیز کو چھونے سے منتقل ہوجاتا ہے اور اس کی پہلی علامت کھانسی تھی۔

    سال 2020 میں اس فلم کی مقبولیت کے بعد اب اس کے ہدایت کار نے اس کا سیکوئل بنانے کا اعلان کردیا ہے۔ آسکر ایوارڈ یافتہ ہدایت کار اسٹیون سودر برگ نے ایک شو میں تصدیق کی کہ وہ فلم کے سیکوئل پر کام کریں گے۔

    اسٹیون کے مطابق کونٹیجن کے سیکوئل کی کہانی پہلی فلم سے مختلف ہوگی تاہم نئی فلم میں بھی پہلی کی طرح دنیا میں پیدا ہونے والے مسائل، بحرانوں اور بیماریوں پر بحث کی جائے گی۔

    انہوں نے فلم کے سیکوئل بنانے جانے کی تصدیق کی تاہم یہ واضح نہیں کیا کہ فلم کو کب تک ریلیز کیا جائے گا، نہ ہی یہ بتایا کہ فلم کی کاسٹ وہی پرانی ہوگی یا نئے اداکار لیے جائیں گے۔

    فلم ممکنہ طور پر سال 2021 کے وسط یا اختتام تک ریلیز کی جاسکتی ہے۔

  • دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان کو شادی مبارک

    دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان کو شادی مبارک

    دبئی : حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد المکتوم کے تینوں بیٹوں کی شادی کی تیاریاں عروج پر ہیں جبکہ شادی کارڈ شوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں ان دنوں عروسی کے شادیانے بج رہے ہیں کیونکہ حاکم دبئی اور یو اے ای کے نائب صدر و وزیر اعظم کے بیٹوں رشتہ ازدواج میں منسلک ہورہے ہیں۔

    سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والی تصویر کے مطابق دبئی کے ولی عہد اور دبئی ایگزیکیٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم اور ان کے دو بھائیوں کی شادی اگلے ہفتے دبئی کے آئیکونک ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں ہوگی۔

    اماراتی میڈیا کا کہنا تھا کہ 36 سالہ شیخ حمدان کی شادی شیخہ شیخہ بنت سعید بن ثانی المکتوم، نائب حاکم 35 سالہ شیخ مکتوم بن محمد کی شادی شیخہ مریم بنت بطّی المکتوم جبکہ چیئرمین محمد بن راشد المکتوم نالج فاؤنڈیشن کے چیئرمین 32 سالہ شیخ احمد بن محمد شیخہ مدیہ بنت دلموج المکتوم کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہورہے ہیں۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے شادی کارڈ پر عربی میں تقریب کی تاریخ و جگہ بھی واضح ہے، کارڈ کے مطابق شادی کی تقریب 6 جون 2019 کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں منعقد ہوگی۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر شاہی محل کی ویڈیو بھی وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پورے محل کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔

    سماجی رابطوں کی ویب سایٹ پر وائرل ہونے والے شاہی محل کی ویڈیو کے پس منظر میں دبئی کا آئیکونک ٹاور بھی نظر آرہا ہے۔

  • سعودی حکام کا منفرد اقامہ کے اجراء سے متعلق قوانین 90 روز میں بنانے کا اعلان

    سعودی حکام کا منفرد اقامہ کے اجراء سے متعلق قوانین 90 روز میں بنانے کا اعلان

    ریاض : وزارتی کمیٹی کی نگرانی میں لائحہ عمل کی تیاری مالی اور انتظامی طور پر خود مختار خصوصی ویزا مرکز کے سپرد کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی وزارتی کونسل کی جانب سے منفرد اقامہ پروگرام کی منظوری کے بعد اس خصوصی ویزہ سسٹم سے استفادے کے لئے قواعد وضوابط اور شرائط پر مبنی لائحہ عمل تیاری کا کام ایک خصوصی ویزا مرکز کے سپرد کیا گیا ہے۔

    سعودی پریس ایجنسی ”ایس پی اے“ کے مطابق خصوصی ویزا مرکز اقامہ پروگرام کے لئے انتظامی لائحہ عمل 90 دنوں میں تیار کرنے کا پابند ہو گا۔

    ویزا مرکز منفرد اقامہ پروگرام کے تحت مملکت میں مقیم تارکین وطن یا غیر ملکی درخواست گذاروں کے لئے قواعد وضوابط وضع کرے گا جن کی روشنی میں ایک سال کا قابل تجدید یا مستقل خصوصی ویزا جاری کیا جاسکے گا۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ خصوصی ویزا مرکز، منفرد ویزا پروگرام کی مینجمنٹ اور روزمرہ امور کی نگرانی کا واحد مجاز ادارہ ہو گا۔

    مرکز کو قانونی شخصیت کے طور پر مکمل انتظامی اور مالی اختیارات بھی حاصل ہوں جن کی نگرانی وزارتی کمیٹی کرے گی۔ یہ مرکز منفرد اقامہ پروگرام کے لئے درخواست وصولی اور مرکز سے رابطے کا طریقہ کار کا وقتاً فوقتاً سرکلرز کی شکل میں اعلان کرتا رہے گا۔

    مقامی میڈیا کا کہنا تھا کہ کابینہ کے حالیہ اجلاس میں ہونے والے فیصلے میں کہا گیا ہے ”کہ شوریٰ کونسل کے 3 رمضان المبارک 1440ھ کو منظور کردہ اقامہ پروگرام کے فیصلہ نمبر 148/ 41 اور اقتصادی ترقی کونسل کی سفارشارات کے بعد کابینہ کی طرف سے بھی منفرد اقامہ پروگرام کی منظوری دی جاتی ہے اور اس کی روشنی میں شاہی فرمان تیار کیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : سعودی عرب میں اقامہ کی جگہ امریکا جیسا گرین کارڈ متعارف کرادیا گیا

    عرب ٹی وی کے مطابق سعودی عرب میں منفرد اقامہ پروگرام کا فیصلہ ملک میں اقتصادی ترقی اور معاشی تنوع سے متعلق اصلاحات کے نفاذ کاحصہ ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ گذشتہ بدھ کو سعودی شوریٰ کونسل نے منفرد اقامہ پروگرام کی منظوری دی تھی جس کے تحت کاروباری اداروں، غیر ملکی سرمایہ کاروں اور باصلاحیت تارکین وطن کو مملکت میں محدود پیمانے پر کفیل سے آزاد رہ کر زندگی گذارنے اور کاروبار کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔

  • خاتون افسر سہائےعزیز کا ایس آئی یو ٹی کو اعضا عطیہ کرنے کا  اعلان

    خاتون افسر سہائےعزیز کا ایس آئی یو ٹی کو اعضا عطیہ کرنے کا اعلان

    کراچی : آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام کا کہنا ہے کہ سندھ پولیس میں پہلی بارخاتون افسر سہائے عزیز نے ایس آئی یو ٹی کو اعضا عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا بڑی خوشی ہوتی ہے سندھ پولیس میں بہترین افسران کام کر رہے ہیں، خواتین اہلکاروں کی پولیس میں بھرتی کا کوٹہ 5 سے 10 فیصد کردیا ہے۔

    آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ کانسٹیبل کم کرکے اب اے ایس آئی کے عہدوں پر بھرتیاں کریں گے ، کیئر سینٹر بنائیں گے، جہاں خواتین اہلکاروں کے لئے روم ہوں گے جبکہ خواتین اہلکاروں کیلئے شٹل سروس بھی چلائی گئی ہے۔

    ڈاکٹرسید کلیم امام نے کہا یواین میں دوبارمنتخب ہوالیکن قانون ہے خاتون مد مقابل ہو تو اس کو جگہ ملتی ہے، پی ایس ایل میچز کے دوران آپ لوگ نے اچھے سے ڈیوٹی کرنی ہے، مہمانوں کو معلوم ہو ان کی حفاظت یقینی ہے ہم کتنی محنت کر رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے عالمی دن پر سندھ پولیس میں پہلی بار خاتون افسر سہائے عزیز نے ایس آئی یوٹی کو اپنے اعضا عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    مزید پڑھیں : دہشت گردوں سے مقابلے میں خاتون پولیس افسر سب سے آگے

    یاد رہے کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے کے دوران پولیس کی نڈر خاتون افسر سپریٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) سوہائے عزیز سب سے پہلے دہشت گردوں سے مقابلے کے لیے پہنچیں تھیں ، جس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے خاتون افسر کو شاباشی دی تھی۔

    ایڈیشنل آئی جی پولیس امیر شیخ نے تعریف کرتے ہوئےایس پی سہائی عزیز کو کمانڈو کنگ قرار دیا تھا۔

  • وینزویلا کے اہم فوجی جنرل نے صدر ماڈورو کی مخالفت کا اعلان کردیا

    وینزویلا کے اہم فوجی جنرل نے صدر ماڈورو کی مخالفت کا اعلان کردیا

    کراکس : وینزویلا کی فضائی افواج کے سربراہ جنرل فرانسیسکو یانیر نے دستوری حکومت کے مخالف اپوزیشن رہنما جون گائیڈو کی حمایت کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق جنوبی امریکی ملک وینزویلا میں صدر نکولس مدورو کیخلاف احتجاج جاری ہے جبکہ حزب اختلاف کے حامیوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی ہیں اور نکولس میڈورو سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ وینزویلن ایئرفورس کی اسٹریٹیجک منصوبہ بندی کے سربراہ جنرل فرانسیسکو نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایک ویڈیو پیغام میں اپوزیشن لیڈر سے اظہار وفاداری کیا۔

    جنرل فرانسیسکو یاینز کا کہنا تھا کہ ملک کی 90 فیصد افواج نکولس ماڈورو کے مخالف ہے، وینزویلا کی عوام صدر ماڈورو کی وجہ سے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

    وینزویلن فضائیہ کے اعلیٰ افسر نے نکولس ماڈورو کے آمرانہ طرز حکومت کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میں وینزویلا کی فوج کو قائم مقام صدر جون گائیڈو کو صدر تسلیم کرنے اور نکولس ماڈورو کو منصب صدارت سے ہٹانے کی دعوت دیتا ہوں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ تاحال یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ جنرل فرانسیسکو نے یہ ویڈیو کب اور کس مقام پر ریکارڈ کی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ اسٹریٹیجک منصوبہ بندی کے سربراہ کی جانب سے جاری ویڈیو پیغام کے بعد وینزویلین ایئرفورس کی اعلیٰ کمانڈ نے جنرل فراسیسکو پر غداری کا الزام کا عائد کردیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن کا کہنا ہے کہ وینزویلا کی تمام افواج جنرل فرانسیسکو کے ساتھ شامل ہوجائے۔

    اپوزیشن رہنما جون گائیڈو کا کہنا ہے کہ انہوں نے ملٹری حکام کی حمایت حاصل کرنے کےلیے خفیہ میٹنگ کی تھی نکولس ماڈورو کو صدارتی محل سے نکالنے کےلیے وہ فوج کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

    واضح رہے کہ وینزویلا میں 23 جنوری کو اپوزیشن لیڈر اور پارلیمںٹ کے اسپیکر جون گائیڈو نے خود کو عبوری صدر قرار دیا تھا جس کے بعد امریکا اور بعض دوسرے علاقائی ممالک نے صدر نکولس مادورو کی جگہ گائیڈو کو ملک کا عبوری صدر تسلیم کرلیا ہے۔

    مزید پڑھیں : امریکا میں تعینات وینزویلا کے ملٹری اتاشی نے بھی اپوزیشن رہنما کی حمایت کردی

    یاد رہے کہ اس سے قبل امریکا میں تعینات وینزویلا کے ملٹری اتاشی کرنل جوش لوئس سلوا کی ایک ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر جاری ہوئی تھی جس میں وہ نکولس ماڈورو سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے اپوزیشن رہنما جون گائیڈو اعلان وفاداری کررہے تھے۔

  • روس نے بھی آئی این ایف معاہدے سے علیحدگی کا اعلان کردیا

    روس نے بھی آئی این ایف معاہدے سے علیحدگی کا اعلان کردیا

    ماسکو : آئی ایف معاہدے سے امریکی انخلاء پر ردعمل دیتے ہوئے روس نے بھی ایٹمی ہتھیاروں میں کمی کے معاہدے کو منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے روس پر جوہری ہتھیاروں کے معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے ایٹمی ہتھیاروں میں کمی کا معاہدہ معطل کردیا، روسی صدر نے امریکا کو یورپ میں جوہری میزائل نصب کرنے پر خطرناک نتائج کی دھمکی دے دی۔

    روس نے آئی این ایف معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ایٹمی معاہدے سے علیحدگی کو درست ثابت کرنے لیے روس پر الزام عائد کررہا ہے۔

    صدر پیوٹن نے روسی حکام کو امریکا کے ساتھ جوہری ہتھیاروں کی کمی سے متعلق گفتگو کا آغاز نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ روس سپر سانک میزائل سمیت کئی میزائل تیار کرے گا۔

    روسی صدر کا کہنا تھا کہ روس یورپ میں اس وقت تک میزائل نصب نہیں کرے گا جب تک امریکا یورپ میں زمین سے زمین پر درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائل نصب نہیں کرے۔

    مزید پڑھیں: امریکا کا روس کے ساتھ ایٹمی ہتھیاروں کا معاہدہ ختم کرنے کا اعلان

    واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کے ساتھ جوہری ہتھیاروں کے معاہدے کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ روس نے 1987 کے انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلیئر فورسز (آئی این ایف) معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔

    آئی این ایف معاہدے کے مطابق زمین سے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں پرپابندی ہے، یہ فاصلہ 500 سے 5500 کلومیٹرہے۔

    امریکی صدر نے کہا تھا کہ امریکا روس کو ان ہتھیاروں کی اجازت نہیں دے گا، روس برسوں سے اس معاہدے کی پاسداری نہیں کر رہا۔

    یاد رہے کہ روسی صدر ولادی میرپیوٹن نے 2007 میں اعلان کیا تھا کہ یہ معاہدہ اب روسی مفادات میں نہیں ہے۔

  • ایمرٹس نے مسافروں کے سامان کے وزن میں کمی کا اعلان کردیا

    ایمرٹس نے مسافروں کے سامان کے وزن میں کمی کا اعلان کردیا

    ابوظبی : اماراتی فضائی کمپنی ایمرٹس نے مسافروں کے سامان کے وزن میں کمی کا اعلان کردیا تاہم مسافروں کی سہولت کیلئے انہیں مختلف کٹیگری میں تقسیم کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی ایمرٹس نے اعلامیہ جاری ہے جس کے تحت اکنامی کلاس میں سفر کرنے والے مسافروں کے سامان کے وزن میں 5 کلو کمی کی جائے گی۔

    فضائی کمپنی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سامان میں کٹوتی کا اطلاق 4 فروری سے ہوگا تاہم بزنس اور فرسٹ کلاس میں سفر کرنے والے مسافروں کے سامان میں کوئی کمی نہیں ہوگی۔

    اماراتی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ایمرٹس نے اکنامی کلاس کا ٹکٹ خریدنے والوں کے لیے چار کٹیگریز بنائی ہیں جس کے مطابق پہلی ’اسپیشل کٹیگری‘ ہے جس کے مسافر کو 15 کلو سامان جببکہ دوسری کٹیگری ’سیور‘ میں مسافروں کو 25 کلو سامان لے جانے کی اجازت ہوگی۔

    فضائی کمپنی کے مطابق تیسری اور چوتھی کٹیگری ’فیلکس اور فیلکس پلس‘ ہے جس کے مسافر اپنے ساتھ 30 اور 35 کلو سامان باآسانی لےجاسکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : امارات ایئرلائنزکی پاکستان کے لیے پروازوں کی تعداد میں کمی

    خیال رہے کہ دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے رن وے کا مرمتی کام 16 اپریل سے شروع ہوگا، دبئی کے ہوائی اڈے کے رن کا کام 30 مئی تک جاری رہے گا، مرمتی کام کی وجہ سے امارات ایئرلائنز کی پاکستان کے لیے چند پروازیں متاثر ہوں گی۔

    ترجمان امارات ایئرلائنز کے مطابق پاکستان کے لیے پروازوں کی تعداد میں کمی ہوگی، مسافر پروازوں کی روانگی کا شیڈول ویب سائٹ سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔

  • عمان نے اسرائیل کو ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کردیا

    عمان نے اسرائیل کو ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کردیا

    مسقط : سلطان قابوس سے اسرائیلی وزیر اعظم کی ملاقات کے بعد عمان نے غاصب صیہونی اسرائیل ریاست کو تسلیم کرنے کا عندیہ دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے انتہا پسند وزیر اعظم نیتن یاہو کے جمعے کے روز خلیجی ملک عمان کا خفیہ دورہ کرنے کے بعد ریاست عمان نے اسرائیل کے وجود کو تسلیم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز بحرین میں جاری سیکیورٹی کانفرنس کے دوران عمان کے وزیر خارجہ یوسف بن علوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ دیگر ریاستوں کی طرح پیش آیا جائے۔

    عمان کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ صیہونی ریاست اسرائیل مشرق وسطیٰ میں ایک ریاست ہے جس کی حقیقت کو چھپایا نہیں جاسکتا اسی لیے عمان فلسطین اور اسرائیل کے درمیان معاملات حل کروانے کی پیش کش کرتا ہے لیکن بحیثیت ثالث نہیں۔

    یاد رہے کہ جمعے کو اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے عمان کا دورہ کیا تھا جسے تکمیل تک خفیہ رکھا گیا تھا، جس دوران اسرائیلی وزیر اعظم نے عمان کے بادشاہ سلطان قابوس سے طویل ملاقات کی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو واحد وزیر اعظم ہیں جنہوں نے 20 برس کے دوران عمان کا دورہ کیا ہے جبکہ اس سے قبل اسرائیل اور عمان کے درمیان سفارت تعلقات بھی منقطع تھے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ دورہ عمان کے دوران اسرائیلی وزیر اعظم ہمراہ ان کی اہلیہ، موساد کے سربراہ اور قومی سلامتی کے مشیر بھی موجود تھے۔

    خیال رہے کہ نیتن یاہو کو دورہ عمان کی دعوت سلطان قابوس کی جانب سے دی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ نیتن یاہو سے قبل اسرائیل کے دو وزراء اعظم سنہ 1994 اور 96 میں عمان کا دورہ کرچکے ہیں جس کے بعد عمان میں دونوں ممالک کے تجارتی نمائندوں کے لیے دفاتر کھولے گئے تھے جسے اکتوبر 2000 میں فلسطین کے دوسرے انتفاضہ کے بعد بند کردیا گیا تھا۔

  • جرمن حکومت سینیگال کے 300 دیہات میں بجلی فراہم کرے گی، اینجیلا مرکل

    جرمن حکومت سینیگال کے 300 دیہات میں بجلی فراہم کرے گی، اینجیلا مرکل

    برلن/ڈاکر :  جرمن چانسلر نے سینیگال کے صدر سے ماکیسال سے ملاقات کے بعد 300 دیہاتوں میں بجلی فراہمی اور  مہاجرت کو روکنے کے لیے سینیگال میں سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کے چانسلر اینجیلا نے براعظم افریقہ کے دورے کا آغاز کرتے ہوئے کہ بدھ کے روز مغربی افریقہ کے ملک سینیگال پہنچی جہاں انہوں نے صدر ماکیسال سے ملاقات کے دوران کہا کہ دونوں ممالک کے حکمرانوں کو انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے لیے معاون نہیں بننا چاہیئے۔

    اینجیلا میرکل کا دورہ سینیگال کے موقع پر کہنا تھا کہ جرمنی اور افریقی ممالک کو مشترکہ طور پر قانونی خلاف ورزیوں کے خلاف جنگ کرنی ہوگی اور افریقہ میں ملازمت کے بہتر مواقع پیدا کرنے ہوں گے تاکہ عوام ہجرت کرنے سے گریز کریں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ براعظم افریقہ میں معاشی مسائل، غربت اور دیگر تنازعات کے باعث افریقی ممالک کے شہری دیگر ممالک میں ہجرت کرنے پر مجبور ہیں، افریقہ سے ہجرت کرنے والے مہاجرین کی بڑی تعداد بہتر مستقبل کے لیے یورپی ممالک کا رخ کرتے ہیں۔

    جرمن میڈیا کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کوشش کررہی ہے کہ غیر قانونی مہاجرت کے وجوہات کو جان ان کا سدباب کیا جائے تاکہ لوگ اپنے اپنی گھروں کو چھوڑ کر ہجرت کرنا بند کریں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جرمن چانسلر نے پاکیسال سےملاقات کے بعد اعلان کیا کہ جرمنی سینیگال کے 300 دیہاتوں میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔

    سینیگال کے صدر ماکیسال کا جرمن چانسلر سے ملاقات کے دوران کہنا تھا کہ ’میں اس بات سے متفق ہوں کہ لوگ بہتر زندگی کے حصول کے لیے سمندر کے خطرناک راستے کے ذریعے یورپ کا سفر اختیار کرتے ہیں جو ’افریقہ کی عظمت کے منافی ہے‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ماکیسال کا کہنا تھا کہ ’مغربی افریقی ملک سینیگال میں حالات دیگر ممالک کی نسبت بہت بہتر ہیں اور یہاں کسی کو مذہبی یا نسلی تعصب کی بنیاد پر ظلم و ستم کا نشانہ بھی نہیں بنایا جاتا، اس لیے یورپی ممالک کو چاہیئے کہ سینیگال کے باسیوں کی جانب سے دی جانے والے پناہ کی درخواست کو رد کریں۔

  • وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس، رمضان پیکیج کی منظوری

    وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس، رمضان پیکیج کی منظوری

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے رمضان پیکیچ 2018 کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان کی آمد کے پیش نظر شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی سمیت قیمتوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس سے متعلق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ رمضان میں پنجاب میں 300 سے زائد سستے بازار لگائے جائیں گے جہاں سے شہری سستے دوموں اشیا خرید سکیں گے، اور رمضان المبارک میں خصوصی ریلیف بھی فراہم کی جائے گی۔

    دن رات کام کرکے کراچی کی روشنیاں واپس لائیں گے: شہباز شریف

    انہوں نے کہا کہ آٹے کی فراہمی پر 11 ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی، دالیں، گھی، چینی، پھل اور سبزیاں سستے داموں میں دستیاب ہوں گی اور 20 کلو آٹے کا تھیلہ 500 اور 10 کلو کا تھیلہ 250 روپے میں دستیاب ہوگا۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ 32 ماڈل بازار بھی سستے رمضان بازاروں کے طور پر کام کریں گے، جبکہ فری سحر وافطار کے لیے صوبے میں 2 ہزار دستر خوان لگائے جائیں گے جہاں روزے دار باآسان صحر وافطار کر سکیں گے۔

    حکومت نےدل و جان سے عوام کی خدمت کی ہے، شہباز شریف

    ان کا مزید کہنا تھا کہ رمضان بازاروں میں زرعی فیئر پرائس شاپس بھی قائم کی جائیں گی اور عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی ہمارا مشن ہے، رمضان میں کسی بھی چیز کی قلت کی شکایت نہیں ہوگی، عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے موثر حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔