Tag: announcement

  • سابق وفاقی وزیر شفقت محمود کا سیاست چھوڑنے کا اعلان

    سابق وفاقی وزیر شفقت محمود کا سیاست چھوڑنے کا اعلان

    پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق وفاقی وزیر شفقت محمود نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

    شفقت محمود نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ بہت سوچ و بچار کے بعد سیاست چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے، سیاست چھوڑنے کا فیصلہ کسی دباؤ کی وجہ سے نہیں کیا۔

    شفقت محمود نے کہا کہ میرا کسی اور سیاسی جماعت میں جانے کا ارادہ نہیں ہے، 34 سال قبل سرکاری ملازمت سے استعفیٰ دے کر سیاست میں قدم رکھا تھا، اپنی باقی عمر تحریر و تدریس کیلئے وقف کرنا چاہتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ اعلان صرف سیاست سے علیحدگی کا ہے اور اس کا تعلق وقت اور عمر کے تقاضے سے ہے، میں ان سے مکمل اتفاق کرتا ہوں جو کہتے ہیں کے سیاست میں نوجوانوں کو آگے آنا چاہیے۔

    شفقت محمود کا کہنا تھا کہ سیاست کے اس سفر کے دوران بہت سے نشیب و فراز آئے، سینیٹ اور نیشنل اسمبلی کا ممبر اور وفاقی و صوبائی وزیر رہا، جیل کی یاترا کرنے کا بھی اتفاق ہوا، مجھے اطمینان ہے کے میں نے ہمیشہ اپنی ساری ذُمّہ داریاں نہایت ایمانداری سے سرانجام دیں۔

    انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کا مشکور ہوں جنہوں نے خدمت کا موقع دیا، 2 بار نمائندگی دینے پر پی ٹی آئی اور حلقے کے عوام کا شکر گزار ہوں اور اللہ تعالیٰ کا شکر ہے  آج تک کسی نے ناجائز الزام تک نہیں لگایا۔

    شفقت محمود نے مزید کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی باریکساں نصاب بنایا، کورونا کے مشکل وقت میں تعلیمی نظام کامیابی سے سنبھالا اس بات پر اطمینان ہے ساری ذمہ داریاں ایمانداری سے سر انجام دیں۔

    شفقت محمود نے مزید کہا کہ ملک کی خدمت کا جذبہ تاحیات رہے گا، امید ہے تحریر تدریس اور میڈیا کے ذریعے یہ سفر جاری رہے گا۔

  • سعودی عرب : عازمین حج کے ناموں کی قرعہ اندازی آج ہوگی

    سعودی عرب : عازمین حج کے ناموں کی قرعہ اندازی آج ہوگی

    ریاض : سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ حج درخواستیں جمع کرانے والوں کے ناموں کی قرعہ اندازی آج ہوگی۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق داخلی عازمین کی درخواستیں جمع کرانے کا آخری دن پیر تھا جبکہ وزارت کا کہنا ہے کہ قرعہ اندازی کے ذریعہ نام نکالے جائیں گے جس کے بعد ان کا جائزہ لیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق جن عازمین حج کا نام نکل آیا اور اگر وہ حج کے اہل ہیں تو انہیں ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعہ مطلع کردیا جائے گا۔

    ترجمان وزارت نے کہا کہ بعد ازاں ان عازمین سے مطالبہ کیا جائے گا کہ پیکیج بک کرانے کے لیے فیس جمع کرائیں جس کے بعد انہیں حج اجازت نامہ جاری ہوگا۔

    وزارت نے کہا ہے کہ جن حج کمپنیوں کے ساتھ بکنگ ہوئی ہے وہ خود اپنے عازمین سے رابطہ کرکے بقیہ تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔

  • اردگرد نظر رکھیں، کراچی پولیس نے گلی محلوں میں اعلانات شروع کردیے

    اردگرد نظر رکھیں، کراچی پولیس نے گلی محلوں میں اعلانات شروع کردیے

    کراچی میں حالیہ دہشتگردی کے واقعات میں اضافے کے بعد پولیس نے  شہر قائد کے گلی محلوں میں اردگرد نظر رکھنے کے اعلانات کرانے شروع کردیے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں حالیہ دہشتگردی کے بڑھتے واقعات کے بعد پولیس بھی چوکس ہوگئی ہے اور اس نے عوامی آگاہی مہم شروع کرتے ہوئے شہر بھر میں گلی محلوں کی سطح پر اعلانات شروع کردیے ہیں۔

    پولیس کی جانب سے گلی محلوں میں لاؤڈ اسپیکرز کے ذریعے اعلانات کیے جارہے ہیں کہ عوام اردگرد کے حالات اور مشکوک افراد پر نظر رکھیں اور مشکوک موٹر سائیکل کھڑی نظر آئے تو آگاہ کریں۔

    پولیس کی جانب سے عوام کی آگاہی کیلیے یہ بھی اعلان کیا جارہا ہے کہ اگر وہ اپنے محلے میں کسی مشکوک شخص کو دیکھیں تو اس سے پوچھ گچھ کریں۔

    واضح رہے کہ کراچی کی پرامن فضا کو حال ہی میں دہشتگردی کے بڑھتے واقعات نے مکدر کردیا ہے۔

     

    گزشتہ ماہ کراچی یونیورسٹی میں خودکش دھماکے میں 3 چینی اساتذہ سمیت 5 افراد ہلاک ہوئے تھے جب کہ گزشتہ ہفتے صدر اور دو روز قبل بولٹن مارکیٹ جیسے مصروف علاقوں میں موٹر سائیکل بم دھماکے ہوئے ہیں جس میں ایک نوجوان اور خاتون جاں بحق ہوئے۔

    کراچی میں بڑھتے دہشتگردی کے واقعات نے جہاں عوامی سطح پر تشویش میں اضافہ کردیا ہے وہیں مختلف سرکاری اور نجی اداروں کی جانب سے بھی سیکیورٹی انتظامات سخت کردیے گئے ہیں۔

  • کراچی اور حیدرآباد کے امتحانات کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا

    کراچی اور حیدرآباد کے امتحانات کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا

    کراچی : محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں بتایا گی اکہ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی اور حیدرآباد کے امتحانات شیڈول کے مطابق 15جون سے ہوں گے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا ہے کہ سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص اور شہید بے نظیر آباد بورڈ کے امتحانات 10جون سے ہوں گے۔

    ذیلی اسٹیرئنگ کمیٹی نے سندھ کے چار تعلیمی بورڈ کے سالانہ امتحانات ری شیڈول کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

    محکمہ تعلیم کی ذیلی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس سیکریٹری اسکول ایجوکیشن کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں اسٹیئرنگ کمیٹی کے اراکین نے بھی شرکت کی۔

    محکمہ تعلیم کی کمیٹی نے اجلاس کے فیصلے سے صوبائی وزیر تعلیم کو آگاہ کردیا، تمام تعلیمی بورڈ اس شیڈول کے مطابق امتحانات کی تیاریاں مکمل کرلیں۔

  • امارات جانے والوں کے لیے خصوصی اعلان

    امارات جانے والوں کے لیے خصوصی اعلان

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے حکام نے اعلان کیا ہے کہ خلیجی ممالک کے شہری اور وہاں رہائش پذیر غیر ملکی افراد 23 نومبر سے سرحدی راستوں اور زمینی بندرگاہوں کے ذریعے بھی امارات میں داخل ہوسکتے ہیں۔

    اماراتی ویب سائٹ کے مطابق خلیجی ممالک کے شہری اور وہاں رہائش پذیر غیر ملکی افراد اب منگل 23 نومبر سے سرحدی راستوں اور زمینی بندرگاہوں کے ذریعے بھی متحدہ عرب امارات میں داخل ہوسکتے ہیں۔

    اس بات کا اعلان متحدہ عرب امارات کی فیڈرل اتھارٹی فار آئیڈنٹٹی اینڈ سٹیزن شپ کی جانب سے کیا گیا ہے۔

    نئے قواعد و ضوابط کے تحت جن افراد نے منظور شدہ کرونا ویکسین لگوا رکھی ہے انہیں چاہیئے کہ وہ منفی پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ پیش کریں تاہم یہ 14 روز سے پرانی نہ ہو۔

    اگر مسافروں نے ملک میں مسلسل 6 روز تک قیام کرنا ہے تو پھر انہیں داخلے کے چھٹے روز پی سی آر ٹیسٹ کروانا ہوگا۔

    اس کے علاوہ جن افراد نے ویکسین نہیں لگوائی ہوگی انہیں بھی ملک میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ 72 گھنٹے سے پرانی نہ ہو۔

    اس کے ساتھ ہی اگر مسافروں نے مسلسل 4 روز تک امارات میں قیام کرنا ہو تو انہیں ملک میں داخل ہونے کے چوتھے روز ایک ٹیسٹ لازمی کروانا ہوگا اور اگر وہ 8 روز یا اس سے زائد قیام کرتے ہیں تو پھر انہیں آٹھویں روز ٹیسٹ کروانا ہوگا۔

  • پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان

    پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان

    اسلام آباد: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کردیا گیا ہے، اطلاق آج رات سے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزارتِ خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی ہے، تاہم اچھی خبر یہ ہے کہ پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔

    وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ پٹرول کی قیمت 119روپے80پیسےفی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 116روپے53پیسےفی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اچھی خبر

    وزارت خزانہ کے مطابق لائٹ ڈیزل کی قیمت میں ایک روپے10پیسےفی لیٹرکا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ مٹی کےتیل کی قیمت میں 81پیسےکااضافہ کیاگیا ہے۔

    واضح رہے کہ اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دو روپے پچاس پیسے فی لٹر اضافے کی سمری وزارت خزانہ کو بھجوائی تھی، اوگرا کی سمری میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں دو روپے پچاس پیسے فی لٹر، پٹرول کی قیمت میں پچاس پیسے فی لٹر، لائٹ ڈیزل آئل کے نرخوں میں ایک روپیہ فی لٹر جبکہ مٹی کے تیل کے نرخ بھی ایک روپیہ فی لٹر بڑھانے کی تجویز دی گئی تھی۔

  • وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب سے متعلق اعلامیہ جاری

    وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب سے متعلق اعلامیہ جاری

    اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان مشرق وسطی میں تنازعات ختم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔ یہ بات انہوں نے اپنے دورہ سعودی عرب کے موقع پر کہی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں مشرق وسطی کے تنازعات کو سیاسی اورسفارتی ذرائع سے حل کرنے پر زور دیا گیا، اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان میں سیاحت کی ترقی میں تعاون کی پیشکش کی ہے، سیاحت کے فروغ سے متعلق سعودی ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کرے گی۔

    اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان مشرق وسطی میں تنازعات ختم کرنےمیں کردار ادا کرتا رہے گا، اس کے علاوہ پاکستان خطے اور دنیا کےامن کیلئے کوششوں میں مدد بھی فراہم کرتا رہے گا۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان جب سعودی عرب پہنچے تو مدینہ کے ڈپٹی گورنر وحیب السہلی اور جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے ان کااستقبال کیا، وزیرا عظم نے روضہ رسول پر حاضری دی اور نوافل ادا کئے اور ملکی سلامتی کیلئے دعائیں کیں۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے ہونے والے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کا دورہ دو طرفہ تعلقات کا تسلسل ہے، سعودی حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں باہمی تعاون اور خطے کی صورتحال پر بھی مشاورت  کی جائے گی۔

  • پاکستان میں چند ماہ میں مہنگائی میں کمی متوقع ہے: آئی ایم ایف

    پاکستان میں چند ماہ میں مہنگائی میں کمی متوقع ہے: آئی ایم ایف

    اسلام آباد : آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی میں آنے والے مہینوں میں کمی متوقع ہے، جاری کھاتوں کے خسارے میں توقع سے زیادہ بہتری آئی ہے، پاکستان کے معاشی پلان کا آٖغاز تسلی بخش ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز آئی ایم ایف کے ایک وفد نے پاکستان کا دورہ کیا جس سے متعلق ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں جاری کھاتوں کے خسارے میں توقع سے زیادہ بہتری آئی ہے جس سے توقع ہے کہ آنے والے چند مہینوں میں مہنگائی میں کمی ہوسکتی ہے۔

    اس کے علاوہ رواں سال کیلئے معاشی شرح نمو دو اعشاریہ چار فیصد رہنے کی توقع ہے، آئی ایم ایف اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وسط مدتی معاشی اعشاریوں میں تبدیلی نہیں آئی اور ملکی معیشت کو مقامی اور بیرونی خدشات ابھی بھی لاحق ہیں۔

    آئی ایم ایف قرض پروگرام کے تحت پہلا جائزہ اکتوبر کے اختتام میں ہوگا، آئی ایم ایف کا وفد دوبارہ پاکستان آئے گا، اعلامیہ کے مطابق ٹیکس وصولیوں میں نمایاں بہتری آئی ہے،

    ایف بی آر کی جانب سے اصلاحاتی اقدامات قابل ذکر ہیں، حکومت کی جانب سے سماجی بہبود کے پروگرام شروع کیے گئے ہیں،

    معاشی اصلاحاتی پروگرام اب ابتدائی مراحل میں ہے ،آئی ایم ایف اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کچھ شعبوں میں بہتری دیکھی گئی ہے، روپے کی قدر میں اتار چڑھاؤ بھی کم ہوگیا۔

    مانیٹری پالیسی سے افراط زر کو قابو کرنے میں مدد مل رہی ہے، اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر میں بہتری آئی ہے، پاکستان کے معاشی پلان کا آٖغاز تسلی بخش ہے۔

    مزید پڑھیں: آئی ایم ایف مشن کا ملکی معیشت کی بہتری کیلیے حکومتی پالیسیوں پر اظہار اطمینان

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں آئی ایم ایف مشن نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی جس میں پاکستان کی معاشی صورتحال کی بہتری کیلیے کیے گئے حکومتی اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے حکومت کی پالیسیوں پر اظہار اطمینان کیا تھا۔

    اس موقع پر آئی ایم ایف وفد کا کہنا تھا کہ پاکستان میں معاشی اعشاریے بہتری ظاہر کررہے ہیں اور پاکستان میں ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہورہا ہے جو خوش آئند ہے۔

  • پاکستان کا سمجھوتہ ایکسپریس بند کرنے کا اعلان

    پاکستان کا سمجھوتہ ایکسپریس بند کرنے کا اعلان

    اسلام آباد : کشمیر پر جاری بھارتی جارحیت پر رد عمل دیتے ہوئے وزیر ریلوے شیخ رشید نے سمجھوتہ ایکسپریس بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے سفاکانہ فیصلے کے بعد وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نےجرأت مندانہ فیصلہ کرتے ہوئے سمجھوتہ ایکسپریس بند کرنے کا اعلان کردیا۔

    وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ’ہم نے کہہ دیا ہے کہ اپنا انجن لاکر بھارتی مسافروں کو لےجائیں، جب سمجھوتہ ایکسپریس پر دہشت گردی کی گئی اس وقت بھی میں وزیر تھا‘۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بھارت ظالم اور سفاکانہ ملک ہے، آج سمجھوتہ ایکسپریس بند کردی، ریلوے حکام کو کہا کہ سمجھوتہ ایکسپریس کی بوگیاں نکال کر عید پر استعمال کی جائیں۔

    وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ کشمیر میں جو کچھ بھارت نے کیا وہ سوچی سمجھی سازش ہے، اگلے چھ ماہ یا ایک سال بہت ہی پُر خطر ہوں گے جنگ بھی ہوسکتی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی بھی قیمت پرجنگ کی طرف نہیں جاناچاہتے، اگرہم پرجنگ مسلط کی گئی توآخری جنگ ہوگی۔

    عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ کشمیریروشلم نہیں ہے،مودی نےغیردانشمندانہ کام کیاہے،بعض سیاستدان ایسےکام کرتےہیں جس سےتاریخ بدل جاتی ہے، بطوروزیرریلوےسمجھوتہ ایکسپریس کوبندکرنےکااعلان کرتاہوں۔

  • کراچی : پی آئی اے نے طلباء اور مسافروں کے لئے کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا

    کراچی : پی آئی اے نے طلباء اور مسافروں کے لئے کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا

    کراچی : پی آئی اے نے مسافروں کے لئے کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا، رعایتی ٹکٹس متعارف کرادیئے گئے، لندن اور عرب امارات کے مسافروں سمیت طلباء کو بھی سہولت فراہم کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن پی آئی اے سے سفر کرنے والے مسافروں کو خوشخبری سنادی گئی، پی آئی اے نے اپنے صارفین کے لئے رعائتی ٹکٹس متعارف کروا دیئے۔

    اس حوالے سے پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ لندن سے سیالکوٹ کے مسافروں کو 24 ستمبر تا 30 نومبر تک دس فیصد رعایت دی جائے گی۔

    پی آئی اے کے مسافروں کو پاکستان سے یو اے ای کے سفر میں 20 فیصد رعایت 12 اگست تک دی جائے گی، ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پاکستان سے لندن جانے والے مسافروں کو 10 اگست تک دس فیصد کرایوں میں کمی کی جائے گی۔

    اس کے علاوہ بزرگوں کو سرہرائز ہولی ڈیز اسکیم کے تحت 10 فیصد رعایت دی جائے گی، اسکول کے طلباء اور طالبات کو بھی دس فیصد کم کرائے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔