Tag: Announcement to leave the party

  • پی ٹی آئی کے ایک اور ایم پی اے ساتھ چھوڑ گئے

    پی ٹی آئی کے ایک اور ایم پی اے ساتھ چھوڑ گئے

    کوئٹہ : وزیرمعدنیات بلوچستان اور تحریک انصاف کے رہنما مبین خلجی نے بھی پی ٹی آئی کو خیرباد کہہ دیا، ان کا کہنا ہے کہ یہ ملک ہے تو ہم ہیں۔

    کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 9مئی کے واقعات کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کے ایم پی اے مبین خلجی نے بھی پی ٹی آئی کو خیرباد کہہ دی ہے ان کا کہنا ہے کہ یہ ملک ہے تو ہم ہیں، اسی لیے
    ہم نے پی ٹی آئی کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کسی کے کہنے پر استعفیٰ نہیں دے رہے اور نہ ہی ہم کسی کے دباؤ میں ہیں بلکہ ملکی سلامتی کیلئے استعفیٰ دے رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل سابق صوبائی وزیر اقبال وزیر، ڈاکٹر عمران شاہ، مولوی محمود، سنجے گنگوانی، کریم بخش گبول کے بعد کراچی سے تعلق رکھنے والے رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر عمران شاہ نے بھی تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کرچکے ہیں۔

    پی ٹی آئی اور سیاست سے علیحدگی اختیار کرنے والے ان ارکان اسمبلی نے فوجی تنصیبات پر حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان کی سالمیت پر حملہ قرار دیا تھا۔

  • پی ٹی آئی رہنما عامر کیانی کا پارٹی چھوڑنے کا اعلان

    پی ٹی آئی رہنما عامر کیانی کا پارٹی چھوڑنے کا اعلان

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکریٹری جنرل عامر کیانی نے باضابطہ طور پر پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف پی ٹی آئی بلکہ سیاست سے بھی کنارا کشی اختیار کررہا ہوں۔

    یہ بات انہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، ان کا کہنا تھا کہ9مئی کے واقعات نے مجھے ذاتی طور پر تکلیف پہنچائی ہے، میرا خاندان فوج سے تعلق رکھتا ہے۔

    ایڈشنل سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ 1996میں پی ٹی آئی کو جوائن کیا تھا، ایک ڈیڑھ ماہ پہلے تک پارٹی کیلئے کام کیا، ڈیڑھ ماہ سے کسی میٹنگ میں شریک نہیں ہوا کیونکہ میری رائے کچھ اور تھی۔

    عامر کیانی نے کہا کہ میرے خلاف بھی پرچے ہوئے جو سیاسی ہیں، 27سال میں آج تک کبھی افواج یا کسی ادارے کیخلاف بیان نہیں دیا،

    میری رائے سادہ سی ہے ہمیں اپنی حدود میں جدوجہد کرنی چاہئے، اللہ کے بعد ہماری بقا سرحدوں پر کھڑے جوانوں کی وجہ سے ہے، ابھی بھی سرحدوں پر روزانہ کی بنیاد پر3سے4شہادتیں ہوتی ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز کراچی سے منتخب رکن قومی اسمبلی مولوی محمود نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

    پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پارٹی چھوڑنے کی اصل وجہ یہ ہے کہ میں فوج کیخلاف نہ گیا ہوں نہ جاؤں گا، سیاسی جماعتیں بدلی جاسکتی ہیں مگر ہم فوج کو نہیں بدل سکتے۔

    اس کے علاوہ سندھ اسمبلی اجلاس کے دوران پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی کریم گبول نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

    منحرف رکن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں سیاسی جماعت سمجھ کر گیا تھا لیکن وہ دہشت گرد جماعت بن گئی ہے، اداروں پر حملے تشدد برداشت نہیں کروں گا، میں دہشت گرد تنظیم کا حصہ نہیں بنوں گا،حملوں کی مذمت کرتا ہوں۔

    علاوہ ازیں گزشتہ روز ہی پی ٹی آئی سندھ کے صدر اور سابق وفاقی وزیر علی زیدی کی پی ٹی آئی چھوڑنے کی افواہیں گردش کی تھیں جس کی تردید آج خود علی زیدی نے کردی ہے۔