Tag: announcement

  • امریکا کے بعد فرانس نے بھی خلائی فورس بنانے کا اعلان کردیا

    امریکا کے بعد فرانس نے بھی خلائی فورس بنانے کا اعلان کردیا

     

    پیرس : امریکا کے بعد فرانس نے بھی خلائی فورس بنانے کا اعلان کردیا ہے، فرانسیسی صدر کا کہنا ہے کہ فورس بنانے کا مقصد فرانس کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا کے بعد فرانس نے بھی خلائی فورس بنانے کا اعلان کردیا ہے۔ فرانسیسی صدر میکخواں نے آرمی کے جوانوں سے خطاب میں کہا کہ فرانسیسی فضائیہ کو خلائی فورس بنانے کی اجازت دیدی ہے۔

    فورس بنانے کا مقصد فرانس کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فورس کی مدد سے فرانس کے سیٹلائٹ سسٹم کو بھی تحفظ ملے گا جب کہ یہ فورس اگلے سال ستمبر تک بنائی جائے گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ملٹری کو ’اسپیس فورس‘ خلائی فورس تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ خلا میں امریکی موجودگی کافی نہیں مکمل غلبہ چاہیے اور چاند پر امریکی جھنڈا لگانا کافی نہیں۔

    امریکا کی جانب سے خلائی فورس بنانے کے اعلان کے بعد چین نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا خلا کو جنگی سرگرمیوں کا مرکز بنانے سے گریز کرے کیوں کہ خلا کو میدان جنگ بنانا پوری دنیا کے لیے تباہ کن ہوگا۔

    مزید پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ نے محکمہ دفاع اور پینٹاگون کو خلائی فوج بنانے کا حکم دے دیا

     امریکا خلا پر قبضے کے خواب دیکھنے لگا، جس کیلئے روس اور چین سے پہلے چاند اور مریخ پر قبضہ  کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔

    امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے محکمہ دفاع اور پینٹاگون کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنی چھٹی شاخ خلائی فوج کے قیام کے لیے اقدامات کا آغاز کرے، یہ خلائی فوج ائیر فورس سے علیحدہ ہوگی۔

     

  • غرب اردن پر قبضے کی امریکی، صہیونی سازش کے خلاف حماس کا اہم اعلان

    غرب اردن پر قبضے کی امریکی، صہیونی سازش کے خلاف حماس کا اہم اعلان

    یروشلم : فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے ترجمان نے امریکی سفیر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی سفیر کا بیان صہیونی ریاست کی غاصبانہ پالیسی کی کھلی طرف داری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلامی تحریک مزاحمت حماس نے اسرائیل میں تعینات امریکی سفیر ڈیوڈ فریڈ مین کے اس بیان کو فلسطینی قوم کے خلاف کھلی امریکی گھناﺅنی سازش قرار دیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ اسرائیل کو غرب اردن کے بعض علاقے شامل کرنے کا حق ہے۔

    مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان حازم قاسم نے امریکی سفیر کے بیان کو صہیونی ریاست کی غاصبانہ پالیسی کی کھلی طرف داری، فلسطینی قوم اورقضیہ فلسطین کے خلاف صہیونی سازشوں کی معاونت قراردیا۔

    ایک بیان میں حماس کے ترجمان نے کہا کہ امریکی سفیر کے بیان نے واضح کردیا کہ موجودہ امریکی انتظامیہ اسرائیل کی انتہا پسند لیڈرشپ کے ساتھ مل کر عرب ممالک کو دباﺅ میںلانے اور فلسطینی سرزمین پر صہیونی قبضہ مضبوط بنانے میں پیش پیش ہے۔

    انہوں نے فلسطینی اتھارٹی پر زور دیا کہ وہ امریکی اور اسرائیلی غاصبانہ سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے غرب اردن میں فلسطینی مزاحمت کو مکمل آزادی فراہم کرنے پر زور دیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کو فلسطینی علاقوں پر قبضے کے لیے جنگی حربے استعمال کرنے کا کوئی حق نہیں ہے، امریکا کو صہیونی ریاست کی طرف داری روکنا ہوگی۔

  • جون کے آخر میں امریکا، روس اور اسرائیل سربراہ کانفرنس کا اعلان

    جون کے آخر میں امریکا، روس اور اسرائیل سربراہ کانفرنس کا اعلان

    تل ابیب : اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان تنازع کے حل کا سیاسی پہلو فی الحال صیغہ راز میں ہے اور مناسب وقت پر اس کا اعلان کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے جون کے آخری ہفتے میں امریکا، روس اور اسرائیل پر مشتمل سربراہ اجلاس بلانے کا اعلان کیا ہے۔

    عرب ٹی وی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر جیریڈ کوشنر نے 1967ء کے بعد پہلی بار امریکا کا تیار کردہ اسرائیل کا نقشہ نیتن یاھو کو پیش کیا جس میں مقبوضہ وادی گولان کو اسرائیلی ریاست کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔

    امریکی ایلچی جیریڈ کوشنر، مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی امن مندوب جیسن گرین بیلٹ پر مشتمل وفد نے یروشلم میں نیتن یاھو کے دفتر میں ان سے ملاقات کی۔

    ملاقات میں ایران کے لیے امریکی ایلچی برائن ہک اور امریکا میں اسرائیلی سفیر رون دیرمر بھی موجود تھے، ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے تناظر میں جون کے آخر میں بحرین میں عالمی اقتصادی کانفرنس کے انعقاد کے لیے پرعزم ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ اسرائیل میں کنیسٹ کے دوبارہ انتخابات کے لیے انتخابی مہم جاری ہوگی مگر ہم بحرین میں اقتصادی کانفرنس کا انعقاد ضرور کریں گے۔

    اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر امریکی عہدیدار نے بتایا کہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان تنازع کے حل کا سیاسی پہلو فی الحال صیغہ راز میں ہے اور مناسب وقت پر اس کا اعلان کیا جائے گا۔

  • وزیراعظم عمران خان سے مصری صدر کی ملاقات، اعلامیہ جاری

    وزیراعظم عمران خان سے مصری صدر کی ملاقات، اعلامیہ جاری

    مکہ مکرمہ : وزیراعظم عمران خان سے مصری صدر  عبدالفتاح السیسی نے ملاقات کی، ملاقات میں علاقائی، عالمی معاملات اور مسلم امہ کو درپیش مسائل پر بات چیت کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ میں وزیراعظم عمران خان سے مصری صدر  عبدالفتاح السیسی کی ملاقات کے متعلق اعلامیہ جاری کردیا گیا، اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں باہمی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

    ملاقات میں علاقائی و عالمی معاملات اور مسلم امہ کو درپیش مسائل پر بات چیت کی گئی، دونوں رہنماؤں کے درمیان رابطے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

    اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور مصر مسلم دنیاکے دو اہم ممالک ہیں، دونوں ممالک مسلمانوں کے مسائل کے حل کے لئےکردار ادا کررہے ہیں، دوطرفہ اعلیٰ سطح وفود کی ملاقاتوں سے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

    اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس جلد بلانے اور تجارتی و معاشی تعلقات کی مضبوطی کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا اس کے علاوہ ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

    دونوں رہنماؤں نے خطے کو درپیش مسائل کے پر امن حل پر زور دیا،اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے مصری صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔

    یاد رہے کہ وزیرعمران خان نے مکہ مکرمہ میں عمرے کی ادائیگی کی، خاتون اول اوروزراء بھی ان کےہمراہ تھے، سعودی عرب کے تین روزہ دورے کے موقع پر دوزیراعظم عمران خان آج اسلامی سربراہی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔

    عمران خان مدینہ منورہ سے مکہ پہنچ کر عمرےکی سعادت حاصل کی۔ خاتون اول بشریٰ بی بی اور وفاقی وزرا کا وفد بھی ہمراہ ہے، گزشتہ روز وزیراعظم نے مدینہ منورہ میں روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پرحاضری دی۔

    عمران خان کیلئے روضہ رسول کے دروازےخصوصی طور پر کھولے گئے۔ انہوں نے مسجد نبوی میں نماز عصر ادا کی اور ریاض الجنہ میں نوافل اداکئے۔ اس کے علاوہ عمران خان سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سےاہم ملاقات بھی کریں گے۔

  • سوڈان میں مارشل لاء نافذ، ملک چلانے کے لیے عبوری کونسل تشکیل، صدرگرفتار

    سوڈان میں مارشل لاء نافذ، ملک چلانے کے لیے عبوری کونسل تشکیل، صدرگرفتار

    خرطوم : سوڈانی صدر عمر البیشر  30 سال بعد عہدے سے مستعفی ہوگئے او فوج نے ملکت کے امور سنبھال کر عبوری کونسل تشکیل دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق سوڈانی عوام گزشتہ تین مہینوں نے صدر عمر البشیر کے خلاف مظاہرے کررہے تھے جو آج رنگ لے آئے اور صدر عمر حسن البشیر صدارت سے مستعفی ہوگئے جس کے بعد انہیں فوج نے گرفتار کرکے نظر بند کردیا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ سوڈان میں فوج نے ملک کے انتظامی امور چلانے کے لیے جنرل عوض بن عوف کی سربراہی میں ایک عبوری کونسل تشکیل دے دی ہے، جنرل عوض سبک دوش ہونے والے صدر عمر البشیر کے نائب اول اور سوڈان کے وزیر دفاع ہیں۔

    خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ دارالحکومت خرطوم کے ہوائی اڈے کو پروازوں کی آمد و ورفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے، جبکہ ملک میں اقتدار کی تبدیلی کے حوالے سے سوڈانی فوج کی جانب سے ایک اہم بیان جلد جاری کیا جائے گا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ فوج نے سبکدوش صدر عمر البشیر کے ساتھ ساتھ ان کے قریب سمجھے جانے والے 100 افراد کو بھی گرفتار کیا ہے جن میں کئی موجودہ اور سابق سرکاری عہدے داران بھی شامل ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں سابق وزیر دفاع عبد الرحیم محمد حسین، نیشنل کانگریس پارٹی کے نامزد سربراہ احمد ہارون اور صدر عمر البشیر کے سابق نائب علی عثمان محمد کے علاوہ عمر لابشیر کے ذاتی محافظین شامل ہیں۔

    دوسری جانب خرطوم میں مزید مظاہرین فوج کی جنرل کمان کے صدر دفتر کے اطراف پہنچ رہے ہیں جہاں کئی روز سے عوامی دھرنا جاری ہے، اس دوران بعض شاہراہوں پر عوام کو عمر البشیر کے مستعفی ہونے پر جشن مناتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

    مزید پڑھیں : سوڈان میں حالات مزید کشیدہ، چارافراد ہلاک، فوج نے کرفیو لگا دیا

    یہ بھی پڑھیں : انقلاب کے گیت گاتی سوڈانی خاتون جدوجہد کا استعارہ بن گئی

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سرکاری ریڈیو نے جمعرات کی صبح بتایا تھا کہ مسلح افواج کی جانب سے ایک اہم بیان جاری کیا جائے گا، اس دوران ملک میں فوجی انقلاب واقع ہونے کی بھی خبریں موصول ہو رہی تھیں۔

    یاد رہے کہ سوڈانی عوام گزشتہ کئی ماہ سے اشیاء خورد و نوش میں اضافے کے خلاف احتجاج کررہے تھے احتجاج کے دوران درجنوں شہری ہلاک بھی ہوئے جبکہ مظاہروں کے دوران ایک خاتون اس وقت دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن گئیں جب انہوں نے انقلاب کے نعرے بلند کیے اور بدعنوانی اور مہنگائی کا شکار عوام نے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

  • پاک جرمنی تعلقات جمہوری اقدار میں جڑے  ہوئے ہیں، وزیر اعظم عمران خان

    پاک جرمنی تعلقات جمہوری اقدار میں جڑے ہوئے ہیں، وزیر اعظم عمران خان

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس کی ملاقات میں مسئلہ کشمیر اور مختلف سیکٹر میں سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے دورہ پاکستان میں وزیر اعظم عمران خان سے خصوصی ملاقات کی، اس حوالے سے اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، وزیراعظم عمران خان نے جرمن قیادت کی تعریف کی۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان نے جرمنی کے ساتھ بہتر تعلقات کو ہمیشہ اہمیت دی ہے، پاک، جرمنی تعلقات مشترکہ جمہوری اقدار میں جڑے ہوئے ہیں، وزیر اعظم نے حالیہ امیگریشن بحران سے نمٹنے پر جرمن چانسلر انجیلامرکل کی تعریف کی، اس موقع پر جرمن سفیر نے وزیراعظم کو جرمن چانسلر کی جانب سے دورہ جرمنی کی دعوت دی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں کمی کیلئے جرمن سفیر کے کردار کی تعریف کی، ان کا کہنا تھا کہ بھارت اور افغانستان کی علاقائی صورتحال میں جرمنی کا کردار قابل تعریف رہا ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے ملاقات کے دوران مسئلہ کشمیر کا معاملہ بھی اٹھا دیا، انہوں نے جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس کے گفتگو میں کہا کہ عالمی برادری کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کا سختی سے نوٹس لے۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم عمران خان سے جرمن وزیر خارجہ کی ملاقات کا احوال 

    علاوہ ازیں اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور جرمنی کے درمیان سرمایہ کاری پر بھی گفتگو ہوئی، وزیر اعظم نے توانائی اور آٹو موبائل سیکٹر میں جرمن سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا۔

    انہوں نے کہا کہ جرمنی ملکی ترقی میں پاکستان کا اہم شراکت دار ہے، جرمنی انسانی ترقی کیلئے تعلیم، صحت کے میدان میں ٹیکنیکل تعاون فراہم کرے۔

  • وزیراعظم عمران خان کا دورہ متحدہ عرب امارات مکمل ہونے پر اعلامیہ جاری

    وزیراعظم عمران خان کا دورہ متحدہ عرب امارات مکمل ہونے پر اعلامیہ جاری

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا دورہ متحدہ عرب امارات مکمل ہونے پر اعلامیہ جاری کردیا گیا، اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے شیخ محمد بن راشد المکتوم کی دعوت پر یواے ای کا دورہ کیا۔

    دورے کا مقصد عالمی گورنمنٹ سمٹ کی تقریب میں شرکت کرنا تھی، دورے میں وزیراعظم کی یو اے ای قیادت سے اہم ملاقاتیں ہوئیں، یو اے ای کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زیدالنہیان سے وزیر اعظم کی ون آن ون ملاقات ہوئی۔

    اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے انصاف، میرٹ اور فلاحی اقدامات کو معاشرتی ترقی کی بنیاد قرار دیا، انہوں نے پاکستان میں مدینہ کی فلاحی ریاست کا تصور پیش کیا، سمٹ کے دورن پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی بات کی گئی،وزیراعظم نے سیاحت کے شعبےاوراصلاحاتی ایجنڈے کو دنیا کے سامنے رکھا۔

    اس موقع پر معیشت کو مستحکم کرنے اور کاروباری سہولیات کے فروغ پر عالمی رہنماؤں کو اعتماد میں لیا گیا، اصلاحاتی ایجنڈا، اقتصادی صورتحال میں بہتری، نجی شعبہ کی حوصلہ افزائی سے متعلق آگاہ کیا گیا،

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اماراتی قیادت سے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پراتفاق ہوا، پاک امارات لانگ ٹرم تجارت بڑھانے پر زور دیا گیا، پاکستان کی معاشی مدد پر وزیراعظم نے شیخ محمد بن زیدالنہان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

    وزیر اعظم نے اپنے ہم منصب شیخ محمد بن راشد المکتوم سے بھی علیحدہ ملاقات کی، اس کے علاوہ دورے کے دوران وزیراعظم نے سائیڈ لائن ملاقاتیں بھی کیں۔

    ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے باہمی تعلقات کو مزید فروغ اور استحکام دینے کے عزم کا اعادہ کیا، وزیراعظم نے افغانستان میں امن کی کوششوں میں ولی عہد کے کردار کو بھی سراہا۔

    اس موقع پر لبنانی ہم منصب اور آئی ایم ایف منیجنگ ڈائریکٹر سے بھی ملاقاتیں ہوئیں، وزیر اعظم عمران خان نے سمٹ کے انعقاد پر یو اے ای قیادت کی تعریف کی۔

  • ایک لاکھ پاکستانیوں کو ملازمتوں کی فراہمی، وزیراعظم کے دورہ قطر کا اعلامیہ جاری

    ایک لاکھ پاکستانیوں کو ملازمتوں کی فراہمی، وزیراعظم کے دورہ قطر کا اعلامیہ جاری

    اسلام آباد : امیر قطر نے پاکستان کی ترقی میں ہر ممکن ساتھ دینے کا اعلان کردیا، ایک لاکھ پاکستانیوں کو ملازمتیں فراہم کی جائیں گی، قطر آئی ایم ایف سے مذاکرات میں پاکستان کی مدد کرسکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے دورہ قطر کے مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق وزیر اعظم نے دورے کے پہلے دن قطری ہم منصب سے ملاقات کی۔

    قطری وزیراعظم کے ساتھ وفود کی سطح پربات چیت ہوئی، اس کے علاوہ وزیراعظم کی سرمایہ کاروں کے وفد سے بھی ملاقات ہوئی۔ اعلامیہ کے مطابق امیر قطر نے پاکستان کی ترقی میں ہر ممکن ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ قطر آئی ایم ایف سے مذاکرات میں پاکستان کی مدد کرسکتا ہے۔

    وزیراعظم نے کاروباری اور تاجر برادری سے ملاقات میں قطری سرمایہ کاروں کو پاکستانی معیشت میں سرمایہ کاری کی دعوت دی، انہوں نے کہا کہ سرمایہ کارتوانائی، پٹرولیم، فارماسوٹیکل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔

    اس کے علاوہ زراعت، ریسرچ، ثقافت، سیاحت اورتعلیم کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کی دعوت دی، وزیر اعظم نے قطرکی سرکاری اور نجی کمپنیوں کےوفود سےبھی ملاقاتیں کیں،سرمایہ کاروں کوہاؤسنگ منصوبے میں پارٹنر بننے کی پیشکش کی۔

    اعلا میہ میں مزید کہا گیا ہے کہ قطرایک لاکھ پاکستانیوں کو ملازمتیں فراہم کرے گا، وزیراعظم نے ملازمتیں فراہم کرنے پر قطری حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

    وزیراعظم نے فیفا ورلڈ کپ میں پاکستان سے افرادی قوت بلانے کی درخواست بھی کی، وزیراعظم عمران خان کی جانب سے امیر قطرکو دورہ پاکستان کی دعوت امیر قطر نے قبول کرلی، سفارتی سطح پر رابطوں کے بعد دورے کی تاریخ طے کی جائے گی۔

  • ولی عہد محمد بن زید النہیان کے دورہ پاکستان پر وفاقی حکومت کا اعلامیہ جاری

    ولی عہد محمد بن زید النہیان کے دورہ پاکستان پر وفاقی حکومت کا اعلامیہ جاری

    اسلام آباد : پاکستان اور متحدہ عرب امارات میں طویل المدتی سرمایہ کاری فریم ورک پر اتفاق اور تجارت بڑھانے کیلئے ٹاسک فورس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے، یو اے ای پاکستان کو بیلنس آف پیمنٹ کیلئے3ارب ڈالر دے گا۔

    تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر اور ابوظہبی کے ولی عہد محمد بن زید النہیان ایک روزہ دورہ پاکستان پر وفاقی حکومت نے اعلامیہ جاری کردیا۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر ولی عہد محمد بن زید النیہان نے12سال بعد پاکستان کا دورہ کیا، وزیراعظم عمران خان نے ولی عہد کی وزیراعظم ہاؤس میں مہمان نوازی کی، دونوں رہنماؤں میں ون آن ون ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی، خطے کے امن اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم کرنے کےعزم کا اعادہ کیا، دونوں رہنماؤں کی جانب سے ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کی گئی، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا، ولی عہد نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں اور کوششوں کی تعریف کی۔

    ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان میں سماجی اور اقتصادی ترقی کیلئے یو اے ای کی مدد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان میں انسداد پولیو کے خاتمے کیلئے حمایت پر ولی عہد سے اظہار تشکر کیا، اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے اماراتی قیادت کو اصلاحاتی ایجنڈے اور احتساب، شفافیت کے لیے اٹھائے اقدامات سے آگاہ کیا۔

    وزیر اعظم نے ولی عہد کو مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی حالت زار اور وادی کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا، وزیراعظم نے ولی عہد کو افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا، وزیراعظم نے مفاہمتی مذاکرات میں مہمان نوازی پر یو اے ای کے کردار کو سراہا، دونوں رہنماؤں نے افغانستان کے دیرپا امن اور استحکام میں مل کرکام پر اتفاق کیا گیا۔

    اس موقع پر پاکستان اور یو اے ای کے گہرے اعتماد پر مبنی تعلق کو مزید مضبوط کرنے پرزوردیا گیا، ایک دوسرے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

    اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک میں طویل المدتی سرمایہ کاری فریم ورک پراتفاق اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے کیلئے ٹاسک فورس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے، یو اے ای پاکستان کو بیلنس آف پیمنٹ کے لئے3ارب ڈالر دے گا، وزیراعظم عمران خان نے3ارب روپے کی امداد پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ مالی تعاون یو اے ای کے مسلسل عزم اور دوستی کو ظاہر کرتا ہے، وزیراعظم نے یواےای کی سرمایہ کاری کی خواہش کو خوش آئند قرار دیا۔

    اعلامیہ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی جانب سےپاکستان میں بڑی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے، یو اے ای تیل، گیس سمیت بندرگاہوں اور تعمیراتی شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گا، دونوں ممالک کابین الوزارتی کمیشن اجلاس آئندہ ماہ دبئی میں منعقد کرانے کا فیصلہ اور زیر التوا معاہدوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔

    دونوں ممالک کے درمیان منی لانڈرنگ، وائٹ کالر جرائم کے خاتمے کیلئے باہمی معاہدے کو حتمی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا۔

  • زلمے خلیل زاد کا دورہ پاکستان : امریکی سفارت خانے نے اعلامیہ جاری کردیا

    زلمے خلیل زاد کا دورہ پاکستان : امریکی سفارت خانے نے اعلامیہ جاری کردیا

    اسلام آباد : امریکی نمائندہ خصوصی کے دورہ پاکستان سے متعلق امریکی سفارت خانے نے اعلامیہ جاری کردیا اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نمائندہ خصوصی زلمےخلیل زاد نے وزیر اعظم عمران خان ،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور سیکریٹری خارجہ سے اہم ملاقاتیں کیں۔

    اس کے علاوہ زلمےخلیل زاد نے اسلام آباد میں تعینات سفیروں سے بھی ملاقاتیں کیں، اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی نمائندہ خصوصی نے افغان مسئلے کے سیاسی حل کے لیے امریکہ کے عزم کو دہرایا ہے۔

    جس کا مقصد یہ ہے کہ افغانستان کبھی بھی عالمی دہشت گردی کےلیےاستعمال نہ ہوسکے، امریکی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ گزشتہ چالیس سال کی شورش کے خاتمے سے خطے کے تمام ممالک مستفید ہوں گے۔

    اعلامیہ کے مطابق زلمے خلیل زاد دورہ پاکستان مکمل کرکے خصوصی طیارے کے ذریعے افغانستان کے شہر کابل روانہ ہوگئے ہیں، جہاں وہ افغان حکام سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کریں گے، امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کا پاکستان کا یہ دوسرا دورہ تھا۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم عمران خان سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کی ملاقات

    واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی نمائندہ خصوصی برائے پاکستان وافغانستان زلمے خلیل زاد نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی، ملاقات میں افغان مفاہمتی عمل اور طالبان سے مذاکرات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے صدر ٹرمپ کی جانب سے وزیر اعظم کو نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا۔

    یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کو گذشتہ روز ایک خط ارسال کیا تھا، جس میں امریکی صدر نے طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لئے تعاون مانگا تھا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی کردار کی تعریف کی تھی۔