Tag: Annual ceremony day

  • ایم کیوایم ہر ظلم کیخلاف مزاحمت کرے گی، خالد مقبول صدیقی

    ایم کیوایم ہر ظلم کیخلاف مزاحمت کرے گی، خالد مقبول صدیقی

    کراچی : ایم کیوایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان میں صرف دو قومیتیں آباد ہیں ایک ظالم دوسرا مظلوم، ہم اب ہر ظلم کیخلاف مزاحمت کریں گے۔

    یہ بات انہوں نے کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے39ویں یوم تاسیس کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے غریبوں اور مظلوموں کو ایک پرچم تلے جمع کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کیا ہم پاکستان بنانے کا مقصد حاصل کرچکےہیں؟ ہم نے آزادی حاصل کرنے کی قدر نہیں کی، لاکھوں، کروڑوں لوگوں نے تاریخ کی سب سے بڑی ہجرت کی تھی، اب ایم کیوایم پاکستان ہر ظلم کے خلاف مزاحمت کرے گی۔

    خالد مقبول نے کہا کہ آج کراچی نے پورے پاکستان کو پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان بنانے والوں کی اولادوں کو پاکستان بچانے کا وعدہ نبھانا پڑا، اگر 75سال بعد بھی عوام اپنے مقدر پرخوش ہیں تو پھر کچھ نہیں بدلنے والا۔

    ایم کیوایم پاکستان کے کنوینئر نے کہا کہ پاکستان کے بسنے والوں کی نمائندگی یہاں موجود ہے، اس ملک میں دو طرح کے لوگ ہیں ایک حاکم اور دوسرا محکوم، تمام محکوم ایک آوازہوکر اور ایک پرچم تلے جمع ہوکراپنی جدوجہد کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ طاقت ہماری تہذیب نہیں بلکہ تہذیب ہماری طاقت ہے، قوم کو غلامی سے بچانےکیلئے ایک نئی اور تازہ جدوجہدکا آغازکرنا ہے، مظلوموں کیلئے کوئی بھی تحریک شروع ہوگی تو ایم کیوایم ساتھ دے گی۔

    خالد مقبول صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ لوگ ہم سے پوچھتے ہیں کہ آپ کا بیانیہ کیا ہے؟ تو میں بتاتا چلوں کہ ہماری 35سال کی تاریخ ہمارا بیانیہ ہے، ہمیں سب سے پہلے پاکستان کے غریبوں کو آئینی تحفظ فراہم کرنا ہے۔

    باغ جناح کراچی میں ہونے والے جلسہ عام سے متحدہ قوممنٹ کے مصطفیٰ کمال، ڈاکٹر فاروق ستار، نسرین جلیل اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

  • ’عوام بلاول بھٹو کے علاوہ کسی کو وزیراعظم نہیں مانتے‘

    ’عوام بلاول بھٹو کے علاوہ کسی کو وزیراعظم نہیں مانتے‘

    کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اس ملک کی عوام کسی اور کو نہیں مانتے، ان کے لیے اگر کوئی وزیراعظم ہے تو وہ بلاول بھٹو زرداری ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے علاقے نشتر پارک میں ہونے والے پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم بلاول بھٹو زرداری کو اس ملک کا وزیراعظم بنائیں گے، اگلے یوم تاسیس پر بلاول بھٹو وزیراعظم کی حیثیت سے خطاب کرینگے۔

    وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اگلا سال بلاول بھٹو کے وزیراعظم بننے کا سال ہے، بلاول بھٹو سندھ کی تنظیم اور کارکنان کو ثابت قدم پائیں گے۔

    جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ ملک کو آگے لے کر جانے کیلئے ہم پُرامید نظروں سے بلاول کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

  • پیپلزپارٹی کا 52 واں یوم تاسیس آج منایا جائے گا، مظفر آباد میں جلسے کی تیاریاں

    پیپلزپارٹی کا 52 واں یوم تاسیس آج منایا جائے گا، مظفر آباد میں جلسے کی تیاریاں

    اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی کا 52واں یوم تاسیس آج بروز ہفتہ منایا جائے گا، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مظفر آباد میں جلسے سے خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے آج ہونے والے 52 ویں یوم تاسیس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، اس سلسلے میں مظفر آباد میں جلسے کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ملک بھر سے پیپلزپارٹی کی قیادت، تنظیمی عہدیدار اور کارکنان شریک ہوں گے۔

    چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جلسے سے خطاب کریں گے، جلسے کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، اس حوالے سے سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ پی پی رہنماؤں نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

    یوم تاسیس پر پیغام دیتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر ہم اپنے بنیادی اصولوں پر عہد کو دہرائیں گے اور ملک کی نئی سمت کو متعین کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ صرف مضبوط عوامی ایجنڈا ہی جمہوری، اقتصادی اور انتظامی بحرانوں سے نکال سکتا ہے، دستور بندی، قانون کی بالا دستی اور جمہوریت پر سختی سے کاربند رہا جائے گا۔

    بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک پاکستان کو پہلا دستور دیا اور وہ جوہری پروگرام کے معمار بھی تھے،عوام کی ساختی عدم مساوات سے جان چھوٹنے تک جنگ جاری رہے گی۔

    انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی حفاظت کے لیے ہم نے بہت کچھ کھویا ہے، جمہوریت کے لیے قربانیاں دیں، پھندے پر چڑھے، کوڑے کھائے، جیل گئے، بھٹو خاندان کو شہید کیا گیا لیکن اس شمع کو ختم نہ کرسکے۔

  • سی پیک کو ہر قیمت پر کامیاب بنائیں گے، جنرل قمر جاوید باجوہ

    سی پیک کو ہر قیمت پر کامیاب بنائیں گے، جنرل قمر جاوید باجوہ

    اسلام آباد : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ سی پیک کو ہر قیمت پر کامیاب بنائیں گے، سی پیک خطے میں ترقی اور خوشحالی لائے گا، چین نے ہمیشہ پاکستان کے حق میں سفارت کاری کی ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں چائنیز پیپلز لبریشن آرمی کے 90ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک چائنیز پیپلز لبریشن آرمی میں تعاون جاری رہے گا۔

    جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ سی پیک کے مثبت اثرات خطے کے تمام ممالک پر ہوں گے، پاک چین دوستی لازوال ہے، سی پیک کو ہرقیمت پر کامیاب بنائیں گے، سی پیک خطے میں ترقی اور خوشحالی لائے گا۔

    اس موقع پر چینی سفیر نے سی پیک کی سیکیورٹی کیلئے پاک فوج کے تعاون کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

    قبل ازیں پاک فوج نے پیپلز لبریشن آرمی چائنہ کے 90 سال مکمل ہونے پرتہنیتی پیغام دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے پیغام میں ’ پاک چین دوستی زندہ باد‘ کا نعرہ بھی دہرایا۔