Tag: annual report

  • خیبر پختونخواہ سے سینکڑوں دہشت گرد گرفتار

    خیبر پختونخواہ سے سینکڑوں دہشت گرد گرفتار

    پشاور: محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) خیبر پختونخواہ نے سال 2022 میں سینکڑوں دہشت گرد گرفتار کر کے تخریب کاری کی درجنوں وارداتیں ناکام بنائیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) خیبر پختونخواہ نے سال 2022 کی سالانہ رپورٹ مرتب کرلی۔

    رواں برس سی ٹی ڈی نے 768 دہشت گردوں کو گرفتار کیا، 90 دہشت گردوں کے سر پر انعام مقرر تھا۔

    قبائلی علاقوں سمیت صوبے بھر میں 2 ہزار 597 آپریشنز کیے گئے جن میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن بھی شامل ہیں، 19 سو 60 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا، گرفتار دہشت گردوں میں 628 ہائی پروفائل مطلوب ملزمان بھی شامل ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق آپریشنز کے دوران 349 دستی بم، 80 ایس ایم جی گنز، 16 خودکش جیکٹس اور 7 راکٹ لانچرز اور دیگر بھاری اسلحہ برآمد کیا گیا۔

    سی ٹی ڈی کی رپورٹ میں کہا گیا کہ رواں سال خیبر پختونخواہ پولیس کو 279 واقعات میں ٹارگٹ کیا گیا، رواں سال 116 پولیس جوان شہید جبکہ 125 زخمی ہوئے۔

  • کراچی: رواں برس 34 ہزار سے زائد قیمتی موبائل فون چھینے گئے

    کراچی: رواں برس 34 ہزار سے زائد قیمتی موبائل فون چھینے گئے

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں جنوری سے دسمبر تک 34 ہزار 188 قیمتی موبائل فونز اور 26 ہزار 972 موٹر سائیکلیں چھینی اور چوری کی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سٹیزن پولیس لیژن کمیٹی نے جرائم کے ہوشربا اعداد و شمار جاری کردیے۔ سی پی ایل سی کی رپورٹ کے مطابق یکم جنوری سے 20 دسمبر تک 34 ہزار 188 شہری قیمتی موبائل فونز سے محروم ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق 20 دسمبر تک 26 ہزار 972 شہریوں کی موٹر سائیکلیں چھنی یا چوری ہوئیں، اسی عرصے میں 1319 شہری کاروں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    سی پی ایل سی کا کہنا ہے کہ جنوری سے نومبر کے اختتام تک اغوا برائے تاوان کی 8 وارداتیں ہوئی، بھتہ خوری کے 53 اور بینک ڈکیتی کی 3 وارداتیں رپورٹ ہوئی جبکہ مختلف پرتشدد واقعات میں 297 شہری جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ کراچی پولیس نے 536 کاریں، 4914 موٹر سائیکلیں اور 1528 موبائل فون ریکور کیے۔

  • پشاور میں رواں سال دہشت گردی کے 113 واقعات رونما ہوئے

    پشاور میں رواں سال دہشت گردی کے 113 واقعات رونما ہوئے

    پشاور : پاک فوج کے دہشت گروں کیخلاف آپریشن کے دوررس نتائج برآمد ہوئے ہیں،گزشتہ سالوں کی نسبت رواں سال پشاور میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق رواں سال قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد سے پشاور میں دہشت گردی کے واقعات میں نمایاں کمی ہوئی تھی ۔

    اس سال خیبرپختوانخوا میں دہشت گردی کے ایک سو تیرہ واقعات رپورٹ ہوئے۔جن میں ستتر افراد جاں بحق اور ایک سو تینتیس زخمی ہوئے۔

    جبکہ اس کے مقابلے میں گزشتہ سال دو سو چالیس، دو ہزار تیرا میں دو سو پنتالیس اور دو ہزار بارہ میں ایک سو ستر واقعات ہوئے۔

    جن میں چھ سو چھیالیس افراد جاں بحق اور ایک ہزار آٹھ سو سترہ افراد زخمی ہوئے تھے۔ محکمہ انسداد دہشت گردی نے رواں سال صوبے بھر میں نوسو سات سرچ آپریشن کرکے ایک ماہ میں دہشت گردی کے ساٹھ واقعات کو ناکام ،تئیس دہشت گردوں کو گرفتار کیا جن کے سروں کی قیمت مقرر تھی۔

  • ملک بھرمیں انسانی حقوق کی صورتحال کو 2013 کی نسبت زیادہ ابتر قرار

    ملک بھرمیں انسانی حقوق کی صورتحال کو 2013 کی نسبت زیادہ ابتر قرار

    لاہور: ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے سالانہ رپورٹ جاری کردی، رپورٹ میں دوہزار چودہ میں ملک بھرمیں انسانی حقوق کی صورتحال کو دو ہزار تیرہ کی نسبت زیادہ ابتر قراردیا گیا ہے۔

    لاہور میں کمیشن کی سالانہ رپورٹ جاری کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہیومن رائٹس کمیشن کی چیئرپرسن زہرہ یوسف کا کہنا تھا کہ دو ہزار چودہ کے دوران بھی ملک بھر میں انسانی حقوق اور امن وامان کی صورتحال خراب رہی۔

    رپورٹ کے مطابق دہشت گردی ملک کا اولین مسئلہ رہی اور اس دوران کئی بے گناہ لوگوں کو اپنی جانوں سے ہاتھ دھونا پڑے، پولیو ورکزر کی ٹارگٹ کلنگ دوہزار تیرہ کی نسبت زیادہ رہی جبکہ ماورائے عدالت ہلاکتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ۔

    اس موقع پر ایچ آر سی پی کے ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ دو ہزار چودہ میں جن چند شعبوں میں معمولی نوعیت کی بہتری دیکھنے میں آئی، ان میں صوبائی اسمبلیوں میں قانون سازی شامل تھی۔

  • پاکستان ایک بار پھر صحافیوں کے لئے خطرناک ملک قرار

    پاکستان ایک بار پھر صحافیوں کے لئے خطرناک ملک قرار

    اسلام آباد: آزادیٔ صحافت سے متعلق رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز نے سالانہ رپورٹ جاری کردی ہے، جس میں ایک بار پھر پاکستان کو صحافیوں کے لئے خطرناک ملک قرار دیا گیا ہے۔

    رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز کی سالانہ رپورٹ کے مطابق پاکستان صحافیوں کے لئے خطرناک ملک ہے، صحافیوں کی حفاظت سے متعلق ایک سواسی ملکوں کی فہرست میں پاکستان کا نمبر ایک سوانسٹھواں ہے۔

    افریقی ممالک، افغانستان،عراق اور بھارت کو پاکستان سے بہتر قرار دیا گیا ہے۔

    رپورٹرزودآؤٹ بارڈرزکی ڈائریکٹر ڈٰیفلین یگلینڈ نے اے آروائی نیوز سے گفتگومیں کہا کہ پاکستان میں صحافیوں کو قتل کیا جارہا ہے، پاکستان میں صحافیوں کی حفاظت کے بارے میں تشویش ہے، حکومت آزادیٔ صحافت اور صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔

    مشکل اور خطرناک حالات میں ذمہ داریاں انجام دینے والے پاکستانی صحافیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، آزادیٔ صحافت اور صحافیوں کے لئے اریٹریا کو دنیا کا خطرناک ترین ملک قرار دیا گیا ہے۔

  • مالیاتی رپورٹ کی اشاعت پرفضول خرچی سے گریز کیا جائے، ایس ای سی پی

    مالیاتی رپورٹ کی اشاعت پرفضول خرچی سے گریز کیا جائے، ایس ای سی پی

    اسلام آباد: سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن ( ایس ای سی پی ) نے اسٹاک مارکیٹ میں لسٹڈ کمپنیوں کو ہدایت کہ ہے کہ کمپنیاں اپنی سالانہ مالیاتی رپورٹ کو شائع کرتے وقت فضول خرچی اور بھاری اخراجات سے اجتناب کریں۔

    ایس ای سی پی کے ایک ترجمان کے مطابق کئی کمپنیاں اپنی سالانہ مالیاتی رپورٹ کو شائع کرنے پر بھاری اخراجات کرتی ہیں اور ان رپورٹوں میں کمپنی کے چیف ایگزیکٹو اور ڈائریکٹرز کی بڑی بڑی تصاویر شائع کی جاتی ہیں اور ان کو ذاتی تشہیر کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔

    مالیاتی رپورٹ کو شائع کرنا ایک قانونی تقاضا ہے لیکن کمپنیوں کو قانونی تقاضے پورے کرنے میں بھی فصول خرچی سے اجتناب کرنا چائیے۔

    ایس ای سی پی نے کمپنیوں کو یہ بھی ہدایت کر رکھی ہے کہ کمپنیاں اپنی ویب سائٹ آپریشنل رکھیں اور کمپنی سے متعلق تمام ضروری معلومات اس پر موجود رہنی چائیں۔

    دوسرا یہ کہ اخراجات کو کم رکھنے کے لئے کمپنیاں زیادہ سے زیادہ معلومات اپنی ویب سائٹ پر مہیا کریں۔