Tag: ANP

  • ن لیگ اور پی پی نے اے این پی کا اعلامیہ کیوں‌ مسترد کیا؟

    ن لیگ اور پی پی نے اے این پی کا اعلامیہ کیوں‌ مسترد کیا؟

    اسلام آباد (18 اگست 2025): وفاقی دارالحکومت میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیے کو ملک کی دو مرکزی سیاسی جماعتوں نے مسترد کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اے این پی کی آل پارٹیز کانفرنس میں جاری اعلامیہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے بغیر جاری کیا گیا، نون لیگ اور پیپلز پارٹی نے اعلامیے پر دستخط نہیں کیے۔

    عرفان صدیقی نے کہا یہ ہمارے نہیں آپ کے مطالبات ہیں، نیر بخاری، طارق فضل چوہدری اور عرفان صدیقی اعلامیہ پڑھنے کے دوران اٹھ کر چلے گئے۔

    اعلامیے میں کیا تھا؟


    اعلامیے میں کہا گیا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں جاری تمام آپریشن فوری بند کیے جائیں، دہشتگردی اور آپریشن سے متاثرہ علاقوں کی فوری بحالی کی جائے، سیلاب متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دے کر فوری امدادی پیکیج کا اعلان کیا جائے، اور ضم اضلاع میں تمام اختیارات سول انتظامیہ کے حوالے کیے جائیں۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ جانی و مالی نقصانات کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کے لیے عدلیہ کی نگرانی میں ٹروتھ کمیشن بنایا جائے، نام نہاد ڈیتھ اسکواڈ، غیر قانونی مسلح جتھوں کا فوری خاتمہ کیا جائے۔ معدنیات اور وسائل پر صوبوں کے آئینی حقوق تسلیم کیے جائیں، نیشنل فنانس کمیشن ایوارڈ پر آئین کے تحت عمل کیا جائے اور میڈیا پر پابندیاں ختم کی جائیں۔

    قبل ازیں، کانفرنس سے خطاب میں عرفان صدیقی نے اصل صورت حال کو نظر انداز کرتے ہوئے اعتراض ’بے اثر‘ کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں اس حکومت میں شہری حقوق نہیں ہیں، مارشل لا لگا ہوا ہے، مارشل لا ہوتا تو کیا ہم یہاں بیٹھے ہوتے۔

    کانفرنس کے دوران میزبان ایمل ولی خان نے پی ٹی آئی کے جمہوری کردار پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے پہلے تو بیرسٹر گوہر کی اے پی سی میں عدم شرکت کا شکوہ کیا، اور پھر کہا موجودہ ہو یا سابقہ کسی حکومت نے آئین پر عمل نہیں کیا۔

  • ایم کیو ایم پاکستان کا پی ایس 88 میں شاہی سید کی حمایت کا اعلان

    ایم کیو ایم پاکستان کا پی ایس 88 میں شاہی سید کی حمایت کا اعلان

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے پی ایس 88 میں عوامی نیشنل پارٹی کے شاہی سید کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آج اتوار کو ایم کیو ایم کا ایک وفد مصطفیٰ کمال کی سربراہی میں مردان ہاؤس پہنچا، جہاں اے این پی سندھ کے صدر شاہی سید اور یونس بونیری نے ان کا استقبال کیا۔

    شاہی سید اور مصطفیٰ کمال نے میڈیا سے گفتگو بھی کی، شاہی سید نے کہا میں تہہ دل سے مصطفیٰ کمال اور ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، باران رحمت اور سیاسی گہما گہمی میں یہ ہمارے پاس آئے، ہم لوگوں نے ہی مل کر اس شہر میں کام کرنا ہے۔

    شاہی سید نے کہا میں اپنے کارکنوں کو کہوں گا کہ وہ بھی ایم کیو ایم کی مدد کریں، الیکشن میں جہاں جہاں ایم کیو ایم کو ضرورت ہے ساتھ کھڑے ہوں گے، حکومت کسی کی بھی بنے ہم مل کر کام کریں گے، یہ نا ممکن کام ممکن ہو گیا ہے۔

    مصطفیٰ کمال نے کہا میں شاہی سید و رفقا کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ ہماری میزبانی کی، سیاسی گہما گہمی میں شاید ابھی میری بات سمجھ نہ آئے کہ یہ تاریخی لمحہ ہے، ہم پی ایس 88 سے شاہی سید کی غیر مشروط حمایت کریں گے، ہمارے کارکنان الیکشن والے دن ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

    انھوں نے کہا ہم کوئی ڈیمانڈ لے کر نہیں آئے، ہمیں شہر میں امن چاہیے، مہاجر اور پختون بھائی ایک ساتھ کھڑے نظر آئیں، ہمارے پاس اگر اور بھی کوئی سیاسی آفر ہوتی تو ہم وہ بھی کرتے۔

  • الیکشن 2024: اے این پی کو انتخابی نشان الاٹ

    الیکشن 2024: اے این پی کو انتخابی نشان الاٹ

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عوامی نیشنل پارٹی کو انتخابی نشان لالٹین الاٹ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے اے این پی کو انتخابی نشان لالٹین الاٹ کر دیا، نیز اس کی انٹرا پارٹی الیکشن کے لیے مہلت کی درخواست بھی منظور کر لی۔

    اے این پی کو 10 مئی تک انٹرا پارٹی الیکشن کی مہلت دے دی گئی ہے، تاہم الیکشن کمیشن نے اے این پی پر اس تاخیر کے لیے 20 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا ہے۔

    یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی الیکشن کے سلسلے میں اسفندیار ولی کو نوٹس جاری کیا تھا، انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے پر الیکشن کمیشن نے 13 جماعتوں کو گزشتہ روز ڈی لسٹ کر دیا تھا۔

  • عدالتی احاطے میں اے این پی کارکنان کا ایمل ولی کے خلاف درخواست گزار پر تشدد

    عدالتی احاطے میں اے این پی کارکنان کا ایمل ولی کے خلاف درخواست گزار پر تشدد

    پشاور: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے کارکنان نے ایمل ولی خان کے خلاف درخواست دینے پر فضل محمد خان کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

    تفصیلات کے مطابق اے این پی کے کارکنان نے پشاور ہائیکورٹ کے احاطے میں ایمل ولی کے خلاف درخواست دائر کرنے والے پی ٹی آئی رہنما پر حملہ کر دیا۔

    اے این پی کے کارکنوں اور وکلا نے فضل محمد خان پر تھپڑوں کی بارش کر دی، لاتیں بھی ماریں، جس سے پی ٹی آئی رہنما زخمی ہو گئے ہیں، اس سلسلے میں سامنے آنے والی ویڈیو میں اے این پی کارکنان کو درخواست گزار فضل محمد کے پیچھے بھاگتے اور مارتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    دوسری طرف ایمل ولی خان نے سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت سے معافی مانگی ہے نہ مانگوں گا، میں اپنے مؤقف پر آج بھی قائم ہوں۔ ادھر عدالت نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے ویڈیو میں اے این پی کے کیسز نہ سننے کا گلہ کرنے پر اے این پی کے تمام کیسز کا ریکارڈ طلب کر لیا۔

  • عام انتخابات کی تیاریاں، اے این پی نے انتخابی منشور تیار کر لیا

    عام انتخابات کی تیاریاں، اے این پی نے انتخابی منشور تیار کر لیا

    پشاور: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے عام انتخابات کی تیاریاں کرتے ہوئے انتخابی منشور تیار کر لیا، جس کا اعلان پیر کے روز کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق اے این پی نے عام انتخابات کے لیے منشور تیار کر لیا ہے، جس کا عنوان روشنی رکھا گیا ہے، منشور میں یونیورسٹی کی سطح تک مفت تعلیم کا وعدہ شامل کیا گیا ہے، اور یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم طالبات کو 5000 روپے ماہانہ وظیفہ بھی منشور کا حصہ ہوگا۔

    ذرائع اے این پی کے مطابق صوبائی سطح پر ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا قیام، ضلعی حکومتوں کو مکمل خود مختاری دینے کے لیے قانون سازی، نوجوانوں کے لیے اے این پی یوتھ پروگرام کا اجرا، خواتین کے لیے مخصوص فنڈ کو منشور کا حصہ بنایا گیا ہے۔

    غگ، سورہ اور چھوٹی عمر میں شادی پر پابندی کے لیے قانون سازی، ضم اضلاع میں خصوصی اکنامک زون کا قیام، ہر حلقے میں اسپورٹس کمپلیکس کا قیام بھی اے این پی کے منشور کا حصہ ہے۔

    واضح رہے کہ عوامی نیشنل پارٹی آئندہ عام انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کا اعلان پہلے ہی کر چکی ہے، اے این پی کے امیدواروں نے انتخابی مہم کا آغاز بھی کر دیا ہے۔

  • باچا خان کے پیروکار سینئر سیاست دان زاہد خان کا اے این پی کو خیرباد کہنے کا فیصلہ

    باچا خان کے پیروکار سینئر سیاست دان زاہد خان کا اے این پی کو خیرباد کہنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے خیبر پختون خوا سے اے این پی کی بڑی وکٹ گرانے کی تیاریاں جاری ہیں، باچا خان کے پیروکار سینئر سیاست دان زاہد خان نے اے این پی کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان زاہد خان سے رابطے شروع کر دیے ہیں، پی پی کی جانب سے زاہد خان کی پارٹی میں شمولیت کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں۔

    ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ زاہد خان سے پیپلز پارٹی میں شمولیت کے لیے معاملات حتمی مراحل میں ہیں، اور ان کی پیپلز پارٹی میں شمولیت جلد متوقع ہے، پی پی کی جانب سے زاہد خان کو شمولیت کی باضابطہ دعوت بھی دے دی گئی ہے۔

    پی پی قیادت نے زاہد خان سے رابطوں کی ذمہ داری محمد علی باچا کو دی، محمد علی باچا وزیر مملکت آبی وسائل، صدر پی پی خیبر پختونخوا ہیں، قیادت سے گرین سگنل ملنے کے بعد انھوں نے زاہد خان کو پی پی میں شمولیت کی دعوت دی۔

    ذرائع پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ زاہد خان سے پارٹی شمولیت کے لیے معاملات طے کیے جا رہے ہیں، بتایا جا رہا ہے کہ زاہد خان کو پارٹی عہدہ، قومی یا صوبائی اسمبلی ٹکٹ کی پیشکش کی گئی ہے، زاہد خان سے پیپلز پارٹی کے وفود کی دو ملاقاتیں بھی ہو چکی ہیں، وفد جلد زاہد خان سے دوبارہ ملاقات کرے گا۔

    پی پی ذرائع کے مطابق زاہد خان اے این پی قیادت کے رویے سے شدید دلبرداشتہ ہیں، طویل عرصے سے ان کے اے این پی قیادت سے رابطہ بھی منقطع ہے، اسفندیار ولی خان کے غیر فعال ہونے پر زاہد خان کو پارٹی میں کارنر کر دیا گیا تھا، انھیں طویل عرصے سے پارٹی اجلاسوں میں بھی نہیں بلایا جا رہا۔

    واضح رہے کہ زاہد خان عوامی نیشنل پارٹی کے ٹکٹ پر دو بار سینیٹ کے رکن رہ چکے ہیں، وہ 1990 سے اے این پی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات ہیں، زاہد خان کا تعلق خیبر پختون خوا کے ضلع لوئر دیر سے ہے، مسلم لیگ ن بھی زاہد خان کو پارٹی میں شمولیت کی دعوت دے چکی ہے۔

  • گورنر سے قربت پر اے این پی نے نگراں صوبائی وزیر سے استعفیٰ مانگ لیا

    گورنر سے قربت پر اے این پی نے نگراں صوبائی وزیر سے استعفیٰ مانگ لیا

    پشاور: عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے نگراں صوبائی وزیر عدنان جلیل سے استعفیٰ طلب کر لیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق اے این پی نے اپنے نگراں صوبائی وزیر عدنان جلیل سے استعفیٰ طلب کر لیا ہے، معاون خصوصی برائے کھیل مطیع اللہ مروت کو عدنان جلیل کی جگہ وزیر بنایا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر کے پی سے قربت پر اے این پی نے نگراں وزیر عدنان جیل سے استعفیٰ طلب کیا ہے، جب کہ مطیع اللہ مروت کے نگراں وزیر بننے پر اشرف داوڑ کو معاون خصوصی مقرر کیا جائے گا۔

    دوسری طرف گورنر غلام علی کے بیان پر اے این پی کی صوبائی ترجمان ثمر ہارون بلور نے ردِ عمل میں کہا ہے کہ ہمارا اختلاف جے یو آئی سے نہیں گورنر کی کرسی پر بیٹھے چھوٹے شخص سے ہے، اے این پی گورنر ہاؤس کے تقدس کی بحالی کے لیے آخری حد تک جائے گی۔

    ثمر بلور نے کہا ’’گورنر غلام علی بتائیں کہ پوسٹنگ ٹرانسفر سے اس کا کیا سروکار ہے؟ اس نے گورنر شپ کے لیے اے این پی کے کتنے ترلے کیے تھے؟‘‘ انھوں نے کہا کہ اے این پی نے پختون روایت کے مطابق مولانا کی سربراہی میں جے یو آئی کا جرگہ قبول کیا تھا، ہم نے ترلے نہیں بلکہ گورنر کی بندر بانٹ روکنے کی کوشش کی۔

    ثمر بلور نے کہا کہ گورنراتحاد کی آڑ میں اے این پی سے بندے توڑنے کی کوشش کر رہا تھا، اب وہ اے این پی سے بندے توڑ کر دکھائے، ان کی مخالفت جے یو آئی کے اندر بھی ہورہی ہے۔

  • ایمل ولی کی کوششیں، صوابی میں صدیوں پرانے کھیل موخہ کے مقابلوں کا انعقاد

    ایمل ولی کی کوششیں، صوابی میں صدیوں پرانے کھیل موخہ کے مقابلوں کا انعقاد

    پشاور: صوبائی سطح پر موسیقی کے بعد کھیلوں کے فروغ کے لیے بھی ایمل ولی خان نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے مقابلوں کا انعقاد کروایا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے پشتو موسیقی کو زوال سے بچانے کے لیے انگازئی کے نام سے پروڈکشن ہاؤس بنایا تھا، اب انھوں نے صوبے میں کھیلوں کو فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا بھی سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

    ایمل ولی کی ہدایت پر بننے والے باچا خان ٹرسٹ اسپورٹس فاؤنڈیشن نے صوبے کی سطح پر باچا خان گولڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے، اس ٹورنامنٹ میں مردان، چارسدہ، پشاور، نوشہرہ اور صوابی کی ٹیمیں شامل ہوں گی، اسی طرح صوبے کے مختلف اضلاع میں ضلعی سطح پر دیگر کھیلوں کے ٹورنامنٹس کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

    پہلے مرحلے میں صوابی میں صدیوں پرانے کھیل موخہ (مقامی تیر اندازی)، مردان میں قومی کھیل ہاکی، ملاکنڈ میں فٹ بال، سوات میں والی بال اور لوئر دیر میں ٹیپ بال ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔

    ایمل ولی خان کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت مختلف کھیلوں میں غیر معمولی کھلاڑیوں کو تربیت کے لیے بیرون ملک بجھوانے کے لیے وظائف کا بندوبست بھی کرے گی، تاکہ یہ نوجوان اپنا ٹیلنٹ ملک و قوم کے لیے بہتر انداز میں استعمال کر سکیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختون خوا کے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، بس انھیں صرف نکھارنے کی ضرورت ہے، اور اسی مقصد کے لیے باچا خان ٹرسٹ کے زیر انتظام کھیلوں کی ترقی کے لیے اسپورٹس فاؤنڈیشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ عوامی نیشنل پارٹی اگر چہ خیبر پختون خوا اور بلوچستان کی سیاست میں ایک مرکزی جماعت کے طور پر جانی جاتی ہے تاہم ملکی سیاست میں بھی اس سیاسی جماعت نے ہمیشہ ایک اہم کردار ادا کیا ہے، تاہم کچھ عرصہ قبل اس جماعت کے نوجوان صوبائی صدر ایمل ولی خان نے پشتو موسیقی کو زوال سے بچانے کے لیے پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ باچا خان مرکز پشاور میں انگازئی کے نام سے پروڈکشن ہاؤس بناکر معیاری پشتو موسیقی کی ترویج کی ذمہ داری اٹھائی۔

    اس پروڈکشن ہاؤس میں صرف معیاری موسیقی کی شرط پر 7 ہزار روپے کی معمولی فیس کے عوض مقامی گلوکاروں کو جدید ریکارڈنگ کی سہولت فراہم کی جاتی ہے، جب کہ غریب اور مستحق فن کاروں کو مفت ریکارڈنگ کے ساتھ ساتھ آنے جانے کا کرایہ بھی دیا جاتا ہے۔

    فن کے دل دادہ ایمل ولی خان نے اسی پر بس نہیں کیا، بلکہ موسیقی سے دل چسپی رکھنے والے نوجوانوں کو طبلہ، ڈھول، ہارمونیم اور رباب کی تربیت کے لیے کلاسز کے آغاز کا عندیہ بھی دیا، جس پر مذہبی جماعتوں کی طرف سے اے این پی اور ایمل ولی خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

  • آئندہ عام انتخابات کے لیے اے این پی کا بڑا فیصلہ

    آئندہ عام انتخابات کے لیے اے این پی کا بڑا فیصلہ

    پشاور: آئندہ عام انتخابات کے لیے عوامی نیشنل پارٹی نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے کسی بھی دوسری پارٹی کے ساتھ اتحاد نہ کرنے کی حکمت عملی بنا لی۔

    تفصیلات کے مطابق اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ آنے والے انتخابات میں پارٹی کسی جماعت سے انتخابی اتحاد نہیں کرے گی۔

    ایمل ولی کا کہنا تھا کہ عوامی نیشنل پارٹی اپنے منشور کے ساتھ آئندہ عام انتخابات کے لیے تیار ہے، اور صوبہ بھر میں اے این پی کے امیدوار کھڑے کیے جائیں گے۔

    صوبائی صدر نے کہا کہ حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف شکست سے بچنے کے لیے بلدیاتی انتخابات سے بھاگ رہی ہے، اے این پی قومی وسائل پر عوام کے اختیار اور ان کے حق حکمرانی پر یقین رکھتی ہے۔

    ایمل ولی نے کہا ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کا جن بے قابو ہو چکا ہے، عوام دو وقت کی روٹی کے لیے خوار ہو رہے ہیں، اور حکومت عوام کو ریلیف پہنچانے کی بجائے لانے والوں کے ریلیف کے لیے کام کر رہی ہے۔

  • پی پی اور اے این پی کا اہم سیاسی فیصلہ

    پی پی اور اے این پی کا اہم سیاسی فیصلہ

    کراچی: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی جانب سے گذشتہ رات پاکستان پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی سے متعلق کئے گئے فیصلے کے بعد دونوں جماعتوں نے اہم فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق اےاین پی اور پی پی نے پی ڈی ایم کی بجائےنیا سیاسی اتحادبنانےکا امکان ظاہر کیا ہے، نئےسیاسی اتحاد سے متعلق پی پی اور اے این پی قائدین میں اہم پیشرفت آج متوقع ہے۔

    ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پی ڈی ایم سے علیحدگی کےبعد آصف زرداری اور بلاول بھٹو اے این پی سےرابطےمیں ہیں بلاول بھٹواور ایمل ولی کےمابین نئےسیاسی اتحاد پر اصولی اتفاق ہوچکا ہے۔

    اطلاعات کے مطابق بلاول بھٹو آج وفد کے ہمراہ چارسدہ کا دورہ کرینگے، جہاں بلاول بھٹو بیگم نسیم ولی خان کی وفات پر اے این پی قیادت سےاظہارتعزیت کرینگے۔

    بعد ازاں بلاول بھٹو اور اے این پی قیادت کے مابین اہم ملاقات بھی ہوگی، ملاقات میں مستقبل کے سیاسی لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا، ملاقات کے بعد بلاول بھٹو اور اے این پی کے قائدین مشترکہ پریس کانفرنس بھی کریں گے۔

    ذرائع کے مطابق شوکاز نوٹس پر پاکستان پیپلزپارٹی اور پی ڈی ایم میں اتنی دوریاں پیدا ہوچکی ہیں کہ پیپلز پارٹی کی واپسی مشکل نظر آرہی ہے، اے این پی پہلے ہی سے پی ڈی ایم کو خیرباد کہہ چکی ہے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ روز اسلام آباد میں پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں پی ڈی ایم سربراہان پیپلز پارٹی اور اے این پی سے متعلق فیصلے پر قائم رہے، اپوزیشن اتحاد کی بیٹھک میں کوئی بریک تھرو نہ ہو سکا، پی پی، اے این پی سے متعلق فیصلہ برقرار رہا۔

    مولانا کا کہنا تھا کہ پی پی، اے این پی ہمارے ساتھ نہیں ہیں اس لیے اجلاس میں ان سے متعلق غور و غوض نہیں کیا، پریس کانفرنس میں پی ڈی ایم رہنماؤں نے اس سلسلے میں مزید گفتگو سے انکار کیا۔