Tag: ANP

  • سینٹ: اراکین بلوچستان کا دہشت گردوں کیخلاف مؤثرکارروائی کامطالبہ

    سینٹ: اراکین بلوچستان کا دہشت گردوں کیخلاف مؤثرکارروائی کامطالبہ

    اسلام آباد : سینٹ میں بلوچستان کے اراکین نے دہشت گردوں کے خلاف موثر کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

    سینیٹ کے اجلاس کی صدارت میاں رضا ربانی نے کی۔تربت میں مزدوروں کے قتل کے واقعہ پرعاجز دھامرا،شہباز درانی،ایم حمزہ اور دیگر نے کہا کہ قتل وغارت میں بلوچ ملوث نہیں، یہ دہشت گرد ہیں ان کوناراض بلوچ نہ کہا جائے۔

    خیبر پختواہ اور بلوچستان کے ایک لاکھ افراد کے شناختی کارڈ بلاک کرنے پر نادرا کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

    اے این پی کی ستارہ ایاز کے علاوہ عثمان کاکڑ،کلثوم پروین اور دیگر ارکان نے کہا کہ نادر امتیازی سلوک ترک کرے اور شک کی بنیاد پر شناختی کارڈ کی تصدیق کیلئے موبائل ٹیمیں بھجوائی جائیں۔

    چیئرمین نے اس معاملے پر تحریک لانے اور اور اس پر بحث کرنے کی ہدایت کی۔

    اس قبل اجلاس میں عام انتخابات انکوائری کمیشن آرڈیننس 2015 حفاظتی تدابیر ترمیمی آرڈیننس2015سمیت 5آرڈیننس پیش کیے گئے۔سینیٹ کا اجلاس کل صبح دس بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

  • اے این پی نے بھی جوڈیشل کمیشن میں فریق بننے کا فیصلہ کرلیا

    اے این پی نے بھی جوڈیشل کمیشن میں فریق بننے کا فیصلہ کرلیا

    کراچی : عوامی نیشنل پارٹی نے بھی جوڈیشل کمیشن میں فریق بننے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    اےآر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتےہوئے اے این پی کے رہنما میاں افتخار حسین کا کہنا تھا کہ دھاندلی کی ثبوت اکھٹا کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سب کو معلوم ہےکہ عوامی نیشنل پارٹی کےساتھ دھاندلی کی گئی تھی ، الیکشن سے پہلے ہمارے امیدواروں اور عہدیداروں کو مختلف طریقوں سے ہراساں کیا گیا ۔

    افتخار حسین کا کہنا تھا کہ تمام ذیلی تنظیموں کو دھاندلی کے ثبوت جمع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی نے بھی جوڈیشل کمیشن میں فریق بننے کا فیصلہ کیا ہے۔

  • یمن جنگ کا فائدہ اسرائیل کو ہوگا، سراج الحق

    یمن جنگ کا فائدہ اسرائیل کو ہوگا، سراج الحق

    اسلام آباد : یمن جنگ کا فائدہ اسرائیل کو ہوگا، ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے یمن کی صورتحال پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    سراج الحق کا کہنا تھا کہ  حکومت یمن کے معاملے پر ثالثی کا کردار ادا کرے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے دوستی نبھانی ہے تو اسے جنگ سے روکنا ہوگا۔

    اےاین پی کےرہنما غلام بلور اور میر حاصل بزنجو نے پاک فوج کو یمن  بھیجنے کی مخالفت کردی، یمن جنگ میں شرکت کے حوالے سے ایوان میں دوسرے روز بھی بحث جاری رہی ۔

    بلوچستان نیشنل پارٹی کےسربراہ میرحاصل بزنجو نےیمن لڑائی کوخانہ جنگی قراردےدیا، اراکین اسمبلی نےحکومت پرزوردیاکہ پاکستان جنگ میں شرکت نہیں ثالثی کاکرداراداکرے۔

  • یمن کی لڑائی سے کوئی تعلق نہیں، فوج نہ بھیجیں، اسفندیار ولی

    یمن کی لڑائی سے کوئی تعلق نہیں، فوج نہ بھیجیں، اسفندیار ولی

    کراچی: اے این پی کے سربراہ اسفندیار ولی کہتے ہیں سعودی عرب کا دفاع کریں گے، یمن کی لڑائی سے کوئی تعلق نہیں وہاں فوج نہ بھیجیں۔

     کراچی میں مردان ہاؤس پر اے این پی سندھ کے صدرسینیٹر شاہی سید کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےعوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے کہا ہے کہ یمن میں پاکستانی فوج کی مداخلت سے بلوچستان میں مزید حالات خراب ہوں گے، یمن میں پاکستانی فوج کو نہ بھیجا جائے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف حکومت کو پانچ سال مکمل کرنے دیے جائیں، نواز حکومت کو غیر قانونی طریقے سے ہٹایا گیا تو مخالف کریں گے ۔

    اسفند یار ولی کاکہنا تھا کہ ہمیں عمران خان نے نہیں بیت اللہ محسود نے کلین بولڈ کیا،انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پر صولت مرزا کے الزامات کی شفاف تحقیقات ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی حفاظت کیلئے میں خود جانے کو تیار ہوں۔

  • نوازشریف اہم معاملات پربھی ٹیلی فون نہیں کرتے، آصف علی زرداری

    نوازشریف اہم معاملات پربھی ٹیلی فون نہیں کرتے، آصف علی زرداری

    کراچی : سابق صدر آصف علی زرداری نےوزیراعظم نواز شریف سے شکوہ کیا ہےکہ یمن کی صورتحال ہو یا کوئی دوسراہم معاملہ نوازشریف نے کبھی فون کرنےکی زحمت بھی نہیں کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلاول ہاؤس کراچی میں اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا

    تفصیلات کے مطابق یمن کی کشیدہ صورتحال پر غورو خوص  کیلئے سابق صدر آصف علی زرداری کی زیرصدارت کراچی میں اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس ہوا۔

    اجلاس سے  خطاب کرتے ہوئے سابق صدر کا کہنا تھا کہ خطے کی صورت حال خطرناک ہے لیکن وزیراعظم نے مشورے کے لئے فون تک نہیں کیا۔

    اس موقع پرعوامی نینشل پارٹی کے سربراہ اسفند یارولی نے کہا کہ حکومت نے اعتماد میں نہ لیاتوہم بھی وقت آنےپراپنا فیصلہ سنادیں گے، اپوزیشن جماعتیں وقت آنے پر اپنے پتے شو کریں گی۔

    ایم کیوایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ وزیراعظم قومی پالیسی واضح کریں ، یاد رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام  یمن پرآل پارٹیزکانفرنس میں جے یوآئی کے رہنمامولانا فضل الرحمان نہیں آئے۔ تحریک انصاف اورجماعت اسلامی  کے رہنماؤں نے بھی شرکت نہیں کی۔

  • صولت مرزا کے الزامات کی شفاف تحقیقات کی جائیں، اسفند یارولی

    صولت مرزا کے الزامات کی شفاف تحقیقات کی جائیں، اسفند یارولی

    اسلام آباد : عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ  اسفند یارولی کا کہنا ہے کہ صولت مرزا کے الزامات کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔

    سربراہ اےاین پی اسفندیارولی کا کہنا تھا اس وقت صولت مرز اکے بیان کی قانونی حیثیت نہیں ۔تاہم صولت مرزا کے الزامات سنجیدہ نوعیت کے ہیں۔صولت مرزانےانتہائی اعلیٰ رہنماؤں پرالزامات لگائےہیں۔

    ان الزامات کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔شفاف تحقیقات ایم کیوایم سمیت سب کے فائدےمیں ہوگی۔ان کا کہنا تھا پاکستان کوسعودی عرب اور یمن کی جنگ میں نہیں کودناچاہئے۔

    عمران اورعارف علوی کی ٹیپ سےپتہ چلا کہ دھرنےکےمقاصد کیا تھے۔

  • سندھ : سینیٹ الیکشن، زرداری کی جوڑ توڑ کی سیاست کا امتحان

    سندھ : سینیٹ الیکشن، زرداری کی جوڑ توڑ کی سیاست کا امتحان

    اسلام آباد: سندھ میں سینیٹ الیکشن کیلئے آصف زرداری کی جوڑ توڑ کی اطلاعات نے سیاسی قائدین کی ننیدیں اڑا دی ہیں۔

    سینیٹ کی سات جنرل نشستوں کیلئے تین جماعتوں کے آٹھ خواہشمند میدان میں ہیں، پیپلزپارٹی کے پانچ،ایم کیو ایم کے دواور فنکشنل لیگ نے ایک امیدوارکو میدان میں اتارا ہے، صوبے میں اصل مقابلہ سینیٹ کی ایک نشست پر پی پی اور فنکشنل لیگ کے درمیان ہے

    وزیرِاعظم نواز شریف نے جوڑ توڑ کے تدارک کے لیے بائیسویں ترمیم کا ڈول ڈالنے کی کوشش کی تاہم وہ کامیاب نہ ہو سکے، البتہ پپپلز پارٹی کے شریک چیئر پرسن آصف زرداری ایک بار پھر سیاسی حکمت عملی کے ذریعے متحدہ قومی موومنٹ کو رام کرکےاپنے دو ارکان پہلے ہی بلامقابلہ منتخب کراچکے ہیں جبکہ ایم کیو ایم کو بھی دو نشستیں مل گئیں ہیں۔

    فارمولے کے حساب سے ایک امیدوار کو سینیٹر بننے کے لئے چوبیس ووٹ درکار ہیں، گزشتہ روز پی ایس اکیاسی پر الیکشن ٹریبونل کے فیصلے بعد فنکشنل لیگ ایک سیٹ سے محروم ہوگئی ہیں، جس کے بعد اسمبلی میں اسکے ووٹوں کی تعداد گیارہ سے کم ہوکر دس رہ گئی ہے جبکہ مسلم لیگ ن کےدس امیدواروں کی حمایت بھی اپوزیشن امیدوار امام الدین شوقین کو حاصل ہے۔

    پیپلزپارٹی کا دعویٰ ہے کہ جتوئی خاندان کے تین اور دیگراپوزیشن اراکین بھی پی پی کو ووٹ ڈالیں گے، گزشتہ دنوں ارباب غلام رحیم اور لیاقت جتوئی کی سربراہی میں بننے والا اتحاد کسی بھی امیدوار کی فتح اور شکست میں اہم کردار ادا کرسکتا ہےجبکہ پی پی کے منحرف رہنما ڈاکٹر ذوالفقار مراز کے صاحبزادے کس کو ووٹ ڈالیں گے یہ بھی ایک اہم سوال ہے۔

    تحریک انصاف کے سینیٹ انتخابات میں حصہ نہ لینے کے عمل نے اس نشست کی اہمیت کو دو چند کر دیا ہے۔

    کے پی کے میں جاوید نسیم کے معاملے کے بعد تحریکِ انصاف نے پارٹی پالیسیوں کی مخالفت کرنے والوں سے سختی سے نمٹنےکی بات کی ہے۔

    ادھر پی پی، جے یو آئی اور اے این پی ایک فارمولے کے تحت مشترکہ امیدواروں کی حمایت پر متفق ہوگئے ہیں،  پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کیجانب سے سینٹ انتخابات میں بنائے جانیوالے گروپس کے سربراہان اپنے امیدواروں کی کامیابی کیلئے پُرامید ہیں۔

  • ہزاروں افراد کےشناختی کارڈبلاک کیخلاف اے این پی کی ریلی

    ہزاروں افراد کےشناختی کارڈبلاک کیخلاف اے این پی کی ریلی

    پشاور: ہزاروں افراد کےشناختی کارڈبلاک کرنےکےخلاف ایے این پی نےاحتجاجی ریلی نکالی۔اےاین پی رہنماہارون بلورنےمطالبہ کیا ہےکہ نادرا پچھتر ہزار پختونوں کےبلاک شناختی کارڈبحال کرے۔

    تفصیلات کے مطابق پشاورمیں قومی شناختی کارڈ بلاک کرنے کے خلاف سیکڑوں افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ اے این پی کے رہنما ہارون بلور کی قیادت میں نکلنے والی ریلی اندرون شہر سے شروع ہو کرگل بہار میں نادرا دفتر کے سامنےختم ہوئی۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہارون بلور کا کہنا تھا کہ پختون قوم نے اتنی قربانیاں دیں اور نادرا انہی کو پاکستانی شہری ماننے سے انکارکر رہی ہے ۔

    ہارون بلور کا کہنا تھا کہ بلاک کئے گئے شناختی کارڈ فوری بحال کئے جائیں ورنہ اے این پی صوبہ کی سطح پر احتجاج کرے گی۔

  • پاک چین اقتصادی راہداری اہم مسئلہ ہے سنجیدہ لیا جائے، اسفند یارولی

    پاک چین اقتصادی راہداری اہم مسئلہ ہے سنجیدہ لیا جائے، اسفند یارولی

    اسلام آباد: اے این پی کےسربراہ اسفندیار ولی نےکہا ہےکہ پاک چین اقتصادری راہداری اہم مسئلہ ہے، اسے سنجیدہ نہ لیاگیا تونتائج اچھے نہیں ہوں گے۔

     کل جماعتی کانفرنس سے خطاب میں اسفندیار ولی نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہ داری پر پلاننگ کمیشن کے روٹ پر تعمیر کی جائے۔

     انہوں نے کہا کہ کوئی جماعت پاک چین کوریڈور کی مخالف نہیں ،لڑائی روٹ کی تبدیلی پرہے، اسفندیار ولی نے کہا کہ پاکستان میں غلاموں کی طرح نہیں رہیں گے۔

     انہوں نے کہا کہ حکومت بدلتے ہی پاک چین روٹ بھی تبدیل ہوگیا، انکا کہنا تھا کہ سانحہ پشاور کے بعد ساری سیاسی قیادت نواز شریف کےساتھ تھی ،آج اسے پیچھےدھکیلا جا رہا ہے۔

  • مصلحتوں کا انبار شہر کی بدامنی کی بڑی وجہ ہے، سینیٹر شاہی سید

    مصلحتوں کا انبار شہر کی بدامنی کی بڑی وجہ ہے، سینیٹر شاہی سید

    کراچی : عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ مصلحتوں کا انبار شہر کی بد امنی کی بڑی وجہ ہے، شہرکو ایسے حکمرانوں کی ضرورت ہے، جو قیام امن کے لیے مصلحتوں اور سیاسی مفادات سے بالا تر ہوکر سوچے، ہزاروں انسانوں کے قتل کے باوجود آج تک نا قاتلوں کو سزا دینا تو درکنا کوئی ذمہ داران کے لیے لب کشائی کرنے کو تیار نہیں۔

    انھوں نے کہا کہ سیاست میں مصلحت اور مفاہمت کوئی بری بات نہیں مگر انسانی جانوں پر مصلحت ظلم عظیم ہے، گزشتہ چند برس میں دس ہزار زائد شہری بدامنی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں، صرف الزامات بدامنی کی بیماری کی دوا نہیں ہے، نشتر پارک، بارہ مئی، بولٹن مارکیٹ، عاشورہ، عباس ٹاوٴن ، طاہر پلازہ ، محبت سندھ ریلی اور بلدیہ ٹاوٴن جیسے سانحات کے ذمہ داران کے ذمہ داران کو منظر عام پر لانا ریاستی داروں کے لیے زیادہ مشکل نہیں ہے۔

     مردان ہاوٴس میں مختلف پارٹی وفود سے ملاقات کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں فیصلے ہوچکے ہیں اب عمل کا وقت ہے،اگر وزیرِاعظم سانحہ بلدیہ ٹاوٴن کے قاتلوں کو بے نقاب کرنے کا تہیہ کرلیں تو ڈھائی سو زائد انسانوں کو زندہ جلانے والوں کوکیفر کردار تک پہنچایا جاسکتا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ قانون نافذ کرنے والوں اداروں اور ارباب اختیار سے پوچھنا ہوگا کہ کیوں نیشنل ایکشن پلان پر عمل نہیں کیا جارہا ہے، پے درپے دہشت گردی کے واقعات کے باوجود کیوں سبق حاصل نہیں کیا جارہا ہے، صوبائی حکومت کو شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ذمہ داری سمجھنا ہوگا۔