Tag: ANP

  • جمہوریت کی خاطرحکومت کے ساتھ ہیں، حاجی عدیل

    جمہوریت کی خاطرحکومت کے ساتھ ہیں، حاجی عدیل

    اسلام آباد : پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اے این پی کے سینیٹر حاجی عدیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ جمہوریت کی خاطر حکومت کے ساتھ ہیں لیکن حکومت کہیں نظرنہیں آرہی۔

    سینیٹرحاجی عدیل کا کہنا ہے کہ دھرنے والے پولیس اہلکاروں کی تلاشی لے رہےہیں، حکومت کو کیسے یقین دلائیں کہ ہم اُن کے ساتھ ہیں۔

    حاجی عدیل نے اس بات کا اعتراف کیا کہ پاکستان کی نوجوان نسل موروثی سیاست کا خاتمہ چاہتی ہے، حاجی عدیل نے کہا کہ پارلیمنٹ کے باہر ہونے والا دھرنا سیاسی ہے اُس وقت سے ڈریں جب اس ملک کا غریب اٹھے گا اور پھر یہ ایوان بھی کچھ نہیں کر سکے گا۔

    حاجی عدیل نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے آزادی مارچ اور دھرنے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا  کہ ہماری فوج دہشت گردوں کے خلاف لڑ رہی ہے، ایسے میں عمران خان بھی طالبان خان کا رول ادا کر رہے ہیں۔

     حاجی عدیل نے کہا کہ باغیوں کی بات کی جاتی ہے، لیکن ہماری تاریخ تو باغیوں سے بھری پڑی ہے، انھوں نے سوال کیا کہ کیا بلے شاہ باغی نہیں تھے؟ کیا خوشحال خان خٹک مغلوں کے خلاف باغی نہیں تھے؟ پارٹیاں بدلنے سے کوئی باغی نہیں کہلاتا، اصل بغاوت پارٹی میں رہ کر ہوتی ہے

    انھوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایئر کنڈیشنڈ کنٹینر میں رہ کراور پھر چند گھنٹوں کے لیے گھر جاکر اپنے آپ کونظام کے خلاف باغی کہنا غلط ہے، انقلاب بلٹ پروف گاڑیوں اور کنٹینرمیں بیٹھ کر نہیں آتا۔

    انھوں نے عوامی تحریک پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ طاہرالقادری تیس ہزارگرفتارافراد کے نام و پتے بتائیں، ہم رہا کرادیں گے۔ دھرنے والوں کو وزیراعظم کےاستعفےکو انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہیے۔

    پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اے این پی کے رہنماحاجی عدیل کا کہنا تھا کہ ہم چوردروازوں سے پارلیمنٹ آتے ہیں اور چوردروازوں سے ہی واپس جاتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ مجھے اس موقع پر بہادر شاہ ظفر یاد آگئے، جن کی حکومت صرف محل میں تھی اور باہرکمپنی کی حکومت تھی، یہ کیسی حکومت ہے کہ باہر دہشت گرد کھڑے ہیں اورلوگوں اور گاڑیوں کو وہ چیک کر رہے ہیں۔

    حاجی عدیل کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک آزاد ملک ہے اور اس کی پارلیمنٹ بھی آزاد ہے، لیکن سپریم کورٹ کے احکامات پرعمل نہیں ہورہا۔

    ان کا کہنا تھا کہ سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں خاندان حکومت کر رہے ہیں، نئی نسل موروثی سیاست کو پسند نہیں کرتی اور ہمیں نظام اور رویوں کو تبدیل کرنا پڑے گا۔

  • وزیراعظم نوازشریف کسی صورت مستعفی نہ ہوں،سینیٹر زاہد خان

    وزیراعظم نوازشریف کسی صورت مستعفی نہ ہوں،سینیٹر زاہد خان

    اسلام آباد: عوامی نیشنل پارٹی کےمرکزی رہنماء اور سینیٹر زاہد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کسی صورت مستعفی نہ ہوں،ہم آئین اور جمہوریت کی خاطر آپ کے ساتھ ہیں،اگر وزیراعظم مستعفی ہوئے تو یہ پارلیمنٹ کی توہین ہوگی۔

    زاہدخان پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے،پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اسپیکر ایاز صادق کی زیرصدارت منعقد ہوا، انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ہونے والے الیکشن بھی سلیکشن تھے،ہم جنازے اٹھاتے رہے اوروہ اپنی مہم چلاتے رہے۔

     خیبر پختونخواہ  کے وزیرِاعلیٰ کا مینڈیٹ بھی جعلی ہے، پرویز خٹک اپنا صوبہ چھوڑ کر اسلام آباد پر قبضے کیلئے آئے ہوئے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ اسٹبلشمنٹ نے ہمیں کبھی دل سے تسلیم نہیں کیا،بیورو کریسی نے ملک کا بیڑہ غرق کر دیا ہے۔

    زاہد خان نے کہا کہ ہم نے پی ٹی آئی کو بہت سمجھایا کہ مسائل صرف پارلیمنٹ میں ہی حل ہوتے ہیں،اور تمام معاملات کے حل کیلئے پارلیمنٹ ہی بہترین فورم ہے۔

    آئین اور پارلیمنٹ کے خلاف بات کرنے والے جیل میں بیٹھے ہیں لیکن ایک شخص جس کا تعلق پنجاب سے ہے وہ آئین اور پارلیمنٹ کے خلاف مسلسل بول رہا ہے لیکن اسے کچھ نہیں کہا جارہا،صرف پنجاب پاکستان نہیں، انہوں نے کہا کہ قانون بناناپارلیمنٹ کا کام ہے اور اس پر اپنی رٹ قائم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔