Tag: Anti Corona Vaccine

  • کورونا ویکسین کا تجربہ ناکام، بل گیٹس کو بڑا جھٹکا لگ گیا

    کورونا ویکسین کا تجربہ ناکام، بل گیٹس کو بڑا جھٹکا لگ گیا

    مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کی حمایت یافتہ جرمن بائیو ٹیک کمپنی کیور ویک کی تجرباتی کوویڈ 19 ویکسین ٹرائل کے تیسرے اور اہم ترین مرحلے میں ناکام ثابت ہوئی۔ یہ کسی بھی اہم ویکسین کی آخری مرحلے پہلی ناکامی ہے۔

    کیور ویک کے مطابق عبوری نتائج میں ویکسین کی افادیت محض 47 فیصد رہی جو کہ تحقیق کے طے کردہ ہدف سے کم اور عالمی ادارہ صحت کے طے کردہ 50 فیصد معیار سے کم ہے۔

    یہ ناکامی عالمی سطح پر کوویڈ ویکسینیشن کے لیے بھی دھچکا ہے کیونکہ صرف یورپی ممالک نے ہی اس ویکسین کی 40 کروڑ سے زیادہ خوراکیں خریدنے کے معاہدے کیے تھے۔

    تاہم مایوس کن نتائج کے باوجود کمپنی کے سی ای او فرانز وارنر ہاس نے کہا کہ ہم ہر ممکن تیزی سے حتمی ٹرائل کو مکمل کریں گے۔ یہ ٹرائل اس وقت بھی جاری ہے اور حتمی نتائج میں ویکسین کی افادیت میں کمی یا اضافہ ہوسکتا ہے۔

    فرانز وارنر نے بتایا کہ ہم تاحال ویکسین کی منظوری کے لیے درخواست کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ کیور ویک کو بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی حمایت حاصل ہے اور عبوری نتائج کے اعلان کے بعد اس کے حصص کی قیمتوں میں 50 فیصد سے زیادہ کمی آئی۔

    بل گیٹس کے ادارے کے پاس اس کمپنی کے 31 لاکھ حصص ہیں۔ کمپنی کی جانب سے جاری بیان یں بتایا گیا کہ کورونا وائرس کی نئی اقسام نے نتائئج میں کردار ادا کیا۔ ٹرائل کے دوران 134 رضاکاروں میں کووڈ کی تشخیص ہوئی اور ان میں سے محض ایک میں اوریجنل وائرس کو دریافت کیا گیا۔

    فرانز وارنر کے مطابق اگرچہ ہم ٹھوس عبوری نتائج کی توقع کررہے تھے، مگر ہم تسلیم کرتے ہیں کہ متعدد اقسام میں بہت زیادہ افادیت کا حصول کسی چیچلنج سے کم نہیں۔

    یہ نتائج اس لیے بھی حیران کن ہیں کیونکہ اس ویکسین کی ایم آر این اے ٹیکنالوجی اب تک کی مؤثر ویکسینز یعنی فائزر۔بائیو این ٹیک اور موڈرنا سے ملتی جلتی ہے جن کی ویکسینز گزشتہ سال کے اختتام میں جاری ہونے والے حتمی ٹرائلز کے نتائج میں 90 فیصد سے زیادہ مؤثر ثابت ہوئی تھیں۔

    اس سے قبل حال ہی میں نووا ویکس کی کووڈ ویکسین کے آخری مرحلے کے نتائج میں وہ بیماری سے تحفظ کے لیے 90 فیصد مؤثر قرار پائی تھی۔ کمپنی کے مطابق اب اس کی وجہ سیکنڈ جنریشن کورونا ویکسین پر مرکوز ہوگی، جس کے لیے گلیکسو اسمتھ کلائن سے شراکت داری کی گئی ہے۔

    کیور ویک کو توقع ہے کہ سیکنڈ جنریشن ویکسین کی انسانوں پر آزمائش ستمبر کے آخر تک شروع ہوگی اور 2022 میں اسے متعارف کرایا جاسکے گا۔

  • کویت میں مخصوص کورونا ویکسین لگانے کی اجازت دے دی گئی

    کویت میں مخصوص کورونا ویکسین لگانے کی اجازت دے دی گئی

    کویت سٹی : کویتی وزارت صحت نے کورونا ویکسین جانسن اینڈ جانسن کے ہنگامی استعمال کا اجازت نامہ جاری کیا ہے، مشترکہ تکنیکی کمیٹی نے اس کی سفارش کی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق معاون سیکریٹری صحت برائے خوراک و ادویہ ڈاکٹر عبداللہ البدر نے منگل کو بیان میں کہا کہ کویت کی تکنیکی کمیٹی نے ویکسین کے حوالے سے تمام سائنسی رپورٹوں اور گوشواروں کا تفصیل سے جائزہ لیا تھا جبکہ اس کے معیار، موثر اور محفوظ ہونے سے متعلق مہیا معلومات کا جائزہ بھی لیا گیا تھا۔

    ذرائع کے مطابق انہوں نے بتایا کہ جانسن اینڈ جانسن ویکسین کی تیاری میں تمام بین الاقوامی معیار استعمال کیے گئے ہیں، یہ ویکسین مکمل طور پر محفوظ اور مؤثر ہے۔

    تکنیکی کمیٹی کا کہنا ہے کہ آئندہ بھی ویکسین کی کارکردگی پر نظر رکھی جائے گی اور جب بھی تبدیلی کی کوئی ضرورت محسوس ہوئی تو کویتی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

    یاد رہے کہ کویتی وزیر صحت شیخ ڈاکٹر باسل الصباح نے گزشتہ روز بیان جاری کرکے کہا تھا کہ کورونا ویکسین درآمد کرنے کے لیے جانسن اینڈ جانسن اور موڈرنا کمپنیوں سے معاہدہ کیا ہے۔

    انہوں نے توقع ظاہر کی کہ یہ ویکسینیں سال رواں کی آخری سہ ماہی کے دوران مل جائیں گی۔

  • چین سے کورونا ویکسین کی ایک اور کھیپ پاکستان پہنچ گئی

    چین سے کورونا ویکسین کی ایک اور کھیپ پاکستان پہنچ گئی

    اسلام آباد : کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی ایک اور کھیپ آج چین سے پاکستان پہنچ گئی ہے۔ پی آئی اے کی خصوصی فلائٹ10لاکھ ڈوز لے کراسلام آباد پہنچی۔

    اس حوالے سے این سی او سی نے بتایا ہے کہ رواں ماہ چین سے کورونا ویکسین کی 11 ملین ڈوز پاکستان لائی جائیں گی، جس میں سائینو ویک، کین سائینو اور سائینو فارم ویکسین شامل ہے۔

    این سی او سی کے مطابق آج کورونا ویکسین کی ایک اور کھیپ پی آئی اے کے جہاز کے ذریعے چین سے اسلام آباد لائی گئی ہے جس میں دس لاکھ خوراکیں موجود ہیں۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے جاری بیان کے مطابق ملک بھر میں ماس ویکسی نیشن مہم کیلئے بھرپور اور مؤثر اقدامات جاری ہیں، جس کے تحت ویکسین کی بلاتعطل دستیابی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

    این سی او سی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ملک کے تمام شہری ترجیحی بنیادوں پر کورونا ویکسین کی خوراکیں لگوائیں کیونکہ عالمی وبا کورونا وائرس سے بچاؤ کا واحد حل احتیاط اور ویکسی نیشن ہی ہے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے جاری کردہ بیان کے مطابق ملک میں ویکسین کے انتظام اور ترسیل کے لیے جامع حکمت عملی اور اقدامات کو پہلے ہی حتمی شکل دی جا چکی ہے۔

     

  • امریکا کورونا ویکسین کی8 کروڑ سے زائد خوراکیں دنیا کو عطیہ کرے گا

    امریکا کورونا ویکسین کی8 کروڑ سے زائد خوراکیں دنیا کو عطیہ کرے گا

    واشنگٹن : امریکا نے دنیا بھر میں کورونا ویکسین کی8کروڑ خوراکیں تقسیم کرنے کا اعلان کردیا، اس حوالے سے امریکی صدر کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین کی تقسیم کا ہدف جون میں مکمل کرلیا جائے گا۔

    جوبائیڈن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکا میں استعمال نہ ہونے والی75فیصد ویکسین دنیا بھر میں عطیہ کی جائیں گی، استعمال نہ ہونے والی25فیصد ویکسین اتحادی ممالک کو دی جائیں گی۔

    امریکی صدر نے کہا ہے کہ ویکسین اقوام متحدہ کے پروگرام "کوویکس” کے تحت تقسیم کریں گے،6ملین خوراکیں ساؤتھ اور سینٹرل امریکا میں تقسیم ہوں گی،7ملین ایشیا،5ملین خوراکیں افریقا میں تقسیم ہوں گی۔

    انہوں نے کہا کہ کوویکس پروگرام کے تحت اب تک7کروڑ سے زائد خوراکیں تقسیم ہوچکی ہیں، میکسیکو، کینیڈا کو ویکسین کی4کروڑ سے زائد خوراکیں بھجواچکے ہیں۔

    امریکی صدر نے کہا کہ جنوبی کوریا کی افواج کیلئے جانسن اینڈ جانسن کی10لاکھ خوراکیں روانہ کردی، امریکا ایسٹرازینکا کی مزید 6 کروڑ سے زائد خوراکیں دنیا کو عطیہ کرے گا۔

  • یورپی یونین کا بھی آسٹرازینیکا کے استعمال سے متعلق بڑا فیصلہ

    یورپی یونین کا بھی آسٹرازینیکا کے استعمال سے متعلق بڑا فیصلہ

    یورپی یونین کے کورونا وائرس ویکسین خریدنے کے نگران عہدیدار نے کہا ہے کہ ادارے نے برطانوی ادویات ساز کمپنی آسٹرازینیکا کو جون کے بعد کیلئے ویکسین کی مزید خریداری کے آرڈرز نہیں دیے ہیں۔

    انٹرنل مارکیٹ کمشنر تھیری بریٹن گزشتہ روز ایک ریڈیو پروگرام میں کورونا وائرس کی ویکسین کے بارے میں عوام کے مختلف سوالات کے جوابات دے رہے تھے۔

    تھیری بریٹن نے کہا کہ یورپی یونین نے آسٹرازنیکا سے ویکسین خریدنے کے آرڈر کی موجودہ معاہدے کی جون کی میعاد سے آگے کیلئے تجدید نہیں کی ہے۔

    یورپی یونین نے معاہدے کی خلاف ورزی پر مذکورہ کمپنی کے خلاف قانونی چارہ جوئی اپریل میں شروع کی تھی۔ اس کے مطابق یہ کمپنی کوویڈ 19ویکسین وقت پر فراہم کرنے میں ناکام رہی۔

    دوران انٹرویو انٹرنل مارکیٹ کمشنر نے بعد میں کسی تاریخ پر مذکورہ ویکسین کی خریداری دوبارہ شروع کرنے کے امکان کو بھی مسترد نہیں کیا۔

    یورپی یونین نے امریکی ادویات ساز کمپنی فائزر اور اس کی جرمن شراکت دار بیون ٹیک سے ویکسین کی ایک ارب 80 کروڑ اضافی خوراکیں خریدنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

    علاوہ ازیں ادویات اور مصنوعات صحت کی مانیٹرنگ کے برطانوی ادارے ایم ایچ آر اے کے جاری کردہ بیان کے مطابق آکسفورڈ آسٹرازینیکا ویکسین پیچیدہ بیماریوں کے سدباب کے لئے تاحال مفید ہے۔

    اس کے ساتھ ساتھ 31 مارچ تک اس ویکسین کی وجہ سے خون جمنے کے 79 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ بلڈ کلاٹنگ کے ان 79 مریضوں میں سے 19 کی اموات واقع ہو چکی ہیں۔

    بلڈ کلاٹنگ کے مریضوں میں 18 سے 79 سال کے درمیان مختلف عمروں سے 51 عورتیں اور 28 مرد شامل ہیں۔ ہلاک ہونے والے 19 افراد میں سے 3 کی عمر 30 سال سے کم بتائی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ انگلینڈ میں 20 ملین سے زائد افراد کو آسٹرازینیکا ویکسین لگائی جا چکی ہے، بعض یورپی ممالک نے خون جمنے کی وجہ سے آسٹرازینیکا کا استعمال روک دیا ہے یا پھر عمر کے مطابق ویکسین کی حد بندی کر دی ہے۔

  • ترکی کی کورونا وائرس کیخلاف بڑی کامیابی

    ترکی کی کورونا وائرس کیخلاف بڑی کامیابی

    استنبول : دنیا بھر میں کورونا وائرس کے سدباب کیلیے اس کی دوا اور ویکسین کی تیاری کا کام مختلف ممالک میں جاری ہے، تاہم اب ترکی نے بھی اس میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے کورونا ویکسین تیار کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترکی نے تبدیل شدہ کورونا وائرس کے خلاف مقامی ویکسین تیار کرلی ہے "ریباویرین” نامی دوا نے ابتدائی لیبارٹری مراحل کامیابی سے مکمل کرلیے ہیں۔

    ترکی کے سائنس و ٹیکنالوجی تحقیقی ادارے ٹیوبی ٹیک کے تعاون سے انقرہ یونیورسٹی اسٹیم سیل انسٹیٹیوٹ میں تبدیل شدہ کورونا وائرس کے خلاف مقامی ویکسین تیار کرلی گئی ہے۔

    ٹیوبی ٹیک نامکی ادارہ کووِیڈ۔19 ترکی پلیٹ فارم سے مقامی ویکسین اور دوا کی تیاری کا کام جاری رکھے ہوئے ہے۔

    اس دائرہ کار میں ٹیوبی ٹیک کے تعاون سے انقرہ یونیورسٹی اسٹیم سیل انسٹیٹیوٹ میں 37 محققین کی ٹیم کے ساتھ کووِیڈ۔19 کے علاج کےلئے دوا کی تیاری کا پروگرام شروع کیا گیا۔

    ٹیم کی تیار کردہ "ریباویرین” نامی دوا نے لیبارٹری مراحل کو کامیابی سے مکمل کرلیا ہے۔ وائرس کے خلاف تیار کی گئی یہ دوا تبدیل شدہ کورونا وائرس کے خلاف بھی مؤثر ثابت ہوئی ہے۔

    مذکورہ دوا ایک دو ہفتوں میں کلینکل تجربات کا مرحلہ شروع کر دے گی۔ پہلے مرحلے میں انقرہ یونیورسٹی ابن سینا اسپتال، کوچ یونیورسٹی، عمرانیہ تعلیمی و تحقیقی اسپتال اور انقرہ سٹی اسپتال سے50رضا کاروں پر دوا کا تجربہ کیا جائے گا۔

  • کورونا وائرس : بچوں کو وبا سے محفوظ رکھنے کیلئے اہم فیصلہ

    کورونا وائرس : بچوں کو وبا سے محفوظ رکھنے کیلئے اہم فیصلہ

    لندن : آکسفورڈ یونیورسٹی انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ بہت جلد کم عمر بچوں پر کورونا ویکسین کی تحقیق کا آغاز کرے گی۔

    امریکی ادارہ خوراک ایف ڈی اے نے ملک میں دو کوویڈ19 ویکسینوں کو ہنگامی طور پر استعمال کی اجازت دے دی ہے اور امریکہ میں لاکھوں افراد جن میں چلڈرن ہیلتھ کیئر کارکنان شامل ہیں ان کو اپنی خوراکیں بھی مل چکی ہیں۔

    اس حوالے سے برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی نے بچوں پر کورونا ویکسین کی تحقیق کا اعلان کیا ہے، اس تحقیق میں چھ سے سترہ سال تک کے بچے شامل ہوں گے۔

    اس سلسلے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آکسفورڈ یونیورسٹی کے عہدیدار پروفیسر اینڈریو پولارڈ نے بتایا کہ مذکورہ تحقیق میں بچوں پر آکسفورڈ کی ویکسین آسٹرا زینیکا کے اثرات جانے جائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ تحقیق میں تین سو رضا کار بچے حصہ لیں گے، تحقیق کا آغاز رواں ماہ آکسفورڈ، لندن، برسٹل اور ساؤتھ ہیمپٹن میں ہوگا۔

    پروفیسر اینڈریو پولارڈ کا کہنا تھا کہ کورونا نے بچوں کو کم متاثر کیا ہے لیکن پھر بھی حفاظتی تدابیر کے طور پر تحقیق کرنا ضروری ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تحقیق میں ویکسین کے بچوں کی قوت مدافعت (امیون سسٹم ) پر مثبت یا منفی ردعمل سے متعلق جانچ پڑتال کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ دنوں آئرلینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں اس بات انکشاف کیا گیا تھا کہ وبا سے متاثرہ بچوں میں بدہضمی، ہیضہ اور الٹیوں کی شکایت کوویڈ19 کی ابتدائی علامت ہوسکتی ہے۔

    اس وقت برطانیہ میں بچوں میں کورونا وائرس کی علامات میں تیز بخار، مسلسل کھانسی اور سونگھنے یا چکھنے کی حس سے محرومی بتائی گئی ہیں۔

    اس سے قبل ڈھائی لاکھ کے قریب بچوں پر کنگز کالج لندن کی ایک تحقیق میں بھی دریافت کیا گیا تھا کہ بالغ افراد کے برعکس بچوں میں کھانسی کوویڈ 19 کی عام علامت نہیں بلکہ نظام ہاضمہ کے مسائل زیادہ عام ہوتے ہیں۔

  • کورونا ویکسین نے دوا ساز کمپنی کو مالا مال کردیا

    کورونا ویکسین نے دوا ساز کمپنی کو مالا مال کردیا

    ادویات بنانے والی امریکی کمپنی فائزر کے ترجمان نے کہا ہے کہ جرمن کمپنی بائیو ٹیک کی مدد سے بنائی گئی کورونا ویکسین سے انہیں رواں سال کے دوران 15 بلین ڈالر ( 25 کھرب  روپے پاکستانی) کی آمدنی کی توقع ہے۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق فائزر کی کورونا ویکسین کو برطانیہ اور امریکہ سمیت بیشتر ممالک میں سب سے پہلے استعمال کے لیے اجازت دی گئی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق پچھلے سال کی آخری سہ ماہی کے دوران 154 ملین ڈالر مالیت کی فائزر ویکسین فروخت ہوئی تھی۔

    تجزیہ کاروں نے توقع کی ہے کہ مارکیٹ میں ویکسین لانے کیلئے تیزی سے کام کرنے والی کمپنیوں میں سے اس سال کم از کم فائزر اور حریف امریکی بایوٹیک کمپنی موڈرنا اربوں ڈالر کمائیں گے۔

    رپورٹ کے مطابق فائزر نے سال کے آخر تک 40 ملین خوراکیں برطانیہ کو پہنچانے کا معاہدہ کیا ہے۔ دنیا کی ایک چوتھائی آبادی2022 تک کورونا ویکسین حاصل نہیں کرسکے گی۔

    دوسری جانب امریکی محققین کے مطابق کورونا ویکسین کے نصف سے زیادہ پری آرڈرز زیادہ آمدنی والے ممالک کے پاس جارہے ہیں جو کہ دنیا کی آبادی کا صرف 14 فیصد ہے۔

    تحقیق کے مطابق اگر تمام ویکسین تیار کرنے والے پیداوار بڑھانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو 2021 کے آخر تک ہی چھ ارب کی مقدار میں خوراک دستیاب ہوں گی۔

    ویکسین کی اتنی خوراک میں سے صرف40 فیصد غریب اور متوسط ممالک کو دستیاب ہوں گی تاہم اس کا انحصار اس امر پر بھی ہوگا کہ امیر ممالک اپنی خریدی گئی ویکسین کو دیگر ممالک سے شیئر کرتے ہیں اور امریکا و روس کس حد تک عالمی کوششوں کا حصہ بنتے ہیں۔

  • کورونا ویکسین : ترکی کے سائنسدانوں نے بڑا دعویٰ کردیا

    کورونا ویکسین : ترکی کے سائنسدانوں نے بڑا دعویٰ کردیا

    استنبول : دنیا بھر میں پیدا ہونے والی کورونا وائرس کی تبدیل شدہ صورتحال نے سائنسدانوں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے تاہم ترک سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ہماری تیار کردہ کورونا ویکسین زیادہ محفوظ اور مؤثر ہے۔

    یہ بات ترکی کے سائنس و ٹیکنالوجی تحقیقی ادارے ٹوبیٹاک کے سربراہ حسن ماندال نے استنبول میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    صدارتی سوشل کمپلیکس میں ٹوبیٹاک اور ترک سائنس اکیڈمی ٹوبا کی سائنسی ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حسن ماندال نے  ترک سائنس دانوں کی تیار کردہ مقامی ویکسین کو کورونا وائرس کے مقابل زیادہ محفوظ اور مؤثر قرار دیا۔

    اپنے خطاب میں انہوں نے مقامی کورونا وائرس ویکسین کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ ویکسینیں بیرونی ممالک کی دیگر ویکسینوں سے مشابہہ نہیں ہے بلکہ ہماری ویکسین بیرونی ممالک کی ویکسینوں کے مقابلے میں زیادہ مؤثر اور زیادہ محفوظ ثابت ہوگی۔

  • کورونا ویکسین : برطانوی کمپنی کا جاپان سے متعلق اہم اعلان

    کورونا ویکسین : برطانوی کمپنی کا جاپان سے متعلق اہم اعلان

    لندن : برطانوی دوا ساز کمپنی آسٹرازینیکا نے اعلان کیا ہے کہ وہ مستقبل قریب میں جاپان میں کورونا ویکسین کی تیاری کے کام کا آغاز کرے گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کی بڑی ادویہ ساز کمپنی آسٹرازینیکا اپنی کورونا وائرس ویکسین جلد ہی جاپان میں تیار کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔

    مذکورہ کمپنی نے گزشتہ دنوں ویکسین کی12 کروڑ خوراکیں فراہم کرنے کیلئے جاپانی حکومت کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ توقع ہے کہ مارچ تک تین کروڑ خوراکیں جاپان درآمد کرلی جائیں گی۔

    آسٹرازینیکا نے کہا ہے کہ فراہمی کی رفتار تیز کرنے کی غرض سے وہ مستقبل قریب میں مغربی جاپان کے ہیوگو پریفیکچر میں قائم دوا ساز کمپنی سمیت کئی اداروں کو کام تفویض کرکے جاپان میں ویکسین کی پیداوار شروع کرے گی۔

    اگر وزارت صحت نے اس ویکسین کی اجازت دے دی تو توقع ہے کہ آسٹرازینیکا ویکسین کی جاپان ساختہ 9 کروڑ تک خوراکیں ملک میں ویکسین لگانے کے منصوبے کیلئے فراہم کر دی جائیں گی۔

    اس ویکسین کی طبی آزمائش جاری ہے چونکہ یورپ اور دیگر ملکوں میں ویکسین کی فراہمی میں تاخیر ہوئی ہے لہٰذا آسٹرازینیکا جاپان میں مستحکم فراہمی کی خواہاں ہے۔