Tag: Anti encroachment

  • کراچی: تجاوزات کے خلاف آپریشن میں عملے پر فائرنگ سے مشین آپریٹر جاں بحق

    کراچی: تجاوزات کے خلاف آپریشن میں عملے پر فائرنگ سے مشین آپریٹر جاں بحق

    کراچی: شہر قائد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن میں عملے پر فائرنگ سے مشین آپریٹر جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سرجانی سیکٹر 8 میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران نامعلوم افراد کی عملے پر فائرنگ سے مشین آپریٹر جاں بحق ہو گیا، صورت حال کو قابو کرنے کے لیے پولیس کی مزید نفری طلب کی گئی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سرجانی میں انڈسٹری کے پلاٹس پر قبضہ ختم کرانے کے لیے انکروچمنٹ ٹیم آپریشن کے لیے پہنچی تھی، آپریشن کے آغاز سے قبل بھی پولیس موقع پر موجود تھی۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ لینڈ گریبرز کی جانب سے کے ڈی اے انکروچمنٹ ٹیم پر پتھراؤ اور فائرنگ کی گئی، فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا، فائرنگ کے حوالے سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ محکمہ کے ڈی اے کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق ہونے والا شخص شاول لوڈر ہے۔

    سرجانی میں آپریشن کے دوران بھگدڑ مچ گئی تھی، مسلح ملزمان اور اینٹی انکروچمنٹ پولیس میں وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا، پولیس کی جانب سے مشتعل افراد کو پیچھے دھکیلنے کی کوشش کی جاتی رہی۔

    دریں اثنا، آپریشن کے دوران انسداد تجاوزات کی ٹیم نے کئی پلاٹوں پر قائم تجاوزات کو مسمار کر دیا، پولیس نے مزاحمت کرنے والوں پر لاٹھی چارج کیا اور مظاہرین کو منتشر کر دیا۔ پولیس حکام کا کہنا تھا کہ صورت حال کو کنٹرول کر لیا گیا ہے، فائرنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔

  • کراچی میں تجاوزات اور پانی چوروں کیخلاف کے گرد گھیرا تنگ، بڑا فیصلہ

    کراچی میں تجاوزات اور پانی چوروں کیخلاف کے گرد گھیرا تنگ، بڑا فیصلہ

    کراچی : حکومت سندھ نے کراچی میں غیرقانونی عمارتوں، تجاوزات اور پانی چوروں کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے حمکت عملی مرتب کرلی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں سندھ حکومت نے تجاوزات اور پانی چوروں کو سخت سزائیں دینے کی حکمت عملی اختیار کرلی۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ نے بتایا کہ کراچی شہر میں غیر قانونی عمارتوں اور تجاوزات کے ذمہ داروں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے سخت کارروائی کی جائے گی۔

    ایس بی سی اے کے کا کہنا ہے کہ کراچی میں اس وقت 6ہزارسے زائد غیرقانونی عمارتیں ہیں، چیف سیکریٹری سندھ نےغیرقانونی عمارتوں کی رپورٹ طلب کرلی۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے منظور شدہ عمارتوں پر کیو آرکوڈ لگایا جائے گا، کیو آرکوڈ ہرتعمیر ہونے والی بلڈنگ کے سامنے آویزاں کیا جائے گا۔

    اس کے علاوہ اجلاس میں کراچی کے ضلع ویسٹ سے پانی کی چوری کےخلاف آپریشن کا فیصلہ کیا گیا, صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے بتایا کہ کراچی میں سب سے زیادہ پانی ضلع ویسٹ میں چوری کیا جارہا ہے

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے اینٹی انکروچمنٹ فورس کو مزید عملہ اور اختیارات دیے جائیں گے۔

  • سعودی عرب : سرکاری اراضی پر قبضے کیخلاف بڑی کارروائی

    سعودی عرب : سرکاری اراضی پر قبضے کیخلاف بڑی کارروائی

    جدہ : سعودی عرب میں جدہ میونسپلٹی نے بریمان بلدیہ کے ماتحت 2400 مربع میٹر کے سرکاری پلاٹ پر تعمیر شادی ہال منہدم کیا ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق جدہ میونسپلٹی نے ٹوئٹر پربیان میں بتایا کہ سرکاری پلاٹ پر قبضے کا ریکارڈ سامنے آنے پر ابتدائی کارروائی کی گئی ہے۔

    شادی ہال تعمیر کرنے والے کو تجاوزات کے بارے میں متنبہ کیا گی. بعد ازاں بلدیاتی کونسل کے اہلکاروں اور سیکیورٹی فورس کی مدد سے شادی ہال منہدم کردیا گیا۔

    جدہ میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ شادی ہال کی تعمیر کا کیس نہ صرف یہ کہ تجاوزات کا تھا بلکہ اس کی ڈیزائننگ اور تعمیر بھی سلامتی ضوابط کے منافی کی گئی تھی۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق ان دنوں مملکت بھر میں میونسپلٹیاں سرکاری زمینوں پر تجاوزات کا نوٹس لے رہی ہیں، مدینہ منورہ میونسپلٹی نے تین لاکھ چالیس ہزار مربع میٹر کی سرکاری اراضی پر تجاوزات ختم کرائے۔

    اس کے علاوہ مقامی شہریوں نے بعض عمارتوں اور دیگر احاطے اور کئی مقامات پر سادہ قسم کی رکاوٹیں کھڑی کردی تھیں جو تجاوزات کے زمرے میں آتی ہیں۔

  • تجاوزات کیخلاف مہم سے متاثر تاجروں کو متبادل جگہ فراہم کردی گئی، وسیم اختر

    تجاوزات کیخلاف مہم سے متاثر تاجروں کو متبادل جگہ فراہم کردی گئی، وسیم اختر

    کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ تجاوزات کے خلاف مہم میں ڈھائی ہزار سے زائد تاجر متاثر ہوئے جن میں سے لگ بھگ دو ہزار تاجروں کو متبادل جگہ فراہم کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی کے دفتر میں دکانداروں کو متبادل الاٹمنٹ سے متعلق قرعہ اندازی کی گئی، اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر نے قرعہ اندازی کرکے متبادل دکانوں کے الاٹمنٹ آرڈر تقسیم کیے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ ٹھٹھہ بس اسٹاپ لی مارکیٹ میں متبادل جگہیں دی جارہی ہیں، عدالتی احکامات پر تجاوزات کے خلاف مہم میں 2552 تاجر متاثر ہوئے تھے، جن میں سے1993کو اپنا روزگار جاری رکھنے کیلئے متبادل جگہ فراہم کرچکے ہیں، جلد ہی باقی متاثرین کو بھی متبادل جگہ فراہم کردی جائے گی۔

    میئر کراچی کا کہنا تھا کہ تاجروں کی جانب سے ملنے والے آج کے تحائف کے ایم سی اسٹیٹ ڈیپارٹ کے نام کرتا ہوں، عدالتی حکم پر نہ چاہتے ہوئے بھی عمل کرنا پڑا، تجاوزات کے خلاف آپریشن کا معائنہ نیم دلی سے کرتا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ تاجروں کی فلاح کے لئے کسی نے کے ایم سی کا ساتھ نہیں دیا، شہر میں کئی پلاٹ خالی ہیں، وزیراعلی ٰ ان پر ہاکر زون بنائیں۔

    اپنے خطاب میں ان مزید کہنا تھا کہ ہم نے شہر سے سارے چائنہ کٹرز فارغ کردیے ہیں جو تھوڑے بہت رہ گئے ہیں ان کو بھی جلد فارغ کردیں گے، چائنہ کٹرز نے شادی ہالز بنائے تھے ان کو اب ہٹادیا گیا ہے۔

  • کراچی: پانچ منزلہ عمارت مسمار، آپریشن کے دوران سیاسی مداخلت، کارروائی رکوانے کی کوشش

    کراچی: پانچ منزلہ عمارت مسمار، آپریشن کے دوران سیاسی مداخلت، کارروائی رکوانے کی کوشش

    کراچی: شہر قائد میں جاری انسداد تجاوزات آپریشن میں‌ سیاسی مداخلت کا ایک اور معاملہ سامنے آگیا.

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں‌ جاری تجاوزات آپریشن میں پی پی رہنما کے گن مین رکاوٹ بن گئے، یہ واقعہ ناظم آباد کے علاقے میں پیش آیا، جہاں‌ غیرقانونی عمارت توڑنے سے روکنے کی کوشش کی گئی.

    ایس بی سی اے کی ٹیم کے مطابق آپریشن کے دوران دو پولیس اہلکار  ٹیم کو روکتے رہے، دونوں اہل کار مبینہ طور پر پی پی رہنما عارف قریشی کے گن مین ہیں.

    ایس بی سی اے ٹیم نے بلڈر کے خلاف مقدمےکے لیے درخواست دی، مگر ناظم آباد پولیس کا مقدمہ درج کرنے سے انکار کر دیا۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن، دکانیں اور عمارتیں گرانے کا سلسلہ جاری

    بعد ازاں پانچ منزلہ عمارت کا اوپر ی حصہ مسمار کر دیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق عمارت کا نقشہ ڈبل اسٹوری کے لیے پاس ہوا تھا، مگر بلڈر نے اضافی فلور تعمیر کر دیے.

    یاد رہے سپریم کورٹ کے حکم پر شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے. اس آپریشن کا آغاز ایمپریس مارکیٹ کے علاقے سے ہوا، جہاں‌ تاریخی ایمپریس مارکیٹ‌کے اطراف موجود تجاوزات کو ختم کیا گیا.

    اس وقت شہر کے دیگر علاقوں میں بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے.

  • کراچی میں انسداد تجاوزات آپریشن کا تیسرا مرحلہ

    کراچی میں انسداد تجاوزات آپریشن کا تیسرا مرحلہ

    کراچی: صوبہ سندھ کے شہر کراچی میں کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے کیا جانے والا تجاوزات کے خلاف آپریشن تیسرے مرحلے میں داخل ہوگیا۔ ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے رینجرز کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کے ایم سی کے انسداد تجاوزات آپریشن کے تیسرے مرحلے کے تحت آج آرام باغ اور لائٹ ہاؤس کے اطراف کارروائی کی جائے گی۔ آپریشن کا آغاز صبح 11 بجے ہوگا۔

    آپریشن کے لیے انسداد تجاوزات افسران اور ملازمین کو 11 بجے تھانہ پریڈی پہنچنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ ذرائع کے ایم سی کا کہنا ہے کہ ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے رینجرز کو الرٹ کردیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: 50 سال بعد ایمپریس مارکیٹ کی دھلائی

    آپریشن کے زیر نظر لائٹ ہاؤس مارکیٹ کے تاجروں نے آج مارکیٹ بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ دکانداروں کو گزشتہ روز نوٹس جاری کردیا گیا تھا۔

    آپریشن میں آرام باغ کے اطراف 180 غیر قانونی دکانیں گرائی جائیں گی۔ لائٹ ہاؤس کے اطراف بھی 250 سے زائد دکانیں نالے پر قائم ہیں جنہیں مسمار کردیا جائے گا۔

    فش مارکیٹ کو گرانے کے خلاف درخواست دائر

    دوسری جانب ایمپریس مارکیٹ سے متصل فش مارکیٹ کو گرانے کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔ درخواست فش مارکیٹ کے 28 دکانداروں نے دائر کی ہے۔

    درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ فش مارکیٹ کو ایمپریس مارکیٹ کا حصہ قرار دیا گیا تھا۔ فش مارکیٹ کو مسمار نہ کرنے سے متعلق عدالتی حکم موجود ہے تاہم عدالتی حکم کے باوجود فش مارکیٹ کو مسمار کر دیا گیا۔

    عدالت نے کہا کہ عدالتی حکم موجود ہے تو انتظامیہ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دیں۔ عدالت نے دکانداروں کو توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

    خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے ٹریفک جام اور بدامنی کا باعث بننے والی تجاوزات کا 15 روز میں خاتمے کا حکم دیا تھا جس کے بعد کراچی کی مقامی انتظامیہ نے گرینڈ آپریشن شروع کیا۔

    آپریشن میں کراچی کی تاریخی ایمپریس مارکیٹ میں بھی کارروائی کی گئی جہاں غیر قانونی دکانوں اور تعمیرات نے اس تاریخی عمارت کے حسن کو گہنا دیا تھا۔

    کے ایم سی کے آپریشن کے تحت اب تک 2500 غیر قانونی دکانیں، 6 آر سی سی بیسمنٹ، 2 منزلہ عمارت، 150 تجاوزات، 450 ٹھیلے اور 750 سن شیڈز مسمار کیے گئے ہیں۔

  • تجاوزات کیخلاف آپریشن : صدر کے متاثرین کو متبادل جگہ دیں گے، وسیم اختر

    تجاوزات کیخلاف آپریشن : صدر کے متاثرین کو متبادل جگہ دیں گے، وسیم اختر

    کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہر کی تعمیر میں پختون بھائیوں کا خون پسینہ شامل ہے، کچھ لوگ صدر میں تجاوزات کے خلاف کارروائی پر سیاست کر رہے ہیں، متاثرین کو متبادل جگہ دی جائے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی بھی موجود تھے،  وسیم اختر نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کروارہے ہیں، صدر میں تجاوزات کے خلاف ہونے والے آپریشن سے متاثرہ افراد کو متبادل جگہ دینے کیلئے حکومت سندھ غور کررہی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ 30 سے35 سال قبل ایک معاہدے کے تحت چار بائی چار کی جگہ دی گئی تھی جو اب چار سو تک پہنچ گئی، کچھ لوگوں نے سرکاری اراضی پر قبضہ کرکے کئی منزلہ عمارتیں بنالی تھیں، اب ان  متاثرین کو متبادل جگہ فراہم کی جائے گی لیکن قبضہ مافیا سے کوئی بات نہیں ہوگی۔

    میئرکراچی کا مزید کہنا تھا کہ کامیاب کارروائی کے بعد ایمپریس مارکیٹ کے چاروں طرف قائم تجاوزات کا صفایا کردیا گیا ہے، صدر کی صفائی پہلا فیز ہے، دوسرے فیز میں متاثرین کو جگہ دی جائے گی، اس کے علاوہ شہربھر تجاوزات کے خلاف آپریشن شروع کریں گے۔

    کراچی ایمپریس مارکیٹ سے تجاوزات کا خاتمہ: 50 سال بعد تاریخی عمارت کی دھلائی

    واضح رہے کہ کراچی کے دل صدر میں تجاوازات کے خاتمہ کے بعد ایمپریس مارکیٹ نکھر گئی اور اس کی اصلی شکل نکلی آئی، عام شہریوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی بھی تاریخی عمارت کی تعریف کئے بغیر رہ نہ سکے۔

    بیلجئم سے آئے ہوئے سیاحوں نے مارکیٹ کا دورہ کیا اور اس کی خوبصورتی کی تعریف کی، سیاحوں کا کہنا ہے اس تاریخی مارکیٹ کو تزئین و آرائش کی ضرورت ہے، ایمپریس مارکیٹ کی دھلائی دیکھ کر شہریوں کا دل اور بھی خوش ہوگیا۔

  • پشاور: تاجروں کی ہلاکت کیخلاف تاجر برادری سراپا احتجاج

    پشاور: تاجروں کی ہلاکت کیخلاف تاجر برادری سراپا احتجاج

    پشاور: تجاوازت کے خلاف آپریشن نے تین تاجروں کی جان لے لی، تاجروں کی ہلاکت کیخلاف پشاور کی تاجر برادری آج  ہڑتال کررہی ہے۔

    گزشتہ رات پشاور کے گھنٹہ گھر پر تجاوزات کیخلاف انتظامیہ نے بھاری مشینری کے ساتھ آپریشن شروع کیا، آپریشن کے دوران تین تاجر کرین کی زد میں آکرجاں بحق ہوگئے، جس پر تاجر برادری سراپا احتجاج بن گئی ہے۔

    پشاور کے تاجر آج ہلاکتوں کیخلاف کاروبار بند رکھ اپنا احتجاج ریکارڈ کروا رہے ہیں ۔

    واقعے کے بعد وزیرِاعلی خیبر پختون خوا کے نوٹس لینے پر پولیس نے اسسٹنٹ کمشنر ، ایڈمنسٹریٹر اور کرین کے ڈرائیور کیخلاف مقدمہ درج کرلیا، وزیرِاعلٰی پرویز خٹک نے کہا کہ واقعے کے ذمہ دار افراد سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔

    گذشتہ روز تاجروں نے واقعے کو انتظامیہ کی جارحیت قرار دیا اور پشاور میں مکمل ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔

    سیکرٹری داخلہ نے تجاوزات معاملے کا نوٹس لے لیا، واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے، سیکرٹری داخلہ اختر علی اسپیشل سیکرٹری ہوم سراج احمد خان کو انکوائری کمیٹی کا سربراہ بنا دیا گیا ہے، پرویز خٹک نے تجاویزات کے خلاف آپریشن مین تین افراد کی ہلاکت پر نوٹس لے لیا، واقعہ اور افسوس کا اظہار اور تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی۔