Tag: anti encroachment operation

  • قانونی شادی ہالز مسمار نہیں کیے جائیں گے، فیصلے پر نظر ثانی کی جائے، وسیم اختر

    قانونی شادی ہالز مسمار نہیں کیے جائیں گے، فیصلے پر نظر ثانی کی جائے، وسیم اختر

    کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کے ایم سی قانونی شادی ہالز نہیں گرائے گی، جن ہالز کو گرانے کاحکم دیا گیا وہاں بکنگ ہوچکی ہے، چیف جسٹس فیصلے پر نظر ثانی کریں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کے بعد میئر کراچی وسیم اختر نے بھی عدالتی احکامات پر عمل درآمد سے معذرت کرلی۔

    ان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے جن شادی ہالوں کو گرانے کا حکم دیا ہے وہ قانونی ہیں جس زمین کا استعمال تبدیل کیا گیااس کو تجاوزات قرار نہیں دیا جاسکتا۔

    کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے شہری حکومت کو نالوں اور فٹ پاتھوں پر تجاوزات کیخلاف کارروائی کا حکم دیا تھا جس پر ہم نے عمل درآمد کیا۔

    اب شادی ہالز مسمار کرنے کا کہا گیا ہے جس پر عمل درآمد نہیں کیا جاسکتا، اس سے براہ راست شہری متاثر ہوں گے کیونکہ جن شادی ہالز کو گرانے کے احکامات ہیں ان کی بکنگ ہو چکی ہیں جب تک متبادل جگہ نہ فراہم کی جائے تب تک کارروائی نہیں کی جائے گی۔

    مزید پڑھیں: عدالتی حکم نہیں مان سکتا، رہائشی عمارتیں گرانے کے بجائے مستعفی ہوجاؤں گا، سعید غنی

    وسیم اختر نے کہا کہ میری سندھ حکومت سے اپیل ہے کہ وہ سپریم کورٹ سے اس کے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل دائر کرے، اگر 525 کچی آبادیاں اور گوٹھ اسکیم ریگولرائز ہو سکتی ہیں تو یہ مسئلہ کیوں نہیں حل ہو سکتا۔

  • عدالتی حکم نہیں مان سکتا، رہائشی عمارتیں گرانے کے بجائے مستعفی ہوجاؤں گا، سعید غنی

    عدالتی حکم نہیں مان سکتا، رہائشی عمارتیں گرانے کے بجائے مستعفی ہوجاؤں گا، سعید غنی

    کراچی : سندھ کے وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا ہے کہ رہاشی عمارتیں گرانے کے بجائے استعفٰی دے دوں گا لیکن سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد نہیں کرسکتا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سعید غنی کا کہنا تھا کہ عدالتوں کا احترام کرتے ہیں لیکن اگر یہ کہا گیا کہ پانچ سو عمارتیں گرادو جس میں لوگ رہ رہے ہوں،یہ نہیں کرسکتا۔

    میں وزارت بلدیات چھوڑ دوں گا لیکن کسی غریب کا گھر نہیں توڑوں گا، ہم کوئی بھی ایسا کام نہیں کریں گے جس سے سندھ میں کوئی انسانی المیہ جنم لے۔

    علاوہ ازیں میئر کراچی وسیم اخترنے بھی اپنی بےبسی ظاہرکردی ان کا کہنا تھا کہ جن عمارتوں میں لوگ رہائش پذیر ہیں انہیں ہم کیسے گراسکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے جج جسٹس گلزار احمد نے اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ کراچی میں غیر قانونی طور پر قائم کم ازکم پانچ سو عمارتیں گرانا پڑیں گی۔

    دوسری جانب ریلوے کے وزیرشیخ رشید کا کہنا ہے کہ اگر کراچی سرکلر ریلوے آج نہ بنی تو قیامت تک نہیں بنے گی، سرکلرریلوے کے راستے میں رکاوٹ بننے والوں کوروند دیں گے۔ سندھ حکومت بے گھروں کوبسائیں زمین ہم دیں گے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل کراچی میں تجاوزات کےخلاف ہونے والے آپریشن میں سیاسی جماعتیں ذمہ داری لینے کے بجائےایک دوسرے پر ڈالتی نظر آرہی ہیں۔

  • اردو بازار میں تجاوزات : کے ایم سی نے آپریشن چند روز کیلئے مؤخر کردیا

    اردو بازار میں تجاوزات : کے ایم سی نے آپریشن چند روز کیلئے مؤخر کردیا

    کراچی : کے ایم سی نے شہر قائد کے قدیم اردو بازار میں قائم تجاوزات کیخلاف کارروائی فی الحال روک دی ہے، انتظامیہ نے تجاوزات کی نشاندہی کیلئے چار رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے قدیم اردو بازار میں کے ایم سی کی جانب سے دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے پر تجاوزات کیخلاف آپریشن شروع نہ ہوسکا۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ کے ایم سی کی جانب سے کارروائی کا فیصلہ فی الحال مؤخر کردیا گیا ہے، یہ فیصلہ اردو بازار دکانداروں کی جانب سے شدید احتجاج اور دکانوں کی دستاویزات دکھانے کے بعد کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں نالے پر قائم تجاوزات کی نشاندہی کیلئے چار رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے مذکورہ کمیٹی میں محکمہ اسٹیٹ میونسپل سروسز اور مارکیٹ کے 2 نمائندے شامل ہیں، کمیٹی کی رپورٹ کے بعد میئر کراچی وسیم اختر کی ہدایت پر دوبارہ آپریشن شروع کیا جائے گا۔

    تاریخی اردو بازار میں بھی دکانیں خالی کرنے کا الٹی میٹم، تاجروں کا احتجاج

    واضح رہے کہ کراچی میونسپل کارپوریشن نے تجاوزات کیخلاف کارروائی کیلئے اردو بازار کے دکانداروں کو رواں ماہ چار دسمبر کو نوٹسز جاری کیے تھے جس میں انہیں دکانیں خالی کرنے کیلئے تین دن کی مہلت دی گئی تھی، تاہم آج مدت کے اختتام پر کے ایم سی نے اپنا فیصلہ چند روز کیلیے مؤخر کردیا ہے۔

  • کراچی: انسداد تجاوزات آپریشن، دکان کی چھت گرنے سے متعدد افراد ملبے تلے دب گئے

    کراچی: انسداد تجاوزات آپریشن، دکان کی چھت گرنے سے متعدد افراد ملبے تلے دب گئے

    کراچی: شہر قائد میں انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران دکان کی چھت گر گئی، ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گارڈن میں‌ آپریشن کے دوران دکان کی چھت گر گئی اور متعدد افراد ملبے تلے دب گئے.

    دکان دار آپریشن کے دوران دکان سے سریا نکال رہے کہ چھت ان پر آن گری، یہ سانحہ چڑیا گھر کے نزدیک پیش آیا۔

    واقعے کے بعد علاقے میں دھول کے بادل چھا گئے. ریسکیو ٹیمیں فوری جائے حادثہ پر پہنچ گئیں. ایک شخص کو ملبے سے نکال لیا گیا۔

    دکان داروں اور تاجروں نے تجاوزات آپریشن کے خلاف شدید احتجاج کیا، جس سے ٹریفک جام ہوگیا اور شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا.


    مزید پڑھیں: کراچی: تجاوزات کے خلاف آپریشن، 150 سے زائد دکانیں مسمار کی جائیں گی


    یاد رہے کہ اس وقت سپریم کورٹ کے حکم پر شہر بھر میں‌ تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے، اس کا آغاز ایمپریس مارکیٹ کے علاقے سے کیا گیا، جہاں برسوں سے کام تجاوزات کا صفایا کیا گیا.

    اس آپریشن کی وجہ سے میئر کراچی سمیت حکومت کو شدید تنقید کا سامنا ہے.

  • شہر قائد کے حقوق پر ڈاکہ برداشت نہیں کریں گے، مرتضیٰ وہاب

    شہر قائد کے حقوق پر ڈاکہ برداشت نہیں کریں گے، مرتضیٰ وہاب

    کراچی : مشیراطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ہم شہر قائد کے حقوق پر ڈاکہ برداشت نہیں کریں گے،متاثرہ دکانداروں کو متبادل  جگہ دیں گے۔

    یہ بات انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، مشیر اطلاعات سندھ نے پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ خرم شیرزمان میئر کراچی وسیم اختر سے ذاتی جھگڑے پربلاول ہاؤس کو بیچ میں نہ لائیں، وہ خود میئر کراچی کے دفتر کے باہر جاکر احتجاج کیوں نہیں کرتے؟

    مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ متاثرہ دکانداروں کو متبادل جگہ دینے پر بیان سے پی ٹی آئی کا اصل چہرہ سامنے آگیا، سندھ حکومت دکانداروں کے ساتھ کھڑی ہے، پی ٹی آئی روک کر دکھائے،

    دکانداروں کومتبادل جگہ کی فراہمی سے سندھ حکومت کونہیں روکاجاسکتا، مشیراطلاعات سندھ کا مزید کہنا تھا کہ ہم شہرقائد کے حقوق پر ڈاکہ برداشت نہیں کریں گے، سندھ حکومت کراچی میں تجاوزات کامسئلہ سپریم کورٹ لے کرگئی۔

  • انسداد تجاوزات آپریشن : بلاول ہاؤس کی دیواریں کب گرائی جائیں گی؟ خرم شیر زمان

    انسداد تجاوزات آپریشن : بلاول ہاؤس کی دیواریں کب گرائی جائیں گی؟ خرم شیر زمان

    کراچی : تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ انسداد تجاوزات آپریشن منصفانہ بنیادوں پرنہیں ہورہا، بلاول ہاؤس کی دیواریں فٹ پاتھ پر قائم ہیں ان کے خلاف کب ایکشن ہوگا؟

    یہ بات انہوں نے بلاول ہاؤس کراچی کے سامنے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی، خرم شیر زمان نے شہر میں جاری تجاوزات کے خلاف آپریشن پر کہا کہ آپریشن سے پی ٹی آئی کا کوئی تعلق نہیں ہے، میئر کراچی امیروں کیخلاف کارروائی نہیں کررہے، وسیم اختر  صرف غریبوں کے گھر اور دکانیں مسمار کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بلاول ہاؤس کی دیواریں فٹ پاتھ پر قائم ہیں ان کیخلاف کب ایکشن ہوگا؟ میئر صاحب اگر آپ کو ڈر ہے تو میں ٹریکٹر پر بیٹھ کر آپ کے ساتھ بلاول ہاؤس جاؤں گا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ چیف جسٹس کے احکامات صرف غریبوں کے لئے نہیں تھے، آپ غریبوں کی دیواریں گرا رہے ہیں امیروں کے محل کھڑے ہیں، نہر خیام پر ایک سیاستدان کی ذاتی عمارت بنی ہو ئی ہے وہ کب گرائیں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں خرم شیر زمان نے کہا کہ50کروڑ روپے کے ہرجانے کا جلد جواب دوں گا، پی ٹی آئی کراچی میں نا انصافی کے خلاف کھڑی ہے۔

  • تجاوزات کیخلاف آپریشن : پہلوان گوٹھ میں تجاوزات کا خاتمہ، شہری ملبے کے ڈھیر سے پریشان

    تجاوزات کیخلاف آپریشن : پہلوان گوٹھ میں تجاوزات کا خاتمہ، شہری ملبے کے ڈھیر سے پریشان

    کراچی : شہر قائد میں تجاوزات کے خلاف نان اسٹاپ آپریشن جاری ہے، پہلوان گوٹھ میں دو کلومیٹر کے علاقے میں تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا، شہری سڑکوں پر پڑے ملبے سے پریشان ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق پانچ نومبر سے شروع کیا گیا تجاوزات کے خلاف کے ایم سی کا نان اسٹاپ آپریشن جاری ہے، کراچی کےعلاقے پہلوان گوٹھ میں رات گئے انتظامیہ کی بھاری مشینری نے دو کلومیٹر کے علاقے میں تجاوزات کے خلاف کارروائی کی۔

    کراچی کے شہری تجاوزات کے خاتمے پر خوش تو ہوئے تھے مگر اس خوشی پر ملبے کا ڈھیر چھا گیا۔ ترجمان کے ایم سی کے مطابق ایمپریس مارکیٹ سے ایک لاکھ ٹن ملبہ بحریہ ٹاؤن کی مدد سے اٹھایا گیا، بلدیہ عظمیٰ نےملبہ اٹھانے کیلئے حکومت سندھ سے فنڈ بھی مانگا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ اٹھارہ ہزار غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا۔ سات ہزار ایک سو تراسی دکانیں، تین ہزارتین سونوے وال فکسنگ دکانیں، آٹھ ہزار سن شیڈ ز، بارہ ہزار چبوترے ،پانچ ہزار کیبن اور دو غیر قانونی شادی لان مسمار کیے گئے۔

    ترجمان کے ایم سی کے مطابق ایمپریس مارکیٹ سے ایک لاکھ ٹن ملبہ بحریہ ٹاؤن کی مدد سے اٹھایا گیا ۔تاہم ملبہ شہر کے اٹھارہ سے زائد علاقوں میں اب بھی موجود ہے ۔ترجمان کےمطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ملبہ اٹھانے کیلئے حکومت سندھ سے فنڈز بھی مانگا ہے۔

  • کراچی : تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری، دکانوں کے ملبے پر پھر پتھارے لگ گئے

    کراچی : تجاوزات کیخلاف آپریشن جاری، دکانوں کے ملبے پر پھر پتھارے لگ گئے

    کراچی : شہر قائد میں غیر قانونی تعمیرات  اور تجاوزات کے خلاف نان اسٹاپ گرینڈ آپریشن جاری ہے تو دوسری جانب ملبے کے ڈھیر پر پھر پتھارے لگنا شروع ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک ماہ سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے کےایم سی کا گرینڈ آپریشن بھرپور طریقے سے جاری ہے، اولڈ سٹی ایریا سمیت کراچی کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی تعمیرات اور پتھارے ہٹائے جارہے ہیں۔

    ایک طرف تجاوزات کا خاتمہ تو دوسری طرف ملبے کے ڈھیر لگ گئے ہیں، لائٹ ہاؤس میں کے ایم سی کے ہیڈ آفس کے قریب ٹوٹی ہوئی دکانوں کے ملبے پر پھرسے پتھارے لگنا شروع ہوگئے۔

    علاوہ ازیں ایم سی کا عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ اولڈ سٹی ایریا کھجور بازار پہنچا، تنگ گلیوں کے باعث آپریشن میں کارروائی میں مشکلات درپیش رہیں۔

    مزید پڑھیں: انسداد تجاوزات آپریشن، متاثرین کو متبادل فراہم کیا جائے گا، میئر کراچی

    بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے اولڈ سٹی ایریا کے علاقے جوڑیا بازار اور برتن گلی میں آپریشن کیا جائے گا۔ ضلع وسطی اور ضلع غربی میں بھی فٹ پاتھوں، پارکس اور گراؤنڈز میں قائم تجاوزات کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

  • کراچی سے تجاوزات کا خاتمہ، کل رات بارہ بجے سے گرینڈ آپریشن شروع کیا جائے گا

    کراچی سے تجاوزات کا خاتمہ، کل رات بارہ بجے سے گرینڈ آپریشن شروع کیا جائے گا

    کراچی : شہر قائد میں تجاوزات کے خاتمے کا مشن پورا کرنے کیلئے محکمہ انسداد تجاوزات سیل نے تیاریاں مکمل کرلیں، آپریشن پیر کی رات سے شروع کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے کراچی میں تجاوزات کے خاتمے کیلئے دی گئی ڈیڈ لائن کی تین روزہ مہلت ختم ہوگئی۔

    انسداد تجاوزات سیل پیر کی رات کو صدر اور اس کے اطراف گرینڈ آپریشن کرے گا، کے ایم سی محکمہ انسداد تجاوزات سیل نے تشہیری مہم شروع کردی ہے جس کے تحت پورے علاقے میں انتباہی بینرز بھی لگادیئے گئے ہیں اور اعلانات کرکے بھی لوگوں کو آگاہ کیا جارہا ہے۔

    مزید پڑھیں: سپریم کورٹ کا پورے کراچی سے تجاوزات15 دن میں ختم کرنے کا حکم

    اس حوالے سے میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایات پر صدر کے علاقے کو مڈل کے طور پر کلیئر کرانا ہے تمام تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا، ماضی طرح دکانداروں کو نوٹسز دے دیئے گئے ہیں اب کوئی اسٹے آرڈر کام نہیں آئے گا۔

  • پنجاب میں تجاوزات کیخلاف آپریشن: ن لیگ کا سٹی میئر قبضہ مافیا کا کارندہ نکلا

    پنجاب میں تجاوزات کیخلاف آپریشن: ن لیگ کا سٹی میئر قبضہ مافیا کا کارندہ نکلا

    فیصل آباد / ملتان / گوجرانوالہ : پنجاب کے مختلف شہروں میں تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن جاری ہے، ن لیگ کے سٹی میئر خود قبضہ مافیا نکلا، آپریشنز میں کروڑوں روپے کی سرکاری زمین واگزار کرالی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبے کے مختلف شہروں فیصل آباد، ملتان اور گوجرانوالہ میں سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔

    اس دوران قبضہ مافیا نے انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی، پولیس نے کار سرکار میں مداخلت پر دو افراد کو گرفتار کرلیا۔ فیصل آباد میں ن لیگ کے سٹی میئر ملک رزاق کی زیر قبضہ سرکاری اراضی واگزار کرالی گئی۔

    ضلعی انتظامیہ کے مطابق سٹی میئر نے نڑوالا روڈ پر سترہ کنال اراضی پر قبضہ کر رکھا تھا، گوجرانوالہ میں انتظامیہ سرکاری اسکول کی اراضی کو قبضہ مافیا سے واگزار کرانے پہنچی تو اسے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، پولیس نے دو افراد کو حراست میں لے لیا۔

    مزید پڑھیں: تجاوزات کے خلاف آپریشن کی خود مانیٹرنگ کررہا ہوں‘عثمان بزدار

    بااثر افراد نے پچاس سال سے زائد عرصے سے سرکاری اسکول کی اراضی پرقبضہ کررکھا تھا، ملتان کے علاقے گلگشت گول باغ چوک پر غیرقانونی طور پر تعمیر کی گئی، مارکیٹ مسمار کردی گئی۔

    مزید پڑھیں: انسداد تجاوزات مہم، خرم دستگیر کا غیرقانونی پیٹرول پمپ گرادیا گیا

    اراضی کی مالیت کروڑوں روپے بتائی گئی ہے موجودہ پنجاب حکومت اب تک قبضہ مافیا سے اربوں روپے کی زمین واپس لے چکی ہے۔