Tag: anti polio campaign

  • سندھ اور پنجاب میں ذیلی انسداد پولیو مہم کا آغاز

    سندھ اور پنجاب میں ذیلی انسداد پولیو مہم کا آغاز

    کراچی / لاہور: صوبہ سندھ اور پنجاب میں ذیلی قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا، سندھ کے 41 اضلاع میں 92 لاکھ سے زائد جبکہ پنجاب کے 33 اضلاع میں 1 کروڑ 78 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ اور پنجاب میں ذیلی قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگیا، دوںوں صوبوں میں مہم کا افتتاح وزرائے اعلیٰ مراد علی شاہ اور عثمان بزدار نے کیا۔

    سندھ اور پنجاب میں 3 روزہ پولیو مہم جاری رہے گی جبکہ ایک روز کیچ اپ ڈے ہوگا، کراچی میں 3 روزہ انسداد پولیو مہم ہوگی جبکہ 2 دن کیچ اپ ڈیز ہوں گے۔ کیچ اپ ڈیز میں رہ جانے والے بچوں کی ویکسی نیشن ہوگی۔

    سندھ کے 41 اضلاع میں 92 لاکھ سے زائد بچوں کی ویکسی نیشن ہوگی جبکہ پنجاب کے 33 اضلاع میں 1 کروڑ 78 لاکھ بچوں کی ویکسی نیشن ہوگی۔

    بلوچستان اور آزاد کشمیر میں انسداد پولیو مہم کا آغاز 17 اگست سے ہوگا، بلوچستان کے 25 اضلاع میں 21 لاکھ بچوں کی پولیو ویکسی نیشن ہوگی۔

    انسداد پولیو مہم کے دوران کرونا وائرس ایس او پیز پر سختی سے عملدر آمد ہوگا، انسداد پولیو ٹیموں کو کرونا ایس او پیز سے متعلق تربیت دی جا چکی ہے۔ پولیو ورکرز ماسک، ہینڈ سینی ٹائزرز اور ٹشو کے استعمال سمیت سماجی فاصلے کا خیال رکھیں گے۔

    انسداد پولیو مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیں گے، وٹامن اے کے قطرے 6 ماہ سے 6 سال تک کے بچوں کو پلائے جائیں گے۔ وٹامن اے سے بچوں میں وبائی امراض کے خلاف قوت مدافعت بڑھے گی۔

  • کرونا وائرس سے سنبھلنے کے بعد پختونخواہ میں پہلی انسداد پولیو مہم

    کرونا وائرس سے سنبھلنے کے بعد پختونخواہ میں پہلی انسداد پولیو مہم

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ میں کرونا وائرس سے سنبھلنے کے بعد پہلی انسداد پولیو مہم کا آغاز 13 اگست سے کیا جائے گا، 45 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے 21 اضلاع میں 13 اگست سے انسداد پولیو مہم کا آغاز ہوگا، ایمرجنسی آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے بعد یہ صوبے کی پہلی بڑی انسداد پولیو مہم ہوگی۔

    ایمرجنسی سینٹر کا کہنا ہے کہ 45 لاکھ 63 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، مہم کے لیے 609 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ 14 ہزار 335 موبائل ٹیمیں بھی حصہ لیں گی۔

    ایمرجنسی سینٹر کے مطابق مہم میں کرونا ایس او پیز پر سختی سے عمل ہوگا، عملے کو سرجیکل ماسک، ہینڈ سینی ٹائزرز، پی پی ایز اور تھرمل گنز دی جائیں گی۔

    خیال رہے کہ اب تک ملک میں رواں برس پولیو کیسز کی تعداد 64 ہوچکی ہے، سب سے زیادہ پولیو کیسز پختونخواہ میں سامنے آئے جن کی تعداد 22 ہے۔

  • پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز  ، حکومت کا بڑا فیصلہ

    پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز ، حکومت کا بڑا فیصلہ

    اسلام آباد : ملک میں پولیو کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر حکومت نے انسداد پولیو مہم کے از سر نو آغاز کا فیصلہ کرلیا، رواں برس 2 قومی اور3 ذیلی انسداد پولیومہم چلائی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے ملک میں انسداد پولیو مہم کے از سر نو آغاز کا فیصلہ کرلیا ، اس حوالے سے وفاق نے صوبوں سے انسدادپولیو مہم کے از سر نو آغاز پر مشاورت مکمل کرلی ہے، وزیراعظم کی زیرصدارت این سی اوسی پولیومہم کے آغازکی توثیق کر چکی ہے۔

    ذرائع وزارت صحت نے کہا ہے کہ رواں سال کی انسداد پولیو مہم کا شیڈول ترتیب دے دیا گیا ہے ، رواں برس 2 قومی اور3 ذیلی انسداد پولیومہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق انسدادپولیومہم کے از سرنوآغاز کا فیصلہ کوروناصورتحال کی بہتری پرہوا ، ملک میں پہلی ذیلی انسداد پولیومہم 17اگست سےچلائی جائے گی جبکہ دوسری ذیلی انسدادپولیومہم14ستمبرسے چلائی جائے گی، ذیلی انسداد پولیومہم میں تقریباً 2کروڑ بچوں کی ویکسی نیشن ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں پہلی قومی انسداد پولیومہم 19 اکتوبرسے چلائی جائے گی اور دوسری پولیومہم23نومبر، تیسری 28دسمبرسےچلائی جائے گی، قومی انسدادپولیو مہم میں4کروڑ سےزائدبچوں کی ویکسی نیشن ہوگی، مہم میں 2 لاکھ 65 ہزار ورکرز حصہ لیں گے۔

    ذرائع وزارت صحت کے مطابق رواں سال کی آخری انسداد پولیو مہم مارچ میں چلائی گئی تھی، کوروناکےباعث مارچ2020کےبعدپولیومہم نہیں چلائی جا سکیں۔

    رواں سال ملک میں58پولیوکیس سامنےآچکےہیں،پولیومہم میں کورونا سے حفاظت کیلئےخصوصی انتظامات کئےجائیں گے، پولیو ورکرز،سیکورٹی اہلکاروں کو کورونا حفاظتی کٹس فراہم کی جائیں گی جبکہ مہم کیلئے کورونا حفاظتی کٹس صوبے اور این ڈی ایم اے فراہم کریں گے۔

  • کرونا وائرس کی وجہ سے تعطل کا شکار انسداد پولیو مہم دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ

    کرونا وائرس کی وجہ سے تعطل کا شکار انسداد پولیو مہم دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت انسداد پولیو پر صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس میں کرونا وائرس کی وجہ سے تعطل کا شکار انسداد پولیو مہم پھر سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت انسداد پولیو پر صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر صحت، وزیر بلدیات، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، کمشنر، سیکریٹری خزانہ، سیکریٹری تعلیم اور سیکریٹری بلدیات شریک ہوئے۔

    اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان میں رواں سال 58 پولیو کے کیسز رپورٹ ہوئے، سندھ میں 20، خیبر پختونخواہ میں 21، بلوچستان میں 14 اور پنجاب میں 3 کیسز ہیں۔

    بریفنگ میں بتایا گیا کہ اب بھی کراچی کے 8 ٹاؤنز میں پولیو کے ماحولیاتی نمونے مثبت ہیں، ان علاقوں میں سہراب گوٹھ، مچھر کالونی، خمیسو گوٹھ، صدر ٹاؤن، چکورہ نالہ، گلستان ٹاؤن کا راشد منہاس، بلدیہ میں محمد خان کالونی، بن قاسم ٹاؤن کا بختاور گوٹھ، سائٹ میں اورنگی نالہ،کورنگی ٹاؤن میں کورنگی نالہ، لیاقت آباد ٹاؤن میں حاجی مرید گوٹھ اور صدر ٹاؤن میں ہجرت کالونی شامل ہیں۔

    اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کرونا وائرس کے باعث پولیو مہم مارچ سے رکی ہوئی ہے، ٹرانزٹ پوائنٹس پر جو پولیو ویکسین دی جاتی تھی وہ بھی رک گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہر ماہ 7 لاکھ بچوں کو ویکسین دی جاتی تھی وہ بھی رک گئی ہے، جولائی سے پولیو ویکسین کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کی جائیں، ڈبلیو ایچ او کی گائیڈ لائن کے مطابق پولیو ورکرز کو کٹ پہنائی جائیں۔

    وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ 5 موبائل ویکسی نیشن گاڑیاں کراچی کے خطرناک علاقوں میں رکھی گئیں۔

    اجلاس میں کراچی کی 154 یو سیز میں اسپیشل موبائل ٹیموں سے پولیو ویکسین کرنے اور 34 یونین کونسلوں میں کمیونٹی بیسڈ ویکسی نیشن کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس کو پولیو ٹیموں کو ضروری سیکیورٹی دینے کی ہدایت کی، ضلع جنوبی اور ضلع ملیر میں ایمرجنسی رسپانس یونٹ قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

    وزیر اعلیٰ نے پولیو ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ورکرز نے کرونا وائرس میں بھی بہت سپورٹ کیا، ہمیں مل کر پولیو سے جان چھڑانی ہے، یہ ہماری نیشنل اور انٹرنیشنل کمٹمنٹ ہے۔

  • ملک بھر میں سہ روزہ انسدا پولیو مہم کل سے شروع ہوگی

    ملک بھر میں سہ روزہ انسدا پولیو مہم کل سے شروع ہوگی

    اسلام آباد : ملک بھر میں پولیو کے خاتمے کیلئے انسدا پولیو مہم کل سے شروع ہوگی، 39.4 ملین بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیںگے، رواں برس ملک میں پولیو کے 17کیسز سامنے آچکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ملک گیر قومی انسداد پولیو مہم کا آغاز کل سے ہوگا، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی انسداد پولیو مہم 17تا 21 فروری تک جاری رہے گی، ملک بھرمیں 39.4 ملین بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

    حساس علاقوں میں انسداد پولیو مہم سات روز چلائی جائے گی، ملک گیر مہم کے دوران 2لاکھ 65ہزار پولیو ورکرز حصہ لیں گے، پنجاب میں19.9ملین بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائےگی، سندھ میں 9.26ملین بچوں کوپولیو ویکسین پلائی جائے گی۔

    خیبر پختونخوامیں 6.75 ملین بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی، بلوچستان میں2.46 ملین بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی، آزاد کشمیر میں 6لاکھ 90 ہزار بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی۔

    گلگت بلتستان میں2 لاکھ 40 ہزار بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی، اسلام آباد میں3لاکھ56ہزار بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائے گی، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ 18 فروری کو لاہورمیں پولیو مہم میں شریک ہوں گے۔

    اس حوالے سے ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ حکومت ملک سے پولیو کے خاتمےکیلئے اقدامات کر رہی ہے، والدین بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں، رواں برس ملک میں پولیو کے 17کیسز سامنے آچکے ہیں۔

  • پولیو قومی مسئلہ ہے، نمٹنے کے لیے سب مل کر کام کر رہے ہیں: عثمان بزدار

    پولیو قومی مسئلہ ہے، نمٹنے کے لیے سب مل کر کام کر رہے ہیں: عثمان بزدار

    لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے انسداد پولیو کی خصوصی مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ یہ قومی مسئلہ ہے، اس سے نمٹنے کے لیے سب مل کر کام کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے انسداد پولیو کی خصوصی مہم کا افتتاح کر دیا۔ وزیر اعلیٰ نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 2 کروڑ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، 50 ہزار سے زائد خصوصی ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلائیں گی۔

    انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو خود جا کر انسداد پولیو مہم کی نگرانی کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ صوبائی وزرا کو بھی انسداد پولیو مہم کے لیے ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ والدین سے اپیل ہے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائیں، پنجاب کو پولیو فری صوبہ بنائیں گے۔ پولیو کے بعض کیس سامنے آنے پر بہت تشویش ہے۔ یہ قومی مسئلہ ہے، اس سے نمٹنے کے لیے سب مل کر کام کر رہے ہیں۔

    صوبہ پنجاب میں آج سے خصوصی انسداد پولیو مہم شروع کی گئی ہے جو 5 روز جاری رہے گی، یاسمین راشد سمیت صوبائی وزرا نے بھی بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے۔

    خیال رہے کہ رواں برس ملک بھر میں پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اب تک سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 100 ہوگئی ہے، یہ شرح سنہ 2015 سے بھی زیادہ ہے جب ملک میں 54 پولیو کیسز رپورٹ کیے گئے۔

    صرف خیبر پختونخوا میں ریکارڈ کیے گئے پولیو کیسز کی تعداد 72 ہوگئی ہے۔ 16 کیسز سندھ میں، 7 بلوچستان اور 5 پولیو کیسز پنجاب میں سامنے آچکے ہیں۔

  • وزیر اعلیٰ سندھ کا انسداد پولیو مہم کا افتتاح

    وزیر اعلیٰ سندھ کا انسداد پولیو مہم کا افتتاح

    کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے انسداد پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہم سب کی ذمے داری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے انسداد پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے ہم مستقبل میں پولیو کیسز پر قابو پالیں گے، ہم نے نئی حکمت عملی ترتیب دی ہے۔ حکومت نے پچھلے 3 سال میں انسداد پولیو کے لیے وسائل فراہم کیے ہیں۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کامیابی سب کے مل کر کام کرنے سے حاصل ہوگی۔ آج تمام سیاستدانوں کو بھول کر صرف پولیو کی خبر چلائیں، آج میں آصف زرداری کی طبیعت پر کوئی تبصرہ نہیں کروں گا۔

    انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی کو کہا ہے اپنے حلقوں میں پولیو مہم کا آغاز کریں، وزیر اعظم بھی سب کام چھوڑ کر انسداد پولیو مہم کا افتتاح کریں۔ پولیو کا خاتمہ ہم سب کی ذمے داری ہے۔

    خیال رہے کہ رواں برس ملک بھر میں پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اب تک سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 100 ہوگئی ہے، یہ شرح سنہ 2015 سے بھی زیادہ ہے جب ملک میں 54 پولیو کیسز رپورٹ کیے گئے۔

    صرف خیبر پختونخوا میں ریکارڈ کیے گئے پولیو کیسز کی تعداد 72 ہوگئی ہے۔ 16 کیسز سندھ میں، 7 بلوچستان اور 5 پولیو کیسز پنجاب میں سامنے آچکے ہیں۔

  • ملک کے مختلف شہروں میں خصوصی انسداد پولیو مہم کا آغاز

    ملک کے مختلف شہروں میں خصوصی انسداد پولیو مہم کا آغاز

    کراچی : ملک کےمختلف حصوں میں آج سے خصوصی انسداد پولیو مہم کاآغازہوگیا، ملک بھر میں ایک کروڑ پچیس لاکھ بچوں کو قطرے پلائیں جائیں گے، پولیو کے حوالے سے خطرناک ترین ڈویژن قرار دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں پولیو سے بچاؤمہم کاآغاز کردیا گیا ، مہم 21جون تک جاری رہےگی، فوکل پرسن بابربن عطا کا کہنا ہے ایک کروڑپچیس لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کاہدف مقررکیاگیاہے۔

    مہم بنوں، کوئٹہ، لاہور، کراچی ، راولپنڈی سمیت دیگرشہروں میں چلےگی جبکہ پولیو کے حوالے سے خطرناک ترین ڈویژن قرار دیا گیا ہے۔

    کراچی کی ایک سو پانچ یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہورہی ہے، مہم میں پندرہ لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔

    کمشنر کراچی نے والدین اور کمیونٹی کے رہنماؤں سےاپیل کی کہ وہ پولیو مہم میں تعاون کریں، 7ہزار سے زائد پولیو ورکرز فرائض انجام دیں گے۔

    بلوچستان میں بھی انسداد پولیومہم کے لیے پانچ ہزار سے زائد ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو تیرہ اضلاع میں تین روزہ انسداد پولیومہم کےدوران تیرہ لاکھ سے زائد بچوں کوحفاظتی قطرے پلائیں گے۔

    مزید پڑھیں : ملک میں پولیووائرس کا ایک اور کیس سامنے آ گیا

     

    پنجاب میں سات اضلاع منتخب کئے گئے ہیں، پنجاب پولیو پروگرام سلمان غنی کے مطابق تینتالیس لاکھ بچوں کوقطرے پلانےکے لئے چھبیس ہزار پولیو ورکرزا حصہ لیں گے۔

    لاہور میں 17 لاکھ سے زائد بچوں ، راولپنڈی میں 7 لاکھ سے زائد بچوں ، ملتان میں9 لاکھ بچوں ، ڈی جی خان میں ساڑھے6لاکھ بچوں اور شیخوپورہ، میانوالی، بھکر میں 2 لاکھ 60 ہزار بچوں کوحفاظتی قطرے پلائے جائیں۔

    خیال رہے پنجاب میں د س، سندھ میں تین ، کےپی کےمیں ا ٹھارہ پولیو کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ بنوں ڈویژن میں پولیو کیسز کی تعدادتیرہ اورشمالی وزیرستان میں پانچ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

    واضح رہے اس وقت دنیا میں صرف 2 ممالک پاکستان اور افغانستان ایسے ملک ہیں جہاں اب تک پولیو کا مرض مکمل طور پر ختم نہیں ہوسکا ہے جبکہ عالمی ادارہ صحت نے پولیو کیسز رجسٹرڈ ہونے کے سبب پاکستان پر پہلے سے عائد سفری پابندیوں میں توسیع کردی ہے۔

  • پشاور: انسداد پولیو مہم کےخلاف پروپیگنڈا کرنے والے سات اسکول بند کردیئے گئے

    پشاور: انسداد پولیو مہم کےخلاف پروپیگنڈا کرنے والے سات اسکول بند کردیئے گئے

    پشاور : خیبرپختونخوا میں انسداد پولیو مہم کےخلاف پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف ایکشن لے لیا گیا، انتظامیہ نے سات نجی اسکول سیل کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے انسداد پولیو مہم بابر عطا نے کہا ہے کہ پشاور میں انسداد پولیو مہم کے خلاف سازش کرنے والوں کے خلاف ایکشن لے لیا گیا ہے۔

    انسداد پولیو مہم کے خلاف نفرت پھیلائی گئی والدین کو تشدد پر اکسایا گیا، اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پروپگینڈا کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے سات نجی اسکول سیل کردیےگئے ہیں.

    سیل کیے گئے اسکولوں کی انتظامیہ لوگوں کو انسداد پولیو مہم کے خلاف بھڑکانے میں ملوث نکلی، ان افواہوں کی وجہ سے خیبرپختونخوا میں پولیو ٹیم پر حملے ہوئے۔

    انہوں نے کہا کہ پشاور کے علاقے ماشو خیل میں پولیو مہم کے خلاف سازش نذر گل نامی شخص نے کی تھی، مذکورہ شخص حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں اسکول کے بچوں سے ڈرامے کراتا رہا۔

    صحت مند بچوں کو بیڈ پر لٹا کر بےہوش ہونے کی ایکٹنگ بھی کروائی گئی، پروپگینڈے کا شکار ہوکر کچھ لوگوں نے بڈھ بیر میں مرکز صحت کو بھی آگ لگادی تھی، نجی اسکولوں کے خلاف کارروائی نجی اسکول ریگولیٹری اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ نے مل کر کی۔

    مزید پڑھیں: پشاور میں انسدادپولیومہم کےخلاف سازش، تحقیقات کیلئے 6 رکنی کمیٹی قائم

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پشاور میں پولیو ویکسی نیشن سے بچوں کی حالت غیر ہونے کی افواہوں نے کھلبلی مچادی تھی، جس کے بعد مشتعل افراد نے سرکاری مرکز صحت ماشوخیل پر دھاوا بول دیا تھا۔

    ناقص ویکسین فلاپ ڈرامے کا ڈراپ سین سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک شخص بچوں کو زبردستی بستر پر لٹا کر بے ہوشی کاڈرامہ رچا رہا ہے لیکن بچے تندرست دکھائی دے رہے تھے۔ بعد ازاں پشاور میں پولیس نے بچوں سے بےہوشی کا ڈرامہ کرانے والے ملزم کو گرفتار کرلیا تھا۔

  • سوشل میڈیا پرانسداد پولیومہم کیخلاف پروپیگنڈا کرنے والے 174 اکاؤنٹس بلاک

    سوشل میڈیا پرانسداد پولیومہم کیخلاف پروپیگنڈا کرنے والے 174 اکاؤنٹس بلاک

    اسلام آباد : انسداد پولیو مہم اورپولیوویکسین کیخلاف سوشل میڈیا پرمواد اپ لوڈ کرنے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے ایک سو چوہتر اکاؤنٹس بند کردئیے گئے ۔

    تفصیلات کے مطابق پولیوویکسین اورپولیو مہم کیخلاف سوشل میڈیا استعمال کرنے والوں کیخلاف حکومت  نے کریک ڈاؤن شروع کردیا، پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی نے پولیو ویکسین کیخلاف مہم چلانے والے ایک سوچوہترسوشل میڈیا اکاؤنٹس بند کردئیے۔

    برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق فیس بک کے ایک سوتیس، ٹوئٹرکے چودہ اکاؤنٹس بند کئے گئے جبکہ یوٹیوب کی تیس ویڈیوزبلا ک کی گئیں۔

    فیس بک نے انسداد پولیومہم کے لئے حکومت پاکستان کومکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی۔

    پولیومہم کے لئے فوکل پرسن بابرعطا کا کہنا تھا سوشل میڈیا پرانسداد پولیومہم اورپولیو ویکسین کیخلاف مواد دیکھ کروالدین شبہات کا شکارہوتے ہیں اوربچوں کوپولیوکے قطرے پلانے سے انکارکردیتے ہیں، اس بارے میں مشترکہ لائحہ عمل کی ضرورت ہے، پاکستان میں پولیو ویکسین سے محروم بچوں کی تعداد تین لاکھ اکیس ہزارہے۔

    مزید پڑھیں :  حکومت کا سوشل میڈیا پر جاری پولیو مہم مخالف پروپیگنڈے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ

    یاد رہے رواں سال مارچ میں حکومت پاکستان نے سوشل میڈیا پر انسداد پولیومہم مخالف مواد کے خلاف فوری ایکشن لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے فیس بک، یوٹیوب پر انسداد پولیو مہم کے خلاف موجود مواد ہٹانے کے لئے ہنگامی مراسلہ جاری کیا تھا۔
    .
    اس مراسلے میں چیئرمین پی ٹی اے سے انسداد پولیومخالف مواد پر فوری اقدامات کا مطالبہ کیا گیا تھا.

    حکومت کا کہنا تھا کہ پاکستان کو پولیو کے خاتمےمیں والدین کے شدید انکار کا سامنا ہے، فیس بک، یو ٹیوب پر منفی پروپیگنڈا پولیو فری مہم میں رکاوٹ ہے۔