Tag: Antonio Guterres

  • وزیر اعظم عمران خان سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی ملاقات

    وزیر اعظم عمران خان سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی ملاقات

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال زیر غور آئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی شریک تھے۔

    ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال زیر غور آئی۔

    خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور وزیر اعظم عمران خان نے افغان مہاجرین کی میزبانی کے 40 سال مکمل ہونے پر خصوصی کانفرنس میں شرکت کی تھی۔

    کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ امیر ممالک مہاجرین کے مسئلے کو تقسیم کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے بعد ہمیں اسلامو فوبیا کا سامنا کرنا پڑا، اسلام اور دہشت گردی کو ایک نظر سے دیکھا گیا اور مسلمان مہاجرین کو دیگر کی نسبت زیادہ تکالیف کا سامنا رہا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یقین ہے افغان مہاجرین نے دنیا میں سب سے زیادہ تکالیف اٹھائیں، ہماری حکومت نے شروع سے ہی افغان امن کی کامیابی کے لیے بھرپور کوشش کی، پاکستان میں 14 لاکھ رجسٹرڈ افغان مہاجرین موجود ہیں اور یہ دنیا میں افغان مہاجرین کو پناہ دینے والا دوسرا بڑا میزبان ہے۔

  • پاک بھارت پانی کے مسائل کو بات چیت سے حل ہونا چاہیئے: انتونیو گتریس

    پاک بھارت پانی کے مسائل کو بات چیت سے حل ہونا چاہیئے: انتونیو گتریس

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس کا کہنا ہے کہ پاک بھارت پانی تقسیم کے مسائل بات چیت سے حل ہو سکتے ہیں، پانی کو وجہ تنازع نہیں ہونا چاہیئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں کلائمٹ چینج سے متعلق تقریب منعقد ہوئی جس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ تقریب میں وزیر مملکت برائے کلائمٹ چینج زرتاج گل اور وزیر اعظم کے مشیر ملک امین اسلم بھی شریک ہوئے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں پر خطاب میرے لیے اعزاز ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والا بڑا ملک ہے، پائیدار ترقی کے اہداف انسانی ترقی کے لیے ضروری ہیں۔

    انتونیو گتریس کا کہنا تھا کہ مختلف آفات سے متاثر ہونے والے افراد سے اظہار یکجہتی کرتا ہوں، ہمارا مشترکہ وژن موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنا ہے۔ پائیدار ترقی کے اہداف انسانی ترقی کے لیے ضروری ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ غربت کا خاتمہ پاکستان کی پالیسی کا بنیادی حصہ ہے، تعلیم، معیشت اور برابری ترقی کے لیے اہم ہیں۔ پاکستان پائیدار ترقی کے اہداف کے لیے کاوشیں کر رہا ہے۔ پاکستان میں سب کے لیے صحت اور سہولت فراہمی کے وژن سے متاثر ہوں۔ پاکستان کو صحت سمیت مختلف شعبوں میں چیلنجز درپیش ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے کوئی ملک محفوظ نہیں۔ سیلاب و قدرتی آفات سے پاکستان بہت متاثر ہوا ہے۔ پاکستان میں 80 فیصد پانی زراعت کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ پاکستان میں ترقیاتی اہداف کو موسمیاتی تبدیلی سے خطرات لاحق ہیں۔ عالمی قائدین موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کریں۔

    سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت میں پانی کے استعمال کا معاہدہ موجود ہے، دونوں ممالک میں عالمی بینک کے تحت پانی کے استعمال کا معاہدہ ہے۔ پانی کو تنازعے کی وجہ نہیں بلکہ حل ہوناچاہیئے۔

  • افغان پناہ گزینوں کی میزبانی پر پاکستان کا شکریہ: سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ

    افغان پناہ گزینوں کی میزبانی پر پاکستان کا شکریہ: سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے مہاجرین سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان طویل عرصے سے افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کر رہا ہے، افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے اسلام آباد میں مہاجرین سے ملاقات کی جن میں افغانستان، یمن اور تاجکستان کے مہاجرین شامل تھے۔

    اس موقع پر مہاجرین نے پاکستان میں تعلیم، کاروبار اور ہنر سے متعلق اپنے تجربات کا اظہار کیا۔

    ملاقات کے دوران سیکریٹر جنرل انتونیو گتریس کا کہنا تھا کہ پاکستان مہمان نواز ملک ہے، پاکستان نے خصوصی طور پر افغان پناہ گزینوں کی مہمان نوازی کی۔ افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان طویل عرصے سے افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کر رہا ہے۔ یہاں آنے کا مقصد پاکستان کی دریا دلی کو سراہنا ہے۔

    ملاقات میں مہاجرین کے نمائندوں نے پاکستان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا، مہاجرین کے وفد کا کہنا تھا کہ عظیم قوم نے ہماری دیکھ بھال کی، ہم میں سے کچھ یہیں پیدا ہوئے۔

    وفد نے کہا کہ پاکستانی قوم کی جانب سے ہمارا خیال رکھا گیا ہے، پاکستان نے سر چھپانے کی جگہ اور کاروبار و تعلیم کے مواقع فراہم کیے۔

    خیال رہے کہ پاکستان ترکی کے بعد مہاجرین کی میزبانی کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔ مہاجرین میں زیادہ تر افغانی ہیں جو 45 لاکھ کی تعداد میں افغانستان کی جنگ کے دوران پاکستان آئے۔

    پاکستانی قوم مہاجرین کی بھرپور لگن و جذبے سے میزبانی کر رہی ہے، اس وقت بھی 27 لاکھ افغان مہاجرین پاکستان میں قیام پذیر ہیں۔

  • اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پاکستان پہنچ گئے

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پاکستان پہنچ گئے

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس پاکستان پہنچ گئے، انتونیو گتریس صدر مملکت اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ افغان پناہ گزینوں کے 40 سال پر کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس 4 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، انتونیو گتریس غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچے جہاں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے ان کا استقبال کیا۔

    اپنے دورے کے دوران انتونیو گتریس صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کریں گے۔ پاکستانی قیادت مسئلہ کشمیر کے تمام پہلوؤں سے سیکریٹری جنرل کو آگاہ کرے گی۔

    سیکریٹری جنرل مہاجرین سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ وہ یو این فوجی مبصر گروپ پاک بھارت آفس کا بھی دورہ کریں گے، اس دوران وہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور یو این کمشنر پناہ گزین سے ملاقات بھی کریں گے۔

    انتونیو گتریس پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلیوں پر بھی خصوصی گفتگو کریں گے۔ وہ افغان پناہ گزینوں کے 40 سال پر کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے، کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم کی شرکت متوقع ہے۔

    اپنے دورے کے دوران سیکریٹری جنرل پاکستان میں انسداد پولیومہم کا بھی آغاز کریں گے، اور بادشاہی مسجد کا بھی دورہ کریں گے۔

    اپنی آمد سے قبل انتونیو گتریس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے پاکستان کی امن کاوشوں کا برملا اعتراف کیا۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے پاک فوج کی خواتین افسران کے دستے کی گروپ فوٹو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان، پوری دنیا میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں شامل ہے۔ پاکستان امن کا مستقل مزاج اور قابل بھروسہ حصہ دار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امن کے لیے کام کرنے والوں سے اظہار تشکر کے لیے پاکستان جا رہا ہوں۔

  • اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل 15 فروری کو پاکستان پہنچیں گے

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل 15 فروری کو پاکستان پہنچیں گے

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس 15 فروری کو پاکستان پہنچیں گے، اس موقع پر وہ صدر مملکت اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس 15 فروری کو پاکستان کے دورے پر پہنچیں گے۔ سیکریٹری جنرل 14 رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان آئیں گے۔

    دورہ پاکستان کے موقع پر سیکریٹری جنرل، صدر مملکت اور وزیر اعظم سمیت اہم پاکستانی شخصیات سے ملاقات کریں گے۔

    سیکریٹری جنرل پاکستان میں اقوام متحدہ مشن کے دفاتر کا بھی دورہ کریں گے، خطے کی صورتحال کے تناظر میں سیکریٹری جنرل کے دورے کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل مسئلہ کشمیر پر سخت تشویش کا اظہار کرچکے ہیں۔ ایک موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں 80 لاکھ لوگ قید میں اور بینادی ضرورتوں سے محروم ہیں۔

    انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان اور بھارت با مقصد مذاکرات کریں، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اقوام متحدہ کامؤقف تبدیل نہیں ہوا۔

  • مقبوضہ کشمیر میں تشویش ناک صورت حال پر نظر ہے: یو این سیکریٹری جنرل

    مقبوضہ کشمیر میں تشویش ناک صورت حال پر نظر ہے: یو این سیکریٹری جنرل

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تشویش ناک صورت حال پر ان کی نظر ہے، اقوام متحدہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے مقبوضہ کشمیر پر بیان جاری کر دیا ہے، انتونیو گوٹیریس نے مقبوضہ جمّوں و کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی کی صورت حال پر ان کی نظر ہے، اس سلسلے میں اپنا کردار اقوام متحدہ ادا کرتا رہے گا۔

    قبل ازیں، وزیر خارجہ شاہ محمود نے یو این سیکریٹری جنرل سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گفتگو کی گئی اور بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں یک طرفہ اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا، خطے میں امن و امان کی مخدوش صورت حال پر بھی گفتگو کی گئی۔

    تازہ ترین خبریں پڑھیں:  دنیا نے آج پھر بھارتی فسطائیت کا چہرہ دیکھ لیا: شاہ محمود قریشی

    شاہ محمود نے کہا کہ بھارت نے 20 دن سے مقبوضہ کشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن کر رکھا ہے، مقبوضہ وادی میں ذرایع مواصلات پر پابندی عاید ہے، بھارتی اقدامات یو این قراردادوں، عالمی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہیں، راہول گاندھی کو سری نگر ایئر پورٹ سے واپس بھیج دیا گیا۔

    انھوں نے بتایا کہ عالمی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے تشویش ناک رپورٹس آ رہی ہیں، انسانی جان بچانے والی ادویات، خوراک کی شدید قلت ہے، اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو صورت حال پر کردار ادا کرنا ہوگا، نہتے کشمیریوں کو بھارتی بربریت سے بچانے کے لیے کردار ادا کریں۔

    سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں تشویش ناک صورت حال پر ان کی نظر ہے، اقوام متحدہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

  • کشمیرکی تشویشناک صورتحال پر وزیر خارجہ کا اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو خط

    کشمیرکی تشویشناک صورتحال پر وزیر خارجہ کا اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو خط

    اسلام آباد : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیرکی تشویشناک صورتحال اور خطے میں امن کی صورتحال سے متعلق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو خط ارسال کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

    تفصییلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر اور کنٹرول لائن کی تشویش ناک صورت حال پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو خط لکھ دیا ہے۔

    خط کے متن میں انہوں نے انٹونیو گوٹیریس کو مقبوضہ کشمیر کی تشویشناک صورتحال اور خطے میں امن کی صورتحال سے آگاہ کیا اور مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کالے قانون کے تحت نہتے کشمیریوں کو تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے، لائن آف کنٹرول پر بھارت کی طرف سے فائرنگ اور گولہ باری میں اضافہ ہو گیا ہے۔ ہیومن رائٹس کمیشن نے بھی بھارتی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بےنقاب کیا ہے۔

    اس کے علاوہ ایل اوسی پر بھارت کی طرف سے فائرنگ اور گولہ باری میں اضافہ ہوا ہے، خط کا متن ہے کہ بھارتی فائرنگ سے شہریوں کی شہادتیں اور ان کی املاک کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

    صورتحال کا فوری سدباب نہ کیا گیا تو امن وامان کوشدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کامزید 10ہزار سے زیادہ فوجی بھیجنا تشویشناک ہے۔

    سری نگر ایئرپورٹ پر خصوصی طیاروں کی نقل و حرکت خدشات کو تقویت دے رہے ہیں، بھارتی اقدامات کشمیریوں کے خوف میں مزید اضافےکا باعث بن رہے ہیں۔

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارتی اقدام سے یو این قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کاعمل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    بھارت مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے درپے ہے، بھارتی اقدامات مقبوضہ کشمیرسے متعلق یو این قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، بھارت کے عزائم سے پورے جنوبی ایشیا کا امن خطرے میں ہے۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ صورتحال کا نوٹس لے کرب ھارت کو ریاستی جبرسے روکے، اقوام متحدہ ایک فیکٹ فائنڈنگ مشن تشکیل دے جو مقبوضہ کشمیر کے حالات کا جائزہ لے، پاکستان اقوام متحدہ کا خصوصی نمائندہ برائے جموں و کشمیر کی تعیناتی کامطالبہ کرتا ہے۔

  • شاہ محمود قریشی کو اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کا ٹیلی فون

    شاہ محمود قریشی کو اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کا ٹیلی فون

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری انتونیو گتریس نے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان امن پسند ہے لیکن سالمیت اور وقار پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے، بھارت کی جارحیت کے خلاف دفاع کا مکمل حق رکھتے ہیں۔

    بعد ازاں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کنٹرول لائن اور پاکستانی حدود میں در اندازی کی گئی، عالمی سطح پر بہت بڑا واقعہ رونما ہوا ہے۔ بھارتی طیاروں نے 4 بم گرائے، شکر ہے جانی نقصان نہیں ہوا۔

    انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری کی کچھ دیر پہلے کال آئی، جنرل سیکریٹری سے اپنے گزشتہ اور حالیہ خط کا ذکر کیا، جنرل سیکریٹری نے تشویش کا اظہار کیا اور کردار ادا کرنے کا کہا۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سیکریٹری جنرل کو بتایا کہ بھارت اقوام متحدہ قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، انتونیو گتریس نے خطے کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

    انہوں نے کہا کہ مودی سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لیے خطے کے عوام کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ دنیا نے دیکھ لیا بھارتی دعوؤں میں کوئی حقیقت نہیں، بھارت کے 300 افراد کی ہلاکت کے دعوے کے برعکس ایک لاش نہیں ملی۔

    شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ گزشتہ روز حکومت نے اپنی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا، ہمیں پارلیمنٹ کی طرف سے بھی رہنمائی ملی ہے۔ بھارت نے یہ کارروائی سراسر سیاسی مصلحت کے تحت کی۔ لائحہ عمل طے کرنے کے لیے آج اہم اجلاس طلب کیا ہے۔

  • اسرائیل فلسطینی بچوں کی زندگیوں سے کھیلنا بند کرے، انتونیو گوتیرس

    اسرائیل فلسطینی بچوں کی زندگیوں سے کھیلنا بند کرے، انتونیو گوتیرس

    نیو یارک : اقوامتحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے اسرائیل پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف طاقت کا استعمال بند کردے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین میں جاری غاصب صیہونی ریاست اسرائیل کے ظلم و بربریت اور بچوں پر صیہونی فوج کی فضائی بمباری پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ انتونیو گوٹیرس نے اسرائیل کے جنگی طیاروں کی بمباری کے نتیجے میں فلسطینی بچوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل فلسطینی بچوں کے خون سے ہولی کھیل رہا ہے۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے دہشت گرد غاصب ریاست اسرائیل پر فلسطینی بچوں کے خون سے کھیلنے کا سلسلہ بند کرنے کا زور دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل بچوں کی زندگیاں خطرے ڈالنا بند کرے۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے درندہ صفت فوجیوں کی جانب سے غزہ میں بے گناہ فلسطینیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    انتونیو گوٹریس کا کہنا تھا کہ صیہونی فوجیوں کی جانب سے فلسطینی بچوں جان بوجھ کر بمباری اور فائرنگ کا نشانہ بنانے کے واقعات انتہائی افسوس ناک اور ناقابل معافی ہیں، غاصب ریاست اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف طاقت کا استعمال بند کردے۔


    مزید پڑھیں : اسرائیلی فوج کی فائرنگ، فلسطینی نوجوان شہید، درجنوں زخمی

    یاد رہے کہ 2 اکتوبر کو اسرائیلی فورسز کی جانب سے ایک فلسطینی نوجوان محمد ابو عبادہ کو فائرنگ کرکے شہید کیا گیا تھا جبکہ درجنوں شہریوں کو زخمی کیا تھا۔


    مزید پڑھیں : غزہ پر اسرائیلی جنگی طیاروں کی بمباری، تین فلسطینی شہید


    اسرائیلی فوج نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں نے اسرائیلی فوج پر فائرنگ کی جبکہ جوابی کارروائی میں ایک فلسطینی مارا گیا۔

    خیال رہے کہ گذشتہ روز فلسطین کے مقبوضہ شہر غزہ میں اسرائیلی جنگی طیاروں کی شدید بمباری کے نتیجے میں تین فلسطینی نوجوان شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

    یاد رہے کہ فلسطین میں قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا فلسطینی نوجوان دو روز دوران علاج دم توڑ گیا تھا، وہ ہفتہ وار احتجاج میں شریک ہوکر قابض اسرائیلی افواج کے خلاف مظاہرہ کررہا تھا۔

  • پتہ چلایا جائے جمال خاشقجی کی موت کن حالات میں واقع ہوئی‘ سیکریٹری جنرل

    پتہ چلایا جائے جمال خاشقجی کی موت کن حالات میں واقع ہوئی‘ سیکریٹری جنرل

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریز نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کی موت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریز کا کہنا ہے کہ جمال خاشقجی کی موت سے متعلق فوری، شفاف اورجامع تحقیقات کی جائیں۔

    سیکریٹری جنرل سعودی صحافی کی موت پرگہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پتہ چلایا جائے جمال خاشقجی کی موت کن حالات میں واقع ہوئی۔

    انتونیوگوتریز نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث تمام افراد کوکٹہرے میں لایا جائے۔

    سعودی عرب نے صحافی جمال خاشقجی کی موت کی تصدیق کردی

    دوسری جانب سعودی عرب نے صحافی جمال خاشقجی کی قونصلیٹ میں موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ استنبول کے قونصل خانے میں جمال خاشقجی اور وہاں موجود افراد میں جھگڑا ہوا جس کے باعث ان کی موت واقع ہوئی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روزامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کو خبردار کیا تھا کہ گمشدہ سعودی صحافی کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی تو نتائج سنگین ہوں گے۔

    واضح رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی دو اکتوبر کو اپنی طلاق کے کاغذات کی تصدیق کے لیے ترکی کے شہر استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے گئے تھے لیکن اس کے بعد سے ان کا کچھ پتا نہیں تھا، تاہم اب ان کی موت کی تصدیق ہوگئی۔