Tag: Anwar Iqbal

  • معروف اداکار انور اقبال انتقال کر گئے

    معروف اداکار انور اقبال انتقال کر گئے

    کراچی: معروف اداکار انور اقبال طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقال کر گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی وژن کے سینئر ترین اداکار محمد انور اقبال بلوچ کا انتقال ہو گیا، ان کے داماد شہمرید بلوچ نے انتقال کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے مداحوں سے گزارش کی ہے کہ مرحوم کے لیے دعائیں کریں۔

    سینئر آرٹسٹ انور اقبال نے پاکستان ٹی وی انڈسٹری کے ٹاپ کلاس ڈراموں ’شمع‘ اور ’آخری چٹان‘ سے بے پناہ شہرت حاصل کی، وہ ڈراما انڈسٹری کے معروف اداکار تھے، انھوں نے اردو اور سندھی کے کئی ڈراموں میں یادگار کردار ادا کیے۔

    انور اقبال کی طبیعت کافی عرصے سے ناساز تھی، اور کراچی کے ایک اسپتال میں ان کا علاج جاری تھا، اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ گردوں کی تکلیف میں ایک عرصے سے مبتلا تھے۔

    ٹی وی کے معروف سینئر اداکار انور اقبال شدید علیل، دعائے صحت کی اپیل

    یاد رہے کہ چند دن قبل سوشل میڈیا پر اداکار انور اقبال کی ایک تصویر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ اسپتال کے بستر پر موجود ہیں، اس تصویر پر انھوں نے سخت برہمی کا اظہار کیا تھا کہ ان کی اجازت کے بغیر ان کی تصویر لی گئی۔

    انھوں نے فیس بک پوسٹ میں 26 جون کو کہا کہ اسپتال میں میری مرضی کے بغیر میری تصاویر لے کر سوشل میڈیا پر وائرل کی گئیں، جس سے میری اور میرے خاندان کی پرائیویسی متاثر ہوئی، میں میڈیا سے درخواست کرتا ہوں کہ میری پرائیویسی اور میرے اہل خانہ اور مداحوں کے جذبات کا خیال رکھیں اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

  • ٹی وی کے معروف سینئر اداکار انور اقبال شدید علیل، دعائے صحت کی اپیل

    ٹی وی کے معروف سینئر اداکار انور اقبال شدید علیل، دعائے صحت کی اپیل

    کراچی : پاکستان ٹی وی کے لیجنڈ اداکار تمغہ امتیاز انور اقبال ان دنوں علالت کے باعث مقامی اسپتال میں زیرعلاج ہیں، ان کے ایل خانہ نے مداحوں سے ان کی صحیبابی کیلئے دعاؤں کی اپیل کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ممتاز اور سینئر ٹی وی آرٹسٹ انور اقبال جو ٹی وی کے متعدد سیریلز اور تاریخی ڈرامہ سیریز میں یادگار کردار ادا کر چکے ہیں ، وہ کئی دنوں سے شدید بیمار ہیں۔

    انور اقبال کے اہل خانہ نے ان کے تمام مداحوں سے خصوصی گزارش کی ہے کہ ان کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی جائےاور اللہ پاک انہیں جلد کامل صحت عطا فرمائے۔

    انور اقبال پاکستان کے ایک تجربہ کار ٹیلی ویژن اداکار اور ہدایتکار ہیں جنہوں نے سپر ہٹ پاکستانی ڈرامہ سیریز "شمع” سے شہرت حاصل کی۔ اس کے بعد انہوں نے 1980 کی دہائی کے اوائل میں نسیم حجازی کے ناول "آخری چٹان” میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

    یاد رہے کہ پنجاب کی موجودہ حکومت نے گزشتہ سال مارچ 2019میں اداکار انور اقبال کی فنی خدمات کے اعتراف میں تقریب پذیرائی کا انعقاد کیا تھ، جس کے مہمان خصوصی سابق صوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان تھے۔

    آرٹس کونسل کراچی اور الحمراء آرٹس کونسل لاہور کے تعاون سے منعقد کی جانے والی تقریب میں کراچی سے اسلم محمود دہلوی ،ثاقب اسلم، آرکے نیر، راجہ ناصر، ایم الیاس، قیصر جاوید اور سلیم گڈو نے بھی خصوصی شرکت کی۔