Tag: anxious

  • امیتابھ اپنی اہلیہ جیا بچن کے فون کرنے پر بے چینی محسوس کرتے ہیں؟

    امیتابھ اپنی اہلیہ جیا بچن کے فون کرنے پر بے چینی محسوس کرتے ہیں؟

    بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اہلیہ جیا بچن کی ایک فون کال سے پریشان ہوجاتے ہیں۔

    امیتابھ بچن اس وقت کون بنے گا کروڑ پتی کے سولہویں سیزن کی میزبانی کر رہے ہیں، صدی کے سپر اسٹار نے 82 سال کی عمر میں بھی کام جاری رکھ کر بہت سے لوگوں کو متاثر کیا۔

    تاہم ان کی کامیابی کا ایک بڑا حصہ ان کی اہلیہ جیا بچن کو جاتا ہے، جو اپنے خاندان اور گھر کی دیکھ بھال کرتی رہی ہیں، امیتابھ بچن نے کئی بار شیئر کیا ہے کہ وہ اپنی بیوی جیا سے ڈرتے ہیں اور اب انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی بیوی کی کالوں سے بھی پریشان ہو جاتے ہیں۔

     امیتابھ بچن نے کہا کہ کبھی کبھی ایسا ہوتا ہے کہ میں کوئی ایسی بات یا حرکت کر دیتا ہوں جس پر مجھے جیا جی کی ناراضی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لیے جب ان کا فون آتا ہے، تو مجھے لگتا ہے کہ اب کچھ سننے کو ملے گا۔

    امیتابھ بچن نے شو میں ایک اور واقعہ سنایا کہ حال ہی میں جیا گوا میں ایک فلم کی شوٹنگ کر رہی تھیں تو اس دوران انہوں نے مجھے فون کیا، عام طور پر ہم میسج  کے ذریعے بات کرتے ہیں، لیکن اس بار انہوں نے کال کی، تو میں گھبرا گیا۔

    امیتابھ بچن نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ جب میں نے کال اٹھائی، تو جیا بچن بنگالی بولنے لگیں جس پر میں صرف ہاں، ہاں کہتا رہا  لیکن بعد میں انہیں بتایا کہ میں کچھ بھی نہیں سمجھ سکا۔

    امیتابھ بچن نے شو کے دوران کہا کہ جب کوئی مہمان آتا ہے اور ہمیں ایک دوسرے سے کوئی ضروری بات کرنی ہوتی ہے تو جیا ہمیشہ بنگالی میں بولتی ہیں، اور میں دکھاوا کرتا ہوں کہ میں سمجھ رہا ہوں، لیکن میں واقعتاً ایسا نہیں ہوتا مجھے زیادہ سمجھ نہیں آتی۔

    اسی دوران اداکار نے شو کے شرکا کیساتھ ایک یادگار قصہ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ایک کمپنی نے مجھے بنگالی زبان سیکھنے کے لیے پیسے دیے تھے، لیکن میں نے تین دن میں ہی سارا پیسہ خرچ کردیے۔

    بالی ووڈ اداکار نے مزید کہا اگر آپ مجھ سے آج بنگالی بولنے کو کہیں تو میں صرف دو الفاظ جانتا ہوں، بیشی جانے نا، ایکٹو ایکٹو جانے (زیادہ نہیں جانتا، تھوڑا بہت سمجھتا ہوں)۔

    یاد رہے کہ امیتابھ بچن اور جیا بچن کو شادی کے 51 سال مکمل ہو چکے ہیں، اور ان کی شادی کئی لوگوں کے لیے ایک مثال ہے۔

  • آسٹریلوی کھلاڑی عثمان خواجہ پاکستان آنے کے لیے بے چین!

    آسٹریلوی کھلاڑی عثمان خواجہ پاکستان آنے کے لیے بے چین!

    پاکستانی نژاد آسٹریلوی کھلاڑی عثمان خواجہ کا کہنا ہے کہ میرا  کافی خاندان کراچی میں ہے، میں وہاں پیدا ہوا تو وہاں جانا ایک خاص لمحہ ہوگا۔

    آسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ پاکستان میں پیدا ہوئے لیکن ان کا خاندان بعد میں آسٹریلیا منتقل ہوگیا شایہ یہی وجہ ہے  کہ انہیں اس دورے کا شدت سے انتظار ہے۔

    عثمان خواجہ نے کرکٹ آسٹریلیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میرا ابھی بھی کافی خاندان کراچی میں مقیم ہے میں وہیں پیدا ہوا تو وہاں جانا ایک اچھا اور خاص جذباتی لمحہ ہوگا۔

    بیٹر کا کہنا تھا کہ اس دورے کے حوالے سے ان کی اپنی اہلیہ سے بھی بات چیت ہوتی رہتی ہے اور وہ کافی سمجھدار اور تعاون کرنے والی خاتون ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ آسٹریلیا کو پاکستان کا دورہ کیے ہوئے طویل عرصہ گزر چکا ہے، میرا خیال ہے کہ ہم آخری بار اس وقت وہاں گئے تھے جب مارک ٹیلر نے 334 رنز بنائے تھے اور یہ ایک طویل وقفہ ہے۔

     

    واضح رہے کہ آسٹریلیا نے اپنا آخری دورہ پاکستان 1998 میں کیا تھا، اس کے بعد سیکیورٹی خدشات کے باعث آسٹریلیا نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔

    ان 24 سالوں کے دوران پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف اپنی چار ہوم سیریز  کھیلیں جو تمام نیوٹرل وینیو پر یو اے ای اور برطانیہ میں کھیلی گئیں۔

    آسٹریلیا کے خلاف پاکستان نے یو اے ای کو اپنا ہوم گراؤنڈ 2009، 2012 اور 2014-15 کو بنایا جب کہ انگلینڈ کے میدانوں میں آسٹریلیا کے خلاف 2010 میں سیریز کھیلی۔

    پاکستان کے آئندہ ماہ شروع ہونے والے دورے کے دوران آسٹریلیا کی ٹیم 3 ٹیسٹ، 3 ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔

    شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں، دوسرا میچ 12 سے 18 مارچ تک کراچی اور تیسرا وآخری ٹیسٹ میچ 21 سے 25 مارچ تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔

    ون ڈے سیریز 29 مارچ سے شروع ہوگی، تینوں میچ راولپنڈی اسٹیڈیم میں بالترتیب 29،31 مارچ اور 2 اپریل کو ہونگے، دورے کا اختتام سیریز کے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ سے ہوگا جو 5اپریل کو پنڈی اسٹیڈیم میں ہی منعقد ہوگا۔