Tag: appeals

  • اسرائیل کی بیروت میں بمباری، لبنانی صدر کی امریکا اور فرانس سے مدد کی اپیل

    اسرائیل کی بیروت میں بمباری، لبنانی صدر کی امریکا اور فرانس سے مدد کی اپیل

    غزہ کے ساتھ اسرائیل کی لبنان پر جارحیت بھی جاری ہے، اسرائیلی طیاروں نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں بمباری کی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیل کی لبنان میں جنگ بندی کی خلاف ورزی جاری ہے، بیروت میں رہائشی عمارت پر بم برسا دیئے جبکہ جنوبی لبنان میں بھی ڈرون سے حملہ کیا۔

    اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے بیروت کے جنوبی مضافات میں فضائی حملے میں جس عمارت کو نشانہ بنایا وہ حزب اللہ کا ٹھکانہ تھی۔

    عرب میڈیا کے مطابق جنوبی لبنان کے قصبے حلتا پر اسرائیلی ڈرون حملے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

    اسرائیل کی اشتعال انگیزی، جنگ بندی کے باوجود لبنان پر حملہ

    دوسری جانب لبنانی صدر نے اس حملے کی مذمت کی ہے ساتھ ہی انہوں نے  امریکا اور فرانس سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیل پر دباؤ ڈالیں کہ وہ ملک پر حملے بند کرے۔

    لبنانی صدر نے کہا کہ امریکہ اور فرانس اس جنگ بندی معاہدے کے ضامن کے طور پر اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور اسرائیل کو فوری طور پر اپنے حملے روکنے پر مجبور کرنے کا مطالبہ کیا، سرائیل لبنان کی قومی سلامتی کو نقصان پہنچا کر کشیدگی میں اضافہ کر رہا ہے۔

  • "مزید فوجی امداد دی جائے” یوکرینی صدر کا عالمی برادری سے مطالبہ

    "مزید فوجی امداد دی جائے” یوکرینی صدر کا عالمی برادری سے مطالبہ

    کیف: یوکرینی صدر ولودیمیرزیلنسکی نے ایک بار پھر عالمی برادری سے بڑی اپیل کردی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک ویڈیو پیغام میں یوکرینی صدر نے کہا کہ یوکرینی افواج اور ریاست کی حفاظت کرنے والے تمام لوگ مشرق میں روس کے شدید حملوں کا مقابلہ کر رہے ہیں، تاہم کچھ مشرقی خطوں میں ان کی فوجی نفری اور جنگی سازوسامان روسی افواج کے مقابلے میں بہت کم ہے۔

    انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ روس کو ہمارے حوصلے پست کرنے میں مزید وقت لگے گا، ہمیں اپنے مشرقی علاقوں کی حفاظت کے لئے مزید مدد کی ضرورت ہے خاص طور پر ہتھیاروں کی۔

    زیلنسکی کی جانب عالمی مدد کی دوبارہ اپیل ایسے وقت میں آئی ہے جب روسی افواج مشرقی خطوں دونیستک اور لوہانسک پر مکمل قبضے کے لئے شدید حملے جاری رکھے ہوئے ہے، روسی افواج لوہاسنک میں یوکرین کے مضبوط گڑھ سویر دونیستک پر قبضے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگارہی ہے۔

    عین اسی وقت روس ان علاقوں پر اپنا کنٹرول مضبوط بنانے کی کوشش کر رہا ہے جن کے بارے میں اس کا دعویٰ کہ وہ ان پر پہلے ہی قبضہ کر چکا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: یوکرینی صدر کو قتل کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، روس

    اس سے قبل ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس سے ایک ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے یوکرینی صدر نے روس پر زیادہ سے زیادہ پابندیاں لگانے کا مطالبہ کیا تھا جس میں تمام روسی بینکوں پر پابندی، روسی تیل پر پابندی اور روس کے ساتھ تمام تجارت بند کرنا شامل ہے۔

    یوکرین کے صدر کا کہنا تھا کہ ہمیں دنیا کی حمایت اور یہ جنگ جیتنے کی ضرورت ہے، یہ واقعی وہ لمحہ ہے جب یہ فیصلہ کیا جانا ہے کہ کیا روس دنیا پر حکمرانی کرے گا؟

  • شاہ زیب قتل کیس : شاہ رخ جتوئی کے وکیل کو  صلح نامے کی دستاویزات جمع کرانے کا حکم

    شاہ زیب قتل کیس : شاہ رخ جتوئی کے وکیل کو صلح نامے کی دستاویزات جمع کرانے کا حکم

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس میں درخواست گزار کے وکیل کو صلح نامے کی دستاویزات ترتیب کے ساتھ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے مقتول شاہ زیب کے ورثا کو بھی نوٹس جاری کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں شاہ زیب قتل کیس کے ملزمان کی عمر قید کے خلاف اپیلوں پر سماعت ہوئی، جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سماعت کی۔

    وکیل شاہ رخ جتوئی نے بتایا کہ فریقین کے درمیان صلح نامے کے بعدسزا ختم ہو جاتی ہے، جس پر جسٹس قاضی امین نے کہا فریقین کے درمیان ہونے والا صلح نامہ دکھائیں، آپ کی دستاویزمیں کوئی ترتیب نہیں، عدالت میں دستاویز ترتیب کیساتھ دوبارہ جمع کرائیں۔

    عدالت نے درخواست گزار وکیل کو دستاویزترتیب کیساتھ جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے شاہ رخ جتوئی کی اپیل پر مقتول شاہ زیب کے ورثا کو بھی نوٹس کردیئے۔

    خیال رہے شاہ رخ جتوئی،سراج تالپور ،غلام مرتضیٰ نے عمر قید کیخلاف اپیلیں دائر کر رکھی ہیں۔

    یاد رہے کہ پچیس دسمبر 2012 کو مقتول شاہ زیب خان کی بہن کے ساتھ شاہ رخ جتوئی اور اور اس کے دوست غلام مرتضیٰ لاشاری کی جانب سے بدسلوکی کی گئی جس پر شاہ زیب مشتعل ہو کر ملزمان سے بھڑگیا تھا، موقع کے وقت معاملے کو رفع دفع کردیا گیا تاہم شاہ رخ جتوئی نے دوستوں کے ساتھ شاہ زیب کی گاڑی پر فائرنگ کر کے اسے قتل کردیا تھا۔

    واقعے کے بعدشاہ رخ دبئی فرار ہوگیا۔ تفتیش سست روی کا شکار رہی، بالآخرمجرم گرفتار ہوا اور مقدمہ انسداد دہشت گردی عدالت میں چلا۔

    سات جون دو ہزار تیرہ کو قتل کا جرم ثابت ہونے پر شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور کو سزائے موت جبکہ سجاد تالپور اور غلام مرتضیٰ لاشاری کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

    بعد ازاں سندھ ہائی کورٹ نے شاہ زیب قتل کیس میں شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیا تھا جبکہ دوملزمان سجاد تالپوراورغلام مرتضیٰ کی عمر قید کی سزا برقرار رکھی تھی۔

  • برلن :‌ 85 افراد کے قاتل کی سزا کے خلاف اپیل

    برلن :‌ 85 افراد کے قاتل کی سزا کے خلاف اپیل

    برلن : درجنوں افراد کو قتل کرنے والے جرمن شہری نے عمر قید کی سزا کے خلاف اپیل دائر کردی، سرکاری طور پر ہوگیل کا شکار بننے والے افراد کی مجموعی تعداد 91 تک جا پہنچی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی میں قتل کی 85 کارروائیوں کے مجرم قرار دیے جانے والے شخص نے اپنی عمر قید کی سزا کے خلاف اپیل کر دی ہے۔42سالہ جرمن نیلس ہوگیل کے خلاف عدالتی فیصلہ گذشتہ ہفتے جاری ہوا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ہوگیل نے 2000 سے 2005 تک ایک ہسپتال میں کام کے دوران درجنوں مریضوں کو انجیکشن لگا کر موت کی نیند سلایا تھا, مقتولین کی عمریں 34 سے 96 برس کے درمیان تھیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ گذشتہ جمعرات کے روز جاری ہونے والے عدالتی فیصلے سے قبل ہوگیل کو 6 مزید افراد کے قتل کا مجرم ٹھہرایا گیا تھا۔ اس طرح سرکاری طور پر ہوگیل کا شکار بننے والے افراد کی مجموعی تعداد 91 تک جا پہنچی ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ البتہ موت کا شکار بننے والے افراد کی حقیقی تعداد کبھی معلوم نہیں ہو سکے گی کیوں کہ ان میں بہت سے لوگوں کی لاشوں کو جلا دیا گیا۔

    پولیس کو شبہ ہے کہ ہوگیل نے درحقیقت 200 سے زیادہ افراد کی زندگی کا چراغ بجھایا، اولڈنبرگ کی عدالت نے ہوگیل کو عمر قید کی سزا سنائی، فیصلے کے ساتھ ایسی شرائط بھی منسلک ہیں جن کے سبب ہوگیل کا جیل کی سلاخوں کے پیچھے 15 سال گزارنے سے پہلے باہر آنا مشکل ہو گا۔

  • الیکشن 2018 : کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیل کا آج آخری روز

    الیکشن 2018 : کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیل کا آج آخری روز

    اسلام آباد : ریٹرننگ افسروں کی طرف سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کیلئے کاغذ ات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کا آج آخری دن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لئے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کی آج آخری تاریخ ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اپیلوں کی سماعت کیلئے اکیس ٹربیونل قائم کئے ہیں،جس کے تحت خیبرپختونخوا ہ میں چھ، پنجاب میں آٹھ ،سندھ میں چار، بلوچستان میں دو اور اسلام آباد میں ایک ٹر بیونل قائم ہے۔

    ایپلٹ ٹربیونل اس ماہ کی ستائس تاریخ تک اپیلوں کا فیصلہ کریں گے جس کے بعد اگلے روز امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست شائع کی جائے گی۔

    سندھ ہائیکورٹ /اپیلٹ ٹریبونل اپیلٹ ٹریبونل میں اب تک 80 سے زئد اپیلیں دائر ہو چکی ہیں، جسٹس کے کے آغا اور جسٹس یوسف سید اپیلوں پر سماعت کریں گے۔

    دوران سماعت الیکشن کمیشن کے لا افسر جواب داخل کرینگے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق ملک میں874جنرل نشستوں کیلئے 20099 میں سے 18203 کاغذات نامزدگی منظور اور 1896 مسترد ہوئے، وفاقی دارالحکومت کی 3 جنرل نشستوں کیلئے 129 میں سے 84 کاغذات نامزدگی منظور اور 45 مسترد کئے گئے۔

    پنجاب کی قومی اسمبلی کیلئے 2550 میں سے 2342 کاغذات نامزدگی منظور اور 208 مسترد جبکہ پنجاب کی ہی 297 صوبائی نشستوں کیلئے 6741 میں سے 6173 کاغذات نامزدگی منظور اور 568 مسترد ہوئے۔

    کے پی کی قومی اسمبلی کیلئے 726 میں سے 690 کاغذات نامزدگی منظور، 36 مسترد ہوئے جبکہ 124 صوبائی نشستوں کیلئے 2062 میں سے 1919 کاغذات نامزدگی منظور، 143 مسترد کئے گئے۔

    سندھ کی قومی اسمبلی کیلئے1285 میں سے 1142 کاغذات نامزدگی منظور اور 143 مسترد جبکہ 143صوبائی نشستوں کیلئے 3626 میں سے 3246 کاغذات نامزدگی منظور اور 380 مسترد ہوئے۔

    بلوچستان کی قومی اسمبلی کیلئے 435 میں سے 380 کاغذات نامزدگی منظور اور 55 مسترد ہوئے جبکہ 51 صوبائی نشستوں کیلئے 1447 میں سے 1181 کاغذات نامزدگی منظور اور 266مسترد کیے گئے۔

    فاٹاکی قومی اسمبلی کی 12 نشستوں کیلئے 1098 میں سے کاغذات نامزدگی 1046 منظور ،52 مسترد ہوئے۔

    قومی اسمبلی کی جنرل 272 نشستوں کیلئے 6223 میں سے 5684 کاغذات نامزدگی منظور، 539 مسترد جبکہ 602 صوبائی نشستوں کیلئے 13876 میں سے 12519 کاغذات نامزدگی منظور اور 1357 مسترد کئے گئے۔

    دوسری جانب اپیلیں دائر کرنے کے آخری روز سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، عائشہ گلالئی اور مہتاب عباسی نے این اے 53 اسلام آباد سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے آر او کے فیصلے کو چیلنج کردیا ہے۔

    عمران خان کے کاغذات کی منظوری کو الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کر دیا گیا، عمران خان کے کاغذات پرجسٹس اینڈ ڈیموکریٹ پارٹی نے اعتراض لگادیا عمران خان کراچی کے حلقے این اے 243 سے الیکشن میں حصہ لے رہےہیں۔

    فاروق ستار بھی کاغذات کی بحالی کے لئے ٹریبونل سے رجوع کریں گے جبکہ خواجہ اظہار نےکاغذات کی بحالی کے لئے ٹریبونل سے رجوع کیا ہوا ہے عدالت نے الیکشن کمیشن کو 23 جون تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

    پی پی کے قادرپٹیل، امجد اللہ ودیگر نے کاغذات کی بحالی کے لئے رجوع کیا ہے جبکہ لاہور ہائی کورٹ/اپیلٹ ٹریبونل ن لیگ کی ڈاکٹر عالیہ آفتاب کی کاغذات مسترد ہونے کے خلاف اپیل پر سماعت میں الیکشن ٹریبونل نے الیکشن کمیشن سےا سٹیٹ بنک کا جاری لیٹر طلب کر لیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔