Tag: Apple

  • ایپل کا دفتر جو خطرناک قدرتی آفات میں بھی محفوظ رہے گا

    ایپل کا دفتر جو خطرناک قدرتی آفات میں بھی محفوظ رہے گا

    معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کا نیا دفتر ایپل پارک کیمپس یوں تو جدید ٹیکنالوجی سے مزین فن تعمیر کا شاہکار ہے، تاہم اس کی ایک خاصیت یہ بھی ہے کہ یہ قدرتی آفات خاص طور پر زلزلے کے دوران مکمل محفوظ رہے گا۔

    امریکی ریاست کیلی فورنیا میں واقع ایپل کا یہ دفتر 5 ارب ڈالر کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے، ایپل پارک کیمپس دراصل براہ راست زمین کی سطح پر تعمیر نہیں کیا گیا، یہ عظیم عمارت اسٹین لیس اسٹیل سے بنی 700 بڑی بڑی طشتریوں (گول سطح) پر قائم ہے۔

    زلزلہ آنے کی صورت میں یہ طشتریاں بلڈنگ کو 4 فٹ اوپر اٹھا دیں گی۔ ایپل کے چیف ڈیزائن افسر جان ایو کے مطابق زلزلے سے بچاؤ کے اقدامات اس عمارت کی تعمیر کا اہم حصے تھے۔

    جان ایو کے مطابق اس طرح کی عمارت بنانے کا خیال ایپل کے بانی اسٹیو جابز کے دل میں ہمشیہ سے موجود تھا۔ وہ جاپان میں تعمیرات میں استعمال کی جانے والی ’بیس آئسولیشن‘ کی تکنیک سے بے حد متاثر تھے جو اس وقت امریکا میں عام نہیں ہوئی تھی۔

    بیس آئسولیشن کی تکنیک میں عمارت اور اس کی بنیاد کے درمیان بھاری بھرکم سہارا فراہم کیا جاتا تھا جو زلزلے کے وقت عمارت کو عارضی طور پر اوپر کر کے زمین سے علیحدہ کردیتا تھا۔

    ایپل کی نئی عمارت میں بھی اس انداز تعمیر کی جدید شکل پیش کی گئی ہے۔

    اس دفتر کا رقبہ 175 ایکڑ ہے اور یہاں ایپل کے 12 ہزار ملازمین کام کرسکتے ہیں۔ گول دائرے کی شکل میں بنے اس دفتر میں متعدد عمارتیں اور پارک موجود ہیں۔

    دفتر میں تھیٹر بھی بنایا گیا ہے جو اسٹیو جابز کے نام سے منسوب ہے، تھیٹر کے ساتھ فٹنس سینٹر، پارک، اور ورزش کے لیے دوڑنے کے ٹریک بھی موجود ہیں۔

    عمارت کی چھت سولر پینلز سے ڈھکی ہوئی ہے جس سے عمارت اپنے استعمال کی بجلی پیدا کرنے میں خود کفیل ہے۔

  • امریکی نوجوان نے’ایپل‘ پر 1 ارب ڈالرز ہرجانے کا دعویٰ کردیا

    امریکی نوجوان نے’ایپل‘ پر 1 ارب ڈالرز ہرجانے کا دعویٰ کردیا

    نیویارک : امریکا کے 18 سالہ شہری نے معروف ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی ’ایپل‘ پر چہرہ پہنچانے والے سافٹ ویئر کے باعث ایک ارب ڈالر ہرجانے کا دعویٰ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی شہری نیویارک سے تعلق رکھنے والے 18 سالہ نوجوان نے کمپنی کے چہرہ پہنچانے سافٹ ویئر میں ٹیکنیکل خرابی کے باعث کمپنی پر ہرجانے کا دعویٰ کیا ہے۔

    نوجوان نے دعویٰ کیا کہ کمپنی کا چہرہ پہچاننے والا سافٹ ویئر ایپل کے متعدد اسٹورز میں اسے چور بتاتا ہے۔

    قانونی دعوے کے مطابق اوسما نے باہ کو 29 نومبر کو نیو یارک پولیس ڈپارٹمنٹ نے بوسٹن، نیو جرسی، ڈیلویر اور مین ہیٹن میں قائم ایپل کے اسٹوروں میں چوری کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

    شکایت میں ان کا کہنا تھا کہ اصل چور کو 1200 ڈالر کی ایپل کی ایسسریز (بالخصوص ایپل پیسلز) چوری کرتے ہوئے بوسٹن کے اسٹور سے گزشتہ سال مئی کے مہینے میں پکڑا گیا تھا۔

    ان کے مطابق مبینہ چور نے ان کی آئی ڈی استعمال کی جس میں ان کا نام، پتہ اور دیگر نجی تفصیلات موجود تھیں تاہم ان کی تصویر نہیں تھی۔اوسمانے باہ نے نشاندہی کی کہ وہ چوری کے دن شہر میں موجود ہی نہیں تھے اور مین ہیٹن میں سینیئر پروم میں شرکت کے لیے گئے ہوئے تھے۔

    واضح رہے کہ ایپل نے مبینہ طور پر اپنے اسٹورز میں چہرہ پہنچاننے والا سسٹم نصب کر رکھا ہے جو اوسمانے باہ کو اصل چور بتاتا ہے جس کی وجہ سے ان پر چوریوں کا الزام عائد ہوا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نیو یارک پولیس کے تفتیش کار جنہوں نے مین ہیٹن کے اسٹور کی فوٹیج دیکھی ہے کا کہنا تھا کہ ملزم اوسمانے باہ جیسا بالکل نہیں دکھتا۔

    قانونی دعوے میں کہا گیا کہ ایپل کے اسٹور میں استعمال ہونے والے چہرہ پہچاننے والے سافٹ ویئر سے صارفین میں خدشات پیدا ہورہے ہیں کیونکہ زیادہ تر صارفین کو یہ معلوم ہی نہیں کہ ان کے چہرے کا خفیہ طور پر معائنہ کیا جارہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایپل کی جانب سے معاملے پر تاحال کوئی رائے سامنے نہیں آئی ہے۔

  • فیس بک اور آئی فون کے درمیان تنازع شدت اختیار کرگیا

    فیس بک اور آئی فون کے درمیان تنازع شدت اختیار کرگیا

    سان فرانسسکو: سماجی رابطے کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک اور ایپل کمپنی کے درمیان تنازع شدت اختیار کرگیا، دونوں کمپنیوں نے ایک دوسرے کی اپلیکشن کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والے ٹیک کرنچ نے گزشتہ روز ایک تحقیقاتی رپورٹ جاری کی تھی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ فیس بک نے اپنے اینڈرائیڈ صارفین کو رقم فراہم کی تاکہ ایپل فون کی فروخت میں کمی ہوسکے۔

    فیس بک کے ماہرین کی رپورٹ پر آئی فون نے نوٹس لیتے ہوئے اعلان کیا کہ مستقبل میں آنے والے آپریٹنگ فون میں فیس بک ، انسٹاگرام یا کمپنی کی دیگر ذیلی کوئی بھی ایپ نہیں چلائی جاسکے گی۔

    مزید پڑھیں: فیس بک پر بھاری جرمانہ عائد

    دوسری جانب فیس بک کے ترجمان نے ایپل کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم مستقبل میں آئی فون ’آئی او ایس‘ صارفین کو سہولیات فراہم نہیں کرسکیں گے کیونکہ کمپنی نے بے بنیاد الزام عائد کیا۔

    ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والے تحقیقاتی ماہرین نے دعویٰ کیا تھا کہ فیس بک نے جن صارفین کو رقم فراہم کی اُن کی لوکیشن اور دیگر ڈیٹا کمپنی نے اشتہارات کے لیے استعمال کیا گیا۔

    ایپل کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ’ہم صارفین کے ڈیٹا کو ایک کمپنی کی وجہ سے خطرے میں نہیں ڈال سکتے کیونکہ ہماری بنیاد صارف کی معلومات کو محفوظ بنانا ہے‘۔

    یہ بھی پڑھیں: آئی فون کی قیمتیں کم ہونے کا امکان

    ٹیکنالوجی کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا کہ فیس بک نے 13 سے 35 سال کی عمر کے اینڈرائیڈ صارفین کو ماہانہ 20 ڈالر کی رقم فراہم کی۔

    فیس بک نے وضاحت پیش کی کہ ہماری کوئی چیز یا بات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، اوناوے کی تحقیقاتی رپورٹ بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے۔

  • ان 5 غذاؤں کو ملا کر کھانا حیرت انگیز فوائد کا سبب

    ان 5 غذاؤں کو ملا کر کھانا حیرت انگیز فوائد کا سبب

    دنیا میں موجود ویسے تو تمام غذائی اشیا اپنے اندر بے پناہ فوائد رکھتی ہیں اور صرف کسی مخصوص حالت میں ہی نقصان پہنچانے کا سبب بنتی ہیں، لیکن کچھ غذائیں ایسی ہیں جنہیں اگر کسی اور غذا کے ساتھ ملا کر کھایا جائے تو ان کے فوائد دگنے ہوجاتے ہیں۔

    ہوسکتا ہے مختلف اشیا کی یہ آمیزش آپ کے لیے نہایت حیرت انگیز ہو لیکن ان کے فوائد آپ کو دنگ کردیں گے۔

    یہ غذائی اشیا انفرادی طور پر بھی اپنے اندر بے پناہ فوائد و غذائیت رکھتی ہیں لیکن انہیں ملا کر کھانے سے ان کی خاصیت و فوائد میں اضافہ ہوجاتا ہے۔

    آئیں دیکھتے ہی وہ کون سی غذائیں ہیں۔

    سیب اور چاکلیٹ

    1

    آپ نے اس سے قبل کبھی چاکلیٹ اور سیب کو ایک ساتھ کھانے کے بارے میں نہیں سنا ہوگا۔ چاکلیٹ میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ، اور سیب میں موجود کیچن نامی مادہ دونوں مل کر دماغی کارکردگی میں بے پناہ اضافہ کرسکتے ہیں۔

    یہ دونوں مرکبات دل اور خون کی شریانوں کے لیے بھی مفید ہے اور ان سے کینسر کے امکان میں بھی کمی واقع ہوتی ہے۔

    دلیہ اور اورنج جوس

    2

    دلیہ اور اورنج جوس میں موجود مرکب فینول نظام ہضم کو بہتر بناتا ہے اور جسم سے زہریلے اور مضر اجزا کو خارج کر کے جسم کی صفائی کرتا ہے۔

    سبزیاں اور دہی

    3

    قدرتی دہی کیلشیئم سے بھرپور ہوتا ہے اور یہ معدے اور آنت کے افعال کو بہتر کرتا ہے۔

    سبزیوں خصوصاً گاجر میں موجود ریشہ کیلشیئم کو جذب کرنے اور اسے جسم کے لیے مزید فائدہ مند بنانے میں مدد دیتا ہے۔

    سبز چائے اور لیموں

    4

    سردیوں میں سبز چائے میں لیموں ڈال کر پینا جسم میں نمی اور توانائی کی ضروریات کو پورا کرتا ہے۔

    سبز چائے قوت مدافعت کے لیے بہترین ہوتی ہے اور اس میں وٹامن سی یعنی لیموں کی آمیزش اس کے خواص کو بڑھا دیتی ہے۔

    ٹماٹر اور زیتون کا تیل

    5

    کیا آپ جانتے ہیں اٹلی کے باشندوں میں امراض قلب کی شرح نہایت کم ہے؟ اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ ٹماٹر اور زیتون کے تیل کو ملا کر استعمال کرتے ہیں۔

    ٹماٹر میں موجود لائیکو پین دل اور خون کی شریانوں کے افعال میں بہتری لاتا ہے۔ یہ مادہ خاص طور پر شریانوں کو تنگ اور بوسیدہ ہونے سے محفوظ رکھتا ہے جس سے جسم میں خون کی روانی بہتر رہتی ہے۔

    لائیکو پین کو اگر فائدہ مند چکنائی جیسے زیتون کے تیل کے ساتھ استعمال کیا جائے تو اس کی خاصیت بڑھ جاتی ہے۔

  • سیب جوانی برقرار رکھنے والا پھل، تحقیق

    سیب جوانی برقرار رکھنے والا پھل، تحقیق

    نیویارک: امریکا کے طبی ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ روزانہ ایک سیب اور چند اسٹرابیری کھانے والا شخص عمر رسیدہ ہونے کے باوجود بوڑھا نہیں ہوتا۔

    ویسے تو ایک معقولہ مشہور ہے کہ ’روزانہ ایک سیب کھانے والے افراد ڈاکٹرز سے دور رہتے ہیں‘ کیونکہ اس پھل میں موجود قدرتی وٹامنز اور پروٹین انسان کو صحت مند رکھتے ہیں۔

    یونیورسٹی آف منی سوٹا کے ماہرین نے سیب کھانے کے حوالے سے تحقیق کی جس کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ بعض پھل بالخصوص سیب اور اسٹرابیری میں سینولائٹکس نامی کیمیکل پایا جاتا ہے جو بڑھاپے کو روکنے میں بہت معاون ہے۔

    مزید پڑھیں: بڑھاپے میں یادداشت کی خرابی سے بچنا بے حد آسان

    تحقیق کے دوران فِسٹائن کیمیکل کا چوہوں پر تجربہ کیا گیا جس کے بعد نہ صرف اُن کی صحت بہتر ہوئی بلکہ عمر بھی بڑھی۔

    تحقیقاتی ماہرین کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق دونوں پھلوں میں موجود قدرتی کیمیکل انسان کے خلیات کو مضبوط بناتا ہے اور بڑھتی عمر کے ساتھ بننے والے سیلز سینیسنٹ کو تباہ کردیتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق دن کے کسی بھی حصے میں روزانہ ایک سیب اور چند اسٹرابیریز کھانے سے انسان کی جسمانی صحت برقرار رہتی ہے جس کا سب سے بڑا فائدہ اُسے بڑھتی عمر کے باوجود جوانی کے احساس سے ملتا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: بڑھاپے تک ارب پتی بنانے والی عادات

    تحقیقاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ ادھیڑ عمری کے بعد انسانی جسم میں بننے والے خلیات تقسیم نہیں ہوپاتے جس کی وجہ سے انسان کا دفاعی نظام (قوت مدافعت) کمزور ہوجاتا ہے اور پھر انسان پر بڑھاپے کے اثرات نمودار ہوتے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق سینولائٹکس کیمیکل کی بہت سی اقسام ہیں جن میں سے ایک مشہور فِسٹائن ہے، یہ قسم پھلوں کے علاوہ سبزیوں جیسے پیاز اور کھیرے میں بھی پائی جاتی ہے۔

  • اب گوگل میں کام کرنے کے لیے ڈگری کی کوئی ضرورت نہیں

    اب گوگل میں کام کرنے کے لیے ڈگری کی کوئی ضرورت نہیں

    ایک طویل عرصے سے اچھی ملازمت حاصل کرنے کے لیے ڈگری کا حصول ضروری سمجھا جاتا ہے۔ بعض غیر ڈگری یافتہ افراد کے پاس بے شمار کمپنیوں میں کام کرنے کا تجربہ ہوتا ہے لیکن صرف ڈگری نہ ہونے کی وجہ سے وہ اونچے عہدوں پر فائز نہیں ہوپاتے۔

    یہ صورتحال اب بھی برقرار ہے تاہم اب گوگل اور ایپل سمیت 15 اعلیٰ کمپنیوں نے اپنے ملازمین کے لیے ڈگری کی شرط چھوڑ دی ہے۔

    یہ کمپنیاں ملازمت کے لیے آنے والے افراد کے تجربے اور اس کی صلاحیتوں کو پرکھتی ہیں۔ ان کی فہرست میں اب ڈگری سب سے آخر میں آتی ہے اور اس کا ہونا یا نہ ہونا بھی اب ان کے لیے برابر ہے۔

    مزید پڑھیں: گوگل اپنے ملازمین میں کن خصوصیات کو ترجیح دیتا ہے؟

    اور یہ تو آپ جانتے ہی ہیں کہ انٹرنیٹ کے اس تیز رفتار دور میں کمسن بچے اور نوجوان بھی نہایت کم عمری میں ٹیکنالوجی کی دنیا کے نئے نئے پہلو روشناس کروا رہے ہیں۔

    ان کمپنیوں کو اب ایسے ہی افراد کی ضرورت ہے۔

    گوگل نے اپنی ملازمت کا یہ معیار یوں ہی وضع نہیں کیا۔ ایک رپورٹ کے مطابق گوگل نے کئی سال تک تحقیق کی کہ مالکان اور مینیجرز ملازمت دینے کے لیے ڈگری کی شرط تو رکھ دیتے ہیں لیکن اس کے مطابق ملازمت نہیں دے پاتے۔

    مثال کے طور پر بینک ایک انجینئر کی ڈگری دیکھ کر بھی اسے ملازم رکھ لیتا ہے یہ جانتے ہوئے بھی کہ اسے بینکنگ سیکٹر کے بارے میں کچھ علم نہیں۔

    اسی طرح کوئی شخص بینکنگ کا ماہر اور شوقین ہوگا لیکن اس کے پاس ڈگری کسی اور شعبے کی ہوگی تو یا تو وہ اپنے شوق کے برخلاف کام کرے گا یا پھر اپنی ڈگری سے مختلف کام کرنے پر مجبور ہوگا۔

    مزید پڑھیں: گوگل کے ملازم دفتر میں کیا کھاتے ہیں؟

    گوگل کے مطابق اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ کوئی شخص کتنا قابل ہے اور کس شعبے میں مہارت اور نئے آئیڈیاز رکھتا ہے۔

    تاہم اب ایسا بھی نہیں ہے کہ آپ ڈگری کو بالکل ہی غیر ضروری سمجھنا شروع کردیں۔

    ماہرین کے مطابق یونیورسٹی میں وقت گزارنا کسی انسان کی شخصیت کو نکھارنے میں معاون ثابت ہوتا ہے جبکہ اس کی شخصیت پر اعتماد بھی ہوتی ہے۔

  • ایپل دنیا کی پہلی ایک ٹریلین ڈالر کمپنی بن گئی

    ایپل دنیا کی پہلی ایک ٹریلین ڈالر کمپنی بن گئی

    کیلی فورنیا : مشہور آئی فونز بنانے والی کمپنی ایپل پہلی امریکی کمپنی بن گئی ،جس کی مالیت ایک  ٹریلین ڈالر تک جا پہنچی جبکہ دوسرے نمبر پرایمیزون ہے اور مائیکرو سافٹ چوتھے نمبر پر آگئی ۔

    آئی فون بنانے والی کمپنی ایپل نے سیلیکون ویلی میں اپنی حریف کمپنیاں جیسے ایمیزون، مائیکروسافٹ کو پیچھے چھوڑ دیا، نیویارک اسٹاک مارکیٹ میں مالیت دس کھرب ڈالر ہوگئی جبکہ اپیل کے شیئرز کی قیمت 207 ڈالر سے تجاوز کر گئی۔

    جس کے بعد اپیل نے دنیا کی پہلے ایک ٹریلین ڈالر کمپنی کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

    دوہزارسات میں آئی فون کی رونمائی کے بعد سے ایپل کمپنی کے شئیرز میں گیارہ سو فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ برس اپیل کو 229 ارب ڈالر کا منافع ہوا تھا، جس کے بعد یہ سب سے زیادہ منافع والی پبلک کمپنی بن گئی تھی۔

    خیال رہے ایپل کمپنی قائم ہونے کے بعد  اس اعزاز کو حاصل کرنے میں 42 سال لگے ،  اس کا مطلب کہ ایپل کی اسٹاک مارکیٹ کی قیمت برطانوی معیشت سے تین گنا زیادہ جبکہ ا ترکی اور سوئٹزرلینڈ کی معیشتوں سے کہیں زیادہ ہے۔

    دوسرےنمبر پر ایمیزون ہے، جس کی مالیت آٹھ سو تیرانوے ارب ڈالر ہے، آٹھ سو سڑسٹھ ارب ڈالر مالیت کے ساتھ ایلفابیٹ کمپنی تیسرے نمبر پر ہے۔

    چوتھا نمبر مائیکرو سافٹ کا ہے، جس کی مالیت آٹھ سو پچیس ارب ڈالر ہے اور فیس بک کی مالیت پانچ سو سات ارب ڈالر ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • آئی فون کی شاندار فیچر کے ساتھ آمد متوقع

    آئی فون کی شاندار فیچر کے ساتھ آمد متوقع

    کیلی فورنیا: موبائل فون بنانے والی سب سے بڑی کمپنی ایپل آنے والے ہینڈ سیٹ میں ایسا فیچر شامل کرنے جارہا ہے جس کی سہولت ابھی تک صارفین کو میسر نہیں تھی۔

    تفصیلات کے مطابق ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق ایپل آئندہ آنے والے سیٹ آئی فون 9 میں دو سم کارڈز کی سہولت دینے پر غور کررہا ہے، آئندہ آنے والے سیٹ میں صارفین دیگر موبائل کی طرح بیک وقت دو نمبر چلاسکیں گے۔

    ایپل کی جانب سے ملنے والے اشاروں کی بنیاد پر ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی فون کے آپریٹنگ سسٹم میں جو حالیہ فیچر شامل کیے گئے اُن کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بات کو مزید تقویت ملتی ہے۔

    قبل ازیں آئی فون میں دو سم کارڈز لگانے کی افواہیں گردش کرتی رہی ہیں جنہیں نہ صرف کمپنی نے مسترد کیا بلکہ ایسے تمام فون جعلی بھی نکلے۔

    مزید پڑھیں: آئی فون 7، ’نو سروس‘ فالٹ کی تصدیق، ایپل فونز کا نقصان کے ازالے کا اعلان

    واضح رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہوا کہ نئے آنے والے فون یا سافٹ ویئر کی تفصیلات افشاں ہوگئیں، اس سے قبل بھی کئی فونز ایسے آئے جن کے بارے میں تمام معلومات صارفین تک پہنچ چکیں تھیں۔

    علاوہ ازیں ماہرین کے ذرائع اس بات کی بھی تصدیق کررہے ہیں ممکنہ طور پر ایپل کے نئے آنے والے فونز میں وائرلیس چارجنگ اور ایئر پورڈز کی سہولت بھی صارفین کو دی جائے گی۔

    ایپل کی جانب سے صارفین کو متاثرین کرنے کے اقدامات گزشتہ برس کے بعد سے خصوصی طور پر کیے گئے کیونکہ مطابق گزشتہ سال دسمبر میں آئی فون صارفین نے شکایت کی تھی کہ ایپل کی جانب سے نئے موبائل سیٹ مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کیے جانے کے بعد اُن کے پرانے موبائل کی رفتار سست ہوگئی۔

    اس ضمن میں ایک صارف نے بلاگ بھی تحریر کیا تھا کے جس بعد ایپل کے پرانے فونز سے متعلق ایک نئی بحث کا آغاز ہوگیا تھا، صارف کا کہنا تھا کہ اس کے زیر استعمال سیٹ ’آئی فون 6‘ اچانک سست ہوگیا۔

    یہ بھی پڑھیں: ایپل کمپنی فولڈ ایبل آئی فون متعارف کرائے گی

    اس تمام تر صورتحال کے بعد آئی فون انتظامیہ نے خود اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ وہ جان بوجھ کر پرانے موبائل کی رفتار کو کم کرتی ہے کیونکہ پرانے فونز میں لگائی جانے والی بیٹریاں وقت کے ساتھ ساتھ کمزور پڑ جاتی ہیں جبکہ صارفین ان کی معیاد کو بڑھانے کے لیے مختلف حربے استعمال کرتے ہیں۔

    آئی فون کی جانب سے انکشاف کے بعد ایپل کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے جبکہ بڑے پیمانے پر اس کی فروخت میں کمی بھی آئی تھی جس کے بعد کمپنی نے صارفین کی دوبارہ توجہ حاصل کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ایپل کمپنی فولڈ ایبل آئی فون متعارف کرائے گی

    ایپل کمپنی فولڈ ایبل آئی فون متعارف کرائے گی

    کیلیفورنیا: مشہور معروف کمپنی ایپل آئی فون ایکس کے بعد اب 2020 میں نیا فون متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے جس کو فولڈ ایبل آئی فون کا نام دیا گیا ہے۔

    ایپل کمپنی کی کوشش ہے کہ آئی فون کو منفرد بنانے کے لیے اس میں پہلی بار فولڈ ایبل آئی ٹیکنالوجی متعارف کروائی جائے، جس کے لیے ایپل نے ایشیا کی ٹیکنالوجی کمپنیز سے مذاکرات کا آغاز کردیا ہے، ایپل فولڈ ایبل آئی فون میں او ایل ای ڈی ٹیکنالوجی کو برقرار رکھا جائے گا۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایپل یہ فون ایشیاء کے مختلف شراکت داروں کے ساتھ مل کر تیار کرے گا، خیال کیا جارہا ہے کہ ایپل کورین کمپنی ’ایل جی‘ سمیت چین کی متعدد کمپنیوں کے ساتھ کام کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

    ممکنہ طور پر یہ ایپل کا سب سے سستا ترین فون ہوگا جسے بجٹ فون بھی کہا جارہا ہے، اگر چہ اس فون کے حوالے سے زیادہ تر تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں تاہم امکان ہے کہ اس کی قیمت 220 امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 22 ہزار روپے سے زائد رکھی جائے گی۔

    واضح رہے کہ سام سانگ کمپنی بھی فولڈ ایبل اسمارٹ فون بنانے پر کام کررہی ہے اور آئندہ سال اسے لانچ کرنے کا اعلان بھی کرچکی ہے۔

    خیال رہے کہ معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے آئی فون اپنی مثال آپ ہیں، ساتھ ہی اسے دنیا کا پہلا جدید اسمارٹ فون متعارف کرانے کا کریڈٹ بھی جاتا ہے۔

    یاد رہے کہ ایپل کمپنی نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ انتظامیہ خود پرانے فونز کی رفتار کو کم کرتی ہے، صارفین کا کہنا تھا کہ انتظامیہ اس اقدام کا مقصد نئے موبائل فون کی فروخت میں اضافہ کرنا ہوتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • لڑکیوں کی تعلیم کے لیے ایپل اور ملالہ یوسف زئی ایک ساتھ

    لڑکیوں کی تعلیم کے لیے ایپل اور ملالہ یوسف زئی ایک ساتھ

    معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اعلان کیا ہے کہ وہ پاکستانی نوبل انعام یافتہ طالبہ ملالہ یوسف زئی اور ان کی تنظیم ملالہ فنڈ کے ساتھ مل کر لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کام کریں گے۔

    گزشتہ روز ایپل کے سربراہ ٹم کک اور ملالہ یوسف زئی نے لبنان میں لبنانی اور شامی طلبا سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایپل نے اعلان کیا کہ وہ لڑکیوں کی تعلیم کے لیے ملالہ یوسف زئی کے ساتھ کام کریں گے۔

    ایپل کی معاونت سے فی الحال اس پروگرام کا آغاز بھارت اور لاطینی امریکا میں شروع کیا جائے گا۔

    ملالہ یوسفزئی کا ’گل مکئی نیٹ ورک‘ اس وقت پاکستان، افغانستان، لبنان، ترکی اور نائجیریا میں لڑکیوں کو تعلیم حاصل کرنے میں مدد دینے کے لیے کوشاں ہے۔

    اس موقع پر ملالہ کا کہنا تھا، ’مجھے خوشی ہے کہ ایپل لڑکیوں کی تعلیم پر سرمایہ کاری کرنے کی اہمیت جانتا ہے اور وہ ملالہ فنڈ کے ساتھ دنیا بھر کی لڑکیوں کو بغیر کسی خوف کے تعلیم حاصل کرنے میں مدد فراہم کر رہا ہے‘۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔